Tag: home made

  • مزیدار پیزا گھر میں بنائیں اور بہت کم خرچ میں، لیکن کیسے؟

    مزیدار پیزا گھر میں بنائیں اور بہت کم خرچ میں، لیکن کیسے؟

    آج کل کے بچے ہر کھانے میں پیزا کی ہی فرمائش کرتے ہیں اور اگر گھر میں بنا ہوا کھانا پسند نہ آئے تو امی سے نت نئی فرمائشیں کی جاتی ہیں۔

    کیا ہی اچھا ہو کہ امی بازار سے مہنگا پیزا آرڈر کرنے کے بجائے گھر میں ہی پیزا بنالیں اور وہ بھی بغیر اوون کے۔

    جی ہاں !! اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ ندا ممتاز نے گھر میں پیزا بنانے کی آسان اور کم خرچ ترکیب بتائی جو یقیناً خواتین کو پسند بھی آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ بچوں کیلئے صبح کے ناشتے میں رات کی بچی ہوئی روٹی کو پیزا کی ڈو کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے، روٹی کو فرائینگ پین میں رکھ کر اس کے اوپر فریج میں رکھی ہوئی ابلی چکن اور انڈے پھنیٹ کر ڈال دیں۔

    اس کے ساتھ تھوڑا سا دودھ، چیز، شملہ مرچ، ٹماٹر اور حسب ذائقہ نمک مرچ ڈال کر اسے تیار کرلیں اور صبح کے ناشتے میں رکھیں، بچے یہ چیزیں بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

  • ہونٹوں کو گلابی رکھنے کے لیے لپ بام گھر میں بنائیں

    موسم سرما میں جہاں جسم کے ہر حصے کو اضافی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، وہیں ہونٹ بھی موسم کی سختی کا شکار ہو کر پھٹنے اور تکلیف دینے لگتے ہیں۔

    اس موسم میں ہونٹوں کی رنگت بھی غیر معمولی طور پر تبدیل ہو کر انہیں بھدا بنا دیتی ہے، کچھ قدرتی طریقوں سے ہم ہونٹوں کی گلابی رنگت واپس لا سکتے ہیں۔

    رات دانت برش کرنے کے بعد کوئی بھی منٹ والا ٹوتھ پیسٹ ہونٹوں پر لپ اسٹک کی طرح لگائیں اور اسے 7 سے 10 منٹ تک ہونٹوں پر لگائے رکھیں۔

    اس کے بعد ٹوتھ برش سے ہونٹوں پر ہلکا سا مساج کریں اور رگڑنے سے اجتناب کریں، اس سے ہونٹوں میں دورانِ خون بڑھنے لگے گا، اس کے بعد ہونٹوں کو اچھی طرح دھو لیں اور خشک کرلیں۔

    یہ عمل ہفتے میں 3 دفعہ کریں۔

    دوسرا طریقہ ویسلین کے استعمال کا ہے، ویسلین یا کسی بھی قسم کی پیٹرولیم جیلی، نصف ٹیبل اسپون کی مقدار میں لیں۔

    چولہے پر اسٹیل کا پیالہ رکھ کر اسے پگھلا لیں، ہلکی آنچ پر رکھ کر چمچے سے ویسلین کو ہلاتے رہیں اور بہت دھیمی آنچ پر اسے تیل کی صورت میں گھلائیں۔

    اس کے بعد گلاب کی پتیاں (روز پیٹل) کی 20 سے 25 پتیاں ڈال کر ویسلین کے ساتھ گرم کرلیں۔

    پھول کی پتیوں کو چمچے سے ہلاتے رہیں تا کہ اس کی رنگت گہری ہوکر کچھ براؤن ہوجائے، لیکن یاد رہے کہ اسے جلنے سے بچائیں اور کسی بھی طرح زائد گرم نہ کریں۔

    اب اس پورے آمیزے کو ایک ہاون دستے میں کوٹ کر پیس لیں، تھوڑی دیر میں یہ جیلی کی شکل اختیار کرلے گا۔ اسے لپ بام کی طرح روزانہ استعمال کریں۔

  • رنگ گورا کرنے کی کریم گھر میں بنائیں

    رنگ گورا کرنے کی کریم گھر میں بنائیں

    دنیا بھر میں مرد و خواتین رنگ گورا کرنے کے لیے مہنگی مہنگی ادویات اور ٹریٹ منٹس استعمال کرتے ہیں، تاہم گورا کرنے کا ایک طریقہ نہایت آسان ہے جسے گھر میں بھی اپنایا جاسکتا ہے۔

    پھلوں کے چھلکوں سے ہاتھ، پاؤں اور چہرے کا رنگ کرنا نہایت آسان ہے۔

    پھلوں کے چھلکے سے وائٹننگ کریم بنائی جاتی ہے، اس کے لیے کیری کے تازہ چھلکوں کو پیس کر انہیں عرقِ گلاب اور چنبیلی کے تیل میں مکس کریں۔

    اس میں 8 سے 10 عدد وٹامن سی کی گولیاں ڈالیں، اس میں ایک چمچہ ہلدی اور 20 سے 25 وٹامن ای کے کیپسول اور ایک بڑا چمچ بھر کے بالائی والا دودھ ملائیں۔

    اب ان تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کر کے اسے کریم کی شکل میں بنا کر روزانہ رات کو چہرے پر لگائیں اور اسے ایئر ٹائٹ کنٹینر میں رکھیں۔

