Tag: Honey Trap Victim

  • شادی کے جھانسے میں آکر 65 سالہ شخص ہنی ٹریپ کا شکار

    شادی کے جھانسے میں آکر 65 سالہ شخص ہنی ٹریپ کا شکار

    ہری پور : شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا ہری پور کا 65 سالہ شہری کشمور میں کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا۔

    سوشل میڈیا یا کسی اور ذریعے سے شادی یا رشتے کا جھانسہ دینے کیلیے رابطہ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں، اسی سلسلے میں ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہری پور کارہائشی 65سالہ شخص شادی کے دھوکے میں آکر گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے افضل خان کو شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کیا، مغوی ہری پور میں تربیلہ غازی کے علاقے کنڈی عمر خانہ کا رہائشی ہے۔

    کشمور میں کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کرلیا۔

    ڈاکوؤں نے مغوی افضل خان کی زنجیروں میں جکڑی تشدد زدہ ویڈیو بھیج دی، مغوی کے بھتیجے نے فوری کارروائی کیلیے تھانہ غازی میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

    پولیس حکام کاکہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، گھوٹکی سے اغواء

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا تھا جسے پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