Tag: honey trap

  • رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔

     سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے رابطہ کرنے والے ہوشیار رہیں، سوشل میڈیا کا سہارا لینے والا کراچی کا شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق جیکسن کے رہائشی محمد شعیب نے سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے اشتہار دیا کچھ دیر بعد ایک نامعلوم لڑکی کی کال آئی اور اس نے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی۔

    لڑکی کے بلانے پر جیکسن کا رہائشی گھوٹکی جا پہنچا جہاں کچے کے ڈاکوؤں نے اسے اغوا کرلیا، بعد ازاں اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور گھوٹکی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

    بازیاب ہونے والے شہری محمد شعیب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر لڑکی نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے شادی کے لیے راضی ہوں۔

    لڑکی نےکہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اور جہیز نہیں دے سکتے، اگر آپ مجھ سے شادی کریں گے تو آپ کی اور تمام گھر والوں کی خدمت کروں گی۔

    شعیب نے بتایا کہ میں نے شادی کے لیے حامی بھری اور اس کے بلانے پر گھوٹکی چلا گیا، راستے میں لڑکی فون آیا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں اترتے ہی مجھے اغوا کرلیا گیا۔ بازیاب شہری کے مطابق ڈاکوؤں نے میری رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    پولیس حکام کاکہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

  • کراچی سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا، تاوان کی ویڈیو بھیجی گئی

    کراچی سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا، تاوان کی ویڈیو بھیجی گئی

    کراچی: شہر قائد سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا ہے، جس کی رہائی کے لیے تاوان کی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف کے رہائشی اللہ یار کو کشمور میں ہنی ٹریپ کیا گیا ہے، مغوی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مغوی کے بھائی نے رپورٹ لکھوائی کہ ان کا بھائی 18 دسمبر سے لاپتا ہے، اب ڈاکوؤں نے ویڈیو جاری کی ہے اور بھائی کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی کراچی کے 3 نوجوان کچے کے ڈاکؤوں کے جھانسے میں آ کر ہنی ٹریپ کا شکار ہو گئے تھے، اغوا ہونے والے نوجوانوں کی زنجیروں میں بندھی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی تھی، ان میں 2 آپس میں کزن تھے، اغوا کا مقدمہ کراچی کے تھانہ رضویہ سوسائٹی میں درج کیا گیا ہے۔

    کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    ہنی ٹریپ کے شکار ان نوجوانوں کی بازیابی کے سلسلے میں تاحال پولیس کی جانب سے پیش رفت کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آ سکی ہے، مغوی نوجوان وحید آباد گلبہار کے رہائشی ہیں، اور آن لائن صوفہ کارپٹ کلیننگ کا کام کرتے تھے، جن کی رہائی کے عوض ڈاکو 20 لاکھ روپے فی کس تاوان مانگ رہے ہیں۔

    ہنی ٹریپ ہونے والے تینوں نوجوان 2 جنوری کی شب کراچی سے بس کے ذریعے گھوٹکی روانہ ہوئے تھے۔

  • ہنی ٹریپ: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے

    ہنی ٹریپ: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے

    کراچی: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ہنی ٹریپ ہو کر ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی نے چالیس سے زیادہ شہریوں کو ہنی ٹریب کے ذریعے کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچا لیا، رپورٹ کے مطابق ان شہریوں کو گزشتہ 46 دنوں میں ہنی ٹریپ ہونے سے بچایا گیا۔

    ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کے مطابق مذکورہ شہریوں کا تعلق پاکستان کے مختلف شہروں سے تھا، جنھیں 21 اکتوبر سے 6 دسمبر تک بچایا گیا، تمام شہری ہنی ٹریپ ہو کر اغوا کاروں کے چنگل میں جا رہے تھے، تاہم ڈیجیٹل طریقے سے کچے کے ڈاکوؤں پر نظر رکھے جانے کے سبب ان وارداتوں کو ناکام بنایا گیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو

    ایس ایس پی نے بتایا کہ شہریوں کو شادی، ٹریکٹر، نوکری، سستی گاڑی کا لالچ دیا گیا تھا، کسی کو فون کر کے تو کسی کو ہوٹل میں پہنچ کر اغوا ہونے سے بچایا گیا، ان میں سے متعدد افراد کچے کے بند تک پہنچ چکے تھے جنھیں بروقت روکا گیا، ہنی ٹریپ کے شکار افراد کو بتایا گیا کہ وہ کچے کے ڈاکوؤں کے چنگل میں جا رہے ہیں۔

