Tag: hyderabad

  • بلاول کی بات کرنے والے پہلے اپنے قائد کا احتساب کریں،  مولابخش چانڈیو

    بلاول کی بات کرنے والے پہلے اپنے قائد کا احتساب کریں، مولابخش چانڈیو

    حیدر آباد : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اپوزیشن سڑکوں پر آئی تو حکمرانوں کیلئے حالات اچھے نہیں ہوں گے، بلاول کے احتساب کی باتیں کرنے والوں کو پہلے اپنے قائد کےاحتساب کا سوچنا چاہیئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو بلاول اور آصف زرداری کی جائیدادوں سے متعلق بیان پر ترکی بہ ترکی جواب دیا اور کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے احتساب کی بات کرنیوالے پہلے اپنے قائد کا احتساب کرائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ایک وزیر جمہوریت کو چلتا ہوا نہیں دیکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پراچھا کمیشن بنناچاہئیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوسڑکوں پرنہ لا یاجائے، اگر اپوزیشن سڑکوں پرآئی توحالات اچھےنہیں ہونگے، میاں صاحب آپ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کر سکیں گے۔ خدا نہ کرے آپ پر برا وقت آئے۔ آپ سے کسی کو ہمدردی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ سے سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے۔ ن لیگ کی پالیسیاں سندھ میں ن لیگ کا نام بھی غائب کر دیں گی۔ پہلے ہی ان کا سندھ میں کوئی وجود نہیں۔

    مشیر اطلاعات نے کہا کہ نیب اگر پیپلز پارٹی کیخلاف کام کرے تو جائزہے، اور آپ کیخلاف کام کرے تو غلط۔، یہ کہاں کا انصاف ہے؟

    مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کچھ وفاقی وزراء جمہوریت کو پٹری سےاتارنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدالتوں سےکبھی نہیں بھاگی۔

     

  • حیدر آباد میں بجلی کی بندش،خواجہ سرا بھی سڑک پر نکل آئے

    حیدر آباد میں بجلی کی بندش،خواجہ سرا بھی سڑک پر نکل آئے

    حیدر آباد: بجلی کی بندش کے خلاف عام شہریوں کی طرح اب خواجہ سرا بھی سڑک پر نکلآئے اور شہریوں کے شانہ بشانہ احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے حکومت اور بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف اپنے مخصوص انداز میں نعرے بازی کی۔

    اطلاعات کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے خلاف سبزی منڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواجہ سرا بھی شریک ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔خواجہ سرائوں نے اپنے مخصوص انداز میں بجلی کی بندش کے ذمہ داروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے باوجود بجلی کی طویل بندش نے زندگی اجیرن کردی ہے،چار دن سے بجلی کا ٹرانسفر خراب پڑا ہے کئی بار شہریوں نے درخواستیں دیں لیکن اسے کوئی ٹھیک کرنے نہیں آیا اس لیے مجبور ہوکر سڑکوں پر آنا پڑا۔

    خواجہ سرائوں نے اپنے مخصوص انداز میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے لوگ بیمار ہورہے ہیں اور دو خواجہ سرا انتقال کرگئے، حکومت ضعیف العمر شہریوں کا تو خیال کرے اور بجلی کی مسلسل بحالی کے لیے لازمی اقدامات کرے۔

    خواجہ سراؤں اور شہریوں نے اس موقع پر بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے اس ادارے کے خلاف اور بالخصوص ماہ رمضان میں بجلی کی مسلسل فراہمی کا پرزورمطالبہ کیا۔

    پولیس کا لاٹھی چارج،کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا

    حیدر آباد فرید آباد کے علاقے میں ہونے والے احتجاج پر پولیس نے دھاوا بول دیا، لاٹھی چارج کرتے ہوئے کئی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نماندے آفتاب زئی کے مطابق احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا، قبل ازیں مظاہرین نے ٹائر جلائے اور کافی دیر تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جس پر پولیس وہاں پہنچ گئی۔

    دوسری جانب مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کی اور لاٹھی چارج کیا ہم بجلی کی بحالی کے لیے پرامن احتجاج کررہے تھے۔

  • حیدر آباد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف ایم کیو ایم کا دھرنا

    حیدر آباد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف ایم کیو ایم کا دھرنا

    حیدرآباد : بجلی اور پانی کے بدترین بحران کے خلاف ایم کیو ایم نے حیدر آباد میں احتجاجی دھرنا دیا.

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام حیدرآباد میں پانی کی قلت اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا.

    حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے خدا حافظ چوک پر دئیے گئے احتجاجی دھرنے میں مختلف علاقوں کے سینکڑوں مرد وخواتین نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں خالی مٹکے،بجلی کے بل اور برتن اٹھائے ہوئے تھے اور وہ واپڈا اور واسا کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔

    اس موقع پر خواتین نے احتجاجاً مٹکے توڑدئیے، مظاہرے میں شریک اسکول کے طلباء وطالبات علامتی طور پر سڑک پر بیٹھ کر ہوم ورک کررہے تھے۔

    دھرنے کے شرکاء سے اراکین سندھ اسمبلی صابر قائم خانی اور دلاور قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں بجلی اور پانی کا بدترین بحران ہے۔

    بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث شدید گرمی میں لوگ بلبلااٹھے ہیں، لیکن متعلقہ حکام کوئی نوٹس نہیں لے رہے۔

    انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں بدترین پانی اور بجلی کے بحران کا نوٹس لیا جائے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دئیے جائیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا جاسکے۔

     

  • سابق سیکٹرانچارج کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے، متحدہ قومی موومنٹ

    سابق سیکٹرانچارج کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے، متحدہ قومی موومنٹ

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حیدرآباد زون کے سابق سیکٹر انچارج ندیم قاضی کی گرفتاری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایم کیو ایم کیخلاف سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج  قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بورڈ آفس حیدرآباد میں چھاپہ مار کر ندیم قاضی نامی شخص کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    ندیم قاضی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے کارکنان اور منتخب نمائندوں کو گرفتار کر کے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے پر زور ڈالا جارہاہے، ندیم قاضی کی گرفتاری بھی اسی سازش کی کڑی ہے۔

    اراکین رابطہ کمیٹی نے کہا کہ غیرقانونی چھاپوں اور گرفتاریوں سے ایم کیو ایم کے پر عزم کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

    رابطہ کمیٹی نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ندیم قاضی کی بلاجواز گرفتاری کا نوٹس لے کر انہیں فی الفور رہا کیا جائے اور ایم کیو ایم کے خلاف جاری سازشوں کو بند کیا جائے۔

     

  • پانامہ لیکس کی تحقیقات دو ماہ میں مکمل کی جائیں، معراج الہدیٰ صدیقی

    پانامہ لیکس کی تحقیقات دو ماہ میں مکمل کی جائیں، معراج الہدیٰ صدیقی

    حیدرآباد : جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد میں کرپشن کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا اور شہریوں میں کرپشن کے خلاف پمفلٹ تقسیم کئے۔

    جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد کے علاقے حیدر چوک پر کرپشن کے خلاف قائم کئے گئے کیمپ میں موجود جماعت اسلامی کے کارکنان کرپشن کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔

    اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کارکنان کے ہمراہ شہریوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے، اس موقع پرمعراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے خلاف تحقیقات دو ماہ میں مکمل کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ جتنے لوگوں نے بھی ملک کے خزانے کو لوٹا ہے ان کے بارے میں فیصلہ کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کرپشن اب جاری نہیں رہ سکتی ،کرپٹ حکمران اپنا بوریا بستر سمیٹ لیں کیوں کہ پاکستان اب صرف پاکستان کی عوام کا ہے۔

     

  • عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں، عابد شیرعلی

    عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں ، وہ ان کے لئے کوئی بندوبست کریں گے، پی سی بی میں میرٹ پر تعیناتی ہونی چاہئے، وقار یونس رپورٹ لیک کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے ۔

    فیصل آباد میں فیسکو ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے والے عمران خان کسی عدالت میں جائیں ۔ ہم کسی بھی غیرقانونی کام پر ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ پی تی آئی والے خود سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جن کا لیڈر دہشت گردوں کے دفتر کھولنے کی بات کرتا تھا،عابد شیرعلی کا کہنا تھا کرکٹ سمیت کوئی بھی خفیہ دستاویزات لیک نہیں ہونی چاہئیں ، اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوتی ہے ۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا ماہ رمضان کے دوران عوام کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ریلیف دیا جائے گا جبکہ انڈسٹری کے لئے عام دنوں میں زیرو لوڈشیڈنگ اور ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ ہو گی ۔

  • را کے ایجنٹ کی گرفتاری پرمحبت کی پینگیں بڑھانے والے تبصرہ کریں، مولا بخش چانڈیو

    را کے ایجنٹ کی گرفتاری پرمحبت کی پینگیں بڑھانے والے تبصرہ کریں، مولا بخش چانڈیو

    حیدرآباد : مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ را کا ایجنٹ پکڑے جانے پر ان لوگوں کو تبصرہ کرنا چاہئے جو بھارت سے محبت کی پینگیں بڑھاتے ہیں، جو بھارت سے کاروبارکرتے ہیں اورساتھ ناشتہ کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا، حیدر آباد پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کے ایشو کو چھیڑ کر مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جسے پہلے ہی 3 اسمبلیاں مسترد کر چکی ہیں۔

