Tag: ICC

  • آئی سی سی کے تنقیدی ٹویٹ پر پی سی بی کا کرارا جواب

    آئی سی سی کے تنقیدی ٹویٹ پر پی سی بی کا کرارا جواب

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل کی جانب سے مذاق اڑائے جانے کے بعد کرارا جواب دے دیا جس کے بعد آئی سی سی کی بھی بولتی بند ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے پاکستان آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کا مذاق اڑایا گیا۔

    اس موقع پر کئی لوگوں نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ آئی سی سی ایک بڑے ٹورنامنٹ کے بارے میں اطلاعات دینے کے بجائے نان پروفیشل انداز میں ٹویٹ کر رہا ہے۔

    ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ آئی سی سی کو اپنے ارکان کا احترام کرنا چاہیئے اور اس طرح ٹویٹ کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔

    تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اسی انداز میں جواب دیتے ہوئے آئی سی سی کی بولتی بند کردی گئی۔

    آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی ٹرافی کا مقابلہ کیا گیا تھا جس پر پی سی بی نے ٹویٹ کیا، ’کیا فرق پڑتا ہے، دونوں ٹرافیز اب ہماری ہیں‘۔

    جواباً آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں حیرت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹی 20 جیت کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔ آئی سی سی کے ٹویٹ میں دکھائی گئی چیمپیئنز ٹرافی کا فاتح بھی پاکستان تھا۔

  • میچ فکسنگ میں‌ ملوث بکیز کی کثیر تعداد کا تعلق بھارت سے ہے، آئی سی سی کا انکشاف

    میچ فکسنگ میں‌ ملوث بکیز کی کثیر تعداد کا تعلق بھارت سے ہے، آئی سی سی کا انکشاف

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کے عہدیدار لیکس مارشل نے انکشاف کیا ہے میچ فکسنگ اور کھلاڑیوں کو خریدنے والے اکثر افراد کا تعلق بھارت سے ہے۔

    اینٹی کرپشن یونٹ کے مینجر یومارشل نے غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے پاکستانی لیگ اسپینر دنیش کنیریا کی جانب سے میچ فکسنگ کا اعتراف اور اس کے پیچھے چھپے بکی کو سامنے لانا میرے لیے کوئی انہونی بات نہیں ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سنہ 2000 میں پہلی بار جب میچ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا تو تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کرکٹ میچز کو فکس کروانے والے بیکیز میں سے اکثریت کا تعلق بھارت سے ہے‘۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو میچ فکسنگ پر اکسانے والے شارجہ اسٹیڈیم کے سابق ملازم کو چارج شیٹ جاری

    مارشل کا کہنا تھا کہ ’ہم نے میچ فکسنگ کی تحقیقات کے دوران انگلینڈ اور سری لنکا کے ملوث کھلاڑیوں کو کرپٹ افراد کے نام اور تصاویر دکھائیں تو انہوں نے شناخت کیا، ان میں سے کچھ سری لنکا جبکہ باقی بھارتی تھے، تمام افراد کو قانونی گھیرے میں لینے کی کوشش کررہے ہیں‘۔

    اینٹی کرپشن یونٹ کے مینیجر کا کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت فعال بکیز کے گرد گھیرا تنگ کررہے ہیں، تمام افراد کی تصاویر اور تفصیلات کھلاڑیوں کو دینے کا مقصد یہ ہے کہ ایسے لوگوں کا راستہ روکا جاسکے تاکہ سٹے بازی کا معاملہ ختم ہو‘۔

    مارشل کا کہنا تھا کہ ’آئی سی سی کی ٹیم نے 20 بکیز کی نگرانی شروع کردی جو میچ فکسنگ میں ملوث ہیں، ان لوگوں کے ساتھ خواتین بھی متحرک کردار ادا کرتی ہیں جن سے کھلاڑیوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دے دیا‘۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی اس وقت سری لنکن ٹیم کے خلاف میچ فکسنگ کی تحقیقات کررہی ہے، گزشتہ ہفتے اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سابق کپتان جے سوریا کو طلب کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت میں میچ فکسنگ عروج پر، کھلاڑیوں کے بعد گراؤنڈ اسٹاف بھی ملوث

