Tag: Hockey

  • ٹوکیو اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان اور ہالینڈ کا میچ چار چار گول سے برابر

    ٹوکیو اولمپکس ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان اور ہالینڈ کا میچ چار چار گول سے برابر

    ایمسٹرڈیم : پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ہاکی میچ برابر ہوگیا، ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں 4-4 گول کرسکیں، دوسرا میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایمسٹرڈیم میں کھیلے جانے والے ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان پہلا میچ چار چار گول سے برابر ہو گیا۔

    پاکستان کی طرف سے مبشر علی نے دو جبکہ محمد رضوان اور غضنفر علی نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستانی ٹیم نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 5ویں منٹ میں پہلا گول کردیا۔

    قومی ٹیم مبشر علی کی بدولت ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، میزبان ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کی پوری کوشش کی اور20 ویں منٹ میں منک وینڈرویرڈن نے ہالینڈ کی طرف سے پہلا گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

    بعد ازاں اگلے ہی منٹ میں بیورن کیلرمین نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم غضنفرعلی نے جلد ہی حساب چکتا کر دیا اور مقابلہ پھر دو دو گول سے برابر ہو گیا۔

    کھیل کے 38 ویں منٹ میں محمد رضوان نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے52ویں منٹ میں اس وقت ختم ہو گئی جب رابرٹ نے گیند کو جال میں پھینک دیا اور میچ کا اسکور3-3 ہوگیا۔

    میچ کے58ویں منٹ میں مبشر علی نے انفرادی طور پر دوسرا اور اجتماعی طور پر چوتھا گول کرکے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

    کھیل کے آخری منٹ میں ہالینڈ کے منک وینڈر نے انفرادی طور پر دوسرا گول کر کے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، چند کھلاڑی نجی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کرسکے، گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کے پھر منتخب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، ٹریننگ کے پہلے سیشن میں26کھلاڑیوں نے رپورٹ کی۔

    ذرائع کے مطابق کیمپ کے پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ پر زور دیا گیا جبکہ شام کے سیشن میں ہاکی اسکیل پر توجہ دی جائے گی، دو کھلاڑی علی اور گول کیپر وقار یونس ڈار اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں۔

    دونوں کھلاڑی ایک دو روز میں کیمپ جوائن کریں گے جبکہ توثیق احمد والدہ کی بیماری کے سبب تاخیر سے کیمپ جوائن کریں گے۔

    اس کے علاوہ عماد، شکیل بٹ، سمیع اللہ جونئیر، علی شان ابوبکر اور فیصل قادر بھی مختلف وجوہات کی بنا پر چند روز میں کیمپ جوائن کریں گے۔ غیر حاضر کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کو اپنی مصروفیات کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گول کیپر کیمپ سے تین گول کیپرز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں امجد علی، اکمل اور وقار یونس شامل ہیں، چوتھے گول کیپرکا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کا صاف شفاف سلیکشن کا نعرہ ہوا میں اڑ گیا، ہاکی ٹیم کے گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس پھر منتخب ہوگئے۔

    گول کیپر وقار یونس ان دنوں ایک اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں، وقار یونس نے گول کیپر کیمپ میں شرکت ہی نہیں کی، جبکہ تجربہ کار گول کیپر مظہر عباس کیمپ میں ٹریننگ کے باوجود منتخب نہ ہوسکے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گول کیپر وقار یونس کو واٹس ایپ پیغام پر منتخب کیا گیا، چیف سلیکٹر منظور جونیئر نے واٹس اپ سلیکشن کیخلاف آواز اٹھائی تھی، جس کے بعد من پسند گول کیپرز کی سلیکشن پر سوالات اٹھنے لگے۔

    مختلف حلقوں کی جانب سے پوچھا جا رہا ہے کہ موجودہ دور کے گول کیپر سلمان اکبر اور عمران بٹ کی خدمات کیوں حاصل نہ کی گئیں ؟ جدید سائنسی تکنیک سکھانے کیلئے نوے کی دہائی کا طریقہ کار اپنایا گیا۔