    وفاقی حکومت میں مخصوص ذہنیت کے وزراء ہیں، اس ایشو کو اٹھا کر میاں صاحب کو کمزور کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دیکھیں کون لوگ انہیں کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ میں میاں صاحب کے کمزور ہونے پر پریشان نہیں، نہ ہی ان کی بربادی پر خوش ہونے والا ہوں۔

     

  • ہرپریس کانفرنس کامطلب وکٹیں گرانا نہیں، انیس قائم خانی

    ہرپریس کانفرنس کامطلب وکٹیں گرانا نہیں، انیس قائم خانی

    کراچی : مصطفٰی کمال گروپ نے حیدرآباد کارخ کرنے کااعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے باغی رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ ہم اپنے ساتھیوں سے ملنے جلد حیدرآباد جائیں گے، یہ بات انہوں نے مصطفیٰ کمال ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ اڑھائی سال سے گورنرسندھ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ ہمارے آگے ہیں اور نہ ہی پیچھے، اگر ہوتےتوہمارے درمیان ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ ہرپریس کانفرنس کامطلب وکٹیں گرانا نہیں ہوتا،لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ مزید وکٹیں گریں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ حیدر آباد میں دفتر لے لیا ہے،اگلے ہفتے اندرون سندھ کا دورہ کرینگے اور تئیس مارچ کونئی پارٹی کے قیام کااعلان کیا جائے گا۔

     

  • کراچی میں امن پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائیوں کے باعث ہوا، سہیل انور سیال

    کراچی میں امن پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائیوں کے باعث ہوا، سہیل انور سیال

    حیدرآباد: صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن وامان پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائیوں کے باعث ہوا ہے جس میں حکومت اور ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں کے باعث ہوا ہے۔

    حیدرآبادرینج اسپورٹس فیسٹیول کے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہاکہ رینجرز نے اپنے خدشات کا اعتراف سپریم کورٹ میں پیش کردیئے ہیں اور ہم نے بھی اپنا جواب دے دیا ہے، جو آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

    انہوں نے کہاکہ مصطفی کمال کے بیانات کے دو حصے ہیں ایک کا تعلق پارٹی کے اندر کا معاملہ ہے اور دوسرا ایک دوسرے ملک پر الزامات کا معاملہ ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہی کوئی قدم اٹھاسکتی ہے کیونکہ یہ وفاقی معاملہ ہے اور وفاق جو بھی کرنا چاہے کرسکتا ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلدیہ ٹائون کی جے آئی ٹی ہوم سیکریٹری کو مل گئی ہے اب وہ ہی ہوگا جو قانون کہے گا، آپریشن سے پہلے ملک کی صورتحال خراب تھی اور شاہراہوں پر کانوائے کے ساتھ سفر ہوتا تھا آج کل سب لوگ آرام سے آجاسکتے ہیں۔

    سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ آپریشن کے حوالے سے اخراجات میں حصہ دینے کا وفاقی حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔

  • حیدرآباد پریس کلب پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، آئی جی سندھ

    حیدرآباد پریس کلب پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، آئی جی سندھ

    حیدرآباد : آئی جی سندھ پولیس غلام حیدرجمالی نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹائون کی جے آئی ٹی رپورٹ سیکریٹری داخلہ کے پاس ہے، انہیں اس کا علم نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں سندھ پولیس کی جانب سے منعقدہ اسپورٹس فیسٹیول کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد پریس کلب پر حملے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا جاچکا ہے، اس کیس میں چند گرفتاریاں ہوئی ہیں جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد کو ہدایت کی ہے کہ پریس کلب پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    انہوں نے کہاکہ 2011ء میں کراچی میں 4ہزار افراد قتل ہوئے، سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد پولیس کی جانب سے غیر معمولی اقدامات کئے گئے جس کے بعد اب کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں پر کنٹرول کیا جاچکا ہے، اکّا دکّا واقعات ہورہے ہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ سے اغواء برائے تاوان کی وارداتیں مکمل طور پر ختم ہوچکی ہیں، سندھ میں 100تھانوں کی نئی عمارتیں بنائی جارہی ہیں جبکہ جدید آلات کیلئے حکومت سندھ نے ان کی بہت مدد کی ہے جس پر وہ وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج سے جدید ٹریننگ کرائی گئی ہے، ہر ممکن تعاون کرنے پرچیف آف آرمی اسٹاف کے بھی شکرگزار ہیں۔

    غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ پولیس کی بھرتیوں میں مزید بہتری کریں گے اور اچھے سے اچھے نوجوانوں کو میرٹ کے تحت محکمہ پولیس میں مواقع فراہم کریں گے۔