Tag: Hostsge Rescue

  • کراچی، رینجرز کی مچھر کالونی میں کارروائی، 2 اغوا کار گرفتار، مغوی بازیاب

    کراچی، رینجرز کی مچھر کالونی میں کارروائی، 2 اغوا کار گرفتار، مغوی بازیاب

    کراچی: سندھ رینجرز نے شہر قائد کے علاقے مچھر کالونی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 اغوا کاروں کو گرفتار کرکے مغوی کو بازیاب کروالیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق 19 جون کو سلیم خان نامی شخص کی ہیلپ لائن پر کال موصول ہوئی کہ ان کا بیٹا صبح 11 بجے سے لاپتہ ہے، جس کے اغوا کا شبہ بخت بیدار عرف چیرا اور اس کے بھائی عبدالحمید نامی شخص پر ہے۔

    رینجرز کی آپریشنل اور انٹیلی جنس ٹیم کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان بخت بیدار عرف چیرا اور عبدالحمید کو محمدی کالونی سے گرفتار کرکے مغوی لڑکے سمیع اللہ کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے سمیع اللہ کو رسیوں سے باندھا ہوا تھا اور اس کے چہرے پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا ہے۔

    ملزم بخت بیدار پر جیکسن اور ڈاکس تھانے میں پانچ ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ ملزم کے بھائی عبدالحمید کو اغوا کے جرم میں سہولت کاری پر گرفتار کیا گیا ہے، دونوں ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و منشیات برآمد ہوئی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رینجرزچھاپے، ڈیفنس سے مغوی بازیاب، نوجوان کی مدفون لاش برآمد

    رینجرزچھاپے، ڈیفنس سے مغوی بازیاب، نوجوان کی مدفون لاش برآمد

    کراچی : رینجرز نے ڈیفنس میں چھاپہ مار کر3  ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے غیر ملکی مغوی بازیاب کرالیا، دس ماہ قبل نوجوان اظفر کے اغواء اور قتل کا معمہ بھی حل ہوگیا، ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ میں خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کے اڈے پر چھاپہ مار کر دو مغوی بازیاب کرالیے، بازیاب باشندوں کا تعلق تنزانیہ اور نائیجیریا سے ہے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹ برآمد بھی کرلی گئی ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان میں نعیم ربانی، وسیم بلوچ اور فہد شبیر شامل ہیں، گرفتارہونے والے ایک ملزم وسیم بلوچ کا تعلق پنجگور سے ہے، ملزم کا منشیات کے بین الاقوامی گروہ سے تعلق ہے۔

    صابر بلوچ نامی شخص نے12 کلو کرسٹل تنزانیہ کے رہائشی کو فروخت کی، جس نے رقم کے عوض اپنے رشتے دار کو ضامن کے طور پر بھجوایا، رقم ادا نہ ہونے کی وجہ سے مغوی موسس سات ماہ سے یرغمال تھا، بازیاب شخص منشیات کی ڈیل کے لئے کراچی آیا تھا۔

    دوسری جانب رینجرز نے دس ماہ قبل نوجوان کے اغواء اورقتل کا معمہ حل کرکے دوملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزم سیدعلی اور سب انسپکٹر آصف نے نوجوان اظفر کو دس ماہ پہلے قتل کیا تھا۔

    ملزمان نے اظفرامتیاز کو راشد منہاس روڈ پرقائم اپنے دفتر میں بلا کر قتل کیا، اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مقتول کی لاش کو کرائے کے مکان کے کچن میں گڑھا کھود کردفن کردیا اور شواہد مٹانے کیلئے لاش کو بے گوروکفن دفنا کر فرش پرٹائلز بھی لگوادیے تھے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق وقوعہ کے بعد ملزم سید علی کو شک کی بنا پر گرفتار بھی کیا گیا تاہم ناکافی شواہد کی بنا پر چھوڑدیا گیا تھا۔

     مقتول کے ورثاء نےایک بار پھرتیس جنوری کو رینجرز کو تحقیقات کی درخواست کی، جس پر رینجرز نے تکنیکی مانیٹرنگ کی مدد سے ملزم کو دوبارہ گرفتارکیا، دوران تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور مکان سے مدفون لاش بھی برآمد کروائی۔