Tag: Homes

  • عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر میں مالی مدد فراہم کرے گا، عرب امارات اس سے قبل بھی سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کر چکا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔

    اماراتی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کا ملک سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا اور اس منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

    اس موقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی ہر سال 4 ارب ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں، عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2022 میں 5 ارب 10 کروڑ ڈالر بھیجے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 17 سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مجوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔

    ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف اور بحالی کے کاموں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کرنا پڑی۔

    سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جہاں بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔

  • ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    انقرہ: ترکیہ میں زلزلے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا گیا، 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے، دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہوگئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیئے۔

    ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹس کیے گئے ہیں، یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ ان کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ہاسا قصبے میں ایک اسکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بارشیں بھی جاری ہیں اور زمین بھی نم ہوچکی ہے۔

    ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    امریکا کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے جاری ہے، تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر نے کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے کسانوں کو بیج دینے کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زیادہ رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے 25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ بیج دینے کا وعدہ کیا ہے، محکمے چھوٹے کاشت کاروں سمیت کسانوں کی کل زمین کا ڈیٹا تشکیل دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے شروع کردیا گیا ہے، سروے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک سے ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا، ورلڈ بینک نے گھروں کی تعمیر کے لیے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں بھی متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

  • بندروں کی بھرمار سے گاؤں والے ہجرت پر مجبور

    بندروں کی بھرمار سے گاؤں والے ہجرت پر مجبور

    بھارت کے ایک گاؤں میں بندروں کی بھرمار نے گاؤں والوں کو ہجرت پر مجبور کردیا، یہ بندر فصلوں کو تباہ کر رہے تھے جبکہ گھروں میں گھس کر سامان بھی اٹھا لے جاتے تھے۔

    بھارتی گاؤں ناراس پور سے اب تک 20 سے زائد خاندان ہجرت کر کے جا چکے ہیں، وجہ اس گاؤں میں بندروں کی بھرمار ہے جن کی تعداد اندازاً 400 ہے۔

    یہ بندر فصلوں کو تباہ کر کے کسانوں کو مالی نقصان پہنچا رہے تھے جبکہ گھروں میں بھی گھس جاتے جہاں سے وہ مختلف سامان اٹھا کر بھاگ جاتے تھے۔

    تاہم اب گاؤں کے سرپنج نے گاؤں والوں کی مشکل حل کرنے کے لیے ان بندروں کو پکڑنے کے لیے ایک ٹیم بلا لی ہے جنہیں 15 سو روپے دیے جائیں گے۔ اس ٹیم نے اب تک 100 بندر پکڑ کر گھنے جنگل میں چھوڑ دیے ہیں جہاں سے وہ واپس نہ آسکیں۔

    سرپنچ کا کہنا ہے کہ ان بندروں نے گھروں اور فصلوں پر تباہی مچادی تھی اور اس وجہ سے کسان بہت پریشان تھے۔

    ان میں سے کچھ کسان ایسے تھے جنہیں صرف ایک ہی قسم کی فصل اگانے پر مہارت حاصل تھی اور ان کی وہ واحد فصل بھی بندروں کے ہاتھوں تباہ ہوجاتی تھی، چنانچہ کسان پریشان ہو کر یہاں سے جانے لگے تھے۔

    تاہم اب جب کسانوں کو علم ہوا کہ آہستہ آہستہ بندروں کا خاتمہ ہورہا ہے تو وہ اپنے گھروں کو واپس آرہے ہیں۔

  • فلسطینی مکانات مسماری کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف تحقیقات کی کوشش

    فلسطینی مکانات مسماری کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف تحقیقات کی کوشش

    یروشلم : فلسطینی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فیصلے پرعمل درآمد روکنے کے لیے تل ابیب پرمختلف اطراف سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ عالمی فوج داری عدالت میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مکانات کی مسماری کے ظالمانہ اقدامات کی عالمی تحقیقات کے لیے کوششیں کررہی ہے۔

    فلسطینی وزارتِ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوب مشرقی بیت المقدس کے علاقے صور باھر میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے اسرائیلی فیصلے پرعمل درآمد روکنے کے لیے تل ابیب پرمختلف اطراف سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اس ضمن میں فلسطین نے عالمی عدالت انصاف سے بھی رابطہ کیا ۔

    بیان میں بتایا گیا کہ صور باھر کے متاثرہ فلسطینیوں اور گھروں کی مسماری کے خطرے کاسامنا کرنے والے شہریوں نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی عدالت کی طرف سے صور باھر کی وادی الحمص کالونی میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کی مسماری روکنے کی درخواست دی گئی تھی، اس کالونی میں فلسطینی گھروں کی تعداد ایک سو سے زائد ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے عدالتی نظام نے ثابت کیا ہے کہ وہ صہیونی استعماری نظام کا ایک حصہ ہے جو انصاف اور قانون نہیں بلکہ صہیونی ریاست کے جرائم کو تحفظ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ بیت المقدس اور اس کے مضافات سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے مکانات کی مسماری کے پیچھے اصل سازش واضح ہے، اسرائیل بیت المقدس میں فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کرکے انہیں وہاں سے نکلنے پرمجبور کررہا ہے۔

