Tag: House raid

  • لاہور پولیس کا گھر پر چھاپہ : خواتین پر تشدد، ویڈیو میں حقیقت سامنے آگئی

    لاہور پولیس کا گھر پر چھاپہ : خواتین پر تشدد، ویڈیو میں حقیقت سامنے آگئی

    لاہور میں پولیس کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران خواتین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی شکایت متعلقہ تھانے کو کردی گئی۔

    لاہور کے علاقے باغبان پورہ کے ایک گھر میں پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا اس دوران خواتین پر تشدد بھی کیا گیا۔

    چھاپہ مار ٹیم نے گھر کے دروازے، فرنیچر اور قیمتی سامان توڑ دیا، خواتین پرتشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    سادہ کپڑوں سمیت وردی میں ملبوث پولیس اہلکاروں نے خواتین پر تشدد کیا، پولیس نے فراڈ کے کیس میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا۔

    متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار الماری سے4تولہ سونا اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی بھی ساتھ لے گئے، پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں داخل ہوکر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

    مذکورہ خواتین کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں سے گھر میں داخل ہونے کی وجہ پوچھی تو ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    اس سلسلے میں پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے۔

    مزید پڑھیں : لاہور پولیس کے اہلکار غیرقانونی اسلحہ بیچتے پکڑے گئے

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پولیس کے اہلکار غیرقانونی اسلحہ بیچتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ کی ٹیم نے منصوبے کے تحت چھ تھانوں سے اسلحہ خریدنے کی ڈیل کی تھی اور کئی پولیس اہلکاروں سے غیرقانونی اسلحہ خرید کر یہ بات ثابت کی کہ پولیس جرائم کی سرپرستی کررہی ہے۔

  • عثمان اکرم کے گھر چھاپہ: پولیس اہلکار موبائل اور دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے گئے

    عثمان اکرم کے گھر چھاپہ: پولیس اہلکار موبائل اور دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے گئے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں عثمان اکرم کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مار کر عثمان اکرم اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا اور جاتے ہوئے گھر سے موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں عثمان اکرم کے گھر پر پولیس چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس 8 اہلکار گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے، پولیس میاں عثمان اکرم اور ان کے بھائی کو گرفتار کر کے لے گئی اور اس دوران گھر کے ملازمین پر تشدد بھی کیا گیا۔

    عثمان اکرم کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار سرچ وارنٹ کے بغیر گھر میں داخل ہوئے، پولیس، خواتین اہلکاروں کے بغیر گھر داخل ہوئی اور گھر کی خواتین سے بدتمیزی کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اہلکار گھر سے موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئے ہیں۔

  • مشہور بھارتی مزاحیہ اداکارہ کے گھر پر چھاپہ

    مشہور بھارتی مزاحیہ اداکارہ کے گھر پر چھاپہ

    ممبئی : بھارتی اسٹیج کی معروف مزاحیہ اداکارہ بھارتی سنگھ کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا اداکارہ اور ان کے شوہر سے پوچھ گچھ کی،میاں بیوی پر ممنوعہ منشیات کے استعمال کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شوبز حلقوں میں ان دنوں منشیات کا استعمال دن بدن فروغ پارہا ہے جس کے سبب اہم شخصیات سمیت دیگر فنکاروں میں خود کشی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

    اس حوالے سے آج صبح انسداد منشیات ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم نے مشہور مزاحیہ اور اسٹیج اداکارہ بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لنباچیا کی ممبئی واقع رہائش پر چھاپہ مارا۔

    اسٹیج پر مزاحیہ اداکاری کرکے سب کے لبوں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والی بھارتی سنگھ کپل شرما کے شو کا بھی حصہ ہیں، این سی بی ذرائع کے مطابق بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا پر ممنوعہ منشیات کے استعمال کا الزام ہے۔

    انڈیا ٹوڈے کے مطابق اداکارہ بھارتی سنگھ کے گھر سے تھوڑی سی مقدار میں منشیات ملی ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ منشیات ہے یا کسی ڈاکٹر  نے یہ دوا تجویز کی ہے۔

    محکمہ انسداد منشیات کے عملے نے یئہ کارروائی ایسے وقت میں کی ہے جب فلم اور انٹرٹینمنٹ کی صنعت میں منشیات کے مبینہ استعمال کے حوالے سے تفتیش کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔ یہ تفتیش معروف بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد شروع ہوئی تھی۔

    اس کے علاوہ این سی بی نے حال ہی میں بھارتی فلمون نے اداکار ارجن رامپال کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا اور منشیات کے سلسلہ میں ان سے طویل پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ فلمی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو باندرا میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے، ان کے مداحوں میں ان کی موت کی وجہ سے کافی غم و غصہ پایا گیا جس کے بعد اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے ہاتھ میں سونپ دی گئی۔