Tag: house

  • برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    مقبوضہ کشمیر میں سخت سردی اور برفباری کے دوران ایک گھر کی چھت بے تحاشہ برف جمع ہونے سے گر گئی، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں پیش آیا جہاں درجہ حرارت اس وقت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سڑکوں پر 6 فٹ تک برف جمع ہوچکی ہے جبکہ مکانات کی چھتیں بھی برف سےڈھکی دکھائی دے رہی ہیں۔

    ایسے میں ایک 3 منزلہ مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور برف کی وزنی تہہ کے باعث مکان کی چھت زمین بوس ہوجاتی ہے۔ چھت گرنے سے مکان کی اوپری منزل بھی تباہ ہوجاتی ہے۔

    راہ گیروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنیں تو وہ رک گئے اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ کرسکتے مکان کی چھت گر گئی، ایک شخص نے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی۔

    خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی شخص زخمی یا نقصان نہیں ہوا البتہ پڑوس کے کچھ مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق شدید سردی کے باعث وادی کشمیر میں ڈیزل اور پیٹرول کی راشن بندی کی جارہی ہے۔

  • بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    امریکا میں ایک سیاہ ریچھ پیزا کی تلاش میں گھر میں گھس آیا، تلاش میں ناکامی کے بعد بھالو بغیر کوئی توڑ پھوڑ کیے واپس چلا گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر اونٹاریو میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرا نے بھالو کو ریکارڈ کرلیا جو گھر میں گھس آیا تھا۔

    گھر کا داخلی دروازہ لاک نہیں تھا جس کے باعث ریچھ باآسانی گھر کے اندر داخل ہوگیا۔ دروازے کے سامنے ہی پیزا کے خالی ڈبے پڑے تھے جن کے گرد ریچھ گھوم کر پیزا تلاش کرتا رہا۔

    تاہم پیزا کی تلاش میں ناکامی کے بعد ریچھ بغیر کسی توڑ پھوڑ کے جس طرح آیا تھا اسی طرح مرکزی دروازے سے واپس چلا گیا۔

    گھر کے مالک اٹکنسن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک یاد دہانی ہے کہ کچرے کو اس طرح غیر ذمہ دارانہ انداز میں نہیں چھوڑنا چاہیئے ورنہ یہ ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کو اپنی طرف متوجہ کرسکتا ہے۔

  • ابو ظہبی: مکان مالکان نے کرایوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: مکان مالکان نے کرایوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے شہریوں نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مکانوں اور دکانوں کے کرایے کم کر دیے ہیں۔

    ابو ظہبی میں کرایہ داروں کا کہنا ہے کہ مکانوں اور دکانوں کے متعدد مالکان نے کرایے کم کر کے بڑی سہولت دی ہے، متعدد مالکان نے کرایے کے سالانہ معاہدوں کو ماہانہ معاہدوں میں تبدیل کر دیا جبکہ کرایے کی رقم قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی۔

    ریئل اسٹیٹ ایجنسیوں کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ بعض انسانیت نواز مالکان نے لچکدار رویے کا مظاہرہ کیا ہے البتہ کئی مالکان ایسے بھی ہیں جو کرایوں میں کمی یا ادائیگی میں سہولت کے حوالے سے کرایہ داروں کی درخواستیں مسترد کر چکے ہیں۔

    مکانوں اور دکانوں کے مالکان نے اپنا مؤقف یہ کہہ کر پیش کیا ہے کہ یہ درست ہے کہ کرایہ داروں نے کرایوں میں کمی اور ادائیگی میں سہولت کی درخواست کی تھی، ہماری مشکل یہ ہے کہ ہماری بہت ساری مالیاتی ذمہ داریاں ہیں جنہیں پورا کرنا ہے۔ اس وجہ سے کرایے کم نہیں کیے جا سکتے۔

    ریئل اسٹیٹ ایجنسی کے چیئرمین عبد الرحمٰن الشیبانی نے بتایا کہ کئی مالکان نے کرونا وبا کے پیش نظر کرایہ داروں کو مختلف قسم کی سہولتیں فراہم کی ہیں، انہیں احساس ہے کہ کئی کمپنیاں بند ہوگئیں، بہت سارے ملازمین کی تنخواہیں کم ہوگئیں اور دسیوں ایسے ہیں جنہیں تنخواہ نہیں ملی۔

