Tag: HOLY QURAN

  • لڑکی نے تین سال میں ہاتھوں سے قرآن کریم لکھنے کا اعزاز حاصل کر لیا

    لڑکی نے تین سال میں ہاتھوں سے قرآن کریم لکھنے کا اعزاز حاصل کر لیا

    مراد آباد: بھارت میں ایک 17 سالہ لڑکی نے اپنے ہاتھوں سے تین سال کے اندر قرآن کریم لکھنے کی بڑی سعادت حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد سے متصل گاؤں بھٹوالی کے رہنے والے مفتی سلطان کی 17 سالہ صاحب زادی فاطمہ نے تین سال کی قلیل مدت میں اپنے ہاتھوں سے قرآن کریم لکھنے کا پاکیزہ اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

    فاطمہ کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ روزانہ نمازِ تہجد ادا کرتی ہیں، اور اس کے بعد 12 سے 15 گھنٹے تک قرآن کریم کی پڑھتی ہیں۔

    فاطمہ کے استاد مولانا صداقت علی نے بتایا کہ فاطمہ کو اپنے ہاتھوں سے قرآن کریم لکھنے کا شوق تھا، تھوڑا وقت ملتا تو لکھنے لگ جاتیں۔

    فاطمہ کے اس باوقار اور عظیم الشان امر کی تکمیل میں ان کے اہل خانہ کا بھی بھرپور تعاون رہا۔

    قرآن کریم لکھنے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے استاد مولانا صداقت نے بھی فاطمہ کی مدد کی، فاطمہ نے یہ عظیم کارنامہ انجام دے کر جہاں ایک طرف ایمانی حمیت کا ثبوت پیش کیا، وہیں اپنے گاؤں اور شہر کا نام بھی روشن کیا ہے۔

    بیٹی کی اس کامیابی پر فاطمہ کے والد بھی بہت خوش ہیں، انھوں نے کہا آج پورے گاؤں میں خوشی کا ماحول ہے، دور دور سے رشتہ دار اور دیگر جاننے والے بھی بیٹی کو مبارک باد دینے آ رہے ہیں۔

  • پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدی محمد سرور کی ہدایت پر صوبہ پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا گیا، قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے یونیورسٹیز میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا۔

    صوبہ پنجاب کی یونیورسٹیز میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی جامعات میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی جامعات میں لیکچررز طلبا کو ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھائیں گے، قرآن مجید کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ قرآن مجید ہمارے لیے اصل رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

  • کسٹم والے سعودی عرب سے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے نیلام کریں گے

    کسٹم والے سعودی عرب سے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے نیلام کریں گے

    نئی دہلی: سعودی عرب کی جانب سے بھارتی ریاست کیرالہ کے لیے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے 21 جنوری 2020 کو نیلام کیے جائیں گے، نسخے کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کیے جاسکنے کے سبب محکمہ کسٹم کی تحویل میں ہیں۔

    برطانوی میگزین کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 6 ماہ قبل ریاست کیرالہ کے مسلمانوں کے لیے قرآن پاک کے نسخے تحفے کے طور پر بھیجے تھے۔

    بتایا گیا تھا کہ کیرالہ میں سیلاب سے قرآن پاک کے ہزاروں نسخے ضائع ہوئے تھے، بعد ازاں سعودی عرب کی جانب سے اس کی تلافی کے لیے کیرالہ کے لوگوں کو قرآن پاک کے نسخے مفت بھیجے گئے۔

    سعودی عرب نے کیرالہ کے ملاپورم شہر کے کالج کے نام سے یہ قرآن پاک بھیجے تھے تاہم کالج ان کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے سے قاصر رہا۔

    جس کے بعد بھارتی محکمہ کسٹم نے 25 ٹن وزن کے قرآن پاک کے یہ نسخے نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محکمہ کسٹم نے کالج سے 8 لاکھ بھارتی روپے بطور کسٹم ڈیوٹی کے طور پر طلب کیے تھے جس کا کالج انتظام نہیں کرسکا۔

    ملاپورم میں عربک کالج دارالعلوم کے ڈین عبدالسلام آئیبی نے بتایا کہ کسٹم ڈیوٹی بہت زیادہ ہے، لہٰذا ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نیلامی کے ذریعے یہی نسخے بہت معمولی قیمت پر چھڑا لیے جائیں گے۔

  • لاہور ہائی کورٹ کا قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت پر بڑا حکم جاری

    لاہور ہائی کورٹ کا قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت پر بڑا حکم جاری

