Tag: Housemaid

  • کلفٹن میں گھریلو ملازمہ رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی

    کلفٹن میں گھریلو ملازمہ رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر 15سالہ گھریلو ملازمہ شدید زخمی ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی گھریلو ملازمہ کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لڑکی کو تاحال ہوش نہیں آیا، بچی کی ہاتھ اور ٹانگ کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں۔

    مالک مکان کا پولیس کو دیئے بیان میں کہنا ہے کہ گھریلو ملازمہ چند برسوں سے کام کررہی تھی، اس نے آج صبح سے کچھ نہیں کھایا تھا،طبیعت بہتر نہیں تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی کی کوشش ہے یا کچھ اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس سے قبل بھی ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں 16 سالہ ملازمہ کی مبینہ خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس میں مقتولہ پاریہ کے والد نے درخشاں تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

    مقتولہ بچی کے والد نے بنگلے کے مالکان اور ملازمین پر بچی کو قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا۔

    مقتولہ پاریہ کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی پاریہ کو 10 ماہ قبل بنگلے میں ملازم رکھوایا تھا جو مستقل طور پر بنگلے میں ہی رہائش پذیر تھی، 12مئی کو بیٹی کو فون کیا تقریباً پونے گھنٹے تفصیلی بات ہوئی تھی۔

    کم عمری کی شادی کرنے والا جوڑا گرفتار

    12 مئی کو ہی 5 بجے بنگلے کے مالک کے بیٹے شہروز نے فون کرکے بتایا کہ آپ جلدی کراچی پہنچو آپ کی بیٹی نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

  • ڈیفنس سے ملنے والی گھریلو ملازمہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل

    ڈیفنس سے ملنے والی گھریلو ملازمہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل

    کراچی: ڈیفنس خیابان بخاری سے گزشتہ دنوں ملنے والی 16سالہ لڑکی فاریہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی وجہ موت کا تعین نہ ہوسکا جبکہ ملازمہ کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ورثا لاش کو لے کر حیدرآباد جائیں گے، گزشتہ روز ملازمہ کی لاش پنکھے پر لٹکی ہوئی ملی تھی۔

    خود کشی یا قتل : ڈیفنس میں گھریلو ملازمہ کی پراسرار موت

    پولیس کے مطابق پنکھے کے پر ٹیڑھے نہیں ہوئے، مگر لڑکی کی گردن پر نشان موجود ہے، گھر کے مالکان کی جانب سے خودکشی کا بتایا گیا تھا، معاملے کے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد کہا جاسکے گا۔

  • خود کشی یا قتل : ڈیفنس میں گھریلو ملازمہ کی پراسرار موت

    خود کشی یا قتل : ڈیفنس میں گھریلو ملازمہ کی پراسرار موت

    کراچی : ڈیفنس خیابان بخاری کے ایک بنگلے سے نوجوان ملازمہ کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، مالکان کا کہنا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق بنگلے سے نوجوان لڑکی کی لاش ملنے کا واقعہ پولیس نے مشکوک قرار دیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق بنگلے کا مالک ڈاکٹر ہے اس کا کہنا ہے ہم اتوار کی دوپہر کھانا کھانے باہر گئے تھے واپس آئے تو لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی، اس لڑکی نے خودکشی کی ہے۔

    سولہ سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ خود کشی کی اطلاع پر پولیس بنگلے پر پہنچی تو گھر والے لڑکی کی پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش کو نیچے اتار چکے تھے۔

    گھر کے مالک شہروز  نے بتایا کہ میں بذات خود ڈاکٹر ہوں اس لیے پولیس کے آنے سے پہلے خود لاش اتار کر اسے فرسٹ ایڈ دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی تقریباً ایک سال سے اسی بنگلے میں ملازمت کررہی تھی، واقعے کے وقت ڈاکٹر اپنی فیملی کے ساتھ گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔

    16سالہ فاریہ خیابان بخاری کے بنگلے میں بچوں کو سنبھالنے کا کام کرتی تھی،بچی کرسی پر چڑھ کر کیسے لٹکی پولیس کو یہ معاملہ مشکوک لگ رہا ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ پراسرار لگ رہا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال مزید واضح ہوسکے گی۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد پہاڑ گنچ کے قریب بھائی نے بہن کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد بھائی جاوید موقع واردات سے فرار ہوگیا جبکہ کورنگی سنگرچورنگی کےقریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔

     

  • یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد

    یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شقی القلب مالکان نے یوم مزدور پر بھی کم سن ملازماؤں پر رحم نہ کھایا، اور تشدد کا نشانہ بنا کر ملازمہ بہنوں کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، بہنیں خیابان کالونی کے رہائشی وقار کے گھر پر گزشتہ 2 ماہ سے ملازمت کر رہی تھیں۔

