Tag: hospital

  • لاہور: جناح اسپتال سے نومولود بچی اغوا، ایک شخص گرفتار

    لاہور: جناح اسپتال سے نومولود بچی اغوا، ایک شخص گرفتار

    لاہور: پنجاب میں جناح اسپتال سے نومولود بچی اغوا ہوگئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں قائم جناح اسپتال سے نقاب پوش خاتون نومولود بچی کو اغوا کرکے فرار ہوگئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی دادی لیبر روم کے باہر بچی کو لے کر بیٹھی ہوئی تھی، لیبر روم کے باہر نقاب پوش خاتون نے بچی کی دادی سے دوستی کی۔

    پولیس کے مطابق بچی کی دادی واش روم جانے کے لیے بچی کو خاتون کے حوالے کرگئی، نقاب پوش خاتون کچھ دیر بعد بچی کو رکشہ میں لے کر فرار ہوگئی، گارڈن ٹاؤن پولیس نے اغوا کار خاتون کی تلاش شروع کردی۔

    اس واقعے کے بعد جناح اسپتال کے قریب نصب سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا، جو رکشہ ڈرائیور ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور نے نقاب پوش خاتون کو لاہور کے علاقے دروغہ والا چھوڑا، رکشہ ڈرائیور دروغہ والا سے واپس جناح اسپتال آیا۔

    رکشہ ڈرائیور جناح اسپتال میں بطور سیکیورٹی گارڈ بھی کام کرتا ہے۔

  • تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائپے: تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی علاقے میں تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث اٹھارہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے، جو ملکی دارالحکومت تائپے سے مشرقی ضلع تائے تونگ جارہی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرین مقررہ مقام پر پہنچے سے پہلے ہی حادثے کی زد میں آگئی اور پانچ بوگیاں پٹری سے اترگئیں، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ٹرین صرف چھ سال پرانی اور کافی بہتر حالت میں تھی، حادثے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی، تحقیقات جاری ہے جلد نتائج سامنے آجائیں گے۔

    بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً 120 اہلکاروں نے اس آپریش میں حصہ لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے ٹرین سے اچانک دھواں اٹھ رہا تھا، واقعے کے بعد زخمی افراد اپنی مدد آپ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر آنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹرین میں امریکی شہری بھی سفر کررہے تھے، تاہم وہ جانی نقصان سے محفوظ رہے، یہ ٹرین تائیوان کی تیز ترین ٹرین سروس تصور کی جاتی ہے جس سے تقریباً لاکھوں کی تعداد میں مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔

  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زیادتی کے واقعات، دو بچیاں متاثر

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زیادتی کے واقعات، دو بچیاں متاثر

    لاہور/پشاور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دو معصوم بچیاں زیادتی کا نشانہ بن گئیں، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو اور پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں دو بچیوں سے زیادتی کے واقعات سامنے آئیں، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میں 9 سالہ بچی زیادتی کا شکار ہوگئی، بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، بچی کو گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں میڈیکل رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی، جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سرکاری اسکول کی 6 سال کی بچی سے زیادتی کی گئی۔

    لاہور: سوتیلی ماں کے مبینہ تشدد سے تین سالہ بچی جاں بحق، مردان میں پانچ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے ساتھ زیادتی اسکول کے چوکیدار نے کی، ڈاکٹرز نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کی ہے۔

    پولیس کے مطابق ہنگو کے مقامی اسکول کے چوکیدار ملزم اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال اگست میں مردان میں ایک بچی سے زیادتی کی گئی تھی، مردہ حالت میں ملنے والی پانچ سال کی بچی حسینہ گُل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بچی کی موت گلہ دبانے کی وجہ سے ہوئی اور بچی سے زیادتی بھی کی گئی۔

  • لاہور: اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، 57 سالہ مریضہ جاں بحق

    لاہور: اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، 57 سالہ مریضہ جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں قائم جنرل اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث 57 سالہ مریضہ جان کی بازی ہار گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر قائم جنرل اسپتال میں پیش آیا جہاں گھٹنوں میں درد کی شکایت پر لائی گئی مریضہ ڈاکٹر کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوگئی۔

    ورثا نے موقف اختیار کیا ہے کہ خاتون کو گھٹنے میں درد کی شکایت پر اسپتال لائے تھے، ڈاکٹر کے غلط انجکشن لگانے کے باعث خاتون کا انتقال ہوا۔

