Tag: hologram

  • جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    سیئول (30 اگست 2025): جنوبی کوریا میں ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے تجربے کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جرائم کی روک تھام کے لیے دل چسپ تکنیکی اقدام کا مثبت نتیجہ نکلا ہے، جس کے تحت بے جان پولیس افسران تعینات کیے گئے۔

    سیئول کے پارک میں ایک لائف سائز تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار نصب کیا گیا ہے جو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہتا ہے، یہ اہلکار سیاحوں کو پیغام دیتا ہے کہ تشدد یا ہنگامی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور یہاں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔

    یہ ایک تھری ڈی ہولوگرام ہے جو شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرنے اور بدنظمی کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ ہولوگرافک پولیس نظام دراصل ’’اسمارٹ پولیسنگ‘‘ کی جدید مثال ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی بغیر حقیقی موجودگی کے بھی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے۔

    لاس اینجلس میں پولیس کی فائرنگ سے سکھ ہلاک (ویڈیو)

    دل چسپ امر یہ ہے کہ یہ ’حقیقی پولیس اہلکار‘ نہ ہونے کے باوجود جرائم روکنے میں کردار ادا کر رہا ہے، اور اسے آبادی والے علاقوں کے قریب کھڑا کیا گیا ہے تاکہ شہریوں میں تحفظ کا احساس اجاگر کیا جا سکے۔

    اس ہولوگرام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے چلنے والا کیمرا لگا ہوا ہے جو لوگوں کو شناخت کرتا ہے، اور اس سے وقتاً فوقتاً آواز نکلتی رہتی ہے، اور حقیقی افسران اس ہولوگرام کے سیٹ اپ کو مانیٹر کرتے ہیں، اس سے پولیس کے لیے ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہوا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سے معاشرے میں بہت زیادہ نگرانی اور کنٹرول کا احساس ابھرتا ہے (جو اصطلاح میں ڈسٹوپین سسٹم کہلاتا ہے) تاہم، اس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ سیئول کے ایک پولیس افسر کم ہیون ڈان نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ شہر کے اُن علاقوں میں جہاں ہولوگرام نصب کیا گیا ہے، جرائم میں 22 فی صد تک کمی آئی ہے، اور یہ نظام فوری نوعیت کے جرائم کو روکنے میں اثرانداز ہو رہا ہے۔

  • وبا کے دوران زُوم ایپ سے اکتانے والوں کے لیے بڑی خبر

    وبا کے دوران زُوم ایپ سے اکتانے والوں کے لیے بڑی خبر

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران اگر آپ زوم ایپ استعمال کر کر کے اکتا گئے ہیں تو ایک کمپنی کی طرف سے آپ کے لیے ایک بڑی خبر آ گئی ہے۔

    وہ لوگ جو وبا کے دنوں میں ایک دوسرے سے کمیونیکیشن کے کسی نئے طریقے کی تلاش میں ہیں، ان کے لیے خوش خبری ہے کہ ایک امریکی کمپنی نے ان کے لیے ہولوگرام ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔

    وہ مناظر جو آپ ہائی ٹیک مووی میں دیکھا کرتے تھے، اب آپ اپنے گھر میں اس کا لطف لے سکتے ہیں، اس سلسلے میں لاس اینجلس کی کمپنی نے فون بوتھ کے سائز کی ایک مشین تیار کی ہے، جس کے ذریعے آپ اپنے کمرے میں ہولوگرام بیم کر کے کسی کے ساتھ بھی بات کر سکیں گے۔

    یہ ہولوگرام مشین پورٹل آئی این سی نے تیار کی ہے، یہ ایک ایسی ڈیوائس ہے جس کی مدد سے اپنے کمرے میں بیٹھ کر کوئی بھی شخص انسانی قد کے برابر ہولوگرام سے بات کر سکتا ہے، دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ مشین آپ کو ماضی میں بھی لے کر جا سکتی ہے، یعنی یہ ایسی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو آپ کو اپنے مرنے والے عزیز و اقارب کے ریکارڈ شدہ ہولوگرام سے بھی بات کرنے کا موقع فراہم کر دیتی ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ نسبام نے اس مشین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہمارا کہنا ہے کہ اگر آپ وہاں نہیں تو آپ اپنی تصویر وہاں بیم کر سکتے ہیں۔‘ نسبام اس سے قبل جس کمپنی میں کام کرتے تھے اس کمپنی نے سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کی ڈیجیٹل لائبریری کے لیے ان کا ہولوگرام تیار کیا تھا۔

