Tag: house

  • بیٹوں نے جائیداد کے کاغذات چھین کر ماں کو گھر سے نکال دیا

    بیٹوں نے جائیداد کے کاغذات چھین کر ماں کو گھر سے نکال دیا

    لاہور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بیٹوں نے جائیداد کے کاغذات چھین کر ماں کو گھر سے نکال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں بیٹوں نے جائیداد کے کاغذات چھین کر ماں کو گھر سے نکال دیا جس کے بعد ایک شہری نے نارنگ منڈی سے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔

    سیف سینٹر کے ترجمان نے بتایا کہ شہری کی کال پر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے پولیس کو موقع پر روانہ کیا، پولیس نے موقعے پر پہچ کر بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بیٹوں کو گرفتار کر کے خاتون کو گھر کے کاغذات واپس دلوائیں، ساتھ ہی بزرگ خاتون کی شکایت پر بیٹوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • سوات میں مراد سعید کے گھر پر چھاپہ، گھر کی تلاشی

    سوات میں مراد سعید کے گھر پر چھاپہ، گھر کی تلاشی

    سوات: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے، چھاپے کے دوران پولیس نے ان کے گھر کی تلاشی لی۔

    تفصیلات کے مطابق کبل پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے سوات میں واقع آبائی گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران مراد سعید گھر پر موجود نہیں تھے، سابق وفاقی وزیر کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے پارٹی کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا۔

    چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گھروں میں موجود خواتین پر تشدد بھی کیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • لکی مروت: کراچی پولیس آفس حملے میں شامل دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر لکی مروت میں، کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپہ تھانہ صدر لکی مروت کی حدود گاؤں وانڈہ امیر میں مارا گیا، چھاپے کے دوران شدت پسند کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    ڈی پی او کے مطابق کفایت اللہ گھر سے 3 ماہ قبل فرار ہو گیا تھا، گھر والوں کو علم نہیں تھا کہ کفایت اللہ کہاں چلا گیا، کراچی پولیس دفتر پر حملے کے بعد خاندان والوں کو پتہ چلا کہ کفایت اللہ پاکستان میں ہی تھا۔

    خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

  • گیس لوڈ شیڈنگ شہریوں کے لیے موت کا پیغام بن گئی، گیس لیکج سے ایک اور گھر میں دھماکا

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوگیا جس سے گھر کے 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں گھر میں گیس لیکج سے زوردار دھماکا ہوا جس سے 2 افراد جھلس گئے۔

    ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ افراد کوابتدائی طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کے افراد رات کو گیس کا چولہا جلا کر سوئے تھے تاہم رات میں کسی وقت گیس سپلائی منقطع ہوگئی۔

    ریسکیو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جب گیس کی فراہمی دوبارہ شروع ہوئی تو گیس لیکج شروع ہو گئی، بجلی کا بٹن آن کرنے کے ساتھ ہی گھر میں دھماکا ہوگیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک پل کے نیچے واقع گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا۔

    دھماکے کے وقت گرین لائن بس بالائی گزر گاہ سے گزر رہی تھی جو بال بال بچ گئی، دھماکے میں کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔

  • شاہ رخ کے گھر ’منت‘ کا کنٹرول کس کے ہاتھ میں ہے؟

    شاہ رخ کے گھر ’منت‘ کا کنٹرول کس کے ہاتھ میں ہے؟

    بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے محل نما گھر میں، جس کا نام منت ہے، نوکروں کی ایک فوج ہے، تاہم شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری اس قدر مصروف رہتے ہیں کہ ان کے گھر کا انتظام کسی اور شخص کے پاس ہے جو خود وہاں رہتا بھی نہیں ہے۔

    شاہ رخ خان کا محل یعنی منت بھی انہی کی طرح بے حد مقبول ہے، منت اس وقت صرف ایک بنگلہ نہیں ہے بلکہ ایک ٹورسٹ اسپاٹ بن چکا ہے۔ اس کے آگے تصویر کھنچوانے کے لیے ہزاروں افراد ہر وقت جمع رہتے ہیں۔

