Tag: ICC Cricket World Cup

  • قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر سرفراز احمد کا اہم بیان سامنے آگیا

    قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر سرفراز احمد کا اہم بیان سامنے آگیا

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس تنقید کی زد میں ہے، ایسے میں سابق کپتان سرفراز احمد کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    قائد اعظم ٹرافی کا فائنل جیتنے کے بعد فاتح کپتان نے پاکستانی کی کاکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت قومی ٹیم توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپارہی یہ بات درست ہے مگر یہ ٹیم میں کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان نے موجودہ کھلاڑیوں اور کپتان کو حوصلہ دیتے ہوئے انھیں ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیا ہے۔

    قائد اعظم ٹرافی کی جیت کا کریڈٹ سرفراز احمد نے پوری ٹیم کو دیتے ہوئے کہا کہ لڑکوں اور مینجمنٹ سب کی محنت کے ساتھ کراچی چیمپئن بننے میں کامیاب ہواہے۔

    انھوں نے کہا کہ جہاں بھی موقع ملتاہے وہاں پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، خوش ہوں کہ میری پرفارمنس ٹیم کے کام آئی، ہم سب خوش نصیب ہیں کہ کراچی کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    سرفراز نے کہا کہ میں تو کرکٹرز سے کہتا ہوں کہ سلیکٹ ہونا یا نہ ہونا وہ آپ کے ہاتھ میں نہیں، کھلاڑی کا کام صرف اور صرف پرفارمنس دینا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ کی بحالی سے کراچی کی ٹیم کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ ڈومیسٹک کرکٹ ہی واحد راستہ ہے جہاں پرفارم کرکے آپ سلیکٹرز کی نظروں میں آتے ہیں۔

    صائم ایوب کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ ایسا پلیئر ہے جس نے ٹیسٹ کی طرز میں بھی خود کو منوایا ہے۔ اس نے انڈر 16، انڈر نائنٹین سے سفر کرتےہوئے پی ایس ایل میں خود کو ثابت کیا۔

    انھوں نے کہا کہ لیفٹ ہینڈ بیٹر میں بہت ٹیلنٹ ہے، اس کو جتنا سپورٹ کریں گے اتنا ہی بہتر گا۔عمیر بن یوسف نے بھی زبردست پرفارمنس دی ہے۔

  • ’’آپ مانیں یا نہ مانیں قومی کرکٹ ٹیم ون یونٹ نہیں ہے!‘‘ہوشربا انکشاف

    ’’آپ مانیں یا نہ مانیں قومی کرکٹ ٹیم ون یونٹ نہیں ہے!‘‘ہوشربا انکشاف

    عالمی کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اب تک جس طرح کی پرفارمنس رہی ہے اس پر بہت سارے سوالات اٹھ رہے ہیں، اب ٹیم میں اختلافات کی خبریں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے شعیب جٹ کا کہنا تھا کہ آپ مانیں نہ مانیں آپ ون یونٹ نہیں ہیں جب آپ ون یونٹ نہیں ہونگے تو پھر آپ کیسے پرفارم کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ کل کپتان نے جو بات کی ہے اگر اسے سمجھیں تو بڑی خوفناک بات کی ہے، وہ کپتان ہے پریس کانفرنس میں تو آکر نہیں بتائے گا کہ کیا بات چل رہی ہے۔ اب ڈھکے چھپے الفاظ میں بات باہر آنا شرو ہورہی ہے۔

    شعیب نے کہا کہ سچ بڑا کڑوا ہے، ہمارے تمام لیجنڈز ٹیم کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں بڑی اچھی بات ہے لیکن پاکستان ٹیم کے ساتھ ماہر نفسیات بھی ہے جو انھیں جوش دلاتا ہے مگر کچھ اچھا نہیں ہورہا ایسا اس لیے نہیں ہورہا کہ آپ ون یونٹ نہیں ہیں۔

    ہم مثال دیتے ہیں کہ نیدرلینڈز بڑا اچھا کھیل رہی تھی اس نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی، مگر افغانستان کی بھی مثال لے لیں وہ ون یونٹ ہے۔