    انھوں نے کہا اس مشین کے ذریعے ہم نے بہت سے لوگوں کو ملایا، فوجی خاندان ایک دوسرے سے جڑے، کرونا وبا کی وجہ سے سماجی فاصلہ اپنانے والے کئی ماہ بعد ایک دوسرے سے ملے۔

    نسبام نے بتایا کہ ہر پورٹل (PORTL) ڈیوائس 7 فٹ (2.1 میٹر) لمبی، 5 (1.5 میٹر) فٹ چوڑی اور 2 فٹ گہری ہے، اور اسے گھر کی دیوار میں نصب کیا جا سکتا ہے، کوئی بھی اس مشین (جسے ہولوپورٹیشن کہا گیا ہے) تک کیمرے اور سفید بیک گراؤنڈ کے ساتھ ہولوگرام بھیج سکتا ہے۔

    ہولوگرام مشین کی قیمت 60 ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے، اس لاگت سے متعلق نسبام کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ اگلے تین یا پانچ برسوں میں یہ کم ہو جائے گی۔ کمپنی اس سلسلے میں اگلے سال کے لیے ایک چھوٹی ڈیوائس کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جسے میز پر رکھا جا سکے گا اور اس کی قیمت بھی کم ہوگی۔

    ان ڈیوائسز کو لاس اینجلس کی کمپنی ’اسٹوری فائل‘ کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس کر کے ایسے ہولوگرامز تیار کیے جا سکتے ہیں جنھیں محفوظ کیا جا سکتا ہے، تاہم اس سے ڈیوائس کی قیمت 85 ہزار ڈالر تک بڑھ جائے گی۔

    مذکورہ کمپنیوں نے یہ ہولوگرام ڈیوائس عجائب گھروں کے لیے پیش کی ہے تاکہ سیاح تاریخی شخصیات کے ہولوگرام سے براہ راست سوالات کر سکیں، اور ان خاندانوں کے لیے جو اپنی آئندہ نسلوں کے لیے انفارمیشن ریکارڈ کرنے کے خواہش مند ہوں۔

    کمپنی ’اسٹوری فائل‘ کی چیف ایگزیکٹیو ہیتھر اسمتھ کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کو ایسا محسوس ہوگا جیسے وہ ریکارڈ شدہ ہولوگرام سے گفتگو کر رہے ہوں، آپ ان کی موجودگی کو محسوس کر سکتے ہیں اور ان کی باڈی لینگویج کو دیکھ سکتے ہیں، آپ کو احساس ہوگا جیسے آپ نے حقیقت میں کسی شخص سے بات کی حالاں کہ وہ وہاں موجود نہیں تھا۔‘

  • معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    مصر کی ایک معروف عرب گلوکارہ ام کلثوم اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک بار پھر اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے آگئیں۔

    مصری دارالحکومت قاہرہ کے اوپرا ہاؤس میں پیش کیے جانے والے اس شو میں معروف گلوکارہ ام کلثوم کا ہولو گرام پیش کیا گیا۔ سنہری رنگ کے ہالے میں لپٹے ان کے ہولو گرام نے مسحور کن آواز کا جادو جگا کر لوگوں کو سحر زدہ کردیا۔

    ام کلثوم مصر کی نہایت معروف گلوکارہ تھیں، انہوں نے کئی مغربی گلوکاروں کو بھی متاثر کیا جن میں سے ایک باب ڈیلن بھی تھے۔ مصر کے بازاروں اور قہوہ خانوں میں اب بھی ام کلثوم کے نغمے سنائی دیتے ہیں۔

    ان کے ہولوگرام کے کنسرٹ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ کسنرٹ دیکھنے آئے ایک شخص کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی دادی سے ام کلثوم کی سحر انگیزی کے بارے میں سنا ہے کہ جب وہ لائیو پرفارمنس پیش کیا کرتی تھیں تو لوگوں کے دلوں کی دھڑکن رک جاتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ میں سوچا کرتا تھا کہ کاش میں بھی ان کے کسی کنسرٹ میں شریک ہو پاتا۔ آج اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت میری یہ خواہش کسی حد تک پوری ہوگئی۔

    معروف گلوکارہ کو اس طرح پیش کرنے پر مصری سوشل میڈیا پر مختلف آرا کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

