Tag: honoured

  • سانحہ کرائسٹ چرچ :پاکستانی ہیرو نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا

    سانحہ کرائسٹ چرچ :پاکستانی ہیرو نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا

    کرائسٹ چرچ : سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید پاکستانی شہری نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا، نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ کو آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے کے دور ان حملہ آور کو روک کرجام شہادت نوش کر نے والے نعیم راشد کو بہادر ی پر تمغہ شجاعت سے نواز نے کی تقریب چار مئی بروزہفتہ کو کرائسٹ چرچ کے ٹمپلٹن ہال میں منعقد ہوگی۔

    پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری اور پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں بیوہ شہید نعیم راشد ، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک ، ڈپٹی ہائی کمشنر سید معظم علی شاہ ، پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری کے صدر کلیم سمیت پاکستانی کمیونٹی اور نیوزی لینڈ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

    تقریب میں کرائسٹ چرچ کے میئر اور کرائسٹ چرچ کے مقامی ایم پی اے بھی خصوصی طورپرشریک ہوں گے ۔

    پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری کے صدر کلیم اللہ نے بتایاکہ تقریب کے مہمانوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں ،تقریب میں ملکی و غیر ملکی میڈیا کو بھی مدعو کیاگیا ہے، اس موقع پر بیوہ نعیم راشد کوتمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

    یاد رہے پندرہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کی نماز کے موقع پر النور مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے دور ان پاکستان کے نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ کو آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں :   وزیراعظم عمران خان کا نعیم راشد کے لیے قومی ایوارڈ کا اعلان

    حملہ آور کو روکنے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر دنیا بھر میں اس جرات و بہادری پر نعیم راشد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی شہری نعیم راشد کو ان کی بہادری پر حکومت پاکستان نے 23مارچ کو ایوان صدر میں تمغہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں نو پاکستانیوں سمیت پچاس افراد شہید ہوگئے تھے، نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ راشد بھی شہداء میں شامل تھے ۔

  • پاکستانی نژاد معروف شیف فاطمہ علی کیلئے جیمز بیئرڈ ایوارڈ کا اعلان

    پاکستانی نژاد معروف شیف فاطمہ علی کیلئے جیمز بیئرڈ ایوارڈ کا اعلان

    نیویارک : پاکستانی نژاد معروف شیف فاطمہ علی کیلئے جیمز بیئرڈ میڈیا ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا ، فاطمہ علی رواں برس 25 جنوری کو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے مشہور شو ٹاپ شیف میں شرکت سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی نژاد فاطمہ علی کے لیے بعد از مرگ جیمز بیئرڈ  ایوارڈ فاونڈیشن 2019 کے ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا۔

    فاطمہ علی کو یہ اعزاز جیمز بیئرڈ فاؤنڈیشن جرنلزم ایوارڈ 2019 کے تحت ذاتی مضمون کی کیٹگری میں "میں ایک شیف ہوں جسے کینسر ہے، میں اپنے پاس بچے ہوئے وقت میں یہ کررہی ہوں” کے عنوان سے لکھے گئے مضمون پر دیا گیا ہے۔

    شیف فاطمہ علی نے اسی مضمون کا مختصرحصہ بون اپیٹائٹ میگزین کے لیے لکھا تھا، انہوں نے اکتوبر 2018 میں میگزین کے لیے لکھے گئے مضمون میں بتایا تھا کہ ان کے پاس زندگی کا ایک برس باقی رہ گیا ہے اور وہ اس عرصے کو اپنی زندگی میں موجود افراد کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں اور دنیا بھر میں بہترین کھانے کا نمونہ پیش کرنا چاہتی ہیں۔

    29 سالہ فاطمہ علی نے دسمبر 2017 سے مارچ 2018 تک نشر ہونے والے امریکا کے مشہور شو ٹاپ شیف میں شرکت کی تھی اور انہیں بہت زیادہ شہرت بھی حاصل ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی شیف فاطمہ علی زندگی کی بازی ہار گئیں

    گزشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس مرض کے باعث ان کے پاس زندگی کا صرف ایک سال باقی بچا ہے، حالانکہ اس سے پہلے ڈاکٹروں نے اگست میں انہیں کینسر فری قرار دیا تھا مگر وہ پھر لوٹ آیا۔

    ڈاکٹروں نے فاطمہ علی میں ہڈی کے کینسر کی ایک قسم ایوئنگ سارکوما کی تشخیص کی تھی، فاطمہ علی رواں برس 25 جنوری کو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں تھیں۔

    پاکستان سے تعلق رکھنے والی فاطمہ علی نے گزشتہ برس امریکی ٹی وی سیریز کے پروگرام ’ٹاپ شیف‘ میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائیں تھیں جس کے بعد انہوں نے شہرت کی بلندیوں کو چھوا تھا، فاطمہ نے کئی غیر ملکی مقابلوں میں حصہ لے کر ٹائٹل اپنے نام کیے۔

  • بکنگھم پیلس میں 3 نوجوان پاکستانیوں کے لیے ینگ لیڈرز کا ایوارڈ

    بکنگھم پیلس میں 3 نوجوان پاکستانیوں کے لیے ینگ لیڈرز کا ایوارڈ

    لندن : سماجی خدمات سر انجام دینے پر ملکہ برطانیہ نے تین پاکستانی نوجوانوں کو ’کوئنز ینگ لیڈر‘ ایوارڈ سے نوازا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی محل بکنگھم پیلس میں ’کوئنز ینگ لیڈرز‘ ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی نوجوانوں ہارون یاسین، حسن مجتبیٰ اور ماہ نور سید کو ’کوئنز ینگ لیڈرز‘ ایوارڈ دیا گیا۔

    کوئینز ینگ ایوارڈز جیتنے والوں کو لندن میں تربیت اور رہنمائی دی جائے گی۔

    حسن مجتبیٰ زیدی

    حسن مجتبیٰ زیدی ڈسکوورنگ نیو آرٹسٹس کے بانی ہیں، جو آرٹ کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں، وہ بچوں کو مفت آرٹ ٹریننگ دیتے ہیں اور اس کے علاوہ ان  طلباء کو بھی تعلیم فراہم کرتے ہیں ، جو تعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے۔

    ہارون یاسین

    ہارون یاسین اورینڈا کے بانی ہیں، جو قومی نصاب کو کارٹون سیریز میں بدل کر بچوں کیلئے پیش کرکے تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں، جس کا نام تعلیم آباد ہے۔

    ماہ نور سید

    ماہ نور سپریڈ دی ورڈ کی بانی ہیں،جو خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرتی ہیں اور بچوں کے ساتھ زیادتی، جسمانی اور ذہنی دباؤ کو ختم کرنے کے لیے مختلف کام انجام دے رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ ہر سال دنیا بھر سے منتخب نوجوانوں کو ایوارڈ سے نوازتی ہیں، کوئینز ینگ لیڈر کے تحت 18 سے 29 سال کے ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے خود کو منواتے ہیں۔

    یہ ایوارڈ دولت مشترکا ممالک کے ایسے نوجوانوں کو دیاجاتا ہے جو اپنی کمیونٹی میں اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھاتے ہیں۔

    اس پروگرام کا آغاز 2014 میں کوئین الزبتھ ڈائمنڈ جوبلی ٹرسٹ نے کامن ریلیف اور رائل کامن ویلتھ سوسائٹی کی شراکت سے کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