Tag: hyderabad

  • سندھ حکومت عوامی مسائل کو اسمبلی میں اٹھنے نہیں دیتی، خالد مقبول صدیقی

    سندھ حکومت عوامی مسائل کو اسمبلی میں اٹھنے نہیں دیتی، خالد مقبول صدیقی

    حیدرآباد : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ میں اس وقت مصنوعی اکثریتی حکومت ہے، اکثریت کی بنیاد پرعوامی مسائل کو سندھ اسمبلی میں اٹھنے نہیں دیا جاتا۔

    حیدرآباد پریس کلب میں اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی لولی، لنگڑی جمہوریت کو بائے پاس کرنا نہیں چاہتی۔

    نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک بھر میں کرپشن روکنے کیلئے انصاف اور شفافیت کے ساتھ کام کرے، اگر نیب جانبداری سے کام کررہی ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، اگر حکمراں ذاتی مقاصد کیلئے نیب کے قوانین میں ترامیم کرنا چاہتے ہیں تو اس کی مخالفت ہونی چاہئے اور اگر بہتری کیلئے کررہے ہیں تو حمایت ہونی چاہئے۔

    ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ کو ملنے والے 800ارب روپے میں سے 25ارب روپے بھی سندھ کے شہروں میں نہیں لگے، ان پیسوں سے دبئی کی رئیل اسٹیٹ تو اوپر گئی ہوگی لیکن سندھ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے حیدرآباد سٹی کے نام پر 20ہزار 800ایکڑ زمین روبی کون بلڈر ز کو منتقل کردی ہے، یہ بلڈر کون ہے اس کی تحقیقات کی جائے۔

    اس معاملے میں حکومت سندھ نے ایچ ڈی اے کو آلہ کار کے طور پر استعمال کیاہے، انہوں نے کہا کہ حیرت ہے جس زمین کی ملکیت خود ایچ ڈی اے کے پاس نہیں اس کا معاہدہ کس قانون کے تحت کیا گیا ہے۔

     

  • حیدرآباد کے پیاسے برتن اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے، واسا کیخلاف نعرے بازی

    حیدرآباد کے پیاسے برتن اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے، واسا کیخلاف نعرے بازی

    حیدرآباد : کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا، پانی کے حصول میں پریشان شہری برتن اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبرگیارہ، ایوب کالونی سمیت دیگرعلاقوں میں گذشتہ کئی روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی پانی کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایوب کالونی اوراس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے کمپری ہینسو چوک پر برتن اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور واسا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ سے علاقے میں پانی کی فراہمی معطل ہے اور صاف پانی کی بجائے گٹر کا پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ محکمہ واسا کو متعدد بار صورتحال سے آگاہ کیا لیکن کوئی عملدرآمد نہیں کیا جاسکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر ایم ڈی واسا کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

  • عزیربلوچ کا کبھی پیپلزپارٹی سے واسطہ نہیں رہا، سہیل انورسیال

    عزیربلوچ کا کبھی پیپلزپارٹی سے واسطہ نہیں رہا، سہیل انورسیال

    حیدرآباد : وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ سندھ کا ہر بچہ اور اسکول حساس ہے ،اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔ عزیربلوچ کبھی پیپلزپارٹی سے وابستہ نہیں رہے۔ تصاویر کی بنیاد پر تعلق کیسے قائم کر سکتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں قائم ڈی آئی جی آفس میں امن و امان کے حوالے سے پولیس افسران کے ساتھ کئے جانے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کا پاکستان پیپلز پارٹی سے کو ئی تعلق نہیں ہے۔ سیاستدان ہیں کوئی تصویر بنوائے تو منع نہیں کر سکتے تصاویر کی بنیاد پر کسی سے کیسے تعلق قائم کر سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کا انٹرویو ریکارڈ پر ہے جس میں اس نے خود کہا ہے کہ وہ اس دعوت میں مدعو تھا، سابق صدر آصف علی زرداری ان معاملات میں کبھی ملوث نہیں رہے۔

    سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے پیش نظر سی ٹی ڈی کے یونٹ حیدرآباد میرپورخاص اور نوابشاہ میں بنائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عناصرہرجگہ موجود ہیں۔سندھ میں ہر بچہ اور اسکول حساس ہے کسی کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رینجرز ہمارا ادارہ ہے پولیس اور رینجرز نے کراچی میں امن قائم کیا ہے۔

  • عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدرآباد پہنچنے کیلئے 8 لاکھ روپے اڑا دیئے

    عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدرآباد پہنچنے کیلئے 8 لاکھ روپے اڑا دیئے

    کراچی : وزیر مملکت عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدر آباد کاسفر آٹھ لاکھ روپے میں طے کیا۔ تفصیلات کے مطابق غریب عوام کے امیر حکمرانوں کی شاہ خرچیاں عروج پر آگئیں۔

    عابد شیرعلی نے ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے کےشوق میں آٹھ لاکھ اڑادیئے کراچی سے حیدرآباد ہیلی کاپٹرکا کرایہ8لاکھ روپے ادا کیا گیا.

    وزیر مملکت مختصر دورے پر حیسکو حکام سے میٹنگ کے لئے حیدرآباد پہنچے۔ میٹنگ کے دوران عابد شیرعلی نے عمران خان کو علاج کے لئے اپنی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

    مختصر دورے کے بعد کراچی روانگی کیلئے عابد شیرعلی نے کرائے کا ہیلی کاپٹراستعمال کیا۔ نجی کمپنی نے ہیلی کاپٹرکا کرایہ آٹھ لاکھ روپے چارج کیا۔

    یاد رہے کہ کراچی سے حیدرآباد کاجو سفر کار میں مشکل سے پانچ سے چھ ہزار اور بس میں آٹھ سو یا ہزار میں ہوتا اس پر بیٹھنے کے شوق میں آٹھ لاکھ روپے اڑادیئے گئے۔

  • محمد آصف اور سلمان بٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی

    محمد آصف اور سلمان بٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی

    حیدرآباد : سلمان بٹ اور محمد آصف کی ڈومیسٹک کرکٹ میں دھماکہ خیز واپسی ہوگئی، سلمان بٹ نے واپڈا کی طرف سے فاٹا کے خلاف سنچری بناڈالی۔ جبکہ محمد آصف نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

    تفصیلات کے مطابق سزا یافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف نے ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کرلیا ہے۔ حیدرآباد میں جاری قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں سلمان بٹ اور محمد آصف واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    پانچ سالہ پابندی کے بعد سلمان بٹ نے فاٹاکےخلاف اپنے پہلے ہی میچ میں بلے بازی کے جوہر دکھاتے ہوئے سنچری اسکورکی۔

    اے آر وائی نیوزسے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کاپہلامیچ کھیل کرخوشی محسوس کررہاہوں۔ جوغلطی کی اس کی پانچ سال تک سزا بھگتی۔ پابندی کاعرصہ بہت مشکل سے گزارا۔

    انہوں نے کہا کہ سوئنگ بالر ہوں اس لئےجلد ردھم میں آجاؤں گا، ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی سےسلیکڑکی توجہ حاصل کرنےکی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے جانے پر آئی سی سی نے سلمان بٹ اور محمد آصف پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

  • چوہدری نثاراپنے سامنے وزیراعظم کو بھی کچھ نہیں سمجھتے، مولابخش چانڈیو

    چوہدری نثاراپنے سامنے وزیراعظم کو بھی کچھ نہیں سمجھتے، مولابخش چانڈیو

    حیدرآباد : سندھ کے مشیراطلاعات مولابخش چانڈیو پھر چوہدری نثارپر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارلوگوں کی بے عزتی کرتےہیں،اپنے سامنے وزیراعظم کو بھی کچھ نہیں سمجھتے۔

    تفصیلات کے مطابق مولابخش چانڈیو نے چوہدری نثار کے خلاف پھرمحاذ گرم کردیا۔ حیدرآباد میں تاجروں کی تقریب میں وہ وفاقی وزیرداخلہ پرہی برستے رہے۔

    مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار وائسرائے جیسے لگتے ہیں، عام حالات میں بھی لوگوں کی بے عزتی کردیتےہیں۔

    مولابخش چانڈیو کاکہنا تھا کہ چوہدری نثاراپنے آگے وزیراعظم کو بھی کچھ نہیں سمجھتے،وزیراعظم نےسینٹ میں آنے پراصرارکیا توانہوں نے کہا کوئی اوروزیررکھ لو۔وزیراعظم سے ناراض ہوئےتوگھرجاکربیٹھ گئے۔

    مشیراطلاعات کاکہنا تھا کہ چوہدری نثارنے رینجرز کےمعاملےکو زندگی اورموت کا معاملہ بنادیا تھا۔ اب کراچی آنے سے گریز کررہے ہیں۔

    مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شاید وزیرداخلہ نوٹی فکیشن کی میعاد ختم کرنے کاانتظارکررہے ہیں تاکہ پھرسندھ کے ساتھ الجھنےکابہانہ بنائیں۔

  • کراچی اور حیدر آباد میں چپ تعزیئے کا جلوس برآمد، سخت سیکیورٹی انتظامات

    کراچی اور حیدر آباد میں چپ تعزیئے کا جلوس برآمد، سخت سیکیورٹی انتظامات

    کراچی : چپ تعزیے کامرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جبکہ حیدرآباد میں چپ تعزیے کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولیٰ علی سے برآمد ہوکر امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آٹھ ربیع الاول پر حضرت امام حسن عسکری کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجلس کا انعقاد نشتر پارک میں کیا گیا۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی کرار نقوی نے اسلام کی تعلیمات اورفلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی اور مصائب امام حسن عسکری بیان کئے۔