    پروگرام میں مزید ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ میں غلط بیانی کررہا ہوں مگر جو چیزیں باہر آرہی ہیں وہ آپ دیکھ لیں، کپتان کیا کہہ رہے ہیں اگر ایک کھلاڑی جو پروفیشنل ہے اس کا فوکس آنے والی گیند پر نہیں ہے کہیں اور ہے تو وہ کہیں اور کیا ہے۔

    سب کے دماغ منتشر ہیں، اگر اتحاد نہیں ہو گا تو آپ کیسے جیتیں گے۔ آنے والے چار میچز میری بھی خواہش ہے کہ جیتیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ آپ اس میں سے ایک میچ بھی جیت جائیں تو بہت بڑی بات ہوگی۔

    شعیب جٹ نے کہا کہ کڑوا سچ اس لیے بول رہا ہوں کہ جیتنے کے لیے متحد ہونا بہت ضروری ہے، بابر اعظم کے میچ کے بعد دیے جانے والے بیان سے مجھے تو سب ٹھیک نہیں لگ رہا۔

  • پی سی بی نے آئی سی سی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا

    پی سی بی نے آئی سی سی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا

    بھارت میں منعقد ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی نے آئی سی سی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ پاکستانیوں کو بھارتی ویزے نہ ملنے آئی سی سی اپنی خاموشی توڑے اور معاملے کا نوٹس لے۔ پاکستانی شائقین اب تک ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کے لیے پڑوسی ملک جانے سے محروم ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئی سی سی پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو بھارتی ویزے نہ ملنے کا نوٹس لے۔

    پی سی بی کی جانب سے پاک بھارت میچ کے دوران قومی ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک کی بھی نشاندہی کی۔احمدآباد میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی شائقین کے نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

    کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کے دوران احمد آباد کے نریندر موودی کرکٹ اسٹیڈیم میں محض دوچار پاکستانی شائقین ہی موجود تھے۔

    پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین اور میڈیا ورکرز کو بھارتی ویزوں کے اِجرا میں ٹال مٹول پر تشویش ہے۔

  • ٹائیگر 3 کی کامیابی کے لیے ورلڈکپ کو استعمال کرنے کا فیصلہ

    ٹائیگر 3 کی کامیابی کے لیے ورلڈکپ کو استعمال کرنے کا فیصلہ

    یش راج فلمز نے ٹائیگر تھری کو کامیاب بنانے کے لیے دلچسپ فیصلہ کیا ہے، آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے دوران منفرد طریقے سے فلم کی تشہیر کی جائے گی۔

    بھارت میں منعقد ہونے والے شوپیس ایونٹ کے میچز کے دوران بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اپنی فلم ٹائیگر 3 کو پرموٹ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ورلڈ کپ میں پہلی بار کسی فلم کی تشہیری مہم کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلمان خان اپنی ایکشن سے بھرپور فلم ٹائیگر 3 کی تشہیر کے لیے کچھ پروموز شوٹ کروائے ہیں جو بھارت کے میچز سے قبل اسکرین پر دکھائے جائیں گے۔

    اسی انداز کو اپناتے ہوئے 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ کے دوران بھی سلمان خان ٹائیگر کے اوتار میں نظر آئے تھے۔ میچ سے قبل ٹائیگر تھری کا پرومو بھی جاری کیا گیا تھا جسے شائقین نے کافی پسند کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ریلیز سے قبل ہی ’ٹائیگر کا پیغام‘ مداحوں کی دھڑکنیں تیز کرچکا تھا جبکہ آج 16 اکتوبر کو فلم کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا ہے جس کا شائقین کو بےصبری سے انتظار تھا۔

    بھارت میڈیا رپوٹس کے مطابق یش راج کے بینز تلے بننے والی سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 کو اسی سال دیوالی پر ریلیز کیا جائے گا جب کہ خبروں کے مطابق اس میں شاہ رخ خان بھی ایک چھوٹے سے کیمیو رول میں نظر آئیں گے۔

  • پاک بھارت میچ سے قبل جعلی ٹکٹوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

