Tag: Ibrahim Raisi

  • ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت کی خبر نے غمزدہ کر دیا: وزیر خارجہ ترکیہ

    ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت کی خبر نے غمزدہ کر دیا: وزیر خارجہ ترکیہ

    اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت کی خبر نے انھیں غمزدہ کر دیا ہے۔

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے کہا ہم ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں، ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں سنتے ہی ایران سے رابطہ کیا گیا، اور ہم نے ایران کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ انھوں نے کہا ہم ایرانی قوم اور مرحومین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کرتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ یہ میرا پہلا دورہ ہے، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، ایک قریبی دوست اور برادر ملک، پاکستان اور ترکیہ عوام کے درمیان تاریخی دوستی ہے، اس دوستی میں ہم ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

    وزیر خارجہ ترکیہ نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی محل وقوع کے باعث اہم تزویراتی و جغرافیائی پوزیشن ہے، اور پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف بہت سی جانیں دی گئیں، پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں ہم نے پاک ترکیہ اعلیٰ سطح تزویراتی کونسل کے اجلاس کی تیاریوں پر بات کی۔

    انھوں نے کہا ہم نے غزہ کی صورت حال پر بات چیت کی ہے، پاکستان اور ترکیہ مسئلہ فلسطین کا پرامن حل چاہتے ہیں۔

    حاقان فدان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ان کی ملاقات مفید رہی ہے، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔

  • ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    صوبہ مشرقی آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کی خبر پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کی جانب سے اظہار تشویش، سلامتی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر شدید تشویش لاحق ہے، انہوں نے صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ دیگر تمام افراد کی سلامتی کی دعا کی۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی سلامتی کے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سربراہ یورپی کونسل شارل میشل نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبر کے بعد حالات کا نزدیک سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارو نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ افراد سلامتی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

    ترکی کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ حادثے کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔

    فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد کے اعلیٰ رہنما علی ابوشاہین نے اس موقع پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما عزت الرشق نے بھی صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں: ایرانی صدر

    پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں: ایرانی صدر

    اسلام آباد: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شرکت کی۔

    اس موقعے پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے خطاب میں کہا کہ پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کی سرزمین ہمارے لئے قابل احترام ہے، میں ایران کے سپریم لیڈر کی طرف سے پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں، دونوں کے درمیان تعلقات کے وسیع موقع ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم بہت کم ہے، اسے 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، ہم دہشتگردی، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کیلئے مل کر کام کریں گے۔

    خطاب میں انہوں نے کہا کہ بارڈر تجارت سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی ممکن ہے، بارڈر مارکیٹ سے تجارت کو فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، دونوں ممالک میں ثقافت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں جس کے لیے دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے، غزہ کے عوام کی بھرپور حمایت پر پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، غزہ اور فلسطین میں مظالم کیخلاف پاکستانی عوام کا ردعمل قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کا سلامتی کونسل اپنا کردار ادا نہیں کررہا، فلسطین میں مظالم، نسل کشی کیخلاف پاکستان کے مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اقوام عالم اور اقوام متحدہ کو فلسطین کے نہتے عوام کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی، غزہ کے مسلمانوں کو ایک دن اپنا حق اور انصاف ضرورت ملے گا۔