    ڈاکٹروں کی غفلت نے مریضہ کی جان لے لی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    دوسری جانب جاں بحق خاتون کے ورثا نے فیروز پور روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج بھی کیا، واقعے میں ملوث ڈاکٹر اسپتال سے فرار ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب کے ضلع پاکپتن کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت نے دل کی تکلیف کی شکار مریضہ کی جان لے لی تھی۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریضہ مردہ حالت میں اسپتال لائی گئی تھی، تاہم اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے اسپتال انتظامیہ کی غفلت کا پول کھول دیا تھا، مریضہ اسپتال میں زندہ لائی گئی تھی۔

  • چیف جسٹس کو اسپتال پر چھاپے سے پہلے اپنا اسٹیٹس دیکھنا چاہیے تھا، خورشید شاہ

    چیف جسٹس کو اسپتال پر چھاپے سے پہلے اپنا اسٹیٹس دیکھنا چاہیے تھا، خورشید شاہ

    کراچی : پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہوئے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم نہیں کرسکتے، مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو اسپتال میں چھاپے مارنے سے پہلے اپنے اسٹیٹس کو دیکھنا چاہیئے تھا۔

    سابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ عمران خان چاہتے ہوئے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم نہیں کرسکتے، بلدیاتی نظام کی تبدیلی پر اربوں خرچ ہوئے جو بچت اسکیم کی نفی ہے۔

    خورشید نے کا کہا ہے کہ مسائل کےحل کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کریں گے، صدارتی الیکشن میں اعتزاز احسن کے لئے آخری کوشش کریں گے۔

    پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور بند کرنے سے غریب کے ساتھ زیادتی ہوگی، ضمنی الیکشن میں حلقوں پر مشاورت سے امیدوار لائیں گے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سینیئر رہنما خورشید شاہ نے صدارتی انتخابات سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صدر مملکت کے لیے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کا نام پاکستان تحریک انصاف دیا تھا۔

    خورشید شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ فواد چوہدری اسمبلی میں ان سے راجہ پرویز اشرف کی موجودگی میں ملے اور کہا کہ مشترکہ امیدوار لاتے ہیں، اس کے بعد اعتزاز احسن کا نام خود فواد چوہدری نے دیا اور اس پر راجہ پرویز کو گواہ بنایا گیا، لیکن پھر انھوں نے اس سے یوٹرن لے لیا۔

  • نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    اکبر پورہ: خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں کار پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی اور تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور بچی شامل ہے، جبکہ فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں کو پشاور کے ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

    نوشہرہ میں فائرنگ‘ماں اپنے2بچوں سمیت جاں بحق

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    خیال رہے کہ نوشہرہ کےعلاقے ڈاگ بیسود میں کرکٹ کھیلنے کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے تھے بعد ازاں ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس سے ماں اپنے 2 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں جائیداد کے تنازع کے علاوہ معمولی جھگڑوں پر بھی فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں،جن میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔

  • افریقی ملک کانگو میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، 66 افراد ہلاک

    افریقی ملک کانگو میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، 66 افراد ہلاک

    برازاویل: افریقی ملک کانگو میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 66 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کانگو کے دو مختلف صوبوں سے تقریبا 105 کیسز ایبولا وائرس کے سامنے آئے ہیں، جبکہ مذکورہ وائرس تیزی سے ملک کے مختلف حصوں میں پھیل رہا ہے جس کے باعث ہلاکتیں ہورہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی کانگو میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی ہے اور متاثرہ علاقوں میں یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    ماہرین نے ایبولا وائرس کی تشخیص 15 منٹ میں ممکن بنا دی

    وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اگست سے لے کر اب تک دو متاثرہ صوبوں میں ایبولا کے ایک سو پانچ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے تحقیق کے بعد کئی مثبت قرار پائے تھے۔

    خیال رہے کہ کانگو میں پہلی بار اس وائرس کا پتہ 1970 کی دہائی میں چلا تھا اور تب اس انتہائی ہلاکت خیز وائرس کو مشرقی کانگو میں دریائے ایبولا کی نسبت سے اس کا نام دے دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایبولا وائرس انسانوں اور جانوروں میں پایا جانے والا ایک ایسا مرض ہے جس کے شکار افراد میں دو سے تین ہفتے تک بخار، گلے میں درد، پٹھوں میں درد اور سردرد جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں جو بعد ازاں موت کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

  • سیالکوٹ: تیز رفتار کار درخت سے جاٹکرائی، 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    سیالکوٹ: تیز رفتار کار درخت سے جاٹکرائی، 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    ڈسکہ: پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ایک تیز رفتار کار درخت سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ سیالکوٹ کے ضلع ڈسکہ میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی جس کے باعث 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو سول اسپتال ڈسکہ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    خوشاب میں ٹریفک حادثہ ‘ 4 افراد جاں بحق