    فلسطینی حکومت نے بیت المقدس اور فلسطین کےدوسرے علاقوں میں مکانات مسماری کے نسل پرستانہ صہیونی طرز عمل پرعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی بھی شدید مذمت کی اور مکانات مسماری کو جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکام نے بیت المقدس میں صور باھر کے مقام پرفلسطینیوں کے 16 مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    فلسطینیوں نے مکانات مسماری روکنے کے لیےاسرائیلی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا مگر عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کردی ہے، عدالتی فیصلہ آنے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے کل اتوار کو وادی حمص کالونی کا گھیرا کیا۔

  • الحدیدہ میں حوثیوں کی طرف سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کردیا گیا

    الحدیدہ میں حوثیوں کی طرف سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کردیا گیا

    صنعاء : یمن کے عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے الحدیدہ شہر میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی کمیٹی’ آر سی سی‘ میں شامل حکومتی کمیٹی نے الزام عاید کیا ہے کہ یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں باغی حوثی ملیشیا نے رہائشی عمارتوں میں میں مورچہ بندی کی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت باغی ملیشیا کی جانب سے وسیع پیمانے پر تین حملوں میں ناکامی کے بعد سامنے آئی ہے۔آئینی حکومت کی طرف سے قائم کردہ ٹیم کے سربراہ میجر جنرل صغیرحمود عزیز نے اقوام متحدہ کے عہدیدار جنرل مائیکل لولسیگارڈ سے حوثی ملیشیا کی جانب سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یمنی مشترکہ مزاحمت کے زیر انتظام عسکری میڈیا نے الحدیدہ میں الخمسین اسٹریٹ کے نزدیک رہائشی عمارتوں میں حوثی عناصر کی جانب سے مورچے قائم کرنے کی کارروائی کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔

    عسکری ذرائع کے مطابق غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں، اس دوران باغیوں کی جانب سے فائرنگ، گولہ باری اور دراندازی کی کوششوں کے علاوہ آزاد کرائے جانے والے رہائشی علاقوں میں وسیع پیمانے پر حملوں اور پیش قدمی کی سر توڑ کوشش کی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ شہر میں آزاد کرائے جانے والے علاقوں اور محلوں میں رہائشی علاقوں پر بھاری گولہ باری کر رہی ہے، ملیشیا نے دسمبر میں دستخط کیے گئے سویڈن معاہدے پر عمل درامد سے بھی انکار کر دیا ہے۔

    اس سے قبل عسکری ذرائع نے خبردار کیا تھا کہ مغربی ساحل کے محاذوں پر اور الحدیدہ شہر کے اندر مسلح جتّھے نقل و حرکت کر رہے ہیں، اس کے علاوہ صوبے کے باہر سے کُمک بھی منگوائی جا رہی ہے۔

    عسکری ذرائع کے مطابق ادھر اقوام متحدہ الحدیدہ کے حوالے سے سویڈن معاہدے پر عمل درامد میں پیش رفت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ اس میں الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہوں سے حوثی ملیشیا کا انخلا شامل ہے۔

  • ایران کے جنوب مشرقی علاقوں سے ہزاروں افراد کے انخلاءکا حکم

    ایران کے جنوب مشرقی علاقوں سے ہزاروں افراد کے انخلاءکا حکم

    تہران : ایران نے سیلاب سے متاثرہ شہر اہواز سے ہزاروں افراد کے انخلاء کا حکم دیا ہے, اب تک سیلاب کے باعث 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ خوزستان کے گورنر غلام رضا شریعتی نے شہر میں پانی کے داخل ہونے کے بعد پانچ اضلاع کے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔

    ان اضلاع کی آبادی ساٹھ سے ستر ہزار کے لگ بھگ ہے، شریعتی نے نوجوانوں سے بند بنانے اور عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچوں کی مدد کرنے کا کہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی زد میں آکر کم از کم ستر لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران میں حال ہی میں سیلاب نے بدترین تباہی پھیلائی – جس سے شدید مالی اور جانی نقصان ہوا، سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 70 ہوگئی، 791 افراد زخمی، 4 لاکھ افراد بے گھر اور سیلاب نے 13 صوبوں کو متاثر کیا۔

    محکمہ موسمیات نے صوبہ خوزستان میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے مزید طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ ڈیمز، دریاؤں کے نزدیک واقع بستیوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔

    سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ لرستان کو پہنچا ہے جہاں اکثر دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہوگیا اور 14 افراد جاں بحق ہوئے۔

