Tag: Hurricane Ian

  • طوفان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا

    طوفان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا

    واشنگٹن: سمندری طوفان ایان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا ہے۔

    برطانوی نیوز چینل اسکائی نیوز کے مطابق فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچانے کے بعد طوفان ایان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا ہے۔

    امریکا میں سمندری طوفان ایان کی تباہی کاریاں بدستور جاری ہیں، آندھی اور موسلا دھاربارش کے نتیجے میں حادثات میں ہلاکتیں 87 ہو گئی ہیں اور درجنوں افراد زخمی ہیں۔

    آبی ریلا اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو بہا لے گیا ہے، ہزاروں شہریوں کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا، گھر، گاڑیاں اور سڑکیں اب بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

    امریکا میں متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام تہس نہس ہو گیا، 74 لاکھ سے زائد افراد تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

    نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا ہے کہ طوفان اب جنوبی ورجینیا میں پھیل رہا ہے، اور نیو یارک، نیو جرسی اور واشنگٹن ڈی سی سمیت مشرقی ساحل کے بڑے حصوں کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ’غیر یقینی‘ حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    فلوریڈا: طوفان ایان نے ریاست فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، جب کہ مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان کے باعث امریکی ریاستوں جنوبی کیرولائنا اور فلوریڈا کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    فلوریڈا میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، ریسکیو کا کام بھی جاری ہے، لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔ ہفتے تک، صرف فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا گیا۔

    تباہی اور کاروبار بند ہونے سے امریکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، جس کا ابتدائی تخمینہ 40 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    فلوریڈا کے درجنوں باشندے ہفتے کے روز کشتیوں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے سیلاب زدہ اور بکھرے ہوئے گھروں کو چھوڑ کر چلے گئے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    جنوبی کیرولائنا اور شمالی کیرولائنا میں حکام نے طوفان کے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

    طوفان ایان ہفتے کے روز کمزور پڑ گیا ہے، جب یہ بحر اوقیانوس کے وسط میں داخل ہوا تھا، تاہم ساحلوں پر طوفان نے بڑا نقصان پہنچایا، بڑی کشتیاں ساحل پر عمارتوں میں گھس گئیں اور گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں۔

    فلوریڈا میں تصدیق شدہ زیادہ تر اموات طوفانی پانی میں ڈوبنے سے ہوئیں، دیگر ایان کے المناک اثرات سے ہلاک ہوئے، حکام نے بتایا کہ ایک بوڑھے جوڑے کی موت اس وقت ہوئی جب وہ بجلی سے محروم ہو گئے اور ان کی آکسیجن مشینیں بند ہو گئیں۔

  • سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    جنوبی کیرولائنا: سمندری طوفان ایان امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے ٹکرا گیا، جس سے ریاست میں سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ایان کیوبا اور فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد ریاست جنوبی کیرولائنا سے بھی ٹکرا گیا ہے، سمندری طوفان کے باعث سی این این کے مطابق مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

    ایان نے جمعہ کو کیٹگری 1 کے سمندری طوفان کے طور پر جارج ٹاؤن، جنوبی کیرولائنا کے قریب لینڈ فال کیا، دو دن قبل یہ سمندری طوفان فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل سے کیٹیگری 4 کے ہریکن کے طور پر ٹکرایا تھا۔

    ایان اب ایک پوسٹ ٹراپیکل سائیکلون ہے جو شمالی کیرولائنا اور ورجینیا میں داخل ہو گیا ہے، بی بی سی کے مطابق سمندری طوفان کی قوت میں کمی آ گئی ہے، تاہم خطرہ ٹلا نہیں ہے، فلوریڈا سمیت پورے خطے میں کئی دنوں تک سیلاب جاری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری طوفان کی زد میں آنے والے بوڑھے امریکی کی ویڈیو وائرل

    اس سمندری طوفان سے کئی علاقوں میں سیکڑوں گھر تباہ ہو چکے ہیں، سیلابی ریلے کئی گاڑیوں کو بہا لے گئے، سڑکیں، پُل اور ریلوے لائنز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

    درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے، 25 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے جنوبی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد سے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • امریکا میں تباہ کن طوفان، ناسا نے ہولناک ویڈیو جاری کردی

