Tag: How to apply

  • قسطوں پر سرکاری موبائل فون کیسے حاصل کریں؟

    قسطوں پر سرکاری موبائل فون کیسے حاصل کریں؟

    حکومت پاکستان نے گزشتہ ہفتے آسان اقساط پر موبائل فون دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے ذریعے عوام کو قسطوں کے عوض اسمارٹ فونز فراہم کرنا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے ’اسمارٹ فون فار آل‘ منصوبے کا اعلان کیا تھا، یہ اقدام شہریوں کو افراط زر کی وجہ سے درپیش مالی چیلنجز سے نمٹنے کے طور پر سامنے آیا تھا۔ اب شہری خاطر خواہ پیشگی ادائیگی کے بغیر اسمارٹ فونز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

    توقع ہے کہ اسمارٹ فون کی قسطوں کے آئندہ اجراء سے پاکستان میں تمام شہریوں کو اسمارٹ فونز سے لیس کیا جائے گا، جس کا وسیع تر مقصد معیشت کو متحرک کرنا اور ای کامرس کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ سرکاری طور پر موبائیل حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کچھ یوں ہے :

    جی ایس ایم اے اسمارٹ فون فار آل اسکیم

    اس منصوبے کے تحت افراد کو آسان اقساط پر 10 ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک کے اسمارٹ فونز خریدنے کا اختیار دیا گیا ہے، جس کی ادائی کا دورانیہ 3 سے 12 ماہ ہے۔

    اہلیت

    شناختی کارڈ رکھنے والے شہری، بشمول طلبا، پیشہ ور افراد اور کم آمدنی والے شہری اس اسکیم میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

    سود سے پاک اقساط

    مجوزہ منصوبے کے تحت پاکستانی شہری کم از کم 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کرکے بلا سود اقساط پر اسمارٹ فونز حاصل کرسکتے ہیں۔

    190ملین موبائل فونز کے استعمال کے ساتھ پاکستان عالمی سطح پر 7ویں سب سے بڑی موبائل فون مارکیٹ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ’اسمارٹ فون فار آل‘ منصوبے کا مقصد ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہے، اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسمارٹ فونز شہریوں کی متنوع رینج کے لیے زیادہ قابل رسائی ہوں۔

    موبائیل فونز کے حصول کے لیے مزید اپ ڈیٹس اور آن لائن ایپلی کیشنز کے لیے شہریوں کو وزارتِ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے مستفید ہونے کا کہا گیا ہے۔

    وزارتِ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق یہ اقدام نہ صرف افراد کو درپیش معاشی چیلنجوں سے نمٹتا ہے بلکہ ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور معاشی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کے وسیع تر مقصد سے بھی ہم آہنگ ہے۔

  • پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے کا طریقہ

    پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے کا طریقہ

    ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، پہلے مرحلے میں ساٹھ سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی  ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں تمام شہری اپنے گھر کے بزرگوں کو ویکسین لگوانے کیلئے ان کا نام رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔

    رجسٹریشن کروانے کے لیے سب سے پہلے اپنے بزرگ کا تیرہ ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر ڈیش اور اسپیس کے بغیر ڈبل ون ڈبل سکس پرایس ایم ایس کریں۔

    اس کے علاوہ شہری مزید معلومات، طریقہ جاننے اور رجسٹریشن کے لئے اس ویب سائٹ کا بھی وزٹ کریں۔
    https://nims.nadra.gov.pk

    ویکسی نیشن کیلئے شہری کو پن کوڈ کے ساتھ جوابی ایس ایم ایس موصول ہوگا، ویکیسن دستیاب ہوتے ہی مقام اور تاریخ سے آگاہ کر دیا جائے گا، جس کے بعد درخواست گزار کو اصل شناختی کارڈ اور پن کوڈ کے ہمراہ بتائے گئے ویکسین سینٹر جانا ہوگا۔

    اصل شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کے بعد بزرگ شہری کو ویکسین لگادی جائے گی اور شہری کو ویکسی نیشن کرانے کا تصدیقی ایم ایس ایس بھی موصول ہوگا، بزرگ شہری اس طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے خود بھی ویکسین لگواسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں "واک ان کورونا ویکسی نیشن” کی سہولت 16 مارچ سےدستیاب ہوگی، 70سال سے زائد عمر کے بزرگ شہری کسی بھی ہیلتھ سینٹر سے ویکسین لگوا سکیں گے۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا بزرگ شہریوں کو ویکسی نیشن سہولت دینے کا فیصلہ

    ذرائع نے بتایا ہے کہ "واک ان ویکسی نیشن” سہولت کا فیصلہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم ساٹھ  تا70سالہ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن معمول کے مطابق جاری رہے گی ۔