Tag: ICC

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    اوول: ورلڈ کپ 2019 کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے دی، جوفرا آرکر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 312 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 39.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈی کوک نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

    جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب مرکرام 11 رنز پر بنا کر جوفرا آرکر کا نشانہ بنے، کوئن ٹن ڈی کوک 68 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جوفرا آرکر کی خطرناک باؤنسر لگنے کے بعد ہاشم آملہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور جب دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے تو صرف 13 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔

    کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 5 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے، وینڈر ڈوسن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرکر نے معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، جے پی ڈومینی 8 رنز بنا کر معین علی کا شکار بنے۔

    پری ٹوریس 1 رن پر رن آؤٹ ہوئے، فلک وایو 24 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، ربادا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمران طاہر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    انگلیںڈ کے جوفرا آرکر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پلنکٹ اور لیام پلنکٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور عادل رشید کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ورلڈ کپ 2019 کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دے دیا، لنگی نگیڈٰی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گر گئی جب بریسٹو بغیر کوئی رن بنائے عمران طاہر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے۔

    بریسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد جو روٹ اور جیسن رائے نے ذمہ دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 107 رنز تک پہنچایا، جیسن رائے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جو روٹ 51 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی انہیں عمران طاہر نے آؤٹ کیا، بین اسٹوکس نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بٹلر 18 رنز بنا کر نگیڈی کا شکار بنے۔

    معین علی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کرس ووکس 13 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے، لیام پلنکٹ 9 اور جوفرا آرکر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقہ کے لنگی نگیڈی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عمران طاہر اور فاسٹ بولر کیگسو ربادا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں آئی سی سی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ اوول گراؤنڈ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں جنوبی افریقہ کو فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں ہیں، وہ زخمی ہونے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن کے مطابق ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیت کر کرکٹ میں حیران کن کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر یا کم فیورٹ کے طور پرشامل ہوں لیکن ہمیں گراؤنڈ میں جا کر کرکٹ کھیلنی ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کارکردگی دکھانی ہے۔

    اس جیتنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے باؤلرز ہیں، ہاشم آملہ کا رنز کرنا خوش آئند ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیے جانے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • آئی سی سی ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کا ٹاکرا آج ہوگا

    آئی سی سی ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کا ٹاکرا آج ہوگا

    لندن : آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلہ آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کا ٹاکرا آج ہوگا دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے اوول میں کھیلا جائے گا۔

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں جنوبی افریقہ کو فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، وہ زخمی ہونے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن کے مطابق ہوم گراؤنڈ میں ورلڈکپ جیت کرکرکٹ میں حیران کن کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے کہا کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر یا کم فیورٹ کے طور پرشامل ہوں لیکن ہمیں گراؤنڈ میں جا کرکرکٹ کھیلنی ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کارکردگی دکھانی ہے۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستان وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • آئی سی سی کا ورلڈکپ 2019 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

    آئی سی سی کا ورلڈکپ 2019 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

    دبئی : آئی سی سی نے ورلڈکپ دو ہزار انیس کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، آفیشلز میں سولہ امپائر اور چھ میچ ریفریز شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کے لیے آفیشلزکااعلان کردیا گیا ، دنیا بھر سے 22 میچ آفیشلز ورلڈکپ سپروائزکریں گے، میچ آفیشلزمیں16امپائر،6ریفریزشامل ہیں۔

    پاکستان کےعلیم ڈار پانچویں بارعالمی کپ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، رانجن مدوگالے سب سے زیادہ چھٹی بار ورلڈکپ پینل میں شامل ہیں۔

    ایان گولڈ کا چوتھا اور آخری ورلڈکپ ہوگا، جس کے بعد وہ ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ میچ ریفریز میں کرس براڈ، ڈیوڈ بون ،اینڈی کرافٹ، جیف کرو،رانجن مدوگالے اور رچی رچرڈسن شامل ہیں۔

    امپائرز میں کمار دھرماسینا، ماریس ایرسمس،کرس گفانے ، ،رچڑد ایلنگورتھ، رچرڈ کیٹل برح،نیل لانگ،برس اوکسنفورڈ،سندارام روی،پال رائیفل،رڈ ٹکر،جول ولسن، مائیکل گف،پال ولسن اور روچیرا پالیا گوروگے شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں :  کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

    خیال رہے ورلڈ کپ کا آغاز برطانیہ میں  30 مئی کو جنوبی افریقا اور میزبان انگلینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی اور یہ میچ  ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔  کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا۔

    یاد رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا، ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، جنید خان، محمد حسنین شامل ہیں۔

  • کرکٹ کو کرپشن سے بچانے کا عزم، آئی سی سی کی بکیز کے خلاف نئی حکمت عملی

    کرکٹ کو کرپشن سے بچانے کا عزم، آئی سی سی کی بکیز کے خلاف نئی حکمت عملی

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ سے کرپشن کو ختم کرنے کے لیے انٹرپول کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کردیا۔

    آئی سی سی کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق انٹرپول کے ساتھ کام کرنے سے میچز میں ہونے والی کرپشن کو روکنے میں مدد ملے گی اور بکیز کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جاسکے گا۔

    اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت آئی سی سی کو دنیا کے 194 ممالک میں انٹرپول کی خدمات دستیاب ہوں گی، کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والا بکی کہیں بھی ہوگا تو اُس کو آرام سے حراست میں لیا جاسکے گا۔

    آئی سی سی اور انٹرپول کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرکٹ جیسے کھیل کو کرپشن سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں سب کو اقدامات بھی نظر آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی کو 10 سال کی سزا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کے عہدیدار لیکس مارشل نے انکشاف کیا تھا کہ میچ فکسنگ اور کھلاڑیوں کو خریدنے والے اکثر بکیز کا تعلق بھارت سے ہے۔

    اینٹی کرپشن یونٹ کے مینجر یومارشل کا کہنا تھا کہ پاکستانی لیگ اسپینر دنیش کنیریا کی جانب سے میچ فکسنگ کا اعتراف اور اس کے پیچھے چھپے بکی کو سامنے لانا میرے لیے کوئی نئی بات نہیں کیونکہ سنہ 2000 میں پہلی بار جب میچ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا تو اُس کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہاکثر بکیز کا تعلق بھارت سے ہی ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ دو برس قبل (2017) میں سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوران عرفان نامی بکی نے تیسرے میچ سے قبل سرفراز حمد سے رابطے کی کوشش کی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بکی کی پیش کش کے بعد پی سی بی حکام کو تفصیلات فراہم کیں جس کے بعد یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل تک پہنچا۔

    اسے بھی پڑھیں: میچ فکسنگ میں‌ ملوث بکیز کی کثیر تعداد کا تعلق بھارت سے ہے، آئی سی سی کا انکشاف

    آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا تو بکی کی شناخت عرفان انصاری کے نام سے ہوئی تھی جسے متحدہ عرب امارات کی اہم شخصیت سمجھا جاتا تھا۔ تحقیقات کرنے والون نے بکی سے معاملے پر تعاون کی درخواست کی تو اُس نے صاف انکار کردیا تھا۔ اینٹی کرپشن یونٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران پینل کے ججز کو میچ فکسنگ کی پیش کش کے حوالے سے شواہد پینل کے سامنے پیش کیے گئے تھے۔

    تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے رواں سال 28 فروری کو طاقتور بکی عرفان انصاری پر 10 سال کی پابندی عائد کی تھی۔

  • پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستان کی مشکلات میں‌ اضافہ، آئی سی سی نے جرمانہ عائد کر دیا

    پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستان کی مشکلات میں‌ اضافہ، آئی سی سی نے جرمانہ عائد کر دیا

    دبئی: آسٹریلیا کے ہاتھوں لگاتار چار میچز ہارنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں‌مزید اضافہ ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان آسٹریلیا سیریز کے چوتھے ون ڈے میں‌ پاکستان نے فتح‌ پلیٹ میں رکھ کر آسٹریلیا کو پیش کر دی تھی.

    عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی، عمر اکمل 7 اور عماد وسیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    البتہ پریشانیوں کی کہانی یہیں تمام نہیں ہوتی، اب سلو اوورریٹ پر بھی قومی کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد ہوگیا ہے.

    آئی سی سی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کو سلواوورریٹ پرجرمانہ کیا گیا، کھلاڑیوں کومیچ فیس کا10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے.

    چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    پاکستان کرکٹ ٹیم نےمقررہ وقت میں ایک اوورکم کیا تھا، جس کی وجہ سے یہ جرمانہ کیا گیا. کپتان عمادوسیم کو سلو اوور ریٹ پرمیچ فیس کا20 فی صد جرمانہ ہوگیا.

    خیال رہے کہ سیریز میں کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا گیا اور شعیب ملک کو کپتانی سونپی گئی، البتہ تین میچز کے بعد وہ ان فٹ ہوگئے، جس کے بعد عماد وسیم نے کپتانی کی. ٹیم ذرائع کے شعیب ملک کی آخری میچ میں شرکت بھی مشکوک ہے.

