Tag: IAEA

  • پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، شہباز شریف

    پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کو جواب دے دیا ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میں یہ بات واضح طور پر دہرانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے آئی سے ای اے کی شرائط پر پورا اترتے ہوئے اس کے معیار کے مطابق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی اثاثوں کیلیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کو انتہائی سنجیدگی سے اٹھاتے ہیں تاکہ کسی قسم کے شک کی گنجائش ہی نہ رہے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے، جوہری پروگرام فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیرانتظام ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان نے آئی اے ای اے سمیت عالمی معیارات کے پختہ عہد کو پورا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو خطرہ مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے، دنیا کے امن کو خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی پرحادثات ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کو خطرہ ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہورہا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پرمبنی تعاون کی تاریخ ہے۔

    دنیا مسائل سے دوچار ہے اس لیے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے، علاقائی امن وسلامتی کے فروغ کیلئے امریکا کے ساتھ تعاون کی خواہش رکھتے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کے نیوکلیئر چیف ایران کا دورہ کریں گے

    اقوام متحدہ کے نیوکلیئر چیف ایران کا دورہ کریں گے

    تہران: اقوام متحدہ کے نیو کلیئر چیف اگلے ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی 22 نومبر کو ایران کا دورہ کریں گے۔

    بدھ کو ایران کے سرکاری میڈیا نے ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال وندی کے حوالے سے بتایا کہ گروسی پیر کو تہران پہنچیں گے۔

    اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے سربراہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب تہران اور عالمی طاقتیں، 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

    رافیل گروسی

    گروسی کا یہ دورہ آئی اے ای اے کے 35 ملکی بورڈ آف گورنرز کے اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس سے عین قبل ہوگا۔

    مغربی طاقتوں نے ستمبر میں ایران پر تنقید کرنے والے بورڈ کی قرارداد کے منصوبے کو ختم کر دیا تھا، جب تہران نے 12 ستمبر کو کچھ جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کو طول دینے پر اتفاق کیا، اور گروسی کو باقی مسائل پر بات چیت کے لیے تہران آنے کی دعوت دی۔

    کمال وندی نے کہا کہ گروسی اپنے دورے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور ایران کے جوہری سربراہ سے ملاقات کریں گے۔

  • پاکستانی سائنس دانوں کی کارکردگی، جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے 3 ایوارڈز دے دیے

    پاکستانی سائنس دانوں کی کارکردگی، جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے 3 ایوارڈز دے دیے

    اسلام آباد: پاکستانی سائنس دانوں کی کارکردگی پر جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے 3 ایوارڈز پاکستان کے نام کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زرعی سائنس دانوں کو 3 ایوارڈز دے دیے ہیں۔

    عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی نے پاکستانی زرعی سائنس دانوں کو زرعی تحقیق کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈز سے نوازا، یہ ایوارڈز پلانٹ میوٹیشن بریڈنگ اور بائیو ٹیکنالوجیز میں اہم کامیابیوں پر دیے گئے۔

    ایوارڈز کے لیے اٹامک انرجی کے ایگری کلچر ریسرچ سینٹر ’نیو کلیئر انسٹی ٹیوٹ ایگری کلچر‘ کو منتخب کیا گیا، پی اے ای سی کے محمد کاشف ریاض خان کو ینگ سائنس دان ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

    نمایاں اچیومنٹ ایوارڈ منظور حسین، کاشف ریاض، سجاد حیدر، حافظ ممتاز حسین اور نیاب کے اللہ دتہ کو دیا گیا۔

    پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایوارڈز ادارے کے معیاری تحقیق، تکنیکی مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔ چیئرمین پی اے ای سی نے زرعی تحقیق میں کامیابیوں پر سائنس دانوں کو مبارک باد بھی دی۔

  • ایٹمی توانائی : سعودی عرب کو بڑا اعزاز مل گیا

    ایٹمی توانائی : سعودی عرب کو بڑا اعزاز مل گیا

    ویانا : انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں جنرل کانفرنس کی مرکزی کمیٹی کی صدارت کے لیے سعودی عرب کو منتخب کیا گیا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد ہونے والے 64 ویں اجلاس کے دوران ایران کے بجائے فی الحال سعودی عرب کو مرکزی کمیٹی کی سربراہی دی گئی ہے۔

    کمیٹی کے اجلاس میں 112 ممالک میں سے 70 ممالک نے سعودی عرب کے حق میں ووٹ دیا ہے جب کہ 37 ممالک نے اس سے اجتناب برتا۔