  • شعلوں سے گھرے شیر نے اسٹیڈیم میں لوگوں کی سانسیں روک دیں

    شعلوں سے گھرے شیر نے اسٹیڈیم میں لوگوں کی سانسیں روک دیں

    ارجنٹائن میں ایک معروف اسٹیڈیم کی بحالی کے بعد اس کے افتتاح کے موقع پر ایک قوی الجثہ شیر اسٹیڈیم کی چھت پر چڑھ آیا جسے دیکھ کر شائقین کی سانسیں رک گئیں۔

    ارجنٹائن کے فٹبال کلب اسٹوڈیونیٹس نے اپنے اسٹیڈیم کی بحالی کے بعد اس کا افتتاح کیا تو اس موقع پر ہزاروں شائقین نے تقریب میں شرکت کی۔ ایسے میں شائقین کے لیے ایک دنگ کردینے والا مظاہرہ پیش کیا گیا جب شعلوں سے گھرے ایک قوی الجثہ شیر نے اپنی انٹری دی۔

    یہ شیر دراصل ہولو گرام تھا جسے دیکھ کر شائقین نے اپنا دل تھام لیا۔ بھاری بھرکم، شعلوں سے گھرے، چیختے چنگھاڑتے شیر نے وہاں موجود لوگوں پر سحر طاری کردیا۔

    شیر نے پہلے اسٹیڈیم کی چھت پر چہل قدمی کی اس کے بعد گراؤنڈ پر چھلانگ لگائی۔ جہاں جہاں اس شیر کے پاؤں پڑے وہاں وہاں شعلہ بھڑک اٹھا۔

    پورے گراؤنڈ کا چکر لگانے کے بعد شیر نے ایک آخری چنگھاڑ ماری اس کے بعد شعلوں میں غائب ہوگیا۔

    ارجنٹائن کا مذکورہ اسٹیڈیم سنہ 2005 میں سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ اب اس اسٹیڈیم کے دوبارہ کھلنے اور یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد کھلاڑیوں اور عام افراد نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

  • بلاول بھٹو آج ہولو گرام ٹیکنالوجی سے چار شہروں میں خطاب کریں گے

    بلاول بھٹو آج ہولو گرام ٹیکنالوجی سے چار شہروں میں خطاب کریں گے

    پنجاب /خیبرپختونخواہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو آج ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے چار شہروں میں خطاب کریں گے‘ پاکستان میں کسی سیاسی رہنما کا ہولو گرام کے ذریعے یہ پہلا خطاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے عنقریب آنے والے یومِ تاسیس کے سلسلے میں بلاول بھٹو ہولو گرام کے ذریعے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے کارکنان سے براہ راست خطاب کریں گے۔

    یہ خطاب پشاور‘ فتح جنگ ‘ مظفرآباد اور گوجر خان میں کیے جائیں گے اور بلاول بھٹواپنی یک مشت چار مقامات پر ہونے والی تقریرمیں یوم تاسیس اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پربات کریں گے۔

    یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان میں کوئی سیاست داں ہولو گرام ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا‘ اس سے قبل تحریک انصاف نے بھی فرانس کے حالیہ انتخابات میں ہولو گرام ٹیکنالوجی کے مفید اورکثیر الجہت فوائدسے متاثر ہوکر آئندہ الیکشن کمپئین میں اسی ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا تھا‘ تاہم بلاول بھٹو اس کا عملی مظاہرہ کرکے آج بازی مار جائیں گے۔

    اس حوالے سے بلاول بھٹونے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ ایک ترقی یافتہ پاکستان ہمارا ویژن ہے ۔

    ہولوگرام کیا ہے؟*

    خیال رہے کہ 7 ڈی ٹیکنالوجی ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے، جس میں روشنی بالخصوص لیزر شعاؤں کی مدد سے کسی منظر کو پروجیکٹ کیا جاتا ہے. اس طریقہ کار میں روشنی کی شعاؤں کو کسی پردے کی بجائے ماحول پر پروجیکٹ کیا جاتا ہے. اس طریقے سے بننے والی تصاویر اور ویڈیوز اتنی حقیقی ہوتی ہیں کہ ان پر اصلی کا گمان ہوتا ہے. کمپیوٹر کی اصطلاح میں اسکو ہولو گرافی کہتے ہیں۔

    ہولوگرام جدید سائنسی ٹیکنالوجی سے تیار ہوتے ہیں، جو لیزر لائیٹ کے شعاعوں اور لینسز کے ذریعے کام کرتے ہیں، ہولوگرام جیسے آلات زیادہ ترسائنس فنکشن فلموں میں دکھائے جاتے ہیں، جو ایک دوسرے سے الگ ہونے کے باوجود ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