Tag: honda

  • جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا کی جانب سے بڑی خبر

    جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا کی جانب سے بڑی خبر

    جاپان کی دو کار ساز کمپنیوں ہونڈا اور نسان نے ایک مشترکہ منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ہونڈا نسان کی بنائی ہوئی گاڑیاں امریکا میں فروخت کرے گی۔

    جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا، نسان کی تیار کردہ گاڑیاں امریکا میں فروخت کرے گی، اس سلسلے میں مشترکہ منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔

    امریکا میں نسان کے وہ پلانٹ جہاں گنجائش سے کم پیداوار ہو رہی ہے، میں بنائے گئے پک اپ ٹرکوں کو اس منصوبے کے تحت ہونڈا برانڈ کے تحت فروخت کیا جائے گا۔

    بتایا جا رہا ہے کہ اس منصوبے سے دونوں کمپنیوں کو فائدہ ہوگا، نسان کے جو امریکی پلانٹس کم فروخت کی وجہ سے گنجائش سے کم کام کر رہے ہیں، نہ صرف انھیں مدد ملے گی بلکہ ہونڈا ممکنہ طور پر اس معاہدے کے ذریعے اپنے صارفین کی تعداد بڑھا سکے گی۔


    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت


    امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے آٹوز اور آٹو پارٹس پر اضافی درآمدی محصولات عائد کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے نسان پر اس حوالے سے دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ اپنی امریکی پیداواری بنیاد کا زیادہ سے زیادہ بہتر استعمال کرے۔ دوسری طرف رواں برس کے شروع میں انضمام کی ناکام کوشش کے باوجود ہونڈا اور نسان میں بات چیت چل رہی ہے۔

    اگر ان دونوں کمپنیوں کا انضمام عمل میں آ جاتا تو یہ یہ دنیا کی تیسری بڑی کار ساز کمپنی بن جاتی، ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا معاہدہ برقرار رکھیں گے۔

  • ٹویوٹا، ہنڈا سستی، سوزوکی گاڑیاں مہنگی ہو گئیں

    ٹویوٹا، ہنڈا سستی، سوزوکی گاڑیاں مہنگی ہو گئیں

    کراچی: ڈالر کی قیمتوں میں کمی کے رحجان کے ساتھ ہی کچھ گاڑیوں کی قیمتیں کم اور کچھ گاڑیوں کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویوٹا اور ہنڈا کار کمپنیوں کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے، جب کہ دوسری طرف ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود سوزوکی کار کمپنی نے کاروں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    انڈس موٹرز ٹویوٹا یارس

    انڈس موٹرز نے ٹویوٹا یارس کے مختلف نوعیت کی اقسام کی قیمتوں میں کمی کی ہے، ٹویوٹا یارس 1.3 ایم ٹی کی قیمت 43 لاکھ 99000 سے کم کر کے 43 لاکھ 26000 کر دی گئی، ٹویوٹا یارس 1.3 سی وی ٹی قیمت 46 لاکھ 59000 سے کم کر کے 45 لاکھ 86000 کر دی گئی۔

    ٹویوٹا یارس تمام اقسام میں 73 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، ٹویوٹا یارس 1.3 سی وی ٹی ہائی 48 لاکھ 99000 سے کم کر کے 47 لاکھ 66000 کر دی، ٹویوٹا یارس 1.3 سی وی ٹی میں 1 لاکھ 33 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔

    ہنڈا اٹلس سٹی کار

    ہنڈا اٹلس کار کمپنی نے بھی ہنڈا سٹی کار کی قیمت میں کمی کر دی ہے، ہنڈا سٹی ایم ٹی کی قیمت میں 50 ہزار روپے کم کر کے 46 لاکھ 49 ہزار روپے کر دی گئی، ہنڈا سٹی سی وی ٹی کی قیمت میں 1 لاکھ 40 ہزار کی کمی سے اس کی نئی قیمت 46 لاکھ 89 ہزار ہو گئی ہے۔

    دوسری طرف ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود سوزوکی کار کمپنی نے کاروں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، سوزوکی کار کمپنی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 65 ہزار سے 3 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا ہے۔

    سوزوکی آلٹو

    آلٹو وی ایکس کی قیمت میں 80 ہزار اضافے سے قیمت 23 لاکھ 31 ہزار ہو گئی، آلٹو وی ایکس آر کی قیمت میں 95 ہزار اضافہ کیا گیا، جس سے اس کی قیمت 27 لاکھ 7 ہزار ہو گئی ہے، آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس کی قیمت میں 95 ہزار اضافے سے قیمت 28 لاکھ 94 ہزار ہو گئی، آلٹو وی ایکس ایل اے جی ایس کی قیمت میں 1 لاکھ 10 ہزار اضافے سے قیمت 30 لاکھ 45 ہزار ہو گئی۔

    سوزوکی کلٹس

    کلٹس وی ایکس آر 1 لاکھ 40 ہزار اضافے سے 38 لاکھ 58 ہزار روپے کر دی گئی، کلٹس وی ایکس ایل 1 لاکھ 60 ہزار اضافے سے 42 لاکھ 44 ہزار روپے کی ہو گئی، کلٹس ای جی ایس 1 لاکھ 80 ہزار اضافے سے 45 لاکھ 46 ہزار روپے کی ہو گئی۔