  • ہاکی ورلڈ کپ 2018: نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

    ہاکی ورلڈ کپ 2018: نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

    بھونیشور: ہاکی ورلڈ کپ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئین آسٹریلیا دوڑ سے باہر ہوگیا، فائنل میں بیلجیم اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم اور نیدرلینڈز  نے انڈیا میں منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا، دونوں یورپی ٹیموں کے درمیان فائنل 16 دسمبر کا ٹاکرا ہوگا۔

    پہلے سیمی فائنل میں بیلجئیم نے انگلینڈ کو چھ گول سے آوٹ کلاس کیا، بیلجئیم کے کھلاڑی پورے میچ پر چھائے رہے۔ انگلینڈ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔

    دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ دو دو گول سے برابر رہنے کے بعد نیدرلینڈز نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آوٹس پر چار تین سے شکست دے دی۔


    مزید پڑھیں: ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت مل گئی


    یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2018 میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، پاکستانی ٹیم کوئی ایک میچ بھی نہیں جیت سکی۔

    وطن لوٹنے کے بعد پاکستان ٹیم میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز ہیڈ  کوچ توقیر ڈار نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ سابق اولمپین کی جانب سے بھی ٹیم اور فیڈریشن پر کڑی تنقید کی جاری ہے۔

  • ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت مل گئی

    ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت مل گئی

    کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی کے 8 جوانوں کی قسمت بدل دی، ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز کے حکم پر کراچی سے تعلق رکھنے والے ہاکی ٹیم کے آٹھ اچھے کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت دے دی گئی۔

    [bs-quote quote=”ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کے انتہائی مشکور ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”حیدر حسین” author_job=”کراچی ہاکی ایسوسی ایشن”][/bs-quote]

    تاریخ میں پہلی مرتبہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑی سندھ رینجرز کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔

    سیکریٹری جنرل کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین کا مؤقف بھی سامنے آ گیا، کہا ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے، جب ملازمت ہی نہیں ہوگی تو کھیلے گا کون۔

    حیدر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی رینجرز سندھ نے 25 سال بعد روایت توڑ کر احسن قدم اٹھایا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ان سے سبق سیکھنا چاہیے۔

    کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدے دار کا کہنا تھا کہ 25 سال بعد ہاکی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ملازمت دی گئی ہے، سلیکٹ ہونے والے تمام جوانوں کا تعلق کراچی کے مختلف علاقوں سے ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:   ہاکی ورلڈ‌ کپ: ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ توقیر ڈار مستعفی


    سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ’ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کے انتہائی مشکور ہیں، رینجرز میں ملازمت کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں بھی جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔‘

    حیدر حسین نے مزید بتایا کہ ڈی جی رینجرز کی خصوصی ہدایت پر 3 رکنی سلیکشن کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے ارکان میں اولمپئن سمیع اللہ، اولمپئن حنیف خان اور حیدر حسین شامل تھے۔

    واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ‌ کپ سے پاکستان ٹیم باہر ہو چکی ہے، پاکستان ٹیم کوئی ایک میچ بھی نہیں جیت سکی، پری کوارٹر فائنل میں‌ گرین شرٹ کو بیلجیم کے ہاتھوں عبرت ناک شکست ہوئی۔

  • ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان اپنا دوسرا اہم میچ آج ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا

    ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان اپنا دوسرا اہم میچ آج ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا

    بھوبنشیور: بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا اہم میچ آج ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم مشکل میں آگئی، بھارتی شہر بھوبنشیور میں قومی ٹیم ایونٹ کا فاتحانہ آغاز نہ کرسکی تھی۔

    قومی ہاکی کھلاڑیوں کے لیے دوسرا میچ ڈو اینڈ ڈائی ہوگا، پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں اب ملائیشیا سے ٹکرائے گی، جو آج پانچ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ 

    گروپ میں پاکستان کا آخری میچ نو دسمبر کو نیدرلینڈز سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ یکم دسمبر کو ہاکی ورلڈ کپ کے پہلے اور ابتدائی میچ میں پاکستان کو جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا پڑا تھا۔

