Tag: Houthi Rebels

  • یمن کے حوثیوں کا بحیرہ احمر میں حملے بند کرنے کا اعلان

    یمن کے حوثیوں کا بحیرہ احمر میں حملے بند کرنے کا اعلان

    امریکہ میں قیادت کی تبدیلی کے ساتھ، مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد یمن کے حوثیوں نے بھی بحیرہ احمر میں جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے حوثیوں نے اہم تجارتی راستے پر اپنے حملے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس فیصلے سے علاقے میں جہاز رانی کو لاحق خطرات میں کمی آئے گی۔

    رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے جہازوں کے مالکان، انشورنس کمپنیوں اور حکام کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے، تاہم، اسرائیل میں رجسٹرڈ یا اسرائیلی اداروں کی ملکیت والے بحری جہاز خطرے میں رہیں گے۔

    اسرائیل اور حماس کے تنازع کے دوران حوثیوں نے بحیرہ احمر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بحری جہازوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا، جن ممالک کے جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ان میں اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ سے منسلک جہاز شامل تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یمن کے حوثیوں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ ہونے کے بعد اسرائیل کیخلاف حملے روکنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کریں گے۔ غزہ پٹی میں جنگ بندی کے بعد اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے بند کردیں گے۔

    یاد رہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ 3 مرحلے پر مشتمل ہوگا، معاہدے کا پہلا مرحلہ 6 ہفتوں پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے کے دوران اسرائیلی فوج غزہ کی سرحد کے اندر 700 میٹر تک خود کو محدود کرلے گی۔

    بشار الاسد کی گرفتاری کا وارنٹ جاری

    جنگ بندی کے اس مرحلے میں اسرائیل تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا جن میں عمر قید کے 250 قیدی بھی شامل ہوں گے۔

  • حوثی باغیوں کا وزیردفاع پر حملہ

    حوثی باغیوں کا وزیردفاع پر حملہ

    صنعا: حوثی باغیوں نے یمن کے وزیر دفاع جنرل محمد علی المقدیشی پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں حوثی جنگجوﺅں نے وزیر دفاع پر ڈرون سے قاتلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، خوش قسمتی سے جنرل محمد علی المقدیشی بال بال بچ گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے صوبے مارب میں وزیر دفاع جنرل محمد المقدیشی پر ایک اہم اجلاس کی سربراہی کے دوران ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس میں وزیر دفاع کا ڈرائیور اور ایک گارڈ مارا گیا، دونوں فوجی اہلکار تھے جب کہ وزیردفاع خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    قبل ازیں یمن کے وزیر داخلہ احمد المیسری اور وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجابوانی بھی ایک قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے، دونوں کی رہائش گاہ کے نزدیک بارود سے بھری کار کھڑی کی گئی تھی جسے پھٹنے سے قبل ہی مواد کو ناکارہ بنادیا گیا۔

    ابھی تک وزارت دفاع اور یمنی حکومت کی طرف سے حملوں سے متعلق کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا تاہم حوثی باغیوں نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    حملے یمن کی فوج کی جانب سے حوثی باغیوں کے مرکزی گڑھ صعدہ کی شاہراہ کا تسلط واگزار کرانے کے بعد ہوئے۔

    سعودی عرب، تیل کے پلانٹ پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے، آگ بھڑک اُٹھی

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں بھی حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی ریاستی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے تھے جس کے بعد چند گھنٹوں کے لیے تیل کی پیداوار کو روک دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے صنعاء سے ایک بمبار ڈرون فضاء میں چھوڑا جو 35 کلو میٹر کی دوری کے بعد عمران گورنری میں شہریوں پر جا گرا۔

  • حدیدہ: حوثیوں کا نصب کردہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے چار بچے جاں بحق

    حدیدہ: حوثیوں کا نصب کردہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے چار بچے جاں بحق

    صنعا: یمن کے مغربی صوبے حدیدہ میں حوثی ملیشیا کا نصب کیا ہوا دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، یہ تمام بچے بہن بھائی ہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ الحدیدہ کے ضلع حیس میں وادی نخلہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مذکورہ بچے اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔

    مقامی ذرائع نے اس اندیشے کا اظہار کیا کہ علاقے میں اسی طرح کے مزید دھماکے ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل موسلا دھار بارشوں کے سبب حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا انکشاف ہوا تھا۔

    یمن کی مشترکہ فورسز کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ الجراحی ضلع کے جنوب میں بالخصوص البغیل، بیت الزین، المساجد، القداسی اور العکدہ کے دیہات میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھاری تعداد میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں اور نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد کا پتہ چلا ہے۔

    سعودی آئل فیکٹریوں پر حملے کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف تابڑتوڑ کارروائیاں، 16 شدت پسند ہلاک

    ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے مغربی ساحل کے علاقے کو دنیا میں بارودی سرنگوں کی سب سے بڑی فیلڈز میں سے ایک بنا دیا۔ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب علاقے کے دیہات، کھیتوں اور عام راستوں میں مقامی لوگ مذکورہ سرنگوں کا نشانہ نہ بنتے ہوں۔ ان میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہوتی ہے۔

    ادھر ایران نواز حوثی ملیشیا نے پیر کے روز بھی سویڈن معاہدے کے تحت طے پانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران الحدیدہ صوبے کے ضلع الدریہمی کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں یمنی مشترکہ فورسز کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • سعودی آئل فیکٹریوں پر حملے کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف تابڑتوڑ کارروائیاں، 16 شدت پسند ہلاک

    سعودی آئل فیکٹریوں پر حملے کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف تابڑتوڑ کارروائیاں، 16 شدت پسند ہلاک

    صنعا: سعودی آئل فیکٹریوں پر حملے کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف تابڑتوڑ زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں 16 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی سرکاری فوج نے الضالع گورنری میں قعطبہ ڈاریکٹوریٹ میں ایک کارروائی کے دوران ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے 2 کمانڈروں سمیت کئی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ قعطبہ کے مغرب میں واقع حجر کے علاقے میں وادی الشجیب اور الریبی میں جھڑپوں کے دوران 2 حوثی کمانڈر اور کم سے کم 16 دیگر جنگجو ہلاک ہوگئے۔

    کارروائی میں سعودی اتحادی افواج کے فضائیہ نے بھی حصہ لیا، حوثی باغی زخمی بھی ہوئے، بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے حوثی ملیشیا کو پسپا کرتے ہوئے، انہیں دراندازی سے روکنے اور علاقے سے فرار پر مجبور کردیا۔

    فوج کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں حوثیوں کا سرکردہ کمانڈر معمر السقاف اور عوض بدرالدین الکھالی اور 16 دیگر جنگجو ہلاک ہوگئے۔

    اس سے قبل انسانی حقوق کی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملیشیا نے گذشتہ دو ماہ کے دوران الضالع میں شہریوں کے خلاف ہزاروں خلاف ورزیاں اور جرائم کا ارتکاب کیا۔

    سعودی آئل تنصیبات پر حملے کی سیٹلائٹ تصاویر جاری

    الضاع کے میڈیا سنٹر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق باغیوں نے عام شہریوں کے حقوق کی 10123 خلاف ورزیاں کیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مانیٹرنگ ٹیم نے 130 بچوں کی گرفتاریوں ، اغوا اور لاپتہ ہونے کی تصدیق کی۔ حوثیوں کے حملوں میں 10 بچے 40 خواتین زخمی ہوئیں جب کہ 22 خواتین اور 12 بچوں سمیت 272 زخمی ہوئے۔

  • حوثی باغی دہشت گردی کے لیے بچوں کو استعمال کرنے لگے

    حوثی باغی دہشت گردی کے لیے بچوں کو استعمال کرنے لگے

    قاہرہ: انسانی حقوق کونسل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حوثیوں باغیوں نے 23 ہزار یمنی بچوں کو جنگ کے لیے بھرتی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عرب یوروپیین فورم برائے انسانی حقوق نے سوئس دارالحکومت جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سامنے ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے 23 ہزار یمنی بچوں کو جنگ کے لیے بھرتی کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ رپورٹ انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں سالانہ اجلاس کے موقعے پر پیش کی گئی، انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے عالمی تنظیم کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں یمن میں بچوں کے بنیادی حقوق کے منظم استحصال کو روکنے اور ان کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔

    اجلاس میں مباحثے کے لیے پیش کی گئی رپورٹ میں انسانی حقوق کونسل سے کہا گیا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کی وجہ سے لاکھوں بچے جن گھمبیر حالات کا سامنا کر رہے ہیں ان پر سلامتی کونسل میں فوری بحث کی ضرورت ہے۔

    اس کے علاوہ عالمی باردری کو بچوں کے حقوق کے لیے جنیوا کنونشن اور پروٹوکول کے تحت یمنی بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں کوئی عسکریت پسند گروپ جنگ کا ایندھن نہ بنا سکے۔

    اس تنظیم نے بین الاقوامی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن میں خانہ جنگی کے شکار بچوں کومکمل تحفظ فراہم کرے۔ ان کے تعلیمی اداروں کی بحالی کی کوشش کریں۔ اور حوثیوں کو یمن کے بچوں کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

  • سعودی آئل فیکٹریوں کے طرز کے مزید حملے کریں گے: حوثی باغیوں کی دھمکی

    سعودی آئل فیکٹریوں کے طرز کے مزید حملے کریں گے: حوثی باغیوں کی دھمکی

    ریاض: حوثی باغیوں نے سعودی آئل فیکٹریوں پر ڈرون حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ مزید اسی طرز کے حملے کیے جاسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس حملے کے لیے دس ڈرونز استعمال کیے گئے تھے اور سعودی حکومت کے خلاف حملوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں عسکری اتحاد کے حملوں کے بعد سے ایران نواز یمنی حوثی باغی سعودی عرب کے تیل کے ذخائر پر حملے کرتے رہے ہیں۔

    دریں اثناء سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملکی آئل کمپنی کی دو فیکٹریوں پر ڈرونز سے کیے گئے حملوں کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں تیل فیکٹریوں پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

    ادھر سعودی عرب میں تیل فیکٹری پر حملے پر پاکستان نے شدید اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم تیل کی فیکٹری پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان امید کرتا ہے کہ ایسے واقعات آیندہ نہیں ہوں گے۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، پاکستان امن و سلامتی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • یمن: حوثی باغیوں اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں، 16 افراد ہلاک

    یمن: حوثی باغیوں اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں، 16 افراد ہلاک

    صعنا: یمن میں حوثی باغیوں اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں دونوں اطراف سے 16 افراد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی شہر عتق میں یمنی حکومتی فوج اور عبوری کونسل کی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جھڑپوں میں دونوں اطراف سے 16 ارکان ہلاک اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جھڑپوں کے دوران جنوبی عبوری کونسل کے زیر انتظام الشبوانیہ ایلیٹ فورس شہر میں اپنے متعدد ٹھکانوں کو چھوڑ کر نکل گئی۔

    ادھریمن میں جنوبی عبوری کونسل کے نائب سربراہ ہانی بن بریک نے یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے اتحاد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شبوہ صوبے کے شہر عتق میں جنم لینے والی صورت حال کے ذمے دار فریق کا پتہ چلانے کے واسطے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھیجے۔

    عرب اتحاد نے صعدہ میں حوثیوں کا آپریشن کنٹرول روم تباہ کردیا،17جنگجو ہلاک

    بن بریک کا یہ مطالبہ جمعہ کو علی الصبح کی جانے والی ایک ٹویٹ میں سمنے آیا۔ دوسری جانب شبوہ صوبہ کے سیکورٹی ڈائریکٹر بریگیڈیر جنرل عوض الدحبول نے کہا کہ یمنی فوج اور سیکورٹی فورسز نے عتق شہر کی صورت حال پر قابو پا لیا ہے۔

    جبکہ شبوہ صوبے کے شیوخ اور اہم شخصیات نے جاری ایک بیان میں کہا کہ عبوری کونسل صوبے کو تشدد اور انارکی میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ شیوخ نے بیان میں واضح کیا کہ وہ صدر عبدربہ منصور ہادی کی سیاسی قیادت اور یمنی قومی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • یمنی فوج نے حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    یمنی فوج نے حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    صنعا: حوثی باغیوں کی جانب سے فوجی تنصیبات کی جاسوسی کے لیے بھیجا گیا ڈرون طیارہ یمنی فوج نے مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے یمن کے عسکری علاقے میں اپنا ڈرون طیارہ بھیجا جسے یمنی فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوران پرواز مار گرایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے یہ تیسرا ڈرون گرایا گیا ہے، ڈرون کے ملبے سے نصب کیمرہ اور بارودی مادہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    باغیوں نے ڈرون طیارہ یمنی علاقے حیران ڈاریکٹوریٹ میں موجود فوجی تنصیبات کی جاسوسی کے لیے چھوڑا تھا تاہم فوج نے اسے مار گرایا۔