    حال ہی میں شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے بتایا ہے کہ منت کا باس کون ہے۔

    گوری نے بتایا کہ ان کا گھر ان کی والدہ سویتا چھیبا کے اشارے پر چلتا ہے جو دہلی میں رہتی ہیں، ان کی ماں دہلی سے منت کو ریموٹ کنٹرول کرتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ گھر کے اسٹاف کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں، واٹس ایپ کے ذریعے تصویریں شیئر ہوتی رہتی ہیں۔ گھر کا یہ حصہ گندا ہے، اس حصے میں صفائی کی ضرورت ہے، یہ سب چلتا رہتا ہے۔

    گوری کے مطابق ان کی والدہ ان سب میں خود کو مصروف رکھتی ہیں اور ان کے گھر کے اسٹاف کو کنٹرول کرتی رہتی ہیں۔

  • یہ پہیلی آپ کا دماغ چکرا کر رکھ دے گی

    یہ پہیلی آپ کا دماغ چکرا کر رکھ دے گی

    تصویری یا لفظی پہیلیاں بوجھنا دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    پہیلیاں بوجھنا دراصل ہمارے دماغ کو متحرک اور فعال کرتا ہے جس سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویری پہیلی پیش کی جارہی ہے جسے بوجھنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    اوپر تصویر میں آپ کو بہت سے گھر دکھائی دے رہے ہیں جو سب ہی ایک جیسے ہیں۔

    لیکن ایک گھر ذرا سا مختلف ہے، آپ نے اسی گھر کو ڈھونڈنا ہے، اور اس گھر کو ڈھونڈنے کے لیے آپ کے پاس صرف 10 سیکنڈز کا وقت ہے۔

    کیا آپ کامیاب ہوگئے؟

    آپ کی آسانی کے لیے ایک اشارہ دیا جارہا ہے کہ اس گھر کو دوسری قطار میں تلاش کریں۔

    صحیح جواب ہے۔

  • بھارتی مسلمان خاندان کے گھر کی مسماری کے بعد تعمیر نو کے لیے چندہ مہم

    بھارتی مسلمان خاندان کے گھر کی مسماری کے بعد تعمیر نو کے لیے چندہ مہم

    بھارت میں مسلمان ایکٹوسٹ آفرین فاطمہ کے اتر پردیش میں چند روز قبل سرکاری مشینری کے ذریعے گرائے گئے گھر کی از سر نو تعمیر کے لیے چندہ مہم شروع کی گئی ہے تاہم ان کی والدہ نے ایک خط کے ذریعے ایسی کسی مہم سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

    جمعرات کی شام آفرین فاطمہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر والدہ پروین فاطمہ کا ایک خط شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس پیغام کو آگے بڑھایا جائے۔

    خط میں جہاں الہ آباد (پریاگ راج) میں ہدف بنائے جانے والے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے وہیں اپنے شوہر جاوید محمد کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔

    اتر پردیش پولیس نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور نوین جندال کے گستاخانہ بیان پر ہونے والے احتجاج کی ذمہ داری جاوید محمد پر عائد کرتے ہوئے انہیں گزشتہ سنیچر سے گرفتار کر رکھا ہے۔

    پروین فاطمہ کا کہنا ہے کہ میرے شوہر جاوید محمد معصوم ہیں اور ان کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات ختم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ کچھ لوگوں نے ہمارے گھر کی تعمیر کے لیے چندہ مہم شروع کر دی ہے۔ میں اپنے اہل خانہ کی جانب سے یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہم نے ایسی کسی مہم کے لیے رضا مندی نہیں دی۔ ایسی کوئی بھی مہم ہمارے خاندان کی خواہش کے خلاف ہو گی۔

    یاد رہے کہ اتر پردیش میں مسلمانوں کی املاک کو اس وقت مسمار کرنا شروع کیا گیا جب ہندو سادھو سے سیاست دان بننے والے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکم جاری کیا تھا کہ ان تمام غیر قانونی املاک کو مسمار کیا جائے جو جمعے کو ہونے والے مظاہروں میں شامل افراد کی ہیں۔

    یوگی آدتیہ ناتھ کے میڈیا مشیر نے اپنے ایک ٹویٹ میں بلڈوزر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ فسادی یاد رکھیں کہ ہر جمعے کے بعد سنیچر کا دن بھی آتا ہے۔

    گزشتہ جمعے کو رانچی میں بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے توہین آمیز ریمارکس پر احتجاج کرنے والے مظاہرین میں سے 2 افراد پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے اب تک درجنوں مسلمان مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔

  • دیوار سے خوفناک خط کے ساتھ پراسرار گڑیا برآمد

    دیوار سے خوفناک خط کے ساتھ پراسرار گڑیا برآمد

    امریکا میں ایک نوجوان اس وقت شدید خوفزدہ ہوگیا جب اسے گھر کی دیوار میں ایک خوفناک پراسرار گڑیا اور اس کے ہاتھ میں ایک دھمکی آمیز خط ملا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایک پرائمری اسکول ٹیچر کو گھر سے ایک پراسرار گڑیا اور اس کے ساتھ ایک خط ملنے کے بعد فوراً گھر چھوڑنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔

    ملنے والے پراسرار خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گھر کے سابقہ مالکان کو قتل کیا گیا ہے۔

    جوناتھن لیوس نامی شخص اپنے گھر میں کچھ مرمتی امور انجام دے رہا تھا کہ اسے ایک تار نظر آیا، یہ جاننے کے لیے کہ یہ تار کس چیز کا ہے اس نے دیوار توڑی، لیکن وہاں موجود ایک پرانی گڑیا اور خط کو دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔

    خوفناک وکٹورین طرز کی گڑیا لکڑی کی ایک چھوٹی کرسی پر بیٹھی تھی اور اس کے پیلے رنگ کے اونی بال تھے۔

    اگرچہ 32 سالہ نوجوان گڑیا کو وہاں پا کر ہی دنگ رہ گیا تھا، لیکن اسے حیرت کا شدید جھٹکا اس وقت لگا جب اس نے گڑیا کی گود میں کاغذ کا تہہ کیا ہوا ایک خون آلود پیغام پایا۔

    اس خط میں لکھا تھا کہ پیارے قاری، مجھے آزاد کرنے کے لیے آپ کا شکریہ! میرا نام ایملی ہے۔ میرے اصل مالکان 1961 میں اس گھر میں رہتے تھے، مجھے وہ پسند نہیں تھے، اس لیے انہیں جانا پڑا۔

    خط کے متن میں مزید لکھا تھا کہ انہوں نے صرف گانا اور خوش ہونا تھا، انہیں چھرا مارنا میرا طریقہ موت کا انتخاب تھا، اس لیے مجھے امید ہے کہ آپ کے پاس چاقو ہوں گے۔ امید ہے کہ آپ اچھی طرح سوتے ہیں۔

    جوناتھن ابھی ابھی والٹن، لیور پول کے گھر میں منتقل ہوئے ہیں، لیکن ان کے دوستوں نے انہیں پہلے ہی مشورہ دیا کہ وہ جتنی جلدی ہو سکے باہر نکل جائے، لیکن اپنے دوستوں کے مشورے کے باوجود، ان کا اصرار ہے کہ وہ کہیں نہیں جائیں گے۔

    انہوں نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ چیز مزاحیہ لگی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وہ 1961 کا ہے لیکن اسٹیٹ ایجنٹ نے کہا کہ کچن صرف چار یا پانچ سال پہلے ہی بنایا گیا تھا۔

  • گھر کو سمیٹنے اور صفائی کے لیے چند ٹپس

    گھر کو سمیٹنے اور صفائی کے لیے چند ٹپس

    صاف ستھرا، سمٹا ہوا اور منظم گھر دماغی و نفسیاتی طور پر بہترین اثرات مرتب کرتا ہے، گو کہ یہ روز کی بنیادوں پر کیا جانے والا کام ہے لیکن اس کی اہمیت اپنی جگہ ہے۔

    گھر کو اگر صاف ستھرا رکھا جائے تو اس کی صفائی ستھرائی کا عمل مختصر اور آسان ہوجاتا ہے، بجائے اس کے، کہ کافی دن بعد صفائی کی جائے جو کئی گنا زیادہ محنت اور وقت طلب کام ہے۔

    گھر کی صفائی کے دوران مندرجہ ذیل ٹپس سے آپ کم وقت اور محنت میں گھر کو صاف کرسکتے ہیں۔

    مقصد طے کریں

    گھر میں کسی بھی تبدیلی سے قبل یہ طے کرلیں کہ آپ کرنا کیا چاہتے ہیں، کن کمروں پر کام کرنا چاہتے ہیں، مخصوص کمرے یا پورے گھر میں ایسا چاہتے ہیں تو یہ تعین کریں کہ وہاں کیا کام کرنا ہے اور کیا نہیں۔

    ایک بار جب کمروں کے نقائض سے واقف ہوجائیں گے تو پھر ان کو ٹھیک کرنے پر کام کریں۔

    بیکار اشیا سے جان چھڑائیں

    گھروں کے سامان کے انتظام کی ماہر ماری کونڈو کے مطابق اشیا کو اسٹور کرنے والے درحقیقت ذخیرہ اندوز ہوتے ہیں، اشیا کو اٹھا کر وہاں پھینک دینے سے بس دھوکا ہوتا ہے کہ آپ نے بکھرے ہوئے گھر کے مسئلے کو حل کرلیا ہے۔

    اپنے اسٹوریج کے مقام جیسے کسی الماری، تہہ خانے یا اسٹور روم میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کہ وہاں کیا کچھ رکھنا ہے جو بعد میں اسے بے ہنگم مقام میں نہ بدل دے۔

    صرف ان اشیا کو اپنے پاس رکھیں جو کارآمد ہوں یا آپ کی تفریح کا باعث ہوں۔

    چھوٹا آغاز

    اگر آپ کو یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ سمٹی ہوئی اور منظم جگہ آپ کے لیے کیا کرسکتی ہے تو کسی ایسی چھوٹی جگہ سے آغاز کریں جس کو آپ روز دیکھتے ہوں۔

    اب یہ باتھ روم کیبنٹ ہو یا کچن کا کوئی سامان رکھنے والا خانہ، اسی طرح بتدریج دائرہ بڑھائے جائیں۔

    وقت کا تعین

    ضروری نہیں کہ ایک رات میں پورے کچن کو صاف ستھرا اور سمٹا ہوا بنادیں، اگر آپ کے پاس وقت کی کمی ہو تو اس کے مطابق وقت کو اس کام کے لیے مختص کردیں۔

    جیسے ہر رات کچن کا ایک خانہ ٹھیک کریں اور سب سے پہلے آسان ترین جگہ سے شروع کریں تاکہ کام کرنے کا حوصلہ بڑھ سکے۔

    بڑی جگہ کی صفائی اور ان کو ترتیب دینے کا کام چھٹی کے دن پر چھوڑ دیں، اس سے آپ کو اپنے کام پر اطمینان کا احساس بھی ہوگا کیونکہ توقع ہے کہ کام کے لیے زیادہ وقت بھی ہوگا۔

    ایک آسان اصول

    کسی ترتیب دیے گئے کمرے کو مستقبل میں پھر بکھرنے سے بچانے کے لیے خود سے وعدہ کریں کہ جب بھی آپ اس جگہ کے لیے کوئی نئی چیز لائیں گے تو وہاں موجود ایک چیز کو نکال دیں گے۔

    اس طریقہ کار سے زیادہ سامان اکٹھا ہونے کا امکان ہی نہیں ہوگا۔

    چیزوں کی اہمیت کا تعین

    کسی بھی چیز کے بارے میں اپنے آپ سے پوچھیں کہ کیا آپ نے گزشتہ 90 دن میں اسے استعمال کیا، اگر نہیں کیا تو کیا اگلے 90 دن میں استعمال کریں گے؟

    اگر آپ کو لگے کہ ایسا نہیں ہوگا تو بہتر ہے کہ اسے کسی اور دے دیں، دنوں کی تعداد کا تعین آپ خود کرسکتے ہیں یعنی 90 کی جگہ 45 یا 120 یا 365 دن بھی کرسکتے ہیں۔

    ملبوسات کی چھانٹی کا بہترین طریقہ

    کون سے کپڑے آپ نے پہننے ہیں اور کون سے نہیں، یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو رہا ہے؟ تو فلپ ہینگر ٹرک کو آزما کر دیکھیں۔

    آغاز میں اپنے کپڑے ہینگر میں لگا کر الماری میں ٹانگتے ہوئے ان سب ہینگر کے اوپری حصے کا رخ ایک جانب رکھیں۔

    ہر بار کپڑے پہن کر دوبارہ لٹکاتے ہوئے اوپری حصے کا رخ دوسری جانب کردیں اور مخصوص وقت جیسے 3 ماہ بعد دیکھیں کتنے ایسے کپڑے ہیں جو استعمال میں نہیں آئے، ان کو کسی ضرورت مند کو عطیہ کردیں۔

    کاغذات

    کاغذ بہت آسانی سے جمع ہوجاتے ہیں حالانکہ موجودہ دور میں بہت کچھ آن لائن ہی ہوجاتا ہے۔

    جب کاغذات کی صفائی کرنی ہو تو ان کی فائلنگ کرتے ہوئے اہم دستاویزات کو سنبھال کر فائل میں لگائیں، بلکہ اگر ممکن ہو تو اسکین کرکے ڈیجیٹل اسٹور کرنے کے بارے میں سوچیں، باقی بیکار کاغذات کو پھاڑ کر کچرے میں ڈال دیں۔

    سپاٹ سطح کو صاف رکھیں

    کچن کاؤنٹر ہو، میز یا دراز، ان کی سپاٹ جگہ کو کم از کم استعمال کریں، جتنی کم اشیا ہوں گی وہ اتما ہی بہتر نظر آئیں گی۔

    جلد بازی سے گریز

    اکثر لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ گھر یا کمرے کو سمیٹتے ہوئے بہت جلد بازی سے کام لیتے ہیں، مگر ایسا کرتے ہوئے زیادہ تر اشیا کو کسی اور جگہ اٹھا کر رکھ دیتے ہیں۔

    اگر سمیٹنے کے لیے زیادہ وقت نہیں تو دستیاب وقت میں جتنا کر سکتے ہیں کریں، مزید کام بعد کے لیے چھوڑ دیں۔

  • سونیا حسین کا والدین کے لیے شاندار تحفہ، والد کے گلے لگ کر رو پڑیں

    سونیا حسین کا والدین کے لیے شاندار تحفہ، والد کے گلے لگ کر رو پڑیں

    معروف پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے اپنا دیرینہ خواب پورا کرتے ہوئے اپنے والدین کے لیے گھر خرید لیا، گھر والوں کو سرپرائز دیتے ہوئے وہ جذباتی ہو کر آبدیدہ ہوگئیں۔

    سونیا حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، ویڈیو میں وہ مٹھائی کے ڈبے لیے گھر میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    ان کے والد پوچھتے ہیں کہ کس چیز کی مٹھائی ہے پہلے بتاؤ پھر کھاؤں گا، جس پر وہ بتاتی ہیں کہ انہوں نے گھر خرید لیا۔

    تمام گھر والے نہایت خوش ہوتے ہیں، اس موقع پر سونیا اور ان کے والد آبدیدہ بھی ہوجاتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sonya Hussyn Bukharee (@sonyahussyn)

    ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ہر اولاد کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ماں باپ کے لیے کچھ اور نہ سہی مگر ایک چھوٹا سا گھر ضرور بنائیں، وہ گھر جسے دل سے وہ اپنا کہہ سکیں۔

    اداکارہ نے لکھا کہ آج میری زندگی کا سب سے بڑا خواب حقیقت بن گیا، میرے امی ابو کا گھر آشیانہ تسنیم۔

    سونیا نے اسے اپنی زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ایسا یادگار لمحہ ہے جسے میں زندگی کی آخری سانس تک یاد رکھوں گی۔

    ویڈیو میں ان کے نئے گھر کے مناظر بھی موجود ہیں جس میں ان کے والدین ربن کاٹ کر گھر میں داخل ہوتے ہیں۔