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو قرآن پاک کے غیر منظور شدہ نسخے فوری ضبط کرنے اور انٹرنیٹ سے غیر منظور شدہ قرآن پاک اور دینی کتب ہٹانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت کیلئے بڑا حکم جاری کردیا، جسٹس شجاعت علی نے حسن معاویہ کی درخواست پر 40 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔

    ہائی کورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو قرآن پاک کے منظور شدہ نسخے صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح پر فراہم کرنے اورحکومت کو مارکیٹ سے قرآن پاک کے غیر منظور شدہ نسخے فوری ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔

    عدالت نے وفاقی حکومت کو انٹرنیٹ سے غیر منظور شدہ قرآن پاک اور دینی کتب ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا حکومت تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے انٹرنیٹ پورٹلز پر منظور شدہ قرآن پاک کے نسخے فراہم کرے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے چیئرمین قرآن بورڈ سے تعاون کے پابند ہوں اور حکومتی این او سی کے بغیر قرآن پاک و دینی کتب کی درآمد نہیں کی جاسکتی۔

    فیصلے میں کہا قرآن ایکٹ 2011 کی خلاف ورزی کرنیوالی اقلیت کیخلاف کارروائی ہوگی، حکومت قرآن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی وضع کرے گی، اور تمام مدرسوں، لائبریریاں قرآن پاک , پنج سورہ ، دس سورہ کا ہدیہ قبول کرتے وقت منظور شدہ قرآن پاک کے نسخے سے تصدیق کرکے وصول کریں گے۔

    حکم نامے کے مطابق قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے ہر صفحے پر پبلشر اور ادارے کا نام ثبت کریں، قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے ہر نسخے پر بار کوڈ، کیو آر کوڈ اور مخصوص سیریل نمبر دینےکا پابند ہوگا۔

  • نسخہ کو مسجد الحرام میں رکھوایا جائے، ہاتھ سے قرآن لکھنے والی عمارہ کی خواہش

    نسخہ کو مسجد الحرام میں رکھوایا جائے، ہاتھ سے قرآن لکھنے والی عمارہ کی خواہش

    راولپنڈی : قرآن کریم کی محبت سے سرشار راولپنڈی کی رہائشی عمارہ نے ہاتھ سے خوبصورت انداز میں کتاب الہٰی لکھ کر اہم کارنامہ انجام دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ میرا یہ نسخہ مسجد الحرام میں رکھوایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق دور جدید میں قرآن پاک کی اشاعت کا کام مشینوں سے لیا جاتا ہے مگر راولپنڈی کی رہائشی ایک عاشق قرآن لڑکی ایسی بھی ہے جس کی قرآ ن پاک پڑھ کر عقیدت کی پیاس نہ بجھی تو اسے ہاتھ سے تحریر کرکے اپنے دل کو قرآن پاک کی محبت سے منور کرلیا۔

    مدینے جانے کی تڑپ اور آرزو میں مقدس کلام سے عقیدت کی انتہا کرنے والی عمارہ افشین نے قرآن کی رفعت و عظمت کو ایک سال کی صبر آزما محنت کے بعد اپنے ہاتھوں کی لکھائی سے اس قدر خوبصورت اور دلکش انداز سے تحریرکیا کہ لازوال کلام لاجواب قرآنی نسخہ بن گیا۔

    عمارہ نے ایک سال کے عرصے میں قرآن پاک کا یہ نسخہ تحریر کیا، مقدس کلام پاک سے محبت عمارہ افشین کے دل کے کیف و سرور کا ایسا باعث بنی کہ انہوں نے ہر سپارے کا منفرد رنگ اور ہر سورۃ کا دلکش انداز سے آغاز کیا۔

    قرآنی نسخہ میں عمارہ نے موتیوں کی طرح تحریر اور الفاظ پر اعراب لگانے کا کام بھی انتہائی نفاست اور باریک بینی سے کیا ہے، عمارہ کی خواہش ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرے اور قرآن حکیم کا یہ شاہکار مسجد الحرام میں رکھوایا جائے۔

    یاد رہے کہ عمارہ افشین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈل اور سرٹیفکیٹ سمیت خانہ کعبہ کا غلاف مبارک بھی بطور تحفہ مل چکا ہے۔

  • جہلم میں توہین کے الزام میں مجمعے نے فیکٹری کو آگ لگادی

    جہلم میں توہین کے الزام میں مجمعے نے فیکٹری کو آگ لگادی

    جہلم: غصے سے ملغوب مجمعے نے فیکٹری ملازم کی جانب سے مبینہ طورقران پاک کی توہین کے ردعمل میں فیکٹری کو آگ لگادی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سینکڑوں افراد نے مبینہگزشتہ رات ایک چپ بورڈ فیکٹری کے گرد جمع ہوئے اورایک ملازم کی مبینہ غلطی کی سزا کے طور پرپوری فیکٹری کو نظرآتش کردیا۔