  • آؤٹ یا ناٹ آؤٹ؟ کرکٹ‌ شائقین تذبذب کا شکار، آئی سی سی نے فیصلہ سنا دیا

    آؤٹ یا ناٹ آؤٹ؟ کرکٹ‌ شائقین تذبذب کا شکار، آئی سی سی نے فیصلہ سنا دیا

    دبئی: دنیا بھر میں کرکٹ کی دیوانگی کوئی نئی بات نہیں اس بات کا عملی مظاہرہ اُس وقت دیکھنے میں آیا کہ جب ٹینس بال سے کھیلنے والے کھلاڑیوں نے آئی سی سی سے ایک انوکھے آؤٹ پر مدد طلب کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانیوں کا کرکٹ جنون کسی سے ڈھکا چھپا نہیں حتیٰ کہ گلی محلوں میں کھیلنے والے کھلاڑی بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت میچز کا انعقاد کرتے ہیں۔

    آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک تصویر شیئر کی اور بتایا کہ کسی نے اُن سے آؤٹ یا ناٹ آؤٹ کا فیصلہ مانگا ہے۔ یہ تصویر بظاہر پاکستان کے کسی علاقے کی لگ رہی ہے البتہ آئی سی سی نے کسی بھی مقام کا نام ظاہر نہیں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان: اسٹریٹ کرکٹ میں کھلاڑی کا انوکھا آؤٹ، آئی سی سی نے فیصلہ سنادیا

    مقامی سطح پر کھیلے گئے ٹینس بال کرکٹ میچ میں بلے باز انوکھے طریقے سے آؤٹ ہوا کیونکہ درمیانی مڈل اسٹمپ بال لگنے سے اکھڑا ہوا تھا جبکہ اُس پر رکھے ہوئے بیلز اپنی جگہ پر ہی موجود تھے۔ آئی سی سی نے آگاہ کیا کہ اُن سے عالمی قوانین کے تحت فیصلہ مانگا گیا ہے۔

    کرکٹ کونسل کے اپنے سوال کے جواب سے قبل متعدد صارفین نے سوال کا جواب دینے کی کوشش بھی کی۔ کچھ کا خیال تھا کہ  یہ آؤٹ نہیں ہو گا۔ انہوں نے دلیل دی کہ بیلز چونکہ وکٹ پر اپنی جگہ موجود ہیں اس لیے اسے آؤٹ نہیں مانا جائے گا۔

    کچھ صارفین متضاد موقف کے ساتھ سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تصویر میں واضح ہے کہ درمیانی وکٹ زمین سے نکل کر گر پڑی ہے اس لیے یہ آؤٹ ہوگا۔ میچ کے حوالے سے مزید کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئیں تاہم یہ بات واضح ہے کہ مذکورہ مقابلہ پاکستان کی علاقائی ٹیموں کے مابین ہوا جس نے آئی سی سی کے ماہرین کو بھی پریشان کیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے قوانین کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’کرکٹ قانون کی شق 29 کی ذیلی شق 1.1 کے مطابق اگر وکٹ (اسٹمپ) بال لگنے کے بعد گر یا اکھڑ جائیں اور بیلز اپنی جگہ پر موجود رہیں تو قانونی طور پر بلے باز کو آؤٹ قرار دیا جاتا ہے‘۔

  • آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    کراچی : چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، بھارتی ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے۔

    یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی سے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینےکا مطالبہ کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ  عمران طاہر، معین علی کے ساتھ تعصبانہ رویے پر آئی سی سی نے قدم اٹھایا تھا، چاہتے ہیں آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے۔

    احسان مانی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے، اس معاملے پر آئی سی سی کوخط لکھ دیا ہے اور 12گھنٹے میں دوسرا خط لکھنے جارہے ہیں، نہیں چاہتے سیاست کیلئے کرکٹ کو استعمال کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم بھی مودی کے جنگی جنون میں‌ مبتلا ہوگئی

    پی ایس ایل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بنگلادیش کے سیکیورٹی آفیشلز کراچی آرہے ہیں، پی ایس ایل فور کے کامیاب انعقاد سے انہیں معلوم ہوجائے گا کہ پاکستان میں کرکٹ کو کوئی خطرہ نہیں۔

  • آئی سی سی کا کراچی میں پی ایس ایل کے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

    آئی سی سی کا کراچی میں پی ایس ایل کے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

    کراچی : آئی سی سی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی کی ٹیم کراچی پہنچ گئی، ٹیم کے عہدیدار ریگ ڈیکاسن نے کراچی میں پی ایس ایل فور کے حفاظتی انتطامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی پاکستان میں پی ایس ایل فور کے انعقاد اور سیکیورٹی کی تسلی بخش صورتحال پر مطمئن ہے۔

    اس حوالے سے آئی سی سی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی کے عہدیدار ریگ ڈیکاسن اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فور کے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں، خوشی ہورہی ہے کہ پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات اچھے کیے گئے ہیں، پاکستان میں اب کرکٹ واپس آرہی ہے۔

    سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈیکاسن کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کا جوش خروش دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ کراچی والے بھی پی ایس ایل کو بہت زیادہ سپورٹ کررہے ہیں، بڑی بات ہے کہ شین واٹسن اور دیگر انٹرنیشنل کھلاڑی بھی کراچی آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فور، پاکستان بھرسے آنے والےعوام کے لئے مناسب انتظامات کریں گے: مرادعلی شاہ