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ حادثہ تیز رفتار ی کے باعث پیش آیا، کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی سیالکوٹ میں کار درخت سے ٹکرانے کے باعث لوگوں کی اموات ہوچکی ہیں۔

    خیال رہے کہ جون 2016 میں سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں تیزرفتار کار درخت سے ٹکرانے کے باعث 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے، سیالکوٹ سے آنیوالی کار مالی پور اسٹاپ پر درخت سے جاٹکرائی تھی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں پنجاب کے شہر خوشاب میں کار اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔

  • کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    کراچی: شہر قائد میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ شخص کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب عید الاضحیٰ کی مناسبت سے کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگی ہے، تو دوسری جانب کانگو وائرس کا بھی خطرہ برھ چکا ہے۔

    جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کانگو وائرس سے متاثرہ مریض داخل کیا گیا ہے، 23 سالہ مریض کا تعلق نیو کراچی سے ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق کانگو سے متاثرہ مریض کی حالت تشویش ناک ہے، جناح اسپتال میں اب تک کانگو سے متاثرہ 8 مریض داخل کیے گئے، جبکہ اسپتال لائے گئے کانگو سے متاثرہ 2 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے قربانی کے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، تاکہ اس جان لیوا وائرس سے ہرممکن بچا جاسکے۔

    قومی ادارہ صحت کی کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں عید قرباں سے پہلے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے تحت قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے پھیلتا ہے۔ کانگو مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت کے مطابق نیرو وائرس صرف انسانوں میں کانگو بخار پھیلاتا ہے۔ نیرو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلات میں پایا جاتا ہے۔

  • برطانیہ میں اعصاب شکن کیمیکل سے خاتون کی موت

    برطانیہ میں اعصاب شکن کیمیکل سے خاتون کی موت

    لندن : برطانیہ کے علاقے ایمزبری میں زہریلے کیمیکل ’نووی چوک‘ کے حملے میں ایک شادی شدہ جوڑا متاثر ہوا تھا، اعصاب شکن کیمیکل سے متاثرہ خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے قصبے ایمزبری میں زہریلے کیمیکل ’نووی چوک‘ سے متاثر ہونے والی خاتون گذشتہ روز اسپتال میں دم توڑ گئی ہے، متاثرہ خاتون کو چند روز قبل تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایمزبری میں زیریلے کیمیکل کے حملے میں ہلاک ہونے والی 44 سالہ خاتون ڈان اسٹورگس کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ حملے میں خاتون کا شوہر بھی متاثر ہوا تھا۔ جس کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم تھرسا مے نے زیریلے کیمیکل ’نووی چوک‘ کے حملے میں ہلاک ہونے والی خاتون اسٹورگس کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار واقعے میں ملوث ملزمان کا فوری تعین کرکے کارروائی عمل میں لائیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں روس کے سابق جاسوس سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یولیا اسکریپال کو سالسبری میں اعصاب شکن کیمیکل کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی تحقیقات کے لیے برطانوی حکام کو فوج طلب کرنا پڑی تھی، جس کے باعث اہل علاقہ شدید خوف میں مبتلا ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ ڈبل ایجنٹ سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی پر حملے بعد برطانیہ نے روس پر حملے کا الزام عائد کیا تھا جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔ جس کے بعد امریکا سمیت برطانیہ کے دیگر حامی ممالک نے روس کے سفیروں کو ملک بدر کردیا تھا۔ جب کہ روس نے بھی جواباً ان ممالک کے سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ ساجد جاوید نے ایمزبری میں شادی شدہ جوڑے پر زہریلے کیمیکل کے حملے کے بعد روس پر الزام عائد کیا تھا کہ ’ماسکو ایک مرتبہ پھر برطانیہ میں زہریلے کیمیکل استعمال کررہا ہے‘۔

    برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے روس سے مطالبہ کیا تھا کہ ماسکو اس حملے کے حوالے سے تفصیلی موقف پیش کرے اور واضح طور پر بتائے کہ اس سے پہلے کیا ہوا تھا۔

    دوسری جانب روس کے وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروا کا کہنا تھا کہ برطانوی پولیس کو گندی سیاست کے کھیل میں شریک نہیں ہونا چاہئے اور اپنی تحقیقات میں روس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معاونت لینی چاہیئے۔

    نووی چوک اعصاب کو متاثر کرنے والی گیس ہے جس کو عسکری مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس گیس کو سوویت یونین نے سرد جنگ کے دوران تیار کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں