Tag: Hurricane Helene

  • کیا آپ جانتے ہیں سمندری طوفان نے امریکا کو 100 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا

    کیا آپ جانتے ہیں سمندری طوفان نے امریکا کو 100 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا

    امریکا میں سمندری طوفان ہیلین نے بڑی تباہی پھیلا دی ہے، بیمہ کمپنیاں اور مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفان سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 15 بلین ڈالر سے لے کر 100 بلین ڈالر سے زیادہ ہو سکتا ہے۔

    ایگزئیس کے مطابق ایک ری انشورنس کمپنی Gallagher Re کے چیف سائنس آفیسر اسٹیو بوون نے بتایا کہ مجموعی معاشی نقصانات میں یہ نقصان تقریباً 35 بلین ڈالر تک بڑھ سکتا ہے۔

    کیرن کلارک اینڈ کمپنی (KCC) کے اندازے کے مطابق سمندری طوفان ہیلین سے انشورنس انڈسٹری کے نقصان کا تخمینہ 6.4 ارب ڈالر کے قریب لگایا گیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس میں 9 ریاستوں میں طوفانی ہوا، طوفانی بارش اور اندرون ملک سیلاب کے نقصانات شامل ہیں۔

    موڈیز کے تجزیات کے مطابق سمندری طوفان ہیلین کے نقصانات کا تخمینہ 34 بلین ڈالر تک ہے، تاہم مجموعی معیشت میں نقصانات کے دیگر تخمینے 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، ان میں براہ راست ٹھوس نقصان اور کاروبار میں آنے والی رکاوٹوں کے نقصانات بھی شامل ہیں۔

    سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان ہیلین کے نتیجے میں شمالی کیرولائنا میں ہونے والی تباہی سے ’ٹیک انڈسٹری‘ پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ شمالی کیرولائنا کے قصبے ’سپروس پائن‘ میں دنیا کی خالص ترین کوارٹز کی 2 کانیں ہیں (یہ اس علاقے میں تقریباً 380 ملین سال پہلے بنی تھیں)، یہ کوارٹز سیمی کنڈکٹر چپس کے لیے عالمی سپلائی چین میں ایک کلیدی جز ہے، جسے اسمارٹ فونز اور کاروں سے لے کر طبی آلات اور سولر پینلز تک ہر چیز کو طاقت دینے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ لیکن طوفان کی وجہ سے یہاں کام روک دیا گیا ہے۔

    سپلائی چین کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سرنگوں کو دوبارہ کام کرنے میں ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ٹیک انڈسٹری کے لیے خاص طور پر اس برے وقت میں چپ کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، کیوں کہ سیلیکون ویلی کی بڑی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے کے لیے اربوں ڈالر چپس میں لگاتے ہیں۔

    امریکا میں سمندری طوفان ہیلین سے تباہی پھیلی ہے، شمالی اور جنوبی کیرولائنا، جارجیا، فلوریڈا، ٹینیسی اور ورجینا میں سیلاب سے مختلف حادثات میں 180 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم وائٹ ہاؤس کی ہوم لینڈ سیکیورٹی ایڈوائزر لِز شیروُڈ رینڈل نے پیر کو طوفان کے بارے میں یہ سنگین بیان دیا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان 600 بڑھ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہمارے پاس موجودہ اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ چھ سو سے زیادہ جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔‘‘

    شمالی کیرولائنا میں سیکڑوں سڑکیں بند ہیں، اور 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اب بھی بجلی سےمحروم ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن آج شمالی کیرولائنا میں طوفان سے متاثرہ علاقے کا دورہ کریں گے، نائب صدر کاملا ہیرس بھی سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے جارجیا پہنچ گئی ہیں۔

  • سمندری طوفان کے بعد الیکٹرک کاروں میں آگ لگنے گی، ویڈیو سامنے آ گئی

    سمندری طوفان کے بعد الیکٹرک کاروں میں آگ لگنے گی، ویڈیو سامنے آ گئی

    امریکا میں سمندری طوفان ہیلین کے بعد کھارے پانی کی وجہ سے الیکٹرک کاروں میں آگ بھڑکنے لگی، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    سمندری طوفان سے متاثرہ امریکی ریاستوں کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن الیکٹرک گاڑیوں میں سمندر کا کھارا پانی چلا گیا ہے، ان میں آگ لگنے کا خطرہ ہے۔

    حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انھوں نے الیکٹرک گاڑیاں یا گولف کارٹس کو گیراج یا عمارتوں کے نیچے کھڑا کر دیا ہے، اور وہ ان تک اب نہیں پہنچ پا رہے، تو حکام کو اطلاع دی جائے۔

    حکام کے مطابق نمکین پانی الیکٹرک گاڑیوں میں بیٹری کے اجزا کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اور ممکنہ طور پر خطرناک کیمیائی رد عمل کا باعث بنتا ہے، جس کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ سکتی ہے۔ اس لیے حکام نے کہا کہ جو لوگ اپنی الیکٹرک گاڑیاں پیچھے چھوڑ کر متاثرہ علاقوں سے نکل گئے ہیں وہ ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کریں۔

    حکام نے رہائشیوں کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ سیلاب زدہ الیکٹرک گاڑی کو خود منتقل نہ کریں، بلکہ مدد کے لیے حکام سے رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ فلوریڈا، جارجیا، شمالی کیرولائنا، جنوبی کیرولائنا، الاباما اور ورجینیا نے تباہ کن سمندری طوفان کے پیش نظر ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے، اس طوفان نے جنوبی امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق مختلف حادثات میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے ہیں، حکام کے مطابق بہت سے لوگ پورے خطے میں پھنسے ہوئے ہیں یا پناہ کے بغیر ہیں۔

  • امریکا میں طوفان ہیلین سے 130 شہری ہلاک ہو گئے

    امریکا میں طوفان ہیلین سے 130 شہری ہلاک ہو گئے

    شمالی کیرولائنا: امریکا میں سمندری طوفان ہیلین سے پھیلی تباہی اور شدید ہو گئی ہے، 6 ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد 130 ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی امریکا میں سمندری طوفان ہیلین کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو تیس ہو گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار دیکھنے کے بعد طوفان کے نتیجے میں 600 سے زیادہ اموات کا خدشہ ہے، یہ افراد لاپتا ہیں۔

    طوفان کے باعث شمالی کیرولائنا میں سیکڑوں سڑکیں بند ہیں، اور 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اب بھی بجلی سے محروم ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن طوفان سے متاثرہ علاقوں کا جلد دورہ کریں گے، حکام نے تباہی کے فضائی مناظر کی ویڈیوز جاری کر دی ہیں، نقصان کا تخمینہ سو ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

    جو بائیڈن نے طوفان کے اثرات کو حیرت انگیز قرار دیا، پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے امریکی کانگریس سے اضافی فنڈنگ ​​​​پیکیج کی درخواست کرنی پڑ سکتی ہے۔

    فلوریڈا، جارجیا، جنوبی کیرولائنا اور ٹینیسی کے سخت متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، بحالی اور صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں، سب سے زیادہ نقصان سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہوا، جس نے پورے علاقے میں سڑکیں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

    طوفان ہیلین نے جمعرات کو فلوریڈا میں لینڈ فال کیا تھا، اس وقت یہ کیٹیگری فور کا سمندری طوفان تھا جس کی رفتار 225 کلومیٹر فی گھنٹہ (140 میل فی گھنٹہ) تھی۔ جب یہ اندرون ملک منتقل ہوا تو یہ کمزور پڑ گیا لیکن اس نے 804 کلو میٹر (500 میل) سے زیادہ کے علاقے میں تباہی مچائی۔

    مقامی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق شمالی کیرولائنا میں کم از کم 56، جنوبی کیرولائنا میں 30، جارجیا میں 25، فلوریڈا میں 14، ٹینیسی میں 4 اور ورجینیا میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • سمندری طوفان ہیلن کی تباہ کاریاں، 90 افراد جان سے گئے

    سمندری طوفان ہیلن کی تباہ کاریاں، 90 افراد جان سے گئے

    سمندری طوفان ہیلن کے باعث امریکا کی 5 ریاستوں میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں 90 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا، جارجیا، ورجینیا، ساؤتھ اورنارتھ کیرولائنا میں طوفان کے باعث کئی سڑکیں اور پل تباہ جبکہ لاکھوں افراد کو بجلی سے محرومی کا سامنا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک 90 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں سیل فون ٹاور گر گئے، مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

    حکام کے مطابق طوفان سے پانچوں ریاستوں میں اب تک ہونے والے نقصان کا تخمینہ 15 سے 100 بلین ڈالرز کے درمیان ہو سکتا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    اس سے قبل چین کے شہر شنگھائی میں طاقتور ترین سمندری طوفان نے تباہی مچادی تھی، جس کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔

    رپورٹ کے مطابق 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے درخت، عمارتوں کی کھڑکیاں اور اشتہاری بورڈز اُڑگئے۔

    تیز رفتار طوفانی ہواؤں کے سبب سڑک پر چلتا ٹرک بھی اُلٹ گیا، راہ گیروں نے درختوں اور کھمبوں کا سہارا لے کر اپنے آپ کو محفوظ کیا۔

    بھارت، گجرات میں تاریخی مسجد اور درگاہ مسمار

    چین کے شہر شنگھائی میں طوفان کے باعث 4 لاکھ سے زیادہ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ 14 سو پروازیں منسوخ کردی گئیں، متاثرہ علاقوں میں 12 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • فلوریڈا میں سمندری طوفان ہیلن نے شدت اختیار کرلی

    فلوریڈا میں سمندری طوفان ہیلن نے شدت اختیار کرلی

    فلوریڈا میں سمندری طوفان ہیلن نے شدت اختیار کرلی ہے جو کیٹگری تھری میں تبدیل ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلوریڈا میں سمندری طوفان کے باعث ساحلی شہر ٹمپا طوفانی بارشوں کی زد میں ہے، سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

    نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق ہوائیں ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفانی بارشوں کے باعث ٹمپا برج اور تمام ہوائی اڈے بند کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل چین کے شہر شنگھائی میں طاقتور ترین سمندری طوفان نے تباہی مچادی، جس کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔

    رپورٹ کے مطابق 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے درخت، عمارتوں کی کھڑکیاں اور اشتہاری بورڈز اُڑگئے۔

    تیز رفتار طوفانی ہواؤں کے سبب سڑک پر چلتا ٹرک بھی اُلٹ گیا، راہ گیروں نے درختوں اور کھمبوں کا سہارا لے کر اپنے آپ کو محفوظ کیا۔

    سمندری طوفان فرانسین امریکی ریاست لوزیانا سے ٹکرا گیا

    چین کے شہر شنگھائی میں طوفان کے باعث 4 لاکھ سے زیادہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے جبکہ 14 سو پروازیں منسوخ کردی گئیں، متاثرہ علاقوں میں 12 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