    واقعے پر تھانہ مدینہ ٹاؤن میں 3 خواتین سمیت 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ وقار اور اہل خانہ کی جانب سے بچیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے مقدمے کے بعد خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، چائلڈ پروٹیکشن افسر روبینہ اقبال کی مدعیت میں مقدمے میں 4 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 8 سال کی زہرا اور 11 سال کی ایمان فاطمہ گوجرانوالہ کی رہائشی ہیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے دونوں کم سن بہنوں کو تحویل میں لے لیا۔

  • سعودی عرب میں گھریلو ملازمائیں اور ڈرائیورز کہاں سے آئیں گے؟

    سعودی عرب میں گھریلو ملازمائیں اور ڈرائیورز کہاں سے آئیں گے؟

    ریاض : سعودی عرب میں روزگار کیلئے جانے والے غیرملکیوں خصوصاً مزدور طبقے کا سب سے بڑا مسئلہ وقت پر مناسب ملازمت ہوتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی حکومت نے غیرملکیوں کی اس پریشانی کے لیے اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت تارکین وطن کو اس مسئلے سے چھٹکارا مل جائے گا۔

    خبر کے مطابق سعودی عرب "سیرالیون” سے گھریلو ملازمائیں، ڈرائیورز اور عام ورکرز درآمد کرے گا۔ اس سلسلے میں سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پیر کو دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق معاہدوں کا مقصد سعودی عرب میں سیرالیون کے شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے تمام ضروری کارروائی پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

    معاہدوں کے بموجب سیرالیون کے ورکرز اور سعودی آجروں کے حقوق کو تحفظ حاصل ہوگا۔ قانون کے دائرے میں معاہدوں کے ضوابط پر عمل درآمد کا مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

    فریقین نے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال اور ملازمت سے تعلق رکھنے والے پروگراموں اور اسکیموں کا جائزہ لیا ہے۔

    اس حوالے سے یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ سعودی عرب کو درکار گھریلو عملے اور عام ورکرز کے لیے کس قسم کی مہارت مطلوب ہے۔

  • ملازمائیں نشہ آور چائے پلا کر گھر کا صفایا کرگئیں

    ملازمائیں نشہ آور چائے پلا کر گھر کا صفایا کرگئیں

    کراچی : گلشن اقبال 13ڈی ایک بنگلے میں دو گھریلو ملازماؤں نے اہل خانہ کو نشہ آور چائے پلادی اور نقدی، زیورات اور قیمتی اشیاء چوری کرکے فرارہوگئیں۔

    ’’تصدیق‘‘ ایپ استعمال نہ کرنے والا ایک اور گھر لٹ گیا، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال 13ڈی میں دو گھریلو ملازمائیں بنگلے کا صفایا کر گئیں۔

    واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے واردات سے ملزمان کے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ معمر میاں بیوی کو نشہ آور چائے پلا کر 45 لاکھ کا سونا لوٹ لیا گیا، واردات کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    ڈکیت ماسیوں کی دیگر تفصیلات اے آر وائی نیوز پر نشر کی گئی ، تاجر نے 5 ماہ قبل ماں بیٹی شمیم اور حمیرا کو کام پر رکھا تھا۔

    واردات سے متعلق متاثرہ تاجر نے بتایا کہ گھر کے گراؤنڈ فلور پر میرے والدین رہتے ہیں، جن کی دیکھ بھال کیلئے انہیں ملازمت پر رکھا گیا تھا۔

    تاجر کے مطابق ماسیوں نے میرے والدین کو چائے میں نشہ آور چیز دے کر بےہوش کیا اور 45لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور نقدی کلے کر فرار ہوگئیں۔

    متاثرہ تاجر نے بتایا کہ والدین کو نجی اسپتال لے گئے جہاں انہیں کافی دیر بعد بمشکل ہوش آیا، جرائم پیشہ ملازماؤں کی تصاویر پولیس کو فراہم کر دی ہیں۔

    بعد ازاں پولیس نے رپورٹ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے شانتی نگر کے علاقے کے ایک گھر میں چھاپہ مارا تاہم مگر خالی گھر میں کوئی نہ ملا، دیگر مقامات پر بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق تاجر نے5ماہ قبل ہی اسے ملازمت پر رکھا تھا لیکن نہ تو اس کی پولیس سے تصدیق اور نہ ہی رجسٹریشن کرائی۔

  • ڈیفنس میں ماسی نے گھر کا صفایا کردیا، لاکھوں مالیت کی ڈرامائی واردات

    ڈیفنس میں ماسی نے گھر کا صفایا کردیا، لاکھوں مالیت کی ڈرامائی واردات

    کراچی : ڈیفنس میں لٹیرے کام کے بہانے گھروں میں لوٹ مار کرنے لگے، ملازمہ نے گھر والوں کو قہوے میں بےہوشی کی دوا ملاکردی اور ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کا صفایا کردیا۔

    کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کی خیابان بدر میں چوری کی واردات سامنے آئی ہے جس میں دو روز قبل رکھی جانے والی ماسی ہاتھ کی صفائی دکھا گئی۔

    خیابان بدر کے رہائشی خاندان کو قہوہ ایک کروڑ سے زائد مالیت کا پڑگیا، ملزمہ ثمینہ نے گھر میں موجود خواتین کو قہوے میں بےہوشی کی دوا ملا کر پلا دی۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ ساتھی سمیت ایک کروڑ سے زائد مالیت کا مال لوٹ کر فرار ہوگئی، متاثرہ خاندان کے مطابق چوری کی واردات میں ایک کلو سونا،25 ہزار اماراتی درہم لوٹے گئے۔

    ڈیفنس پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کے افراد اسپتال میں موجود ہے ان سے رابطہ کرکے جلد مزید کارروائی کیلئے گھر کا جائزہ لے کر تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے کہا کہ کراچی ساؤتھ زون پولیس نے متعدد مرتبہ مہم چلائی کہ گھر میں ماسیوں کو نوکری کیلئے رکھنے سے قبل ان کا مکمل ڈیٹا لیں لیکن کوئی بھی شخص کوئی ماسی یا ملازم رکھنے سےقبل ان ہدایت پر عمل نہیں کرتا۔

  • سعودی عرب : حکومت کا گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ

    سعودی عرب : حکومت کا گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ

    ریاض : سعودی حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے گھریلو ملازمین کے حصول کیلئے ریکروٹنگ ایجنسی سے آن لائن رابطے کا نظام بحال کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے گھریلو ملازمین کی آن لائن درآمد کے سلسلے میں ثالثی کا نظام بحال کردیا ہے، اس پرعمل درآمد 7 اکتوبر 2020 سے کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ ریکروٹنگ ایجنسیاں 120 دن کے اندر گھریلو ملازم مہیا کرنے کی پابند ہوں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ تاخیر کی صورت میں تیس دن کی توسیع خودکار نظام کے تحت ہوجائے گی البتہ ریکروٹنگ ایجنسی کو 120دن سے زیادہ کی تاخیر پر معاہدے کی رقم سے پندرہ فیصد کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    سعودی وزارت افرادی قوت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر ریکروٹنگ ایجنسی 150 دن کے اندر گھریلو عملہ فراہم کرنے میں ناکام رہی تو ایسی صورت میں عملہ درآمد کرنے والے شخص کے ساتھ ایجنسی کا معاہدہ ختم ہوجائے گا اور ریکروٹنگ ایجنسی کو فیس 20 فیصد جرمانے کے ساتھ واپس کرنا ہوگی۔

  • ملازمہ کے کھڑکی سے گرنے کی ویڈیو بنانے پر مالکن گرفتار

    ملازمہ کے کھڑکی سے گرنے کی ویڈیو بنانے پر مالکن گرفتار

    کویت سٹی: مشرق وسطیٰ کے ملک کویت میں ایک خاتون کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب اس نے اپنی ملازمہ کی ساتویں منزل سے نیچے گرنے کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ اسنیپ چیٹ پر اپ لوڈ کردی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملازمہ کھڑکی سے نیچے لٹک رہی ہے اور اس دوران ’پکڑو، مجھے پکڑو‘ کی دہائیاں بھی بلند کر رہی ہے، لیکن مالکن اس کی فریادوں کو نظر انداز کر کے اطمینان سے ویڈیو بنانے میں مصروف ہے۔

    حتیٰ کہ ملازمہ ساتویں منزل سے نیچے گر گئی۔

    گرنے کے بعد ملازمہ کی جان تو بچ گئی تاہم اس کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ قریب سے گزرنے والے راہگیروں نے اس کی مدد کی اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے ملازمہ کو اسپتال منتقل کیا۔

    ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی پولیس بھی حرکت میں آئی اور ویڈیو بنانے والی مالکن کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ملازمہ سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ اس نے ملازمت چھوڑ کر جانے کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد مالکان نے اسے گھر میں قید کردیا۔ وہ دو دن گھر میں قید رہی جس کے بعد اس نے وہاں سے بھاگ نکلنے کا فیصلہ کیا تاہم اس کے ساتھ یہ حادثہ پیش آگیا۔

    مزید پڑھیں: نوکری سے چھٹکارے کے لیے ملازمہ چڑیل بن گئی

    پولیس کے مطابق ملازمہ کا تعلق صومالیہ سے ہے، ممکنہ طور پر وہ غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہے اور اس کی مالکن بھی اس کی شریک جرم ہے۔

    حکام کے مطابق مالکن پر ملازمہ کی جان بچانے کے لیے مدد نہ کرنے کی فرد جرم بھی عائد کی جاسکتی ہے۔