    21تا 25 ستمبر جاری رہنے والی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جنرل کانفرنس میں ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر اختلافات نے اسے کمیٹی کی سربراہی سے محروم کردیا ہے۔

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی گورنرز کونسل میں نشست حاصل کرنے کے لئے ایران متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی مقابلہ کر رہا ہے جو جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے علاقوں کے لئے جنرل پالیسی تیار کرنے کا ذمہ دار ہے۔

    واضح رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے آن لائن خطاب میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا تھا کہ گذشتہ دہائیوں میں مملکت نے مثبت اور کھلے رویے کے ساتھ ایران کی طرف ہاتھ بڑھایا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

    معاشی ماہر فاضل البونین نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ ایران کو ایٹمی توانائی کے شعبے کی خلاف ورزی اور عام طور پر عالمی برادری کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے اس کمیٹی کی صدارت سے خارج کیا گیا ہے، مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب اس کمیٹی میں ایران سے بہتر کردار ادا کرنے میں کامیاب ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کمیٹی کی صدارت جنرل کانفرنس میں پیش کردہ منصوبوں کے لحاظ سے اہم ہے۔

    اس سلسلے میں ایجنسی کے بہترین مفادات کے حصول کے لئے ممبرممالک کے ساتھ ہم آہنگی کے معاملات میں سعودی عرب اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    دوسری طرف مملکت کی جانب سے پرامن جوہری توانائی استعمال کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ کمیٹی کی سربراہی ایجنسی میں اپنی حیثیت کو بڑھا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جوہری توانائی کے پرامن استعمال میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور وہ جوہری توانائی کے ری ایکٹر قائم کرکے تیل پر انحصار کرنے کی بجائے توانائی کے متبادل ذرائع کے طور پر استعمال کرے گا۔

    کنگ عبداللہ سٹی برائے جوہری اور قابل تجدید توانائی ایٹمی توانائی پیدا کرنے کے لئے ان منصوبوں پر کام کر رہی ہے جو قومی ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے اور توانائی کے شعبے میں مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سعودیعرب جوہری ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ مملکت جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ شراکت کے ذریعے کام کر رہا ہے جو اعلان شدہ ہدف ہے۔

  • انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی پاکستان کے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی پاکستان کے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے راجا عبدالعزیز کی قیادت میں 4 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا یہ دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی کوآپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا ، 2005 میں پاکستان میں جوہری سلامتی کے نظام کی تاثیر کو بڑھانے کے لئے باہمی اتفاق کیا گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو 2011 میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جاسکے، اس کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق راجہ عدنان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا،وفد نے پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کیے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

    دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی اور کہا جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔

  • ایران نے مقررہ حد سے زیادہ یورینیم ذخیرہ کرلی ، عالمی اٹامک انرجی ایجنسی

    ایران نے مقررہ حد سے زیادہ یورینیم ذخیرہ کرلی ، عالمی اٹامک انرجی ایجنسی

    نیویارک :  انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران نے مقررہ حدسے زیادہ یورینیم ذخیرہ کرلی ہے، ایرانی وزیرخارجہ نے کہا یورپ ذمہ داری  نبھائےتواقدام واپس لےلیں گے، ایران کے ساتھ دوہزارپندرہ میں ہوئے جوہری معاہدے میں یورینیم ذخیرہ کی حد مقررکی گئی تھی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایک بیان میں کہاکہ اس کے معائنہ کاروں نے تصدیق کر دی ہے کہ تین سو کلو کی جو حد طے کی گئی تھی ایران نے اسے عبور کر لیا ہے۔

    دریں اثناء ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ جوہری معاہدے میں موجود ہے کہ کوئی فریق اپنے وعدوں پر عملدرآمد اس صورت میں جزوی یا مکمل طور پر بند کرسکتا ہے کہ اگر دوسرا فریق یا فریقین قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا پائِیں تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر یورپی ممالک اپنی ذمہ داریوں کا پاس کریں تو ایران کا یہ اقدام قابلِ واپسی ہے۔

    اگر یورپی ممالک اپنی ذمہ داریوں کا پاس کریں تو ایران کا یہ اقدام قابلِ واپسی ہے، جواد ظریف

    جواد ظریف کا کہنا تھا اگر یورپی طاقتوں نے ایرانی معیشت کو امریکی پابندیوں سے بچانے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے تو ایران دس دن میں یورینیم کی 3.67 فیصد کی حد سے زیادہ افزدوگی کا عمل شروع کر دے گا۔