    بعد ازاں چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو ایم اے جناح روڈسے صدر ، ایمپریس مارکیٹ اور پھر دوبارہ ایم اے جناح روڈ پراپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، حسینیان ایرانیاں کھارادار پر پہنچا ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

    جلوس کی سیکیورٹی کے لئے 15 سوپولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ رینجرز اہلکار بھی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔ جلوس سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر قرار دیا۔ اس موقع پر ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں حیدرآباد میں چپ تعزیے کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولیٰ علی سے برآمد ہوکر امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

    حیدرآباد میں انجمن حیدری کے زیر اہتمام چپ تعزیے کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولیٰ علی سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں برآمد ہوا، جلوس میں 50سے زائد انجمنوں کے ہزاروں عزادار شریک تھے، جلوس میں ذوالجناح، علم پاک اور مختلف زیارتیں شامل تھیں۔

    جلوس کے شرکاء اسٹیشن روڈ، صدر ، بوہری بازار اور سینٹ میری چوک سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پہنچے جہاں جلوس اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے تحت جلوس کے ہمراہ اور گزرگاہ پر بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار وں کو تعینات کیا گیا تھا۔

  • اردو بولنے والوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    اردو بولنے والوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    حیدرآباد : ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ جواب دیں کہ الیکشن کے دنوں میں کتنے فنڈز جاری کئے‌ ۔

    ریٹرننگ آفیسرہمارے امیدواروں کے فارم رد کرکے دھاندلی کی کوشش کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں نہ سندھیوں کو حقوق ملے ہیں نہ اردو بولنے والوں کو ملے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت تعصب کو فروغ دیا جارہا ہے ۔اردو بولنے والوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اپنے اختیارات لے کر اپنے مسائل خود حل کریں گے ۔

    نئے انتظامی یونٹس کیلئے اسمبلی میں بحث کریں گے،فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سیاسی انقلاب کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاق کی دعو یدار پیپلزپارٹی اندرون سندھ کے علاوہ کہیں نظر نہیں آرہی

  • حیدرآباد: جامشورو فلٹر پلانٹ کے قریب پولیس مقابلہ،3 ڈاکو مارے گئے

    حیدرآباد: جامشورو فلٹر پلانٹ کے قریب پولیس مقابلہ،3 ڈاکو مارے گئے

    حیدرآباد : جامشوروفلٹرپلانٹ کےقریب پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے،اسلحہ اور گاڑی برآمد کرلی گئی۔

    حیدرآباد میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر جامشورو فلٹر پلانٹ کے قریب چھاپہ مارا، جہاں ڈاکوؤں نے پولیس سے سامنا ہونے پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت منیرلاشاری، منظور لاشاری اور اختر سومرو کے نام سے ہوئی، ہلاک ملزمان چالیس سے زائد سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ اسلحہ اور مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی ہے۔

    کاروائی کے بعد لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔

  • امریکہ تعلیمی میدان میں پاکستان کی ترقی کا خواہاں ہے، برائن ہیتھ

    امریکہ تعلیمی میدان میں پاکستان کی ترقی کا خواہاں ہے، برائن ہیتھ

    حیدرآباد: امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے حیدرآباد میں اسرا یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی تعلیمی میدان میں ترقی کا خواہاں ہے۔

    اسرا یونیورسٹٰی کے چانسلر اسد اللہ قاضی، پرو وائس چانسلر حمید اللہ قاضی اور پروفیسر قمرالدین مہرنے امریکی قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا۔

    اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے لمس یونیورسٹی لاہور، آئی بی اے کراچی اور زرعی یونورسٹی فیصل آباد کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی تعلیم کے میدان میں ترقی کے لئے امریکی کاوشوں کا ذکر کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 2011 سے اب تک امریکہ سندھ حکومت کو بنیادی تعلیم کی ترقی کے لئے 155 ملین امریکی ڈالر فراہم کرچکا ہے اور سندھ میں 120 نئے اسکولوں کی تعمیر بھی جاری ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایک لاکھ لڑکیوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنا ہے۔

    برائن ہیتھ نے اس موقع پریہ بھی کہا کہ یو ایس ایڈ ریڈنگ پروگرام میں 160 ملین امریکی ڈالر صرف کرکے پاکستان میں دس لاکھ بچوں کی پڑھنے کی صلاحیتوں میں بہتری لائی جارہی ہے۔

    انہوں نے اسرا یونیورسٹی کے زیر تحصیل اورفارغ التحصیل طلبہ کو مخاطب کرکے کہا کہ ان کی یونیورسٹی کے اس پہلے بیج کا فارغ التحصیل ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