    بارات میں فائرنگ سے ہلاکت، دولہے اور اس کے والد کے خلاف مقدمہ درج

    سمیع اللہ سومرو کے مطابق ان شہریوں کا تعلق کراچی، حیدر آباد، خیرپور اور سوات بحرین سے ہے، خیرپور میرس، میانوالی، ملتان، مٹھی، نوکوٹ سے جانے والے بھی بچا لیے گئے، ان میں مظفر گڑھ، لاہور، گھوٹکی، ڈیرہ اسماعیل خان، گجر خان، راولپنڈی، رحیم یار خان، چکوال، ٹنڈو جان محمد، بونیر، اور ڈی جی خان، اٹک سے جانے والے شہری بھی شامل تھے۔

  • ہنی ٹریپ کرکے لوگوں کو کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی عورت گرفتار

    ہنی ٹریپ کرکے لوگوں کو کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی عورت گرفتار

    کراچی : پولیس نے شہریوں کو شادی کا جھانسہ دے کر انہیں کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) حکام کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں کی مبینہ سہولت کار خاتون ملزمہ کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سےگرفتار کیا گیا۔

    سہراب گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے شہریوں کو شادی کا جھانسہ دے کر کشمور، کندھ کوٹ، شکار پور اور گھوٹکی بھیجنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا ملزمہ سے ہنی ٹریپ میں استعمال ہونے والی سم بھی برآمد کی گئی۔

    خاتون  کراچی سےگرفتار

    خاتون ملزمہ خود کو کچے کے ڈاکوؤں کے سربراہ بڈیل خان کی بیوی بتاتی ہے، اے وی سی سی حکام کے مطابق ملزمہ کی مدد سے ڈاکو شہریوں کو کچے میں لے جا کر تاوان لیتے تھے۔

    کراچی میں فائرنگ سے چھ افراد زخمی

    علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    اورنگی ٹاؤن فقیرکالونی پریشان چوک پر فائرنگ سے مچھلی فروش دلاور جھگڑے میں زخمی ہوگیا، شدید زخمی دلاور کو ایک سے زائد گولیاں ماری۔

    فائرنگ کا واقعہ اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے زخمی دلاور کا ٹھیلہ لگانے پرجھگڑا ہوا تھا۔

    ناظم آباد تین نمبر کے قریب ڈاکووں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، اورنگی ٹاؤن سیکٹر الیون کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے متین نامی شخص زخمی ہوا۔

    نیوکراچی اپوا کالج کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فیضان شہری زخمی ہوگیا ،اورنگی ٹاون بلوچ گوٹھ میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے برکت علی بھی زخمی ہوا۔

  • خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیش رفت

    خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیش رفت

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج پر تشدد کے الزام میں پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ نے ملزمہ کی والدہ کی درخواست پر 2 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

    جسٹس طارق سلیم شیخ نے ملزمہ آمنہ عروج کی حراستی تشدد کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا ہے ساتھ ہی عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو پولیس افسران کے خلاف شکایت درج کرکے کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ میڈیکل رپورٹ سے ثابت ہوا کہ آمنہ عروج پر جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کیا گیا، دوران حراست ملزم پر تشدد کرنا قانون کے تحت جرم ہے، ملزمان کو سزا دینے کے لیے اس کیس کی تحقیقات ضروری ہیں۔

  • پولیس کانسٹیبل بھی ہنی ٹریپ میں ملوث نکلا

    پولیس کانسٹیبل بھی ہنی ٹریپ میں ملوث نکلا

    کچے کے علاقے کے بعد ساہیوال میں بھی ہنی ٹریپ کا کیس سامنے آگیا جس میں پولیس کانسٹیبل ہی ملوث نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے کے بعد ساہیوال میں بھی ہنی ٹریپ کا کیس سامنے آگیا، ہنی ٹرپ کیس میں پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ساہیوال میں ماہم نامی لڑکی نے ارشد کو کال کر کے رینٹ پر گاڑی منگوائی، کالج چوک کے قریب دوسری گاڑی نے ان کی گاڑی کو روکا، پولیس کانسٹیبل رانا اکمل اور رانا ضیا نے اسلحہ کے زور پر کار مالک کو پچھلی سیٹ پربٹھایا۔