    سوزوکی سوئفٹ

    سوئفٹ جی ایل 85 ہزار اضافے سے 44 لاکھ 21 ہزار روپے کی ہو گئی، سوئفٹ جی ایل سی وی ٹی 65 ہزار اضافے سے 47 لاکھ 19 ہزار روپے کی ہو گئی، سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمتوں میں دس دن کے دوران دو بار اضافہ کیا گیا، یکم مارچ کو سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمت 85 ہزار اضافے سے 51 لاکھ 25 ہزار روپے کی گئی تھی، 11 مارچ کو دوسری بار سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمت میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے اضافے سے اس کی قیمت 54 لاکھ 29 ہزار روپے کر دی گئی۔

  • ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کی ہونڈا موٹر کمپنی نے برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030 تک 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنائے گی۔

    ہونڈا موٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار دونوں کو وسعت دینے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور انھی کی بدولت کوشش ہے کہ 2030 تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔

    کمپنی کے حکام کے مطابق وہ اس سلسلے میں 30 ماڈل پیش کریں گے، اور برقی گاڑیوں کی پیداوار کو کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف تک پہنچایا جائے گا، خیال رہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔

    کمپنی کے مطابق الیکٹرک وہیکلز سے متعلق حکمت عملی کے پہلے قدم کے طور پر 2024 میں تجارتی سطح پر ایک چھوٹی گاڑی متعارف کرائی جائے گی، اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی۔

    کمپنی کا ارادہ ہے کہ 2024 کے موسمِ بہار میں نئی سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں پیش کی جائیں، جدید قسم کے آلات سے ای وی کی رینج میں، موجودہ لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال کرنے والی کاروں کے مقابلے میں بہت اضافہ ہو جائے گا۔

    ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین، یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

  • دو جاپانی کمپینیوں نے خلاء میں قیام کیلئے بڑا منصوبہ بنا لیا

    دو جاپانی کمپینیوں نے خلاء میں قیام کیلئے بڑا منصوبہ بنا لیا

    ٹوکیو : جاپانی گاڑی ساز ادارہ ہونڈا اور جاپان کی خلائی تحقیقی ایجنسی جاکسا خلاء میں آکسیجن، توانائی اور پانی پیدا کرنے کی غرض سے ایک نظام پر تحقیق شروع کرنے والے ہیں۔

    اس تحقیق کا مقصد خلا میں ایسا ماحول تخلیق کرنا ہے جس میں لوگ پہلے سے زیادہ دورانیے کیلئے قیام کرسکیں اور وہاں کام کرسکیں۔

    ہونڈا اور جاکسا انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نظام خلا میں موجود انسانوں اور وہاں گھومنے پھرنے والی خلائی گاڑیوں کیلئے ناگزیر چیزیں تخلیق کرے گا تاکہ انہیں یہ اشیاء زمین سے حاصل کرنے کی ضرورت نہ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمسی توانائی کی مدد سے پانی کو اس کے اجزائے ترکیبی، آکسیجن اور ہائیڈروجن میں تبدیل کیا جائے گا۔

    پھر فیول سیل ٹیکنالوجی کی مدد سے اسی آکسیجن اور ہائیڈروجن سے بجلی بنائی جائے گی۔ اس عمل سے پیدا شدہ پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ہونڈا اور جاکسا رواں مالی سال کے اختتام تک اس نظام کا آزمائشی نمونہ تخلیق کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

  • موٹرسائیکل اور کاریں بنانے والی کمپنی کا ’جیٹ طیارہ‘ متعارف

    موٹرسائیکل اور کاریں بنانے والی کمپنی کا ’جیٹ طیارہ‘ متعارف

    ٹوکیو: موٹرسائیکل اور جدید گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے ایک اور جیٹ طیارہ متعارف کرادیا جو ایندھن بچانے کی خصوصیت صلاحیت سے مالا مال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنڈا ائیرکرافٹ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشیماسا فوجنو نے کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا نیا جیٹ متعارف کرایا جس کو ایلیٹ کا نام دیا گیا ہے۔

    یورپین بزنس ایوی ایشن کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہنڈا ائیرکرافٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نئی پروڈکٹ کو جدید سہولیات کو دیکھتے ہوئے تیار کیا جیسے کہ سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں یہ طیارہ ایندھن کی 17 فیصد بچت کرے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فُل ٹینک کے ساتھ یہ طیارہ 1427 ناٹیکل میل کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ پرانے ماڈل میں اس طرح فیول بچانے کی سہولت موجود نہیں تھیْ

    خالی طیارے کا مجموعی وزن 100 پونڈ کے جبکہ یہ 200 پونڈ تک کا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، علاوہ ازیں دیگر طیاروں کے مقابلے میں اس کے انجن کی آواز بھی بہت کم ہے۔

    ہنڈا کی جانب سے فی الحال نئی پروڈکٹ کی قیمت کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں البتہ کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والی تیسری سہہ ماہی نمائش کے بعد اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ طیارے میں اضافی فیول کی گنجائش بھی دی گئی ہے جس کی وجہ سے اسے اڑان بھرنے یا لینڈ کرنے کے لیے بڑے رن وے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں