Tag: House maid

  • حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد قتل، لاش آبائی علاقے پہنچا دی گئی

    کویت سٹی: کویت میں حاملہ ملازمہ کے زیادتی کے بعد اندوہناک قتل پر فلپائن میں صدمے کی لہر دوڑ گئی، ملازمہ کی باقیات آبائی علاقے پہنچا دی گئیں۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی فلپائنی خاتون 35 سالہ جولی بی رانارا کی باقیات گزشتہ روز جمعہ کو کویت سے واپس وطن پہنچنے پر ملازمہ کے علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔

    فلپائنی خواتین زیادہ تر بیرون ملک گھریلو خدمت گار کے طور پر ملازمت کرتی ہیں جن میں سے جولی بی رانارا ایک تھی، فلپائنی خاتون کی جلی ہوئی باقیات گزشتہ اتوار کو کویت کے صحرائی علاقے سے ملی تھیں۔

    فلپائنی ملازمہ حاملہ تھی اور اس کے ساتھ زیادتی کی گئی، بعد ازاں اسے قتل کر کے لاش جلا دی گئی تھی۔

    کویت میں ملازمہ کے اندوہناک قتل پر فلپائن میں صدمے کی لہر ہے جبکہ کویتی پولیس نے ملازمہ کے آجر کے 17 سالہ بیٹے کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

    دوسری جانب فلپائن کی مائیگرنٹ ورکرز کی سیکریٹری سوزن اوپل نے نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک جولی بی رانارہ کی موت کی وجوہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

    واضح رہے کہ ملازمہ کی موت کی وجہ اور اس کے محرکات کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں جس کے پیش نظر جولی کے خاندان نے جمعہ کو ایک میڈیا بریفنگ میں پوسٹ مارٹم کی درخواست کی ہے۔

    سوزن اوپل نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ کویتی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا اور معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کی جا رہی ہے۔

    فلپائن میں کویت کے سفیر مصعد صالح التھویخ نے گزشتہ روز کہا کہ کویتی معاشرہ بھی اس واقعے سے صدمے میں ہے اور غمزدہ ہے۔

    سفیر نے فلپائن کی مائیگرنٹ ورکرز کی سیکریٹری سوزن اوپل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ ہم اس سلسلے میں مسز جولی بی رانارا کے خاندان کے لیے انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔

  • گھریلو ملازمین کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کا نیا معاہدہ

    گھریلو ملازمین کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کا نیا معاہدہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور فلپائن کے مابین گھریلو ملازمین سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق کرلیا گیا، فلپائنی ملازمین کو امارات میں مزید تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور فلپائن کے درمیان گھریلو ملازمین کو زیادہ تحفظ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کی روشنی میں امارات آئندہ ماہ گھریلو فلپائنی ملازموں کو نوکریوں کی فراہمی شروع کر دے گا۔

    معاہدے میں اپریل 2021 سے سرکاری اداروں کے ذریعے فلپائنی گھریلو ملازمین کی بھرتی شامل ہے۔

    معاہدے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے انڈر سیکریٹری برائے امور انسانی وسائل سیف السویدی نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں دوست ممالک کے مابین گھریلو ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ثابت ہوگا۔

    سیف السویدی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بھرتی کے عمل کو کنٹرول اور ریگولیٹ کرنے کے ساتھ تمام فریقین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرے گا اور اس تمام عمل کے مجموعی اخراجات کو بھی کم کرے گا۔

    متحدہ عرب امارات میں فلپائنی گھریلو ملازمین کی تعیناتی سنہ 2014 میں معطل کر دی گئی تھی کیونکہ متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سفارت خانوں کو ان کے گھریلو خدمات انجام دینے والے شہریوں کے معاہدوں کی تصدیق کرنے سے روک دیا تھا۔ فلپائنی قانون کے تحت ایسے معاہدے کی تصدیق ضروری ہے۔

    فلپائنی میڈیا کی مختلف رپورٹس میں واضح کیا گیا کہ نئی تعیناتی اسکیم کا اب ملازمت کے اس دو طرفہ معاہدے کے تحت احاطہ کیا جائے گا، جو فلپائن کے صدر روڈریگو ڈٹرٹے کی ہدایات کے مطابق گھریلو ملازمین کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات فراہم کرتا ہے۔

    اس دو طرفہ معاہدے کے مطابق اگر فلپائنی کارکنوں کے ساتھ کچھ بھی ہو جائے تو اس حوالے سے آجر کے ساتھ ساتھ فلپائنی اور غیر ملکی ریکروٹنگ ایجنسیاں مشترکہ طور پر ذمہ دار ہوں گی۔

    فلپائنی محنت کشوں کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایسی ہی شقیں کویت میں کیے جانے والے روزگار کے معیاری معاہدوں میں بھی شامل ہیں۔

  • کراچی : گھروں میں کام کرنے والی ڈکیت خواتین کا گروہ پکڑا گیا

    کراچی : گھروں میں کام کرنے والی ڈکیت خواتین کا گروہ پکڑا گیا

    کراچی : گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والی ملازمہ اپنی ساتھیوں سمیت پکڑی گئی، یہ عورتیں مالکن کا اعتماد حاصل کرکے اسی گھر کا صفایا کردیتی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے والی گھریلو ملازمہ کا نو رکنی گروہ پکڑا گیا، اس حوالے سے ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار خواتین ملازمہ آپس میں رشتہ دار ہیں۔

    مذکورہ گروہ گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ اس گروہ نے بہادر آباد، نیو ٹاؤن، دیگرعلاقوں میں بھی وارداتیں کیں، گرفتار خواتین کا تعلق پاکپتن اور گلشن معمار بنگالی پاڑہ سے ہے۔

    ایس پی گلشن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ خواتین گھر والوں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد اپنے ساتھیوں کے ذریعے ان ہی گھروں میں ڈکیتیاں کرتی تھیں ۔

    اس موقع پر طاہر نورانی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھریلو ملازمین کا ریکارڈ لازمی رکھیں، انہوں نے بتایا کہ گروہ سے زیورات خریدنے والوں کو بھی گرفتار کریں گے۔