Tag: hyderabad

  • معروف ماہر تعلیم پروفیسر حمیداللہ قاضی مبینہ اغوا

    معروف ماہر تعلیم پروفیسر حمیداللہ قاضی مبینہ اغوا

    حیدرآباد: معروف ماہر تعلیم پروفیسر حمیداللہ قاضی کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں اسریٰ یونیورسٹی کے چانسلر اور ماہر تعلیم حمیداللہ قاضی کو ان کی رہائش گاہ اسری ولیج سے چند نامعلوم سادہ لباس افراد ساتھ لے گئے۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق اظہار لا علمی کیا ہے، جب کہ ترجمان اسریٰ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ پولیس اس معاملے پر انھیں کچھ بھی نہیں بتا رہی ہے۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں کچھ نا معلوم افراد پروفیسر کو ان کے گھر سے زبردستی اٹھا کر لے جاتے دیکھے گئے۔

  • حیدر آباد میں اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ

    حیدر آباد میں اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں بھی اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ ہوگئے، 7 افراد کا خاندان کراچی گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 5 کیسز رپورٹ ہوگئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ قاسم آباد کی فیملی 15 روز قبل کراچی میں شادی میں گئی تھی، خاندان کے 7 افراد میں سے 5 میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی۔

    ڈی ایچ او کے مطابق مشتبہ ہونے پر فوری طور پر پوری فیملی کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ملک میں مثبت کیسز کی شرح 9.88 فیصد ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے۔

  • کراچی میں کرونا کے وار: کئی وزرا اور اہم شخصیات قرنطینہ

    کراچی میں کرونا کے وار: کئی وزرا اور اہم شخصیات قرنطینہ

    حیدرآباد: کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے وار تیزی سے جاری ہے، سندھ حکومت کے وزرا سمیت کئی اہم شخصیات بھی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر جام خان شورو کرونا میں مبتلاہوگئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کےمعاون خصوصی صغیر قریشی کی بھی کرونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔

    ادھر حیدرآباد کے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی بھی کرونا رپورٹ مثبت آگئی ہے، کرونا وائرس کی رپورٹ آنے پر صوبائی وزیر، معاون خصوصی اور ڈی سی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    ڈی ایچ او حیدر آباد کے مطابق شہر میں کرونا کے مثبت آنے کی شرح 10 فیصد ہوگئی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی نے کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، سکھر میں اثاثہ جات سے متعلق ہونے والی سماعت کے موقع پر ان کے وکیل نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے موکل کی کرونا وائرس رپورٹ مثبت آئی ہے، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے کارروائی ملتوی کردی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کرونا کیسز کی بلند ترین شرح ریکارڈ

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کیسز کی بلند ترین یومیہ شرح ریکارڈ کی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 30.83 فیصد رہی۔

    اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں حیدر آباد میں کرونا کیسز کی شرح 10.68 فیصد، اسلام آباد میں 10.75 فیصد، راولپنڈی میں 8.84 فیصد، پشاور میں 7.49 فیصد، میر پور میں 5.95 فیصد، مظفر آباد میں 4.55 فیصد اور نوشہرہ میں 3.62 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 340 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.71 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

  • بھارتی فارماسیوٹیکل کمپنی پر چھاپہ، نوٹوں سے بھری الماری کی تصویر وائرل

    بھارتی فارماسیوٹیکل کمپنی پر چھاپہ، نوٹوں سے بھری الماری کی تصویر وائرل

    نئی دہلی: بھارتی شہر حیدر آباد میں محکمہ انکم ٹیکس نے ایک فارماسیوٹیکل کمپنی پر چھاپہ مارا تو الماریوں سے نوٹوں کی بے شمار گڈیاں برآمد ہوئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ایک بڑی فارماسیوٹیکل کمپنی میں چھاپہ مار کارروائی کی تو وہاں سے بھاری تعداد میں نقد رقم برآمد ہوئی۔

    انکم ٹیکس نے نوٹوں سے بھری ہوئی الماریاں برآمد کیں جس میں رکھی رقم کی مالیت 550 کروڑ بھارتی روپے تھی۔

    انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ کمپنی اپنی بنائی گئی پروڈکٹس امریکا، یورپ، دبئی اور افریقی ممالک کو ایکسپورٹ کرتی ہے۔