  • آسٹریلوی پولیس کا کرائسٹ چرچ واقعے میں ملوث‌ دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    آسٹریلوی پولیس کا کرائسٹ چرچ واقعے میں ملوث‌ دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    سڈنی : آسٹریلین پولیس نے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کی تفتیش کے سلسلے میں دہشت گرد سے منسلک افراد کے گھروں پر چھاپہ مار کر سرچ آپریشن کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والے 28 سالہ دہشت گرد کے عزیز و اقارب کے گھروں کی تلاشی لی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نی نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے سینڈی بیچ اور لارنس میں دو گھروں پر چھاپہ مار کارروائی کی، ایک گھر برینٹن ٹیرینٹ کے ہمشیرہ کا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھروں پر سرچ آپریشن کا مقصد ایسی شواہد اکھٹے کرنا تھا جو نیوزی لینڈ پولیس کو کرائسٹ چرچ واقعے کی تحقیقات میں معاونت فراہم کرسکیں۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے‘ وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن

    خیال رہے کہ دو روز قبل جیسنڈا ایرڈن نے کہا تھا کہ مرکزی ملزم سیکیورٹی اداروں کی واچ لسٹ پرموجود نہیں تھا، نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برینٹن ٹیرینٹ کو ایک روز قبل عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر قتل کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم ابھی ٹیرنٹ پر دہشت گردی یا دوسری دفعات نہیں لگائی ہیں۔

  • اٹلی میں گھرکی قیمت صرف 1 یورو

    اٹلی میں گھرکی قیمت صرف 1 یورو

    سمبوکا کے ڈپٹی میئر نے یہ اعلان تیزی سے کم ہوتی ہوئی آبادی کے پیش نظر کیا کیونکہ اچھی خاصی تعداد میں مقامی افراد بڑے شہروں کی طرف ہجرت کرچکے ہیں۔

    یورپی ممالک میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں وہیں دوسری جانب اطالوی حکام نے 1 یورو میں گھر فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے گاؤں سمبوکا کے ڈپٹی میئر اور ٹورسٹ کونسلر جیوسپ کیسیوپو نے گاؤں کی کم ہوتی آبادی کو روکنے کےلیے 1 یورو میں گھروں کی فروخت اعلان کیا ہے۔

    ڈپٹی میئر جیوسپ کیسیوپو کا کہنا ہے کہ سمبوکا کی اکثر آبادی بڑے شہروں میں سکونت اختیار کررہے ہیں جس کے باعث گاؤں کی اچھی خاصی آبادی کم ہوگئی ہے۔

    جیوسپ کیسیوپو کا کہنا تھا کہ گھر خریدنے والے شخص کو 3 سالوں کے دوران اپنے گھر کی تزائین و آرائش کےلیے 15 ہزار یورو کی خطیر رقم خرچ کرنی ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گھر کی تزائین و آرائش کےلیے 5 ہزار یورو کی رقم سیکیورٹی ڈپازٹ میں جمع کروانی ہوگی جو مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد مالک کو دی جائے گی۔

    ڈپٹی میئر کا کہنا ہے کہ سمبوکا انتہائی خوبصورت اور تاریخی شہر ہے، جہاں خوبصور ساحل، پہاڑ اور جنگلات ہیں، یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے بحیرہ روم کے جزائر کا بھی نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

  • قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    پشاور: خیبر پختونخواکے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ قبائلی متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا جبکہ پارلیمنٹ سے اصلاحاتی سفارشات کی منظوری کے بعد فاٹا کو مرحلہ وار طریقے سے خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور وہاں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل بھی شروع کرلیا جائےگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ خیبر ایجنسی کے نمائندوں کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف فاٹا کو قبائلی عوام کی مرضی اور مشاورت سے قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کی اصلاحاتی کمیٹی نے تمام ایجنسیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں۔


    پڑھیں: ’’ قبائلی علاقوں کے عوام گھرواپسی پرمشکلات کا شکار ‘‘


    گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فاٹا سے متعلق موصول ہونے والی آرا اور سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے جو زیرغور ہے، انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کے باعث 4 لاکھ 4 ہزار 197 خاندان نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے تاہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    اقبال جھگڑا نے کہا کہ فاٹا میں امن و امان کی صورتحال قائم ہونے کے بعد اب تک 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد خاندان اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں جبکہ بقیہ افرادکی واپسی اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔


    مزید پڑھیں: ’’ قبائلی عوام کی حالت کشمیریوں سے بھی بدتر ہے،مولانا فضل الرحمٰن ‘‘


    اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر‘ پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندر قیوم اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ جرگے کی قیادت سابق وفاقی وزیر مملکت ملک وارث خان آفریدی نے کی‘ جرگے کے شرکاء نے گورنر کو متعلقہ علاقے کے عوام کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