Tag: Houthi Rebels

  • یمن کے سابق صدر کے بیٹوں کو باغیوں نے رہا کردیا

    یمن کے سابق صدر کے بیٹوں کو باغیوں نے رہا کردیا

    صنعا: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے مقتول سابق صدر علی عبداللہ صالح کے دونوں بیٹوں کو رہاکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح کو گذشتہ سال دسمبر میں حوثی باغیوں نے قتل کرنے کے بعد ان کے دونوں بیٹوں کو اغوا کرلیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی حوثی باغیوں نے سابق صدر کے  بیٹوں مدین علی اور صلاح علی کو رہا کردیا، یہ فیصلہ حوثی باغیوں کے سربراہی کونسل نے کیا ہے۔

    بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی رہائی عمان کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے بعد عمل میں آئی، اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انہیں عمان کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دونوں بیٹوں کو صنعا ایئر پورٹ کے ذریعے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچا دیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے جاری ہیں، جبکہ یمن میں بھی سرکاری فوج سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

    یمن: حوثی باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان جھڑپیں، درجنوں باغی ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے یمن میں سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 73 باغی جبکہ 11 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے حوثی کے لیے انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس میں یمنی فوجیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔

    البتہ اب تک باغیوں کا انخلا عمل میں نہیں آیا، جبکہ عسکری اتحاد کے ترجمان کی جانب سے دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ وہ جلد الحدیدہ کو باغیوں سے کلیئر کرالیں گے۔

  • حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ سعودی عسکری اتحاد نے ناکام بنا دیا

    حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ سعودی عسکری اتحاد نے ناکام بنا دیا

    ریاض: سعودی عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہر جازان پر داغا گیا میزائل ایک بار پھر ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ ہفتے بھی جازان پر میزائل داغا گیا تھا جسے جوابی کارروائی میں عسکری اتحاد نے تباہ کردیا تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیز کردیے ہیں جبکہ سعودی اتحاد کی فورسز بھی بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب یمنی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایران مسلسل حوثی باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مدد فراہم کررہا ہے۔

    حکام کے مطابق ایران کی یہ حکمت عملی عالمی قوانین کے بھی خلاف ہے۔قبل ازیں سعودی اتحاد بھی ایران پر الزام عائد کر چکا ہے کہ وہ باغیوں کو میزائل سپلائی کرتا ہے۔

    سعودی عرب پر داغا گیا بلیسٹک میزائل فضا میں تباہ

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی سعودی فضائیہ نے یمن میں برسرپیکار حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پر داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

    حوثی باغیوں نے سنہ 2014 میں یمنی حکومت کے خلاف مسلح تحریک شروع کی تھی جس کے بعد سے مسلسل سعودی عرب کے شہر جازان اور نجران پر بیلسٹک میزائل فائر کیے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کہہ چکے ہیں کہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے والی ایرانی حکومت حوثی جنگجوؤں کو جنگی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لبنان کی مسلح سیاسی جماعت حزب اللہ کے جنگوؤں سے تربیت بھی دلوا رہی ہے۔

  • یمن میں عام شہریوں پر حملہ، سعودی اتحادی افواج نے الزامات مسترد کردیے

    یمن میں عام شہریوں پر حملہ، سعودی اتحادی افواج نے الزامات مسترد کردیے

    ریاض: یمن میں ہونے والے ایک حملے کے نتیجے میں درجنوں شہریوں کی ہلاکتوں کا الزام سعودی اتحادی افواج نے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں یمنی صوبہ صعدہ میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے فضائی بمباری کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکوہ حملہ حوثی باغیوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا تاہم اس حملے میں عام شہری ہلاک نہیں ہوئے۔

    عرب اتحاد کی واقعات کا جائزہ لینے والی مشترکہ ٹیم ( جیاٹ) نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں ایک عمارت پر بمباری سے متعلق عام شہریوں کی ہلاکتوں کے الزامات کو تحقیقات کے بعد مسترد کیا ہے۔


    سعودی فوج نے جازان میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا


    سعودی دارالحکومت ریاض میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرب اتحاد کی مشترکہ ٹیم نے حملے کا نشانہ بننے والے عمارت کی تصاویر بھی صحافیوں کو دکھائی ہیں، جہاں عرب اتحاد نے فضائی بمباری کی تھی۔

    مذکورہ عمارت کے بارے میں بعض بین الاقوامی تنظیموں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ شہریوں کے مکانوں سے متصل واقع تھا لیکن صحافیوں کی دکھائی جانے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ یہ مکان آبادی سے الگ تھلگ ایک دور دراز علاقے میں واقع ہے۔

    خیال رہے کہ آج عرب اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے یمن سے جازان میں داغا گیا بیلسٹک میزائل مار گرایا، اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  • حوثی باغیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام

    حوثی باغیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام

    ریاض: سعودی عرب کے اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی مرکزی بندرگاہ الحدیدہ کے بحر احمر میں سعودی عرب کے آئل ٹینکر پر حوثی باغیوں نے حملہ کیا جسے عرب اتحاد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کے آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے عرب اتحادی افواج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا جبکہ حملے میں آئل ٹینکر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا حوثی باغیوں کا حملہ کس طرح ناکام بنایا، تاہم کامیاب کارروائی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔


    سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا


    اتحادی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارت کے لیے استعمال ہونے والا بحر احمر پر اس حملے کے بعد مزید ایسی کارروائیوں کا خطرہ ہے جس کے لیے بھرپور حکمت عملی تیار ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج کی جانب سے یمنی بندر گاہ الحدیدہ پر گذشتہ ماہ سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس کا مقصد حوثی باغیوں کو بندرگاہی شہر سے خالی کرانا ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا

    سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا

    ریاض: سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن کی مرکزی بندرگاہ الحدیدہ میں جاری آپریشن اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن کی مشہور بندرگاہ الحدیدہ پر حوثی باغیوں کے انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن جاری ہے جو اب فیصلہ کن مراحل داخل ہوچکا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق فوجی آپریشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج نے کمر کس لی اور فیصلہ کن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    الحدیدہ کو ایران نواز حوثی باغیوں سے آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کُن آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں سرکاری فوج کو تازہ دم دستے اور مزید دفاعی کمک پہنچانے کا عمل بھی جاری ہے۔


    یمن: سعودی اتحادی افواج کا آپریشن، 145 حوثی باغی ہلاک


    علاوہ ازیں سعودی اتحادی افواج نے یمن کے مختلف علاقوں میں بھی بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور متعدد مقامات پر اپنا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔

    خیال رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ یمن کی سرکاری فوج نے سعودی اتحادی افواج کے تعاون سے گذشتہ روز حبل بندرگاہ پر اہم کارروائی کی تھی جس کے باعث ایران نواز باغی بندرگاہ چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جبکہ متعدد کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