    گو کہ محکمے نے کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کمپنی نے گزشتہ برس ریمیڈسویئر انجکشن کا جنیرک ورژن لانچ کیا تھا، یہ انجکشن کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    چھاپہ مار کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک الماری میں نوٹ ہی نوٹ بھرے دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا۔

  • حیدرآباد میں کورونا  کیسز کی مثبت شرح 11 فیصد سے تجاوز کرگئی

    حیدرآباد میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 11 فیصد سے تجاوز کرگئی

    اسلام آباد : وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ کا کہنا ہے کہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں مثبت کورونا کیسز شرح سب سے زیادہ 11.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسزاینڈکوآرڈینشن نے ملک کےمختلف شہروں میں مثبت کوروناکیسزکی شرح کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

    وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ نے بتایا کہ حیدرآباد میں مثبت کوروناکیسزکی سب سےزیادہ11.3فیصدشرح سامنے آئی جبکہ کراچی میں مثبت کیسزکی شرح6.9فیصد ہیں۔

    پنجاب کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا فیصل آباد میں مثبت کیسز کی شرح 10فیصد، لاہورمیں7.5فیصد اور ملتان میں 7.1فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 7.4 ، ایبٹ آبادمیں2.5،سوات میں0.6،گجرنوالہ میں2.8، راولپنڈی میں5.5 اور اسلام آبادمیں2.8 فیصد رہی۔

  • سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں پانی کا سنگین بحران، لاکھوں افراد متاثر

    سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں پانی کا سنگین بحران، لاکھوں افراد متاثر

    حیدرآباد: موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں پانی کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ پر واقع کوٹری بیراج ڈاؤن اسٹریم میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، صورت حال پر محکمہ آب پاشی کی لاپرواہی اور غفلت بھی سامنے آئی ہے جہاں انہوں نے لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی کو نظر انداز کرتے ہوئے مزید پانی چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

    محکمہ آبپاشی نے واسا کی درخواست کو بھی کوئی اہمیت نہ دی اور ڈاؤن اسٹریم میں پینےکا پانی سے چھوڑنے سے انکار کیا، جس کے باعث لطیف آباد، کوہسار اور ڈاؤن اسٹریم پر آباد لاکھوں کی آبادی متاثر ہونے لگی ہے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ لطیف آباد یونٹ چار اور کوہسار میں دریا میں کھڑا گندا پانی استعمال کیا جارہا ہے، ظلم کی انتہا یہ ہے کہ کھڑے پانی میں "کائی” نے واسا کی پمپ کو ناکارہ بنادیا ہے، مقامی انتظامیہ اس دہری اذیت کے باعث سخت پریشانی کا شکار ہوگئی ہے۔

     واسا حکام کا موقف ہے کہ دریا میں پانی نہ ہونے کے باعث شہر کی پانچ لاکھ آبادی متاثر ہورہی ہے، متعدد بار آب پاشی حکام کو خط لکھ کر پینے کا پانی چھوڑنے کی استدعا کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    دوسری جانب کراچی میں انسداد پانی چوری سیل نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے، حکام کے مطابق صنعتی زون کو غیر قانونی واٹرہائیڈرنٹ کےذریعے پانی فراہم کیا جارہا تھا۔

    کارروائی مکینوں کی شکایت پر سائٹ سپرہائی وے گبول گوٹھ میں کی گئی، اس دوران قبضہ مافیا کی جگہ مسمار اور سامان قبضےمیں لےلیا گیا۔

  • سندھ کے بلدیاتی اداروں میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    سندھ کے بلدیاتی اداروں میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    حیدرآباد : سندھ کے بلدیاتی اداروں میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، انکوائری کمیٹی کا کہنا ہے کہ99یوسی سیکریٹریز کا حکومت کے پاس کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین انکوائری کمیٹی طارق بگھیو نے اپنی رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو پیش کرتے ہوئے یوسی سیکریٹریز کو لوکل گورنمنٹ بورڈ کراچی رپورٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں حیدرآباد کی 99یونین کونسل سیکریٹریز کاریکارڈ اور سروس پروفائل نہ ملنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں سال2019تک 300یونین کونسلز سیکریٹری بھرتی ہوئے، تمام اضلاع میں ایڈیشنل ڈائریکٹرز کے ذریعے اسکروٹنی کی جارہی ہے۔

    چیئرمین انکوائری کمیٹی طارق بگھیو کی رپورٹ کے مطابق99یوسیز سیکریٹریز کی معلومات نہیں ملیں، مشکوک یوسی سیکریٹریز پروفارما،سروس پروفائل فراہم نہیں کررہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے افسران خود جعلی بھرتیوں میں ملوث ہیں، نادرخان، جاوید پرویز اور صائم عمران کے ادوار میں غیرقانونی بھرتیاں ہوئیں۔

    اس کے علاوہ محمد علی،جھامن داس کے ادوار میں بھی غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں، چیئرمین انکوائری کمیٹی نے رپورٹ میں سفارش کی کہ ان یوسی سیکریٹریز کو لوکل گورنمنٹ بورڈ کراچی رپورٹ کرایا جائے۔

  • حیدرآباد : تاجر کو گرفتار کرنا پولیس اہلکاروں کو مہنگا پڑگیا

    حیدرآباد : تاجر کو گرفتار کرنا پولیس اہلکاروں کو مہنگا پڑگیا

    حیدرآباد : تاجر کو غیر قانونی طور پر گرفتار اور تشدد کرنے پر پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی، گرفتاری کیخلاف عدالت میں درخواست دینے پر جج نے اہلکاروں کو طلب کرلیا۔

    حیدرآباد کی سیشن عدالت کے جج نے تاجر کو غیرقانونی طور پر گرفتار کرنے پر پولیس کو طلب کرلیا ہے، دوسرے تھانے کی حدود سے تاجر کو گرفتارکرنے پر اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود دیگر تاجروں نے مزاحمت کرکے پولیس کے قبضے سے تاجر کو چھڑوا لیا تھا، اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی

    فوٹیج میں پولیس اور تاجروں کے درمیان ہاتھاپائی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اے سیکشن کی حدود میں غیرقانونی کارروائی کی،پولیس کیخلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

    سیشن جج نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اگلی سماعت پر تاجر پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو17دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔

  • حیدر آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ

    حیدر آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ

    حیدر آباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 69 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 69 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 459 ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ روز شہر میں کرونا وائرس کے باعث مزید 2 افراد کا انتقال ہوگیا۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے حیدر آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    صرف حیدر آباد ہی نہیں ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے بعد کوویڈ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوچکی ہے۔

    صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 208 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 37 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی ہے۔

    ملک میں کوویڈ 19 کے فعال کیسز کی تعداد 30 ہزار 362 ہے جن میں سے 1 ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اب تک 3 لاکھ 25 ہزار 788 افراد کوویڈ 19 سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • حیدرآباد میں 14دن کیلئے لاک ڈاؤن کا آغاز، پولیس کا سخت پہرہ

    حیدرآباد میں 14دن کیلئے لاک ڈاؤن کا آغاز، پولیس کا سخت پہرہ

    حیدرآباد : کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی 14دن کیلئے لاک ڈاؤن کا اطلاق ہوگیا ہے، گھر کے صرف ایک فرد کو خریداری کیلئے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد کے90 سے زائد علاقوں میں آج بروز جمعہ19 جون سے دو جولائی تک 14 روز کا لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کا اطلاق 19 جون کی صبح 9 بجے سے شروع ہوگیا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کو پولیس، رینجرز اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یقینی بنائیں گے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ہوگا، جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق ہوگا ان میں لطیف آباد کی3یوسیز، تحصیل سٹی کی ایک یوسی جبکہ قاسم آباد کی5یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، گھر کے صرف ایک فرد کو خریداری کیلئے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کسی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اس کے علاوہ مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار کو باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ڈبل سواری، پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہوگی، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اشیائے ضروریہ، میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام کاروباربند رہیں گے۔

    مزید پڑھیں : اسمارٹ لاک ڈاؤن، حیدرآباد کے مخصوص علاقے بند کرنے کا فیصلہ

    لاک ڈاؤن میں بند ہونے والے علاقوں میں لطیف آباد کی3یوسیز میں سے یوسی ون میر احسن آباد، یوسی ٹو جی او ار کالونی اور سمارا کالونی شامل ہیں۔

    س کے علاوہ لطیف آباد کی یوسی 4لطیف آباد نمبر6کے علاقے، تحصیل سٹی کی ایک یوسی سٹی ون میں اور کلہوڑا کالونی مبارک کالونی، قاسم آباد تحصیل کی5یوسیز ایک تا5کےعلاقےبھی شامل ہیں۔