Tag: house on fire

  • پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    بھارت میں سفاکیت کی انتہا کردی گئی، ملزمان نے پورے خاندان کو گھر سمیت جلادیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزمان نے انسانیت سوز کارروائی کرکے دیکھنے والوں پر لرزہ طاری کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ملزمان گھر کے باہر کھڑے ہوکر دروازے اور کھڑکیوں پر تیل چھڑک رہے ہیں اور پھر ماچس کی تیلی سے اسے آگ لگا کر چلے گئے۔

    ملزمان کی پوری کارروائی گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ مقامی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ گھر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اس حوالے سے دھمکیاں ملنے کی شکایت پولیس کے علم میں لاچکے ہیں اور ملزمان کے ناموں سے بھی آگاہ کردیا گیا۔

    بلاس پور کے یادونندن نگر کیرہائشی خاتون ریکھا سنگھ نے مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ وہ اپنے تین بچوں اور شوہر کے ساتھ رہتی ہے، معمول کے مطابق جمعرات کی رات دس بجے ہم سب کھانا کھانے کے بعد سو گئے، رات کے کسی پہر دو نوجوان گھر کو آگ لگانے پہنچے۔

    ملزمان نے گھر کے تمام دروازوں کے سامنے پیٹرول ڈالا اور آگ لگانے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ آگ لگنے سے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    اس کے ساتھ گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے بھی جل گئے تاہم آگ لگانے سے قبل کیمرے میں قید ہونے والا پورا واقعہ ریکارڈ ہوگیا۔

    آگ لگنے کے بعد دھواں پھیلنے سے گھر کے تمام افراد کی آنکھ کھل گئی اور انہوں نے فوری طور پر پانی چھڑک کر آگ پر قابو پالیا۔ اگر آگ قریب کھڑی گاڑیوں میں لگی ہوتی تو خوفناک صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔

    واضح رہے کہ پولیس کو ابھی تک اس کیس میں کسی بھی پہلو سے کامیابی نہیں مل سکی ہے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • جادو ٹونے کی شوقین ماں نے بچوں کے ساتھ کیا کیا؟

    جادو ٹونے کی شوقین ماں نے بچوں کے ساتھ کیا کیا؟

    ولیمزبرگ : امریکہ میں سفاک ماں نے پانچ بچوں کو گولیاں مار کر قتل کرکے گھر کو آگ لگادی، بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست مغربی ورجینیا کے شہر ولیمزبرگ میں گھر میں آتشزدگی کے بعد پانچ بچوں کی لاشیں ملی تھیں جسے ان کی والدہ نے گولی مار کر ہلاک کیا جس کے بعد خاتون نے خود کشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق مغربی ورجینیا کی رہائشی25سالہ خاتون اوریانا مائرز نے22جنوری کو شاٹ گن سے پانچوں بچوں کو قتل کیا اور گھر میں آگ لگانےکے بعد خود کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ بچوں کو قتل کرنے کے بعد مائرز نے اپنے شوہر برائن کو میسج بھی کیا۔

    قتل ہونے والے5 بچوں میں سے تین اوریانا مائرز کے اپنے جبکہ دو بچے سوتیلے تھے، اس بات کا انکشاف دو مقتول سوتیلے بچوں7 سالہ شان اور6 سالہ ریلی کی والدہ 27 سالہ ریوین بومنگر نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کیا۔

    ریوین بومنگر نے بتایا کہ اوریانا مائرز جادوئی عملیات پر یقین رکھتی تھی، اس حوالے سے اسے کچھ عجیب قسم کی غیر معمولی حرکات کرنے میں بھی جنون کی حد تک گہری دلچسپی تھی۔

    سوتیلی ماں کے مطابق اوریانا اپنے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی اسی قسم کی پوسٹ کیا کرتی تھی کہ جس میں چاند کے مراحل، ٹیرو کارڈز اور جادو سے متعلق مختلف کتابوں کا ذکر ہوتا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اوریانا نے اپنے اہل خانہ کے لئے متعدد خطوط چھوڑے تھے جس میں کہا جاتا ہے کہ اس نے بچوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

    ایک خط میں اس نے لکھا ہے کہ یہ کسی کی غلطی نہیں ہے بلکہ میری اپنی ہے، مجھ پر شیطانوں نے فتح حاصل کرلی، معذرت چاہتی ہوں کہ میں اتنی مضبوط نہیں تھی۔

    ذرائع کے مطابق واردات کے وقت اوریانا کا شوہر برائن کسی کام کے سلسلے میں کافی دن سے گھر سے باہر تھا دوسری جانب پولیس کو حاصل کردہ موبائل پیغامات کے مطابق برائن کی عدم موجودگی بھی خاتون پر ذہنی دباؤ کا سبب تھی۔