    پاک بھارت میچ سے قبل جعلی ٹکٹوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

    ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے ٹکٹوں کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ جعلی ٹکٹ بیچنے والے بھی اس موقع سے پورا فائدہ اٹھانے کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔

    میچ سے کچھ دن قبل احمدآباد میں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے مقابلے کی جعلی ٹکٹیں فروخت کی جارہی ہیں۔ پولیس نے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے ریکٹ کے چارکارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جعلی ٹکٹس کو 25 گنا مہنگا فروخت کیا جارہا ہے جب کہ احمدآباد میں ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی 4 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے

    بھارتی ریلوے نے ممبئی اور احمدآباد کے درمیان 2 سپر فاسٹ ٹرین چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ میچ والے دن احمدآباد شہر کو نو ڈرون زون قرار دیا گیا، پاک بھارت میچ کے دن شہر میں ڈرونز کے اڑانے پر مکمل پابند ی لگائی گئی۔

    بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ میچ والے دن 11 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ حفاظتی اقدمات کو بہترین بنایا جاسکے۔

    بھات میں منعقدہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ترین میچ 14 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے شائقین کی بے تابی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

  • پاک بھارت مقابلہ: اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

    پاک بھارت مقابلہ: اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

    پاکستان اور بھارت کے اہم ترین مقابلے سے قبل احمدآباد اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم پولیس کی گرفت میں آگیا۔

    بھارتی پولیس نے بی سی سی آئی کو بذریعہ ای میل دھمکی دینے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے، اس نے 14 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔

    سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی اسٹیڈیم میں دھماکے سے متعلق دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے ایک شخص کو راجکوٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    احمد آباد کی کرائم برانچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی شناخت کرن ماوی کے نام سے کر لی گئی ہے۔

    کرائم برانچ کے حکام نے بتیا کہ ملزم کو انڈین پینل کوٹ کی دفعہ 505 (1) بی اور 506 (2) کے تحت گرفتار کیا گیا جب کہ کرن مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کا رہائشی ہے۔

    پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کو 2018 میں ریپ کیس اور انسانی اسمگلنگ کے الزام میں بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • پاکستانی صحافیوں کو ویزا نہ دینے پر بھارتی جرنلسٹ مودی حکومت پر برہم

    پاکستانی صحافیوں کو ویزا نہ دینے پر بھارتی جرنلسٹ مودی حکومت پر برہم

    بھارت کے نامور صحافی راج دیپ سردیسائی نے مودی حکومت کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کو ویزا نہ دینے کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔

    راج دیپ کی جانب سے اس عمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جب پاکستان کی ٹیم بھارت میں عالمی کپ کھیلنے کے لیے موجود ہے تو ایسا کوئی جواز نہیں بنت کہ پڑوسی ملک کے صحافیوں کو ویزا دینےسے انکار کیا جائے۔

    بھارتی جرنلسٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ اچھے میزبانوں والا رویہ اپنائیں، صحافی کیوں سیاسی دنگل کاشکار ہوں؟ لگے ہاتوں بھارتی صحافی نے پاکستان سے بھی درخواست کی کہ میں مستقبل میں اسلام آباد سے بھی ایسی ہی توقع رکھوں گا۔

    خیال رہے کہ پاکستانی صحافیوں کے ویزوں کا معاملہ اب تک حل نہیں ہوسکا ہے، پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف نے پاکستانیوں کو کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارتی ویزے جاری نہ ہونے پر سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے رابطہ کیا تھا۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے پاکستانی ایمبیسی کے ذریعے بھارتی وزارت داخلہ سے رابطہ کرنےکی درخواست کی ہے تاکہ معاملہ حل کیا جاسکے۔

  • بھارت کو ہرانے کا آسٹریلوی ارمان ادھورا رہ گیا، میزبان چھ وکٹوں سے فتحیاب

    بھارت کو ہرانے کا آسٹریلوی ارمان ادھورا رہ گیا، میزبان چھ وکٹوں سے فتحیاب

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت کو ہرانے کا آسٹریلوی ارمان ادھورا رہ گیا، میزبان نے کینگروز کو با آسانی 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