    ان کے مطابق متعدد مالکان نے کرایہ داروں کو قسطوں میں کرایہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ کئی مالکان نے 5 فیصد سے زیادہ کرایے کم کردیے جبکہ بعض نے 10 فیصد تک کرایے کم کیے ہیں۔

  • والدہ کے فریج سے 10 سال پرانی لاش برآمد ہونے پر بیٹا پریشان

    والدہ کے فریج سے 10 سال پرانی لاش برآمد ہونے پر بیٹا پریشان

    امریکا میں ایک شخص اپنی والدہ کی موت کے بعد ان کے گھر سے ان کا سامان سمیٹنے پہنچا تو فریزر میں سے ایک لاش برآمد ہوئی۔

    یہ واقعہ امریکی شہر نیویارک میں پیش آیا، پولیس نے مذکورہ شخص اور اس کی والدہ کا نام ظاہر نہیں کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص اپنی والدہ کی موت کے بعد ان کے گھر پہنچا تاکہ مالک مکان سے حساب کتاب کرسکے اور اپنی والدہ کا سامان سمیٹ سکے۔

    تاہم اس وقت وہ نہایت خوفزدہ ہوگیا جب اس نے فریزر میں ایک لاش دیکھی جس کے بعد اس نے پولیس کو کال کی، فریج کو ٹیپ سے سیل کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لاش کم از کم 10 سال پرانی لگتی ہے، اور وہ اس قدر بوسیدہ حالت میں ہے کہ اس کی جنس شناخت کرنا بھی ممکن نہیں۔

    پولیس نے فی الحال گھر کو سیل کردیا ہے جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا جارہا ہے۔

    مکان کے مالک کا کہنا ہے کہ ان کی بزرگ کرایہ دار نہایت خوش مزاج خاتون تھیں تاہم انہوں نے کبھی کسی کو گھر کے اندر داخل ہونے نہیں دیا۔ وہ اس اچانک صورتحال سے نہایت پریشان ہیں۔

  • سعودی عرب: غیر ملکی ورکرز کے لیے ڈھائی لاکھ مکانات

    سعودی عرب: غیر ملکی ورکرز کے لیے ڈھائی لاکھ مکانات

    ریاض: سعودی حکام کرونا وائرس کی وبا کے دوران غیر ملکی ورکرز کے لیے مناسب رہائش کا انتظام کر رہے ہیں اور اس کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد مکانات کی فہرست تیار کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر بلدیات و دیہی امور ماجد الحقیل کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے غیر ملکی ورکرز کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد متبادل مکانات کا آن لائن اندراج کیا ہے۔

    غیر ملکی ورکرز کے رہائشی حالات کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے متعلقہ اداروں کے تعاون و اشتراک سے ایسے مقامات کی فہرست تیار کی ہے جہاں غیر ملکی ورکرز کو مناسب طریقے سے ٹھہرایا جا سکے اور انہیں اجتماعی رہائش کے ایسے مراکز سے نکالا جا سکے جہاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات نہیں ہیں۔

    غیر ملکی ورکرز کی رہائش کمیٹی نے نجی اداروں کے مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ورکرز کو مقررہ ضوابط کے مطابق رہائش فراہم نہ کی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    کمیٹی نے رہائش کے حوالے سے قواعد و ضوابط بھی جاری کیے ہیں جن کے تحت ورکرز کی رہائش ایسی ہو جہاں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد ہو رہا ہو، مہلک وائرس سے بچاؤ کے تمام انتظامات ہوں اور ایک کمرے میں حد سے زیادہ کارکن نہ ٹھہرائے جا رہے ہوں۔

    غیر ملکی ورکرز کی رہائش کمیٹی نے مختلف زبانوں میں کرونا آگہی مہم بھی شروع کی ہے جس میں مقامی شہریوں، آجروں اور ورکرز کو بتایا جا رہا ہے کہ انہیں وبا سے بچنے اور اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیا کچھ کرنا ہے اور کن باتوں سے پرہیز کرنا ہے۔