    ایران کو کسی بھی سطح پر یورینیم کی افزودگی کی اجازت دینا ایک غلطی تھی، امریکہ

    دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ایران پر زیادہ دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے، ایران کو کسی بھی سطح پر یورینیم کی افزودگی کی اجازت دینا ایک غلطی تھی، برطانیہ اور جرمنی ایران سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ اپنا یہ فیصلہ واپس لے۔

    ایران کو اسے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے، یورپی اقوام

    یورپی اقوام نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اسے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے اور اس معاہدے کے تحت وہ پابندیاں بھی دوبارہ لگائی جا سکتی ہیں جو ایران کی جانب سے جوہری سرگرمیاں محدود کرنے پر اٹھائی گئی تھیں۔

    برطانیہ نے جو کہ اب بھی فرانس، جرمنی، چین اور روس کے ہمراہ اس جوہری معاہدے کا حصہ ہے، کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے آئندہ اقدامات کے بارے میں غور کر رہا ہے، وزیراعظم ٹریزا مے کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دنیا کو ایک محفوظ مقام بناتا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے جوہری ہتھیاروں سے مسلح ایران کا امکان رد ہو جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا ہم نے یہ بات متعدد بار واضح طور پر دہرائی ہے کہ ہماری جے سی پی او اے سے وابستگی ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے  سے منسلک ہے، جس کے تحت وہ اس معاہدے کی تمام شقوں پر عمل پیرا ہوں اور ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے اس فیصلے کو واپس لیں۔

    ایران کی جانب سے ایسا فیصلہ معاہدے کی سالمیت کو نقصان پہنچائے گا، اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفان ڈوجارک نے کہا کہ ایران کی جانب سے ایسا فیصلہ معاہدے کی سالمیت کو نقصان پہنچائے گا اور نہ ہی اس سے ایران کی عوام کو کسی قسم کا کوئی معاشی فائدہ ہوگا۔

    روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریاب کوو نے ایران کے فیصلہ پر تاسف کا اظہار کیا لیکن ساتھ ساتھ میں مزید کہا کہ اسے ڈرامائی شکل نہ دی جائے، ایران کی جانب سے ایسا فیصلہ کرنے کو اس پس منظر میں دیکھنا ضروری ہوگا کہ اس سے پہلے ہونے والے واقعات کیا تھے اور کیا وجہ بنی کہ ایران نے یہ قدم لیا۔

    ان کا کہنا تھا ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ یہاں ایک ملک کی تیل کی تجارت پر پابندی عائد کی جا رہی ہے اور ایک خود مختار ملک کو دبانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    اسرائیل کے وزیر اعظم بنیان نتن یاہو نے یورپی ممالک سے کہا کہ وہ ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کو بحال کریں جو جوہری معاہدے کا حصہ تھیں۔

    خیال رہے ایران کی جانب سے یہ قدم ایک ایسے موقع پر اٹھایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالات ویسے ہی کشیدہ ہیں اور ایران نے حال ہی میں آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا ہے، اس کے علاوہ امریکہ نے ایران پر تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کرنے کے الزامات بھی لگائے ہیں۔

  • نوبل انعام یافتہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی

    نوبل انعام یافتہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی

    اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ اور پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈی جی یوکیا امانو نے کی، ڈاکٹرعبدالسلام نوبل انعام حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں۔

    ڈاکٹرعبدالسلام کے مجسمے کو آئی اے ای اے ہیڈکواٹرز میں رکھا جائے گا، مجسمے کودوسرے مشہور سائنسدانوں کے مجسموں کیساتھ رکھا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالسلام دنیا میں سائنسی علم کی بنیاد کی وسعت پر یقین رکھتے تھے، ڈاکٹرعبدالسلام ایٹم کوامن کیلئے استعمال کرنے کے داعی تھے، ڈاکٹرعبدالسلام نیوکلیئر سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے سرگرم عمل رہے۔

    واضح رہے کہ جھنگ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979میں طبعیات میں گرانقدر تحقیق پر نوبل انعام سے نوازا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے بھی  انہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز کے اعزازات  سے نوازا گیا تھا۔

    ڈاکٹر عبدالسلام کو دنیا کی 36 یونیورسٹیوں نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں عطا کی تھیں اس کے علاوہ انہیں 22 ممالک نے اپنے اعلیٰ اعزازات سے نوازا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