Tag: hush money trial

  • صرف میں ہی دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچا سکتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو

    صرف میں ہی دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچا سکتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو

    مشیگن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخاب سے متعلق سیاسی ریلیاں پھر سے شروع کر دی ہیں، ریاست مشیگن میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’’صرف میں ہی دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچا سکتا ہوں۔‘‘

    نومبر میں ہونے والی صدارتی دوڑ کی تیاری کے لیے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو دو ریاستوں وسکونسن اور مشیگن میں انتخابی ریلیاں نکالیں، گزشتہ دنوں وہ نیویارک میں مجرمانہ مقدمے میں عدالت میں پیشیاں بھگتاتے رہے، جہاں ان پر ایک فلمی اداکارہ کو چُپ رہنے کے لیے دی جانے والی رقم (hush money trial) کو چھپانے کے لیے جعلی کاروباری ریکارڈ بنانے کا الزام ہے۔

    ریاست مشیگن میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا صرف میں ہی دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچا سکتا ہوں، صدر بائیڈن کی کمزوریوں نے دنیا کو جوہری جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، میں دنیا میں امن لاؤں گا، اور اقتدار میں آنے کے بعد اسرائیل سے بھی بڑا آئرن ڈوم بنائیں گے۔

    ٹرمپ نے امریکی یونیورسٹیوں میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی حمایت کر دی، اور اسرائیل مخالف، فسلطین حمایتی احتجاج پر سخت تنقید کی۔

    ریاست وسکونسن میں تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں آباد فلسطینی پناہ گزین یہاں بھی ’’جہاد‘‘ کر سکتے ہیں اور 7 اکتوبر کے طرز کے حملے کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مسلم ممالک سے سفری پابندی کے نفاذ کی اپنی تجویز پر عمل کا بھی عزم کیا۔

  • ٹرمپ کے خلاف کیس ’وِچ ہنٹ‘ قرار

    ٹرمپ کے خلاف کیس ’وِچ ہنٹ‘ قرار

    نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہش منی ٹرائل کو اپنے خلاف ’بڑی جادوگرنی کا شکار‘ قرار دے دیا۔

    نیویارک میں عدالتی پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہاں جو کچھ آپ سننا چاہتے ہیں یہ آپ کے لیے بہت آسان ہے، دراصل یہ مقدمہ میرے خلاف مشترکہ طور پر ’وِچ ہنٹ‘ ہے۔

    انھوں نے عدالت کے باہر خود سوزی کی کوشش کرنے والے شخص پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ عدالتی نظام کے حوالے سے لوگوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف نیویارک میں ’ہش منی‘ (hush money چپ رہنے کے لیے دی جانے والی رشوت) کے مجرمانہ مقدمے میں ابتدائی بیانات شروع ہونے کی توقع ہے، مقدمے کی سماعت کے لیے رواں ہفتے ہی ایک مکمل 12 افراد پر مشتمل جیوری اور 6 متبادل ججوں کا انتخاب کیا جا چکا ہے۔

    سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہی صحافیوں سے بات کی، اور کہا کہ جج جوآن مرچن (ہش منی ٹرائل کی صدارت کرنے والے جج) چاہتے ہیں کہ یہ ٹرائل جلد سے جلد ہو، لوگوں کو ہرگز توقع نہیں تھی کہ مقدمہ اتنی جلد یعنی پیر کو شروع ہوجائے گا۔

    ٹرمپ کی سماعت: عدالت کے باہر ایک شخص نے خود سوزی کرلی

    واضح رہے کہ نیویارک میں جس امریکی عدالت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہش منی کا تاریخی مقدمہ چل رہا ہے، اس کے سامنے ایک نوجوان نے خود سوزی کی کوشش کی، پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت میکس آزارلو کے نام سے ہوئی ہے، جس کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