Tag: ICC WORLD CUP 2019

  • ورلڈ کپ فائنل کا نتیجہ درست نہیں تھا، مشکل میں پڑگیا ہوں، انگلش کپتان آئن مورگن

    ورلڈ کپ فائنل کا نتیجہ درست نہیں تھا، مشکل میں پڑگیا ہوں، انگلش کپتان آئن مورگن

    لندن : ورلڈ کپ کی فاتح انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے کہا ہے کہ نتیجہ شفاف اور درست نہیں تھا میں جیت کر بھی مشکل میں پڑ گیا ہوں، کیوی کپتان ولیمسن بھی حیران ہیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، ورلڈ کپ کا فائنل تو سب کو پسند آیا لیکن نتیجہ کسی کی سمجھ میں نہیں آیا۔ خود انگلش ٹیم کے فاتح کپتان مورگن نے بھی سوال اٹھا دیا۔

    عالمی کپ کی فاتح انگلینڈ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے فائنل کے نتیجے پر سوال اٹھا دیا ان کا کہنا ہے کہ میچ کا نتیجہ فیئر نہیں۔ ٹائمز کو انٹرویو میں مورگن نے کہا نتیجہ شفاف اور درست نہیں تھا میں جیت کر بھی مشکل میں پڑ گیا ہوں اور ہارنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہوتا۔

    ایک سوال کے جواب مین ان کا کہنا تھا کہ نہیں بتا سکتا کہ ہم کہاں جیتے اور نیوزی لینڈ کہاں ہارا؟؟ یہ بھی نہیں بتا سکتا دونوں ٹیموں میں کیا فرق تھا، مورگن نے کہا اس سلسلے میں حریف کپتان ولیمسن سے کئی دفعہ بات کی وہ بھی حیران ہیں۔

    مورگن نے انکشاف کیا تماشائیوں میں ایک شخص کو دل میں درد ہوا لیکن اس نے طبی امداد سپر اوور کے بعد ہی لی۔ اس وقت سب پاگل پن میں مبتلا تھے۔

    مزید پڑھیں: اسٹوکس نے سپر اوور سے پہلے کہا ہم جیت چکے، جوفرا آرچر

    واضح رہے کہ عالمی کپ2019کے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے سو اوورز کے بعد میچ برابر رہا اور اس کے بعد سپر اوور بھی برابر رہا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کو زیادہ باؤنڈریز مارنے پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔

  • انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    لندن: انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا، نیوزی لینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، سپر اوور میں میچ برابر ہونے پر زائد باؤنڈریز پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا، بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، کیوی کپتان ولیم سن پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، سپر اوور میں بھی میچ 15،15 رنز سے برابر ہوا تو انگلش ٹیم کو اننگز میں زائد باؤنڈریز پر فائنل کا فاتح قرار دیا گیا، نیوزی لینڈ کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں جیت کے لیے 16 رنز کا ہدف دے دیا، نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنا سکی، آخری ایک بال پر دو رنز درکار تھے جب جمی نیشم اور مارٹن کپٹل نے دو رنز لینے کی کوشش کی اور گپٹل رن آؤٹ ہوئے۔

    اس سے قبل نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا آخری گیند پر انگلش کھلاڑی مارک ووڈ رن آؤٹ ہوئے اور میچ برابر ہوگیا جس کے سبب میچ کا فیصلہ سپر اوور پر کیا گیا۔

    انگلش ٹیم کی جیت میں بین اسٹوکس اور جوز بٹلر نے اہم کردار ادا کیا، بین اسٹوکس نے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جوز بٹلر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے 17، جونی بیرسٹو 36 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جو روٹ اور اوئن مورگن نے 7 اور 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کرس ووکس 2 رنز بنا کر فرگیوسن کا نشانہ بنے، لیام پلنکٹ کو 10 رنز پر جمی نیشم نے آؤٹ کیا، جوفرا آرچر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عادل رشید اور مارک ووڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولر فرگیوسن اور جمی نیشم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہینری اور گرینڈ ہوم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا، لیام پلنکٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گری جب مارٹن گپٹل 19 رنز بنا کر ووکس کا نشانہ بنے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن 30 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے، ہینری نکولس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، روس ٹیلر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جمی نیشم 19 رنز بنا کر پلنکٹ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر ووکس کو وکٹ دے بیٹھے، وکٹ کیپر ٹام لیتھم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میٹ ہینری 4 رنز بنا کر آرچر کا نشانہ بنے۔

    انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے دو جبکہ جوفرا آرچر اورمارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔

    انگلینڈ کی ٹیم اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل تھا۔ لارڈز میں 1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • ورلڈ کپ : بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آج نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی

    ورلڈ کپ : بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آج نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی

    لندن : آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آج (اتوار) کے میچ میں نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کی سرکاری اسپانسرکٹ نے جرسی کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے چونکہ میزبان ٹیم انگلینڈ کی جرسی کا رنگ بھی نیلا ہے جس کی وجہ سے جرسی کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

    آج اتوار کے روز بھارتی ٹیم برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں پہلی مرتبہ نئی جرسی پہن کرکھیلے گی۔جرسی بنانے والی کمپنی کے مطابق اوے کٹ یا نئی جرسی کا ڈیزائن نوجوانوں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے جوش اور عزم سے متاثر ہو کررکھا گیا ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی روایتی آسمانی رنگ کی جرسی کے بغیر نئی جرسی پہن کر کھیلے گی، جرسی کا رنگ پہلے کے مقابلے زیادہ گہرا ہے اور اس میں نارنجی رنگ بھی موجود ہے۔

    دوسری جانب نئی کٹ کی ایک خاص وجہ یہ بھی ہے کہ یونیسیف جو کہ اقوام متحدہ کا وہ ادارہ ہے جو بچوں کے حقوق کے لیے کام کرتا ہے اس ادارے کی جانب سے ایک مہم چلائی جا رہی جس میں بچوں کے لیے فنڈ جمع کیا جارہا ہے۔

    انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے مطابق نئی کٹ یونیسیف کی مہم کے توسط سے پہنی جارہی ہے جس کے لیے ون ڈے فار چلڈرن کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جارہا ہے۔

    کٹ کو جدید تقاضوں کے عین مطابق بنایا گیا ہے جب کہ اس میں موجود سویٹ زون پسینے کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جرسی کو بے حد ہلکا پھلکا رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو سانس لینے میں بھی آسانی ہو۔

  • پاکستان اور سری لنکا کا میچ منسوخ : دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا

    پاکستان اور سری لنکا کا میچ منسوخ : دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا

    برسٹل : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا، شدید بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق برسٹل گراؤنڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ مسلسل بارش کے باعث انتظامیہ نے منسوخ کردیا۔

    میچ منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ میں ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا، ورلڈ کپ کا گیارہواں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم اب اس کی منسوخی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق آج برسٹل میں رات تک مسلسل بارش ہوگی، دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی دو میں سے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

    پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ورلڈکپ میچز میں اب تک 7 بارآمنےسامنے آئے ہیں اور پاکستان نے ساتوں میچزمیں سری لنکا کو شکست دی ہے ، تاہم آج برسٹل میں تیز بارش کے سبب میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، میگا ایونٹ آج شروع ہوگا

    ورلڈ کپ 2019 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، میگا ایونٹ آج شروع ہوگا

    لندن: انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، ورلڈ کپ 2019 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نے شائقین کے دل جیت لیے، کرکٹ کا سب سےبڑا میلہ آج  شروع ہوگا.

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب لندن میں منعقد ہوئی، انٹرنیشنل کرکٹ اسٹارز اور نامورشخصیات بکنگھم پیلس کے سامنے مال میں اکٹھی ہوئیں، عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی.

    ورلڈ کپ کا آفیشل اینتھم گانے والا مشہور زمانہ روڈی مینٹل بینڈ تقریب میں چار چاند لگائے۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس موقع پر ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کی،  خصوصی تصویر  بھی بنوائی گئی۔

    تمام ٹیموں کے کپتان اسٹیج پر  آئے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، انگلش کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ہم ایونٹ کےلئےبہت پرجوش ہیں،  ویرات کوہلی ہمارےانگلینڈمیں بےشمارفینز ہیں، جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے کپتان نے بھی جیت کی امیدوں کا اظہار کیا۔

    برطانیہ میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا، نوٹنگھم میں کرکٹ سٹی قائم ہوگئی، نان اسٹاپ ایکشن آج شروع ہوگا۔ پہلا مقابلہ انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔ پاکستان پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا.

  • کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

    کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

     اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی اور یہ میچ  ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔  کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا۔

     پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، گرین شرٹس دوسرا میچ 3 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹول میں کھیلے گی۔

     پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ عالمی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ٹاؤنٹن میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گی، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گی، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی۔

    آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائےگا جس میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

     پی سی بی نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کے لئے سخت ضابطہ اخلاق تیار کیا ہے، دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کے پرائیوٹ فنکشنزپرجانے پرپابندی ہوگی، کھلاڑیوں کے غیرمتعلقہ افراد سے ملنے پرمکمل پابندی عائد کی جائے گی، کھلاڑی عزیز واقارب سے ملاقات کے لئے بھی انتظامیہ کی اجازت کے پابند ہوں گے۔

    کھلاڑی اپنے ایجنٹس کی فہرست بھی فراہم کرنے کے پابندہوں گے۔ میڈیا منیجر کی غیرموجودگی میں کھلاڑیوں کے انٹرویوز دینے پرپابندی ہوگی، کھلاڑی غیر متعلقہ شخص کے رابطے پر ٹیم منیجر کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

    ٹورنامنٹ کے حوالے سے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا ہے پوری تیاری کے ساتھ ورلڈکپ کے لئے جارہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈکپ جیت کر پاکستان کے لئے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں جبکہ مکی آرتھر نے کہا دوسال سے ورلڈکپ کی تیاری کررہے ہیں پہلی کوشش ہوگی کہ ٹاپ فور میں کوالیفائی کریں۔

  • ورلڈکپ 2019 : آسٹریلوی ہیڈ کوچ کی میکسوئل کو کپتان بنانے میں دلچسپی

    ورلڈکپ 2019 : آسٹریلوی ہیڈ کوچ کی میکسوئل کو کپتان بنانے میں دلچسپی

    سڈنی: دنیا بھر میں کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی تیاریاں عروج پر جاری ہیں، تمام ٹیموں نے ٹرافی حاصل کرنے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرنا شروع کردی۔

    چار بار ورلڈکپ کی فاتح ٹیم آسٹریلیا اس بار بھی کرکٹ کی دنیا میں حکمرانی کے خواب دیکھ رہا ہے مگر انہیں ابھی کپتان منتخب کرنے کا مسئلہ درپیش ہے۔

    آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کھلاڑی مچل جونسن نے اعلان کیا ہے کہ ہماری ٹیم اس بار ورلڈ کپ کے لیے محنت کرے گی اور ہم ہی 2019 کا کپ لے کر آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: کرکٹ‌ ورلڈکپ 2019 ٹرافی کی تقریب رونمائی، محمد عرفان نے اعزاز حاصل کرلیا

    اُن کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت کا مسئلہ درپیش ہے مگر اس کے لیے سوچ بچار شروع کردی گئی، ٹیم مینیجمنٹ اور کھلاڑیوں کی رائے کے مطابق کپتان کے نام پر غور شروع کردیا گیا۔ مچل جونسن کا کہنا تھا کہ اب تک کپتان کے لیے گلین میکسوئل ہی سب سے بہترین انتخاب کے طور پر سامنے آئے اور وہی ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’میکسوئل میں وہ صلاحیت موجود ہے جس سے ہمیں استفادہ کرنا چاہیے، وہ نہ صرف ابھرتا ہوا کھلاڑی ہے بلکہ ٹیم کو فتح یاب بھی کروائے گا، میری نظر اور رائے کے مطابق اُسی کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا کپتان مقرر کیا جائے گا‘۔

    ہیڈ کوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اب ہمارے پاس وقت بہت کم ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے مقابلے 30 مئی 2019 سے شروع ہوجائیں گے، سلیکٹرز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا، ہم جلد کپتان کا اعلان بھی کریں گے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈکپ2019 : ٹکٹوں کی آن لائن غیرقانونی فروخت، انتظامیہ کا ایکشن

    مچل جونسن کا کہنا تھا کہ ’میکسوئل نے بھارت کے ساتھ ہونے والی سیریز میں قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا علاوہ ازیں اُس نے بی پی ایل میں بھی ایسا کھیل پیش کیا جو ایک کپتان ہی کرسکتا ہے’۔

  • آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2019کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2019کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی

    لاہور : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2019کی ٹرافی دنیا کے دورے کے دوران سری لنکا سے ہوتی ہوئی آج پاکستان پہنچے گی، ورلڈکپ ٹرافی3سے8اکتوبر تک پاکستان میں رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی سری لنکا سے ہوتی ہوئی آج پاکستان پہنچے گی، پاکستان میں چھ روز قیام کے دوران پہلے لاہور پہنچے گی۔

    شیڈول کے مطابق ٹرافی تین اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم سے ٹورازم ڈبل ڈیکر بس پر دوپہر ڈیڑھ بجے شہر کا چکر لگائے گی۔ چار اکتوبر کو ٹرافی کو پہلے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لے جایا جائے گا۔

    فوٹو سیشن کے لئے ٹرافی کو واہگہ بارڈر اور پھر شوکت خانم اسپتال لے جایا جائے گا۔ پانچ اور چھ اکتوبر کو ٹرافی کو اسلام آباد اور پھر سات اور آٹھ اکتوبر کو کراچی میں مختلف مقامات پر لے جایا جائے گا، جس کے بعد ٹرافی کو بنگلہ دیش کے لئے روانہ کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 30مئی سے14جولائی2019تک انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہوگا، پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی 3اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی

    میگا ایونٹ ٹرافی کے عالمی ٹوور کا آغاز آئی سی سی ہیڈ کوارٹر سے27اگست سے ہوا تھا، نو ماہ کے دوران ورلڈ کپ کی ٹرافی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے علاوہ دیگر گیارہ ممالک میں بھی جائے گی، جس میں نیپال ، امریکہ اور جرمنی بھی شامل ہیں۔