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان بھر سے آنے والے عوام کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ایک میچ مانگا تھا، رواں سال 8 میچ کراچی کو مل گئے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن فور کے میچز کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل17مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا تعین جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کے انتظامات اور شٹل سروس پوائنٹس کا تعین کیا گیا ہے۔

  • بھارت کا  آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    بھارت کا آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    نئی دہلی : ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ منسوخ کرانے میں ناکامی کے بعد بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان سے نہ کھیلنے کے بہانے شروع کردیئے اور آئی سی سی سے پاکستان کوورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہوگیا اور ورلڈ کپ میں پاکستان سے بھارت کا میچ منسوخ کرانے میں ناکامی پر اب بھارتی میڈیا ورلڈ کپ سے پاکستان کو باہر نکالنے کا خواب دیکھنے لگا۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط میں مطالبہ کیا سابق ورلڈچیمپئن پاکستان کوورلڈکپ سے باہررکھا جائے۔

    دوسری جانب سابق کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا بھارت نہیں ہوگا توورلڈ کپ بھی نہیں ہوسکتا۔

    خیال رہے آئی سی سی پہلے ہی واضح کرچکا ہے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق سولہ جون کوہی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا

    یاد رہے نٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے، جس کے تحت یہ ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

    میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا

    واضح رہے کہ پلوامہ خودکش حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول دیا، تجارتی پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکاروں پر بھی بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی کو  10 سال کی سزا

    سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی کو 10 سال کی سزا

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیش کش کرنے والے طاقتور بکی عرفان انصاری پر 10 سال کی پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دو برس قبل (2017) میں سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوران عرفان نامی بکی نے تیسرے میچ سے قبل سرفراز حمد سے رابطے کی کوشش کی۔

    سرفراز احمد نے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو تمام تفصیلات فراہم کیں جس کے بعد پی سی بی نے باقاعدہ آئی سی سی میں معاملہ پہنچایا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا تو بکی کی شناخت عرفان انصاری کے نام سے ہوئی جو متحدہ عرب امارات کی اہم شخصیت اور  3 دہائیوں سے شارجہ کرکٹ کونسل کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

    مزید پڑھیں: میچ فکسنگ میں‌ ملوث بکیز کی کثیر تعداد کا تعلق بھارت سے ہے، آئی سی سی کا انکشاف

    آئی سی سی نے گزشتہ برس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور عرفان انصاری کو ہدایت کی کہ وہ اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ تعاون کریں جس پر انہوں نے صاف انکار کردیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بکی کے خلاف چارج شیٹ جاری کی تھی۔

    اینٹی کرپشن یونٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران پینل کو میچ فکسنگ کی پیش کش کے حوالے سے شواہد پینل کے سامنے پیش کیے گئے۔

    آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تین شقوں کی خلاف ورزی کرنے پر عادل انصاری کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے ان پر دس سال کی مکمل پابندی عائد کردی۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلامیے میں سرفراز احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ایماندار کھلاڑی کی وجہ سے اینٹی کرپشن یونٹ نے بکی کی نشاندہی کی اور وہ قانون کی گرفت میں آیا‘۔

    آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل مینیجر ایلکس مارشل کا کہنا تھا کہ ’میں سرفراز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پیشہ وارانہ طریقے اپناتے ہوئے معاملے کو فوری رپورٹ کیا اور پھر ہمارے ساتے مکمل تعاون بھی کیا‘۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد کو میچ فکسنگ پر اکسانے والے شارجہ اسٹیڈیم کے سابق ملازم کو چارج شیٹ جاری

    اُن کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی نے کسی کے خلاف تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر کارروائی کی، قبل ازیں ہمارے پاس قانونی اختیار نہیں تھا اور نہ ہی کسی کے موبائل ڈیٹا تک رسائی تھی البتہ ایک برس قبل قانون میں ترمیم کی گئی تاکہ سنگین جرم کی روک تھام کی جاسکے‘۔

    آئی سی سی نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ’عرفان انصاری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک کھلاڑی کو رقم کی لالچ دی اور تحقیقات کے دوران تعاون نہیں کیا جس کے تحت اینٹی کرپشن یونٹ نے اُن کے موبائل فون سے معلومات ڈاؤن لوڈ کیں تو وہ قصور وار پائے گئے‘۔

    عرفان انصاری شارجہ میں کرکٹ کلبز چلاتے تھے اور مختلف ٹیموں کی شارجہ آمد کے موقع پر نیٹ باؤلز بھی مہیا کرتے ہیں تاہم اب وہ پابندی کے بعد اسٹیڈیم کی حدود میں بھی داخل نہیں ہوسکیں گے۔