    تفصلات کے مطابق ایک مرحلے پر بھارت کے محض دو رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور ٹیم مشکلات کا شکار نظر آرہی تھی۔ تاہم کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں فتح بھارت کی جھولی میں ڈال دی۔

    کوہلی 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ راہول 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے آخر تک کریز پر موجود رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 200 رنز کا ہدف بھارت نے 42 ویں اوور میں پورا کیا۔

    روہت شرما، ایشان کشن اور سریاش آئیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ ہاردک پانڈیا 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جوش ہیزل وڈ نے 38 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

    اس سے قبل چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی بولرز کے سامنے آسٹریلوی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے ۔ کینگروز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 199 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

    کینگروز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 46 اور ڈیوڈ وارنر 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی طرف سے رویندر جڈیجہ نے3 جب کہ کلدیپ یادو اور بمراہ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

    میچ میں آسٹریلین بولرز کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے والے بھارتی بیٹر کے ایل راہول کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

  • بھارتی بورڈ نے پاک بھارت میچ سے اپنی تجوری مزید بھرنے کا فیصلہ کرلیا

    بھارتی بورڈ نے پاک بھارت میچ سے اپنی تجوری مزید بھرنے کا فیصلہ کرلیا

    بی سی سی آئی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر کو شیڈول میچ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی بورڈ نے میچ کے مزید ٹکٹس بیچنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں 7 سال بعد منعقد ہونے والے پاک بھارت میچ سے اپنی تجوری کو مزید بھرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میچ کے ذریعے بی سی آئی اپنی دولت میں مزید اضافہ چاہتا ہے اس لیے ہزاروں کی تعداد میں مزید ٹکٹس فروخت کیے جائیں گے۔

    روایتی حریفوں کے درمیاں ہونے والے میچ کیلئے مزید 14 ہزار ٹکٹس فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوگی۔

    احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا بڑا میچ 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ احمد آباد میں تعمیر کیا جانے والا اسٹیڈیم جو کہ بھارتی وزیراعظم کے نام سے منسوب ہے دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ گراؤنڈ بھی ہے۔

  • چنئی: بھارتی بیٹرز کو آؤٹ ہوتا دیکھ کر کراؤڈ کو سانپ سونگھ گیا!

    چنئی: بھارتی بیٹرز کو آؤٹ ہوتا دیکھ کر کراؤڈ کو سانپ سونگھ گیا!

    آسٹریلوی بولر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بھارتی ٹاپ آرڈر ڈھیر ہوگیا، میزبان بیٹرز کو لگاتار آؤٹ ہوتا دیکھ کر چنائی کے کراؤڈ کو سانپ سونگھ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں آسٹریلیا اور بھارت آج ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، میزبان سائیڈ کینگروز کی جانب سے دیے گئے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کے لیے آئی تو اس کے بیٹرز فوراً ہی پویلین لوٹنا شروع ہوگئے۔

    ایشان کشن، روہت شرما اور شریاس آئیر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ اس طرح لگاتار وکٹیں گرتی دیکھ کر بھارتی کرائوڈ کو چپ لگ گئی، جس سے آئی سی سی کی انتظامیہ بھی محظوظ ہوئے بنا نہ رہ سکی اور اس کی ویڈیو شیئر کردی۔

    https://fb.watch/nyqcHNEhvG/?mibextid=Nif5oz

    اس وقت ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کریز پر موجود ہیں جبکہ بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز اسکور کرلیے ہیں۔

    واضح رہے کہ چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں بھارت کے خلاف آسٹریلوی بیٹرز ناکام ہوگئے اور پوری ٹیم 199 رنز پر ڈھیر ہو گئی.

    ڈیوڈ وارنر کو 41 اور اسٹیو اسمتھ 46 رنز بنا کر نمایا رہے تھے، بھارت کی جانب راویندرا جدیجہ نے3 اور کلدیپ یادو اور بمراہ نے 2، 2وکٹیں لیں۔