    ایف آئی آر کے مطابق پولیس کانسٹیبل اور ساتھی نے کار کے مالک سے 3 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، پیسے نہ دینے پر پولیس کانسٹیبل نے ارشد کے اے ٹی ایم سے 43 ہزار روپے نکالے۔

    ارشد نے مزید بتایا کہ کانسٹیبل نے دھمکی دی اگر کسی کو بتایا تو منشیات کے کیس میں بند کروادوں گا، ڈی پی او نے اس واقعے کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے لڑکی اور کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔

  • ہنی ٹریپ کرکے بھتہ لینے والے 2 پولیس افسران اوردیگرکیخلاف مقدمہ

    ہنی ٹریپ کرکے بھتہ لینے والے 2 پولیس افسران اوردیگرکیخلاف مقدمہ

    پیرمحل : شہری سے 45لاکھ 20ہزار روپے بھتہ وصول کرنے والے پولیس افسران قانون کی گرفت میں آگئے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیرمحل کے علاقے میں ہنی ٹریپ کے ذریعے بھتہ وصول کرنے والے2ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد خالد کے مطابق ہنی ٹریپ اور بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے والوں کیخلاف عثمان منیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ہنی ٹریپ مقدمے میں ایک لڑکی سمیت 14افراد نامزد کیے گئے ہیں، پولیس افسران، لڑکی سمیت 11نامزد اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے شہری سے 45لاکھ 20ہزار روپے بھتہ لیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ایک لڑکی کے ذریعے ہنی ٹریپ اور بلیک میل کرکے بھتہ وصول کیا گیا، سب انسپکٹر سابق ایس ایچ او ابتسام الحق، ایس ایچ او تھانہ اروتی رضوان ودیگر نامزد ہیں۔

    مدعی عثمان منیر کا کہنا ہے کہ بیوی کا زیور اور گاڑی بیچ کر مختلف اوقات میں 45 لاکھ 20 ہزار روپے بھتہ دے چکا ہوں۔نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس افسران کچھ نام نہاد صحافیوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک گروہ ہنی ٹریپ کرتا تھا، ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ شہری کو خود کال کرکے اسے اپنے چنگل میں پھنسا کر کسی سنسان مقام پر بلاتے تھے۔

    ملزمان متاثرہ شخص کو ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کیا کرتے اور بھاری رقم طلب کیا کرتے تھے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کردیا جائے گا، آئی جی سندھ

    کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کردیا جائے گا، آئی جی سندھ

    کندھ کوٹ : آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے کئی جوانوں کی شہادت ہوئی ہے لیکن اب کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔

    کندھکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کشمور، گھوٹکی اور شکارپور کچے میں اغوا کی وارداتیں 12سال قبل بھی تھیں، سال 2015میں بھی ہنی ٹریپ کے واقعات پیش آئے تھے۔

    آئی جی سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران 529 ہنی ٹریپ والوں کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا ، ان تمام افراد کی فہرستیں میڈیا کے ساتھ شیئر کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ اب تک کیے جانے والے آپریشنز میں ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے کئی جوانوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، پولیس اور رینجرز مل کر کچے میں امن قائم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

    کراچی سے کشمور تک اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کیلئےحکمت عملی بنالی ہے قبائلی تنازعات سے اسلحہ کی خرید و فروخت ہورہی ہے ، کچے کے ڈاکوؤں کو جلد ہی نیست و نابود کردیا جائے گا۔

    آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پریا کماری کیس میں جے آئی ٹی کام کررہی ہے امید ہے جلد بازیابی ہوگی، قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    کشمور کے حالات بہتر ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، پولیس فورس کا حوصلہ بلند اور سہولتیں فراہم کرنے آیا ہوں، یقین ہے پولیس اب کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت بھرپور ساتھ دے رہی ہے جلد ڈاکوؤں سے نجات مل جائیگی، ڈاکو پہلے زبردستی اغوا کرنے تھے اب ہنی ٹریپنگ کررہے ہیں، پولیس نے کچے علاقوں کو سیل کر رکھا ہے۔