    علاوہ ازیں فلاحی انجمنوں اور نجی اداروں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران غیر منظم ورکرز کے کھانے پینے کے انتظامات انسانی بنیادوں پر کریں، غیر ملکی ورکرز کے لیے متبادل رہائش کی فراہمی میں تعاون دیں۔

    رہائشی کمیٹی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جو غیر ملکی کارکن وبائی بحران کے دوران اپنے وطن جانا چاہتے ہوں انہیں وطن واپس جانے میں سہولت دی جائے۔

    ایک سفارش یہ کی گئی ہے کہ مینٹیننس اور آپریشنل کمپنیوں کو غیر ملکی ورکرز کی رہائش کے حوالے سے متبادل حل کے بارے میں تعاون دیا جائے۔

    علاوہ ازیں ورکرز کو فیکٹریوں میں رہنے کی اجازت دی جائے تاکہ ورکرز اجتماعی رہائش کے مسائل سے بچ سکیں اور فیکٹری آنے جانے کی زحمت میں بھی نہ پڑیں۔

  • سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا، بنگلے پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مفرور شدہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا لاہور میں واقع بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، اسحٰق ڈار کا 4 کنال 17 مرلے کا بنگلہ 7 ایچ ماڈل گلبرگ تھری میں ہے۔

    مذکورہ کارروائی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیب کی جانب سے فوری طور پر بنگلے کو قبضے میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ سرکاری تحویل میں لے کر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب میں زیر سماعت ہے، اسحٰق ڈار کافی عرصے سے مفرور ہیں اور عدالتوں سے بچنے کے لیے بیرون ملک مقیم ہیں۔

    اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔

  • ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    بعض لوگ اپنے گھر کو بہت سے سامان سے بھر دیتے ہیں جس کا مقصد ضرورت کے وقت کسی شے کی دستیابی، گھر کو خوبصورت بنانا اور سہولت پیدا کرنا ہوتا ہے۔

    تاہم ان میں سے کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو نقصان دہ بن سکتی ہیں اور ماہرین ایسی اشیا کو گھر میں نہ رکھنے کی تجویز دیتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں ایسی کون سی اشیا ہیں جو آپ کے گھر میں موجود ہیں اور آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

    پلاسٹک کے ڈبے

    پلاسٹک کے ڈبے کچن اور فریج میں مختلف اشیا محفوظ کرنے کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوتے ہیں لیکن یہ ڈبے آپ کے قاتل بھی بن سکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں موجود پلاسٹک کے ڈبوں پر ’پی سی‘ لکھا ہے تو ایسے ڈبوں کو ایک لمحہ بھی سوچے بغیر کوڑے دان کی نذر کردیں۔

    پی سی کا مطلب ہے پولی کاربونیٹ، اس عنصر میں ایک زہریلا کیمیکل بسفینول اے (بی پی اے) شامل کیا جاتا ہے۔ یہ کیمیکل تنفس کے مسائل، امراض قلب، اور بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔

    پلاسٹک کے ان ڈبوں کی جگہ آپ شیشے کے ڈبے استعمال کر سکتے ہیں۔

    ایئر فریشنر

    گھر کو خوشبوؤں سے مہکا دینے والا ایئر فریشنر اپنے اندر بے شمار کیمیکلز رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی خوشبو طویل وقت تک موجود رہتی ہے۔ مستقل ایئر فریشنر کا استعمال آپ کی صحت کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

    خوشبو کے لیے پھولوں والے پودے گھر میں رکھے جاسکتے ہیں۔ گلاب و موتیا کے تازہ پھول بھی کمرے کو خوشبو سے مہکا دیتے ہیں۔

    پرانا ٹوتھ برش

    ٹوتھ برش کے استعمال کے عرصے کو کم رکھیں، ٹوتھ برش جراثیم ذخیرہ کرنے کی آئیڈیل جگہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ہر 3 سے 4 ماہ بعد ٹوتھ برش تبدیل کر لینا چاہیئے چاہے وہ بہتر حالت میں ہی کیوں نہ موجود ہو۔

    ماہرین کے مطابق جب ہم بخار، نزلہ، زکام یا کسی اور بیماری کے دوران ٹوتھ برش استعمال کرتے ہیں تو بیماری کے جراثیم برش میں بھی جگہ بنا لیتے ہیں۔

    صحت مند ہونے کے بعد وہی ٹوتھ برش دوبارہ استعمال کرنا اس بیماری کو واپس بلانے کے مترادف ہے۔

    پرانے کپڑے

    پرانے اور غیر ضروری کپڑے جمع کیے رکھنا بے وقوفانہ عمل ہے۔ جن کپڑوں کی آپ کو ضروت نہ ہو انہیں کسی ضرورت مند کو دے دیں۔

    ماہرین کے مطابق ایسی الماری جس میں بے تحاشہ کپڑے ٹھنسے ہوں، ہر بار کھلنے پر آپ کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر دیتی ہے۔

    غیر ضروری کپڑے رکھنے سے آپ کا دماغ آپ کو یہ تاثر بھی دیتا ہے کہ آپ کے پاس بہت سے کپڑے موجود ہیں اور آپ کو خریداری کرنے کی ضرورت نہیں۔

    یہ دھوکہ اس وقت مشکل سے دو چار کر سکتا ہے جب آپ کو پتہ چلے کہ کسی اہم موقع کے لیے آپ کے پاس واقعی کوئی مناسب لباس موجود نہیں۔

    پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ

    کٹنگ یا چوپنگ بورڈ سبزیاں کاٹنے کے عمل میں آسانی پیدا کرتا ہے تاہم اگر یہ پلاسٹک کا ہو تو آپ کی کٹی ہوئی سبزیوں کو جراثیموں سے بھر سکتا ہے۔

    ہر بار جب پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ پر چھری سے خراش لگتی ہے تو اس میں جراثیموں کی رہائش کے لیے ایک نئی جگہ پیدا ہوجاتی ہے۔

    پلاسٹک کی جگہ لکڑی کے کٹنگ بورڈ استعمال کریں۔ لکڑی قدرتی طور پر اینٹی بائیوٹک خصوصیات رکھتی ہے لہٰذا اس پر کاٹی جانے والی سبزیوں سے آپ ایک صحت بخش کھانا تیار کرسکتے ہیں۔

  • سعودی خاتون نے گھر کو عجائب خانہ بنا دیا

    سعودی خاتون نے گھر کو عجائب خانہ بنا دیا

    ریاض : سعودی خاتون نے نسل نو ماضی کے طرز زندگی سے آگاہ کرنے کےلیے متروک اشیاء اپنے مکان میں جمع کرکے گھر کو عجائب خانے میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی سعودی عرب کی رہائشی خاتون شرعا بنت فائز نے نوادرات و متروک ہوجانے والی اشیاء اپنے مسکن میں سجاکر عجائب گھر میں تبدیل کرکے شوق کو حقیقیت میں بدل کا روپ دے دیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی بیشہ گورنری میں مقیم خاتون نے اپنے مکان میں ایسے پندرہ سو نوادرات اور علاقے میں استعمال ہونے والی پرانی اشیاء جمع کررکھی ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ شرعا بنت فائز کے گھر میں موجود علاقے کی متروک ہوجانے والی اشیاء و نوادرات آج بھی مذکورہ علاقے کے باسیوں کے طرز زندگی اور تاریخ کو بیان کرتی ہے۔

    سعودی خاتون نے عرب میڈیا کو بتایا کہ متروک اشیاء جمع کرنے کا شوق بچپن سے ہی تھا جس میں بڑھتی عمر کے ساتھ مزید اضافہ ہوتا گیا۔

    شرعا بنت فائز کا کہنا تھا کہ ’اپنے گھر میں پرانے زمانے کی اشیاؑ اور نوادرات اکٹھا کرنے کا مقصد نئی نسل کو پرانے ماضی کی تہذیب اور اپنے آباؤ اجداد کے طرز زندگی سے آگاہ کرنا ہے کہ تاکہ وہ ان کے طرز زندگی، لباس اور گھروں میں استعمال ہونے والی اشیاء کا معائنہ کرسکیں۔

    سعودی خاتون نے بتایا کہ اس کے گھر میں موجود متعدد اشیاء و نوادرات خرید کر عجائب خانے میں رکھی گئیں ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خاتون اپنے شوق کو سلائی کڑھائی میں واضح کیا اور اپنی تیار کرتا اشیاء میں موجودہ دور میں پسند کیے جانے والے ڈیزائنز کو نمایاں کیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شرعا بنت فائز نے اپنے گھر کے عجائب خانے میں 130 برس پرانی بندوق اور سینکڑوں ایسی اشیاء موجود ہیں جو گزرے وقتوں میں انسانوں کے طرز زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔

  • سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی عرب نے کرائسٹ متاثرین کے خاندانوں کو گھر دینے کا اعلان کردیا، جن میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی عالمی تنظیم ”مسلم ورلڈ لیگ “نے کرائسٹ چرچ میں مسجد النور میں شہید ہونیوالے افراد کے دو خاندانوں کو گھر خرید کر دینے جبکہ باقی شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو رواں سال اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ جن شہداء کے خاندانوں کو گھر دیا جائے گا ان میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    مسلم ورلڈ لیگ کے ریجنل ڈائریکٹر مصحب ایبن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم کرائسٹ چرچ کی مسلم کمیونٹی کو متحد اور مضبوط کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگست میں تمام متاثرین حج کیلئے تیار ہوں گے،وہ لوگ، شہید ہونیوالے دو خاندانوں کیلئے گھر بھی اگست تک تیار ہو جائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ جو اس سال زخمی ہونے کے باعث سفر نہیں کرسکیں گے ان کو آئندہ سال حج کرایا جائے گا، تقریبا سو سے زائد لوگ ہیں جن کو ہم نے رواں سال حج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر النور مسجد میں شہید ہونیوالے پاکستانی شہری نعیم راشد کی بیوہ عنبرین نے بتایاکہ نیا گھر ملنا اورحج کےلئے جانا ہماری فیملی کےلئے لائف چینجنگ ہوگا، ابھی تک ہم غم سے باہر نہیں آسکے لیکن اپنا گھر اوراللہ تعالیٰ کے گھر میں جانے کی سعادت حاصل کرنا ہماری فیملی کے لیے بہت بڑا ریلیف ہوگا۔

    انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ تنظیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس تنظیم نے مشکل گھڑی میں ہماری مدد کی ہے، شام سے تعلق رکھنے والی فیملی کے رکن خالد مصطفی اورحمزہ مصطفی بھی مسجد النور میں فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہو گئے تھے ،تنظیم اس شامی فیملی کو بھی گھر دےگی۔

  • چلی میں چھوٹا طیارہ گھر پر گِر کر تباہ، چھ افراد ہلاک

    چلی میں چھوٹا طیارہ گھر پر گِر کر تباہ، چھ افراد ہلاک

    سینتیاگو : چلی میں چھوٹا طیارہ برقی تاروں سے ٹکرانے کے باعث ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا طیارہ چلی کے دارالحکومت سین تیاگو کے نزدیکی علاقے کے ایئرپورٹ سے اڑا اور ٹیک آف کے کچھ دیر بعد ہی بجلی کی طیاروں سے ٹکرا کر ایک گھر پر گرگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ افسوس ناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ سمیت دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔

    لاس ویگاس علاقے کے گورنر جیری جوگونس نے بتایا کہ جہاز جس مکان پر گرا اس میں کوئی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاز میں ایک پائلٹ اور 5مسافر سوار تھے۔

    مزید پڑھیں : امریکا: فلائنگ کلب سے نجی طیارہ چُرانے والے دو بچے گرفتار

    امریکا میں‌ مسافر بردار طیارہ چوری کے بعد حادثے کا شکار

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا ’BN-2B-27  ایئر کمپنی آرکیا پولیجی‘ کا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چلی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم حادثے اور تحقیقات سے متعلق ابھی تک کمپنی ترجمان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