    ہاکی ورلڈ کپ، پاکستان کو پہلے میچ میں‌ شکست

    میچ کے پہلے دو کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور مقابلہ برابر رہا تھا، بعد ازاں 36 ویں منٹ میں جرمن کھلاڑی نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی تھی۔

    واضح رہے کہ یکم دسمبر کو ہی نیدر لینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا تھا جس میں ملائیشیا کو 0-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شریک ہیں، قومی ٹیم 8 سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہے۔

    قومی ٹیم نے 2010 میں آخری بار بھارت میں ہی ورلڈ کپ کھیلا تھا جس میں پاکستان کی آخری پوزیشن آئی تھی جبکہ گرین شرٹس 2014 میں ورلڈ کپ میں جگہ کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

  • توقیر ڈار ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، ورلڈ‌ کپ سے متعلق ابہام برقرار

    توقیر ڈار ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، ورلڈ‌ کپ سے متعلق ابہام برقرار

    لاہور:  پاکستان ہاکی فیڈریشن نے  ورلڈ کپ کے لئے توقیر ڈار کو ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا.

    تفصیلات کے مطابق سابق اولمپیئن توقیر ڈار کو ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، البتہ مالی معاملات سے متعلق ابہام تاحال برقرار ہے.

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق ریحان بٹ اور دانش کلیم کوچز ہوں گے، حسن سردار کو منیجر برقرار رکھا گیا ہے۔

    عہدہ سنبھالنے کے بعد توقیر ڈار نے  اپنے بیان میں  کہا کہ ہاکی نے انھیں‌ شناخت اور عزت دی، اب انھیں اپنا کردار نبھانے کا موقف ملا ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ‌کپ میں سخت مقابلہ متوقع ہے، ہمیں مزید نتائج کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی. البتہ ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق انھوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔


    مزید پڑھیں: مالی معاملات حل نہ ہوئے، تو شاید قومی ٹیم ورلڈ کپ نہ کھیل سکے: ہیڈ کوچ حسن سردار


    پی ایچ ایف اعلامیہ کے مطابق یہ مینجمنٹ ورلڈ کپ کے لئے تشکیل دی گئی، ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارت میں شیڈول ہے۔

    دوسری جانب ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا۔

    واضح رہے کہ مالی بحران کی وجہ سے یہ کیمپ چند روز قبل عارضی طور پر منسوخ ہوگیا تھا، جس کے بعد ورلڈ کپ میں‌ پاکستان کی شمولیت پر سوال اٹھ گئے تھے.

  • قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

    قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

    لاہور: انڈونیشیا میں کھیلے گئے 18 ویں ایشین گیمز میں شرکت کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈویشیا کے دارحکومت جکارتہ میں دو ہفتے سے جاری رہنے والے اٹھاریں ایشین گیمز میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    قومی ہاکی ٹیم نجی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 620 سے وطن واپس پہنچی، ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں قومی ٹیم چوتھی پوزیشن حاصل کرپائی تھی۔

    خیال رہے کہ ایشین گیمز میں چین نے سونے کے 132 تمغے جیت کر مجموعی طور پر 289 میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    یاد رہے کہ ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان کی کارکردگی خاصی متاثر کن تھی، پاکستان لگاتار پانچ میچز جیتنے میں‌کامیاب رہا، جس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی کر لے گی۔

    البتہ سیمی فائنل میں پاکستان کی خوش قسمتی کا سفر تمام ہوگیا، جہاں جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر کر دیا، جاپان سے شکست کھا کر پاکستان نے اولمپکس میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی ضائع کر دیا۔

    بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کو خالی ہاتھ وطن لوٹنا پڑا۔

  • ایشین گیمز ہاکی: سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست

    ایشین گیمز ہاکی: سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست

    جکارتہ: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر میڈل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم جاپان کا پہلے کوارٹر میں کیا گیا گول برابر نہ کر سکی، پاکستان کے خلاف جاپان کی 0-1 سے کام یابی پر بھارت کے بعد پاکستان بھی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