    دوسری جانب حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر بھی ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ گذشتہ ہفتے یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی عرب پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا تھا تاہم سعودی حکام نے حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

    حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ رواں ماہ حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں 2 ڈرون طیارے بھیجے تھے جبکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحادی فورسز نے ڈرون فضا میں ہی تباہ کردئیے تھے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کے ابھاایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ایک میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

  • یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپیں، 42 جنگجو ہلاک

    یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپیں، 42 جنگجو ہلاک

    صنعا: یمن میں فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں 42 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے دو مختلف علاقوں میں فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مشرقی صوبے مارب کے مغرب میں صراوح کے محاذ پر یمنی فوج کے ہاتھوں 20 حوثی مارے گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے بتایا ہے کہ یمنی فوج نے گھات لگا کر کارروائی کی، کارروائی میں متعدد حوثی باغی زخمی بھی ہوئے۔

    ادھر الجوف صوبے کے مغربی ضلع المتون میں یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کے 22 ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    یمنی فوج کے ایک کمانڈر کے مطابق باغی حوثی القعیطہ کا ٹیلہ واپس لینے کی کوشش کر رہے تھے تاہم یمنی فوج نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔

    دریں اثنا یمن کی سرکاری فوج کا کہنا ہے کہ یمن کے مارب شہر میں حوثی باغیوں کے 2 ڈرون طیارے بھی مار گرائے ہیں، جبکہ بھرپور مقابلے کے بعد حوثی پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔

    یمن کے شہر مارب میں حوثی باغیوں کے 2 ڈرون طیارے گر کر تباہ

    ادھر حال ہی میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس سے ملاقات کی ہے، اس دوران یمن کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    مارٹن گریفتھس یمن میں قیام امن کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، انہوں نے گذشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا تھا اور یمنی تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔

  • حوثی باغیوں کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، حدیدہ سے انخلا پر تبالہ خیال

    حوثی باغیوں کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، حدیدہ سے انخلا پر تبالہ خیال

    مسقط: حوثی باغیوں کے وفد نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفیتھس سے ملاقات کی اس دوران حدیدہ بندرگاہ سے جنگجوؤں کے انخلا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغی یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ پر قابض ہیں، جبکہ ملکی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذکورہ شہر سے انخلا پر اتفاق ہوا تھا البتہ اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارٹن نے حوثی باغیوں کے وفد سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ملاقات کی اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے پر گفتگو کی۔

    معاہدے کے تحت حوثی باغی اور ملکی فوج کے درمیان جنگ بندی رہے گی، جبکہ حوثی باغی یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ سے اپنا انخلا یقینی بنائیں گے، تاہم اس معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں ہورہا، فریقین کے درمیان جھڑپیں بھی معمول بن چکی ہیں۔

    دریں اثنا اقوام متحدہ کی رابطہ کمیٹی آئندہ ہفتے حوثی باغیوں اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل ایک اجلاس منعقد کر رہی ہے، تاہم حوثی باغی اس اجلاس میں شرکت سے انکاری نظر آتے ہیں۔

    حوثی باغی حدیدہ بندرگاہ جلد خالی کردیں گے، اقوام متحدہ کا دعویٰ

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے دعویٰ کیا تھا کہ یمن کے متحارب فریقین چند ہفتوں کے اندر اندر حدیدہ سے اپنی فورسز نکال لیں گے۔

    اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے توقع ظاہر کی تھی کہ یمن کے متحارب گروپ ساحلی شہر حدیدہ اوربندرگاہ سے چند ہفتوں کے اندر اندر نکل جائیں گے اور علاقے کا کنٹرول اقوام متحدہ کے امن مشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