    سینئر پولیس افسرعدنان ملک نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہمیں کئی شکایات موصول ہوئیں کہ فیکٹری کے سیکورٹی انچارج احمد طاہرنے مبینہ طور پرقران پاک کے نسخے نذرآتش کئے جس کے جواب میں ہم نے مذکورہ ملازم کو گرفتار کرلیا تاہم آتشزدگی کا واقعہ گرفتاری کے بعد پیش آیا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ احمد طاہرکا تعلق احمدی فرقے سے ہے اور اس کی گرفتاری جلے ہوئے کاغذوں میں سے قرآنی صفحات برآمد کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    احمدی برادری کے ترجمان سلیم الدین کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ ’’ان کی برادری کے تین افراد کو توہین قران کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثاراحمد خان نے جہلم میں امن و امان کی صورتحال بحال کرنے کے لئے فوج کی تعیناتی کی تجویزدی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہلم میں جب تک صورتحال قابومیں نہیں آجاتی اس وقت تک جہلم میں فوج تعینات رکھی جائے۔

  • نامور ہالی وڈ اداکارہ ’قرآن مجید‘میں ہدایت تلاش کررہی ہیں

    نامور ہالی وڈ اداکارہ ’قرآن مجید‘میں ہدایت تلاش کررہی ہیں

    ہالی وڈ کی نامور اداکارہ ’لِنڈ سے لوہن‘ بچوں کے ایک سینٹرکے باہرکھینچی گئی حالیہ تصویر میں قرآنِ مجید کا نسخہ اپنے ساتھ لئے دکھائی دیں ہیں۔

    دنیا بھر میں افواہین گردز کررہی ہیں کہ ہالی وڈ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے اسلام قبول کرلیا ہے اور ان تمام افواہوں کا محرک وہ تصویر ہے جس میں لنڈسے بروکلن میں واقع چلڈرن سنٹر کے باہر ہاتھ میں قرآن لئے دیکھی گئیں ہیں۔

    لنڈسے لوہن ’مِین گرلز‘ اور اسکیری مووی 5‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ لنڈسے عموماً مشکلات میں گھری رہنے والی لڑکی ہیں حالیہ دنوں نیویارک کی ایک عدالت نے انہیں کمیونٹی سروس کی سزا سنائی ہے۔ لنڈسے کی مذہب سے رغبت کو ماضی میں بھی نوٹ کیا جاچکا ہے جب وہ یہودیوں سے تعلق رکھنے والا ’کبالا بریسلٹ‘ ہاتھ میںپہنی دکھائی دی تھیں۔

    عدالت نے 2013 میں انہیں غلط ڈرائیونگ اور پولیس سے جھوٹ بولنے کے الزام میں 240 گھنٹے سماج کی خدمر کرنے کی سزا سنائی تھی اور90 روز کے لئے منشات بحالی مرکز جانے کا حکم بھی دیا تھا بعد ازاں ان کی سماج کی خدمت کے اوقات میں 125 گھنٹوں کا اضافہ بھی کیا گیا۔

    لنڈسے نے اسلام قبول کیا یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گالیکن اگر مشکلات کا شکار خوبرو اداکارہ اپنے مسائل کا حل کتاب الحکمت یعنی قران مجید میں ڈھونڈنے کی کوشش کررہی ہیں تو یہ بھی ایک خوش آئند امرہے۔

  • کوئی ہے! جو ہدایت پاسکے

    ہوش سمبھالتے ہی اپنے معاشرہ میں ایک انجانی بحث کو سنا جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اسقدر تیزی آئی کے نفرتوں اور بغض کی آگ نے ہمارے معاشرے کو تباە کردیا۔ یہ بحث خود کو فرشتہ سمجھنے اور دوسرے کے ایمان میں شک پیدا کرنے کی بحث تھی۔ اس بحث نے خود پسندی اور فرقہ واریت کےایک نہ رکنے والے سلسلے کو شروع کیا جس نے آج پوری امت مسلمہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آج بھی روزاول کی طرح سازش کہیں اور تیار ہوتی ہےاور اسے نافض اسلامی سلطنت میں موجود منافق کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ الله تبارک وتعالی نےقرآن کریم میں بار بار منافقین کی چالوں کا ذکر فرمایا۔

    سازشوں کا سلسلہ تو اسلام کی آمد سے ہی شروع ہوگیا تھا جس میں تیزی حضرت عثمان غنیؓ کی شہادت سے شروع ہوئی جو آج تک جاری ہےاورشاید قیامت تک جاری رہےکیونکہ آقا کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے فرمادیاتھا کے میری امت میں 73 فرقے بن جائیں گے۔

