Tag: Hotels

  • ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا

    ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا

    کراچی: شہر قائد میں ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چائے خانوں پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گینگ کے سرگرم رکن گل زمان کو نارتھ ناظم آباد پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی معروف عثمان کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے ایک مرکزی رکن کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزم گل زمان عرف بہادر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف ہوٹلوں پر بیٹھے لوگوں سے موبائل فون اور کیش چھینتا تھا، گل زمان ایک درجن سے زائد وارداتیں کر چکا ہے، اس کا ایک ساتھی آصف عرف قبا رضویہ کے علاقے میں واردات کر تے ہو ئے پکڑا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق گل زمان بورڈ آفس، فائیو اسٹار، ناظم آباد، چاؤلہ مارکیٹ، ناگن چورنگی اور حیدری پر ہوٹلوں میں وارداتیں کرتا تھا، گل زمان نے 15 اپریل کو اپنے ساتھیوں آصف عرف قبا اور ذیشان افغانی کے ساتھ مل کر بلاک اے نارتھ ناظم آباد بائیکو پیٹرول پمپ کے پاس ’25 گھنٹے‘ نامی ہوٹل پر 6 موبائل فون چھینے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

    گل زمان نے بتایا کہ وہ ہفتے میں 40/45 موبائل فون چھینتے ہیں جو کہ جمع کر کے حسین علی نامی شخص کے ذریعے افغانستان بھیجے جاتے ہیں، ملزم سے دوران گرفتاری چھینے گئے موبائل فون، ایک پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    گل زمان کے خلاف تھانہ نارتھ ناظم آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس سے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری اور برآمدگی کے لیے مزید تفتیش اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہوٹلوں کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اضافہ کرونا وبا کے دوران کاروبار کم ہوجانے کے بعد ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ہوٹلوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آغاز سے ہوٹلوں کا کاروبار 30 فیصد تک بڑھ گیا ہے، یہ 2019 کے دوران ہونے والے کاروبار کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

    عربیین ٹریول مارکیٹ ایگزیبیشن میں شرکت کے موقع پر ہوٹلوں کے ذمہ داران نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہوٹلوں کی بکنگ میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے، 10 سے 30 فیصد تک ہوٹلوں کی آمدنی بڑھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں شرح نمو مزید بڑھے گی۔

    اٹلانٹس دبئی میں سیلز مینیجر ایمن بکوش کا کہنا تھا کہ سال رواں کے شروع سے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ توجہ طلب حد تک بڑھی ہے، سنہ 2019 کے مقابلے میں سیاحوں نے 25 فیصد زیادہ خرچ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریستورانوں، ہوٹلوں کی سہولیات اور ہوٹلوں کے مختلف اداروں پر سیاحوں کے خرچ کا تناسب بڑھا ہے۔

    ایمن بکوش نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں 187 سے زائد ممالک کے لوگوں نے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ کروائی، ان میں روس، برطانیہ اور یورپی ممالک کے سیاح سرفہرست ہیں۔

  • زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں 7 نئے ہوٹل ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زائرین کی تعداد اور انہیں فراہم کردہ سہولیات میں اضافہ کیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ام القریٰ تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی نے مکہ مکرمہ میں مسار فرنٹ میگا پروجیکٹ کے تحت 7 ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے 7 ہوٹل ٹاور قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ مکہ مکرمہ میں ام القریٰ کمپنی کے ہوٹل منصوبوں کا پہلا مرحلہ ہے۔

    یہ کمپنی مسجد الحرام کے صحنوں سے 500 میٹر کے فاصلے پر اس علاقے میں نئے ہوٹل تعمیر کرے گی جسے حرم مکی کا مرکزی علاقہ کہا جاتا ہے۔

    منصوبے میں 43 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے پلاٹ پر ایک میگا مال بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ بس شٹل سروس سٹیشن بھی بنے گا۔

    کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین یاسر ابو عتیق کا کہنا ہے کہ مسار میگا پروجیکٹ مستقبل میں مقدس شہر آنے والوں کو متعدد آپشن فراہم کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مسار فرنٹ مکمل ہونے پر قابل دید عصری مرکز بن جائے گا، اس سے مکہ مکرمہ کے شہریوں اور زائرین دونوں کو عصری سہولتیں میسر آئیں گی۔

    چیئرمین کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل اور مکہ مکرمہ میں زائرین کی تعداد 30 ملین تک پہنچانے کے ہدف میں معاون بنے گا۔

  • پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز کے خلاف محکمہ سیاحت کی کارروائیاں جاری ہیں، سیکریٹری محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تقریباً 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ نے معاونت کی۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی زونز میں 70 ہوٹلز کو جرمانے کیے گئے، رجسٹریشن کے بغیر تمام ہوٹلز کو 1، 1 لاکھ کا جرمانہ کیا گیا جبکہ 200 سے زائد ہوٹلز کو وارننگز جاری کی گئیں۔