    امریکا میں تباہ کن طوفان، ناسا نے ہولناک ویڈیو جاری کردی

    واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے امریکا کے تباہ کن طوفان آئی این کی خلا سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیو جاری کی ہے، طوفان سے امریکا میں 19 اموات ہوئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ناسا نے خطرناک سمندری طوفان آئی این کی خلا سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیو جاری کردی۔

    امریکی خلائی ایجنسی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سمندری طوفان کے حوالے سے ویڈیو اور تفصیلات شیئر کیں جسے لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by NASA (@nasa)

    سمندری طوفان آئی این گزشتہ روز امریکا کی ریاست فلوریڈا سے ٹکرایا تھا جس کے باعث وہاں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں ہوئی تھیں۔

    شدید بارشوں کے بعد متاثرہ حصوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

    تیز ہواؤں سے بجلی کے پول اور ٹریفک سگنل گر گئے، درخت اکھڑ گئے اور گھروں کی چھتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    طوفان کے باعث امریکا بھر میں 19 اموات ہوئی ہیں جبکہ فلوریڈا کے متاثرہ علاقوں میں اب بھی 22 لاکھ صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

  • امریکی ریاست سے صدی کا سب سے شدید طوفان آج ٹکرا جائے گا

    امریکی ریاست سے صدی کا سب سے شدید طوفان آج ٹکرا جائے گا

    فلوریڈا: کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا ہے، آج ٹکرانے کا امکان ہے۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق زبردست سمندری طوفان ایان آج فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے سبب امریکی ریاست میں اسکول بند اور فلائٹس معطل کر دی گئی ہیں۔

    20 لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ریاست میں 5 ہزار گارڈز متحرک اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فلوریڈا میں اس شدت کا طوفان 100 سال میں کبھی نہیں آیا، ادھر کیوبا میں 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے ہوا کے جھکڑوں نے 100 سے زائد عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچایا۔

    درخت جڑوں سے اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، کیوبا میں 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں، جب کہ مختلف حادثات میں ایک خاتون ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • کیوبا کے نزدیک سمندری طوفان، امریکی ریاست میں بھی ہنگامی حالت نافذ

    کیوبا کے نزدیک سمندری طوفان، امریکی ریاست میں بھی ہنگامی حالت نافذ

    ہوانا: کیوبا کے نزدیک سمندری طوفان نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، امریکی ریاست فلوریڈا میں بھی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان آئن نے کیٹیگری ون کے شدت اختیار کر لی ہے اور اس کا رخ کیوبا کے مغربی علاقوں کی جانب ہے، جہاں بارش اور ہواؤں نے علاقے کو گھیر لیا ہے، اور حکام نے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

    امریکی نیشنل ہریکن سینٹر کے مطابق طوفان آئن نے شدت اختیار کر لی ہے اور اس میں مزید تیزی بھی آرہی ہے، جزیرہ کیمن بھی طوفان سے متاثر ہو سکتا ہے۔

    سمندری طوفان منگل کی صبح تک تیزی سے شدت اختیار کرتا رہا، جو کیوبا کے قریب پہنچتے ہی ایک بڑے کیٹیگری 3 کے سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا، جزیرے کے مغربی حصے میں حالات بدستور خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    24 گھنٹوں کے دوران، پیر کی صبح 5 بجے سے منگل کی صبح 5 بجے تک، طوفان کی مسلسل تیز ہوتی ہوائیں 75 میل فی گھنٹہ سے 125 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک بڑھ گئیں۔

    دوسری جانب امریکی ریاست فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں کے لیے بھی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے ریاست کی تمام 67 کاؤنٹیز مین ایمرجنسی نافز کر دی۔

    آئن 2022 اٹلانٹک سمندری طوفان کے موسم کے چوتھے سمندری طوفان کے طور پر طاقت حاصل کرتا جا رہا ہے، موسمیات کے ماہرین کی پیشن گوئی ہے کہ یہ طوفان اگلے دو دنوں میں مزید شدت اختیار کرے گا اور آج منگل کی شام تک خلیج میکسیکو میں کیٹیگری 4 کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