    آخر کون سی وجوہات تھیں کہ دشمن نے ہمیں آپس میں لڑا دیا۔ یقینا ہمارا دشمن جانتا ہے کہ وہ ہمیں شکست نہیں دے سکتا لہذا انہوں نے ہمارے اندر نفرت کا ایسا بیج بویا تاکہ ہم خود ایک دوسرے کو کاٹ ڈالیں اور دشمن بیٹھ کے تماشہ دیکھے۔

    غیروں کی سازشوں اور اپنوں کی کوتاہیوں نےامت مسلمہ کےاجتماعیت کےاصول کو شدید نقصان پہنچایا۔ آج کوئی کیا ہے تو کوئی کیا۔ میں یہاں فرقوں کے نام نہیں لکھنا چاہتا کیونکہ میں امت محمدی صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے بس دو نام جانتا ہوں۔ یہ دو نام مسلمان اور مومن ہیں۔ اور یہ وہی نام ہیں جن سے الله تبارک و تعالی نے اس امت کو مخاطب کیا۔ اس کے علاوہ ہمارا کوئی تعارف نہیں ہوسکتا۔

    قرآن کریم میں اگر فرقہ کا ذکر آیا بھی ہے تو ان کی ممانعت کی صورت میں آیا- فرقہ واریت میں ڈوبےاور دین میں نئے راستے نکالنے والوں کی آنکھیں کھولنے کیلۓ قرآن پاک کی یہ آیات کافی ہیں۔

    "اور ان لوگوں کی طرح نہ ہونا جو متفرق ہو گئے اور احکام بین آنے کے بعد ایک دوسرےسے (خلاف و) اختلاف کرنے لگے یہ وہ لوگ ہیں جن کو قیامت کے دن بڑا عذاب ہوگا”

    (3:105)

    "جن لوگوں نے اپنے دین میں (بہت سے) رستے نکالے اور کئی کئی فرقے ہو گئے ان سے تم کو کچھ کام نہیں ان کا کام خدا کے حوالے پھر جو کچھ وہ کرتے رہے ہیں وہ ان کو (سب) بتائے گا”

    (6:159)

    "(اور نہ) اُن لوگوں میں (ہونا) جنہوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور (خود) فرقے فرقے ہو گئے۔ سب فرقے اسی سے خوش ہیں جو اُن کے پاس ہے”

    (30:32)

    ان آیات میں الله تبارک وتعالی نے تمام باتوں کو نہایت وضاحت سے بیان فرمادیا ہے۔ الله کی کتاب تو کھلی ہدایت ہے۔ "تو ہے کوئی ہدایت لینے والا؟”

    نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ حجتہ الوداع میں جاہلیت کے ان تمام دساتیر کو رد کر کے اسلام میں ذات برادری، فرقہ بندی کو ختم کردیا۔ اسی روز الله کے رسول صلی الله وآلہ علیہ وسلم نے باربار اجتماعیت اور بھائی چارے کا درس دیا۔

    قرآن کو سمجھیے اور خود کو کسی فرقہ سے مت جوڑئے اپنی پہچان کو وہی رہنے دیجیے جو الله تبارک تعالیٰ نے پسند فرمائی ہے۔

    اسلام میں کسی کو دوسرے پر برتری نہیں ہے اگر برتری ہے بھی تو تقویٰ کی بنیاد پر ہے۔ حضرت ابوبکرصدیقؓ، حضرت عمر فاروقؓ، حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علیؓ کی زندگیوں کو پڑہئے۔ ان میں سے کسی ہستی نے خود کو مکمل نہیں کہا بلکہ اپنی زندگیوں کو الله تبارک وتعالی کے احکامات پرعمل کرتے ہوۓ گزاردیا۔

    ہم ان تمام ہستیوں کےمبارک قدموں کی خاک بھی نہیں ہیں مگر یہی ہمارے رہنما ہیں اور انکی رہنمائی ہی باعث نجات ہے۔

    مسلمان الله تبارک و تعالی کا دیا ہوا نام ہے جبکہ فرقے انسانوں کی تخلیق ہیں۔

    حضرت محمد صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے علاوە کوئی مکمل نہیں ہے۔ ہم سب میں الله تبارک وتعالی نے خیر بھی رکھا ہےاور شر بھی۔ خیر سے فائدە اٹھانا ہمارا کام ہے اور شر کے بارے میں فیصلہ کرنا الله تبارک و تعالی کا استحقاق ہے۔

    ہمیں چاہئے کہ ہم اس جشن آزادی پر ہر فرقے کے بت کو توڑ کر خود کو صرف اور صرف سچا اور پکامسلمان بناتے ہیں