    اس کریم کے روزانہ استعمال سے جلد کی رنگت نکھر جائے گی۔

  • خشک جلد کے لیے گھر میں ابٹن تیار کریں

    خشک جلد کے لیے گھر میں ابٹن تیار کریں

    دلہن بننے والی لڑکیاں اکثر اوقات ابٹن کا استعمال کرتی ہیں جس سے جلد کی رنگت نکھر جاتی ہے، ابٹن کو گھر میں بھی بنایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں فرح محمد نے گھر میں ابٹن بنانے کا طریقہ بتایا۔ اس کے لیے مندرجہ ذیل اشیا درکار ہیں۔

    بیسن: 2 چائے کے چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    براؤن شوگر: 1 چائے کا چمچ

    خشک دودھ: 1 چائے کا چمچ

    صندل پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    ان تمام اشیا کو مکس کرلیں، اگر جلد خشک ہے تو شہد، یا زیتون / بادام کا تیل شامل کر کے لگایا جاسکتا ہے۔

    دھیان رہے کہ ابٹن سے مساج کرنے کے بعد صابن کا استعمال نہ کریں، اس سے جلد پر ری ایکشن ہوسکتا ہے اور جلد پر ریشز یا مہاسے ہوسکتے ہیں۔

  • بے شمار بیماریوں کا علاج کرنے والا مشروب

    بے شمار بیماریوں کا علاج کرنے والا مشروب

    عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بہت سے جسمانی مسائل اور بیماریاں سامنے آتی جاتی ہیں جو ایک وقت کے بعد ناقابل علاج بن جاتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اگر شروع سے ہی صحت مند غذائیں کھائی جائیں اور فعال طرز زندگی رکھا جائے تو بڑھتی عمر کے ان مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے ایسا مشروب بتایا جو تمام بیماریوں کا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ انار کے چھلکے میں جو سفید حصہ ہوتا ہے وہ پوٹاشیئم اور پولی فینولز سے بھرپور ہوتا ہے لہٰذا یہ بہت سے فوائد کا حامل ہے۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ اس سے بننے والا مشروب وزن میں کمی کرتا ہے، ہارمونز کا توازن برقرار رکھتا ہے، نزلہ، بخار اور کھانسی سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ خون کی سطح اور خون میں شوگر کی سطح کو بھی متوازن رکھتا ہے۔

    اس مشروب کو بنانے کے لیے آدھا گلاس پانی لیں اور اسے ابال لیں، انار کے چھلکے کے 4 ٹکڑے کر کے اس میں شامل کردیں، 4 چمچ مسور کی دال اور تھوڑے سے انار کے دانے بھی اس میں شامل کریں اور اسے پکا لیں۔

    جب رنگت تبدیل ہونے لگے تو اسے چھان لیں، اس مشروب کو ہلکا سا گرم کر کے نہار منہ پئیں، 6 ہفتوں میں اس کے اثرات دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

  • چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کے لیے گھر میں اسکرب بنانا بے حد آسان

    چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کے لیے گھر میں اسکرب بنانا بے حد آسان

    موسم گرما میں جلد کا سیاہ پڑ جانا، داغ دھبے ہوجانا اور جھائیاں آجانا عام بات ہے تاہم اس سے چھٹکارے کے لیے گھر میں نہایت آسانی سے اسکرب بنایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر فرح نے چہرے کے داغ دھبوں اور چھائیوں کو دور کرنے کے لیے گھر میں اسکرب بنانے کا آسان طریقہ بتایا۔

    اس کے لیے ایک عدد پان کا پتہ لیں، اسے گرینڈ کر کے پیسٹ بنا لیں، اس میں چوتھائی چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا اور 1 چائے کا چمچ ایلو ویرا جیل شامل کریں۔

    اس اسکرب کو 5 منٹ کے لیے لگا کر رکھیں اس کے بعد اس سے مساج کریں، 5 سے 7 منٹ مساج کرنے کے بعد چہرہ صاف پانی سے دھو لیں۔

    اسے لگانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس اسکرب کو پان پر لگائیں اور اس سے مساج کریں۔

    اس اسکرب کو پہلی ہی بار لگانے میں جلد کے مردہ خلیے نکل جائیں گے اور 3 سے 4 بار لگانے کے بعد داغ دھبے ہلکے پڑنے لگیں گے۔

    1 مہینے تک اس کا استعمال چہرے کو صاف شفاف اور بے داغ بنا دے گا۔

  • فیصل آباد پولیس کا گھریلو ملازمہ پر انسانیت سوز تشدد، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

    فیصل آباد پولیس کا گھریلو ملازمہ پر انسانیت سوز تشدد، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

    فیصل آباد : چک جھمرہ پولیس کا تھانے میں گھریلو ملازمہ پر چار روز سے انسانیت سوز تشدد کے واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ تھانے میں پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازمہ صائمہ پر انسانیت سوز تشدد کیا گیا اے آر وائی نیوز نے پولیس گردی کی شکار صائمہ کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا۔

    صائمہ کا کہنا ہے کہ میں بے قصور ہوں، مجھے بچاؤ، پولیس بہت مارتی ہے، پولیس اہلکار میرے منہ میں گرم پانی ڈالتے ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف نامی فیکٹری مالک نے اپنی ملازمہ صائمہ کو چوری کے الزام میں گرفتار کرایا تھا۔

    صائمہ کو مردانہ کانسٹیبل بیرک میں چار دن سے حبس بے جا میں رکھا گیا، ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کرنے سے صائمہ چلنے سے بھی معذور ہوگئی ہے، میڈیا پر خبر آنے پر پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے اس کیخلاف چوری کی آیف آئی آر درج کرلی۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیا، انہوں نے فیصل آباد میں تھانہ چک جھمرہ پولیس کے تشدد پر انکوائری کمیٹی بنادی. ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چوبیس گھنٹے میں واقعے کی مکمل آئی جی کو رپورٹ پیش کردی جائے گی۔