  • ڈاکو دلہنیں گھر سے نقدی و زیورات لوٹ کر فرار

    ڈاکو دلہنیں گھر سے نقدی و زیورات لوٹ کر فرار

    بھارت میں دو بھائیوں کی شادی کے بعد گھر میں دلہنوں کے آنے کی خوشی چند روز بھی برقرارنہ رہ سکی۔ دونوں لڑکیاں گھر سے نقدی و زیورات اور قیمتی سامان لے اڑیں۔

    لٹیری دلہنوں نے گھر کے تمام افراد کو گھر میں بند کرکے باہر سے تالا لگا دیا اور گھر میں موجود سونے کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 11 جون کو ہونے والی شادی کا ڈراپ سین 15 جون کو ہوگیا، پولیس نے مدعی بھرت کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارنا شرع کردیئے۔

    شادی

    پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ 15جون کو دونوں لڑکیاں گھر سے پیسے اور زیورات اٹھا کر باہر نکل گئیں، ملزمان خواتین نے گھر کو باہر سے تالا لگا دیا۔ گھر میں بند ماں نے جب بھرت کو فون کرکے ساری حقیقت بتائی تو اس کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔ بھرت نے اپنی بیوی کے موبائل پر کال کی۔ پہلے اس پر کوئی جواب نہ آیا، پھر موبائل بند ہوگیا۔

    مدعی بھرت گپتا نے پولیس کو بتایا کہ جب ہم دونوں بھائیوں کا رشتہ انجلی اور سنجنا سے طے ہوا تو رشتہ طے کرنے والوں نے کہا تھا کہ ان بے سہارا لڑکیوں کا کوئی نہیں ہے۔

    اس کا کہنا تھا کہ رشتہ کروانے والے نے بتایا کہ دونوں بہنوں کی معاشی حالت بھی خراب ہے لہٰذا ایسے میں شادی کے تمام اخراجات بھی دولہا کے گھر والوں کو برداشت کرنا ہوں گے۔ بھرت نے بتایا کہ ہم نے شادی میں تقریباً 5 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔

  • ہنی ٹریپ میں ملوث شنو گینگ کی سرغنہ شنو 3 جعلی اہلکاروں سمیت گرفتار

    ہنی ٹریپ میں ملوث شنو گینگ کی سرغنہ شنو 3 جعلی اہلکاروں سمیت گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں ہنی ٹریپ میں ملوث شنو گینگ کی سرغنہ شنو 3 جعلی سی ٹی ڈی اہل کاروں سمیت گرفتار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطاب سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے شہریوں کے اغوا اور بھتہ خوری میں ملوث خاتون اور جعلی سی ٹی ڈی اہل کاروں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    کاؤنٹر ٹیررازم شعبہ تفتیش نے یہ کارروائی کورنگی ڈھائی میں کی، انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ ہنی ٹریپ میں ملوث شنو گینگ کی سرغنہ شنو کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمہ کے تین جعلی سی ٹی ڈی اہل کار ساتھی بھی گرفتار ہوئے ہیں۔

    گرفتار ملزمان میں سجاد خان، ارباز اور سلمان شامل، ملزمہ شنو فون پر شہریوں سے دوستی کرتی تھی، موقع دیکھ کر منصوبہ بندی کے تحت مخصوص جگہ پر بلا لیتی۔

    انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق جب شہری شنو کے ہنی ٹریپ میں پھنس کر ایک مخصوص جگہ پہنچتے، تو شنو کے تینوں ساتھی بھی وہاں آ جاتے اور ملزمان خود کو سی ٹی ڈی اہل کار ظاہر کر کے شہری کو اغوا کر لیتے۔

    چوہدری صفدر کے مطابق گرفتار ملزمان بلیک میلنگ کے ذریعے شہریوں سے بھاری رقم وصول کرتے تھے، شمائل نامی شہری سے 2 لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی، تاہم جب ملزمان بقایا 7 لاکھ روپے وصول کرنے پہنچے تو گرفتار کر لیے گئے۔

    ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انچارج سی ٹی ڈی نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے بلیک میلر عناصر کی فوری نشان دہی کریں، تاکہ ان کی سرکوبی کی جا سکے۔