    جاپان سے شکست کھا کر پاکستان نے اولمپکس میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ضائع کر دیا، ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی آخری امید بھی دم توڑ گئی۔

    خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت دو ایسی ٹیمیں تھیں جو اب تک اپنی زبردست کارکردگی کے باعث ناقابل شکست رہی تھیں، سیمی فائنل میں آ کر دونوں ٹیمیں مسلسل فتح کا ردھم کھو بیٹھیں۔

    ایشین گیمز ہاکی کا فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان ہوگا، دوسری طرف کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ سیمی فائنل تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست


    مینجر ہاکی ٹیم کی بھارتی امپائر پر تنقید


    قومی ہاکی ٹیم کی شکست پر مینجر قومی ٹیم نے بھارتی امپائرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں بھارتی امپائرز نے جانب داری کا مظاہرہ کیا۔

    مینجر حسن سردار نے کہا ’ویڈیو دیکھ کر تھرڈ امپائر کی جانب سے غلطی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، فیلڈ امپائر کی جانب سے دیا گیا فیصلہ تھرڈ امپائر نے غلط طور پر تبدیل کیا۔‘

    منیجر قومی ہاکی ٹیم حسن سردار نے الزام لگایا کہ بھارتی امپائر کی جانب سے متعدد فیصلے ہمارے خلاف دیے گئے۔

  • ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست

    ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست

    جکارتہ: ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں گرین شرٹس نے بنگلادیش کو پانچ صفر سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں‌ جاری 18ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شان دار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، گرین شرٹس نے لگاتار پانچویں فتح اپنے نام کر لی.

    گروپ کے آخری میچ میں پاکستان اور بنگلادیش مدمقابل تھے. یہ میچ پاکستان نے بہ آسانی پانچ صفر سے اپنے نام کر لیا.

    پاکستان کی جانب سے مبشر علی اور محمد عتیق نے دو دو ، علی شان نے ایک گول کیا۔ پاکستانی ٹیم پول بی میں 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پول اے میں بھارت سرفہرست ہے.

    مزید پڑھیں: ایشین گیمز، ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 4-1 گول سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والا یہ میچ بھارتی ہاکی ٹیم نے بھی خصوصی دل چسپی سے دیکھا، توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان اور بھارت ایونٹ کے فائنل میں ٹکرائیں گے.

    یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں اب تک 45 گول کرچکی ہے، جب کہ حریف ٹیمیں صرف ایک بار گیند کو پاکستانی نیٹ میں پہنچا سکیں.

  • ایشین گیمزمیں شرکت کے لیےقومی ہاکی ٹیم جکارتہ روانہ

    ایشین گیمزمیں شرکت کے لیےقومی ہاکی ٹیم جکارتہ روانہ

    کراچی : ایشین گیمز میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم کپتان رضوان سینئر کی قیادت میں جکارتہ روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم جکارتہ روانہ ہوگئی، پاکستان ہاکی ٹیم کی قیادت رضوان سینئرکررہے ہیں۔

    ایشین گیمزمیں پاکستان کا پہلا میچ 20 اگست کوتھائی لینڈ کے خلاف ہوگا، پاکستانی ہاکی ٹیم دوسرا میچ 22 اگست کو اومان کے خلاف کھیلے گی۔

    قومی ہاکی ٹیم 24 اگست کوانڈونیشیا،26 اگست کو ملائیشیا اور28اگست کواپنا آخری پول میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

    روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

    دوسری جانب اسسٹنٹ کوچ ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ جشن آزادی پرقوم کو جیت کا تحفہ دیں۔

    یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 30 جولائی کو پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے احتجاجاً ایشین گیمز کا بائیکاٹ کیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ جیب خالی ہو توکارکردگی کیسے دکھائیں؟ قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔

    قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ جب تک ڈیلی الاؤنس کے واجبات نہیں دیے جاتے ٹیم ایشین گیمز میں شرکت نہیں کرے گی۔

    ہاکی کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا

    بعدازاں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کردیے تھے، صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ہم نے وعدہ پورا کردیا، اب کھلاڑی وعدہ پورا کریں گولڈ میڈل جیت کرلائیں۔