    اسے بھی پڑھیں: آئی پی ایل میں ایک اور میچ فکسنگ کا تنازعہ

    آئی سی سی کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود سابق کرکٹر نے تعاون نہ کیا جس پر انہیں اینٹی کرپشن قواعد میں معاونت نہ کرنے کا مرتکب قرار بھی دیا گیا جبکہ جے سوریا نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو یکسر مسترد کردیا۔

    یہ بھی یاد رہے کہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے حال میں مختصر طرز کی کرکٹ میں انگلینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرپشن میں ملوث متحرک افراد کے حوالے سے معلومات جمع کیں تھیں، جن کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی کوشش جاری ہے۔

  • ٹی 10 لیگ شفاف ہے یا نہیں، آئی سی سی منگل تک پی سی بی کو جواب دے گا

    ٹی 10 لیگ شفاف ہے یا نہیں، آئی سی سی منگل تک پی سی بی کو جواب دے گا

    اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل منگل تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو جواب ارسال کر دے گا کہ ٹی 10 لیگ شفاف ہے یا نہیں، پی سی بی نے اس سلسلے میں تحریری یقین دہانی مانگی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹین لیگ پر پی سی بی نے تحفظات کا اظہار کر دیا تھا، آئی سی سی اب ان تحفظات کا تحریری جواب منگل تک پی سی بی کو ارسال کرے گا۔

    [bs-quote quote=”لیگ کے فرنچائز پارٹنر بھی مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث نکلے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے تحریری یقین دہانی تک لیگ میں کھلاڑی نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، احسان مانی کہتے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسا کہاں سے آ رہا ہے۔

    لیگ کے فرنچائز پارٹنر بھی مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث نکلے، بی بی سی کے مطابق انھیں لندن میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ٹی ٹین لیگ کرکٹ کا ایک متنازعہ ٹورنامنٹ ہے جس کی شفافیت پر اب عالمی نشریاتی ادارے بھی انگلیاں اٹھانے لگے، لیگ کے مرکزی اسپانسر کے خلاف بھارت میں پہلے ہی انکوائری چل رہی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ٹی 10 لیگ: چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا اب تک جواب نہیں مل سکا


    کرکٹ مبصرین ٹی ٹین کرکٹ لیگ کے میچ فکسرز کی جنت بننے کے خدشات بھی ظاہر کر رہے ہیں، کیوں کہ اس میں چیک اینڈ بیلنس کا واضح نظام موجود نہیں، لیگ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھی آزاد ہے۔

  • آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ ٹاپ 10 میں شامل

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ ٹاپ 10 میں شامل

    دبئی:  آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دبئی میں جاری ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کی  ہے۔

    دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ پہلی بار ٹاپ ٹین بیٹسمین میں شامل ہوگئے۔

    اپنی بہترین اننگز کے بدولت عثمان خواجہ نو درجے بہتری کے بعد پہلی بار بیٹسمین رینکنگ میں دسویں نمبر پر آگئے، واضح رہے کہ پاکستان کا کوئی بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔

    بولرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد عباس کی پوزیشن بہتر ہوگئی، محمدعباس اس وقت 13 ویں نمبر پرموجود ہیں۔


    مزید پڑھیں: امید تھی میچ جیت جائیں گے، بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا، سرفراز احمد


     یاسر شاہ تنزلی کے بعد اکیسویں نمبر پر چلے گئے ہیں، بولرز رینکنگ میں بھی پاکستان کا کوئی کھلاڑی ابتدائی دس کی فہرست کا حصہ نہیں۔

    دوسری جانب دبئی ٹیسٹ میں خراب کارکردگی کے باعث اظہر علی کی رینکنگ میں تنزلی ہوگئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز اختتام پذیر ہونے والے ٹیسٹ میچ میں عثمان خواجہ پاکستان اور جیت کے درمیان رکاوٹ بن گئے تھے، جس کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔

  • آئی سی سی کی ورلڈ کپ ٹرافی لاہورپہنچ گئی

    آئی سی سی کی ورلڈ کپ ٹرافی لاہورپہنچ گئی

    لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ورلڈ کپ 2019 کے لیے تیار کردہ ٹرافی لاہور پہنچ گئی ہے، لاہورسے یہ اسلام آباد اور پھر کراچی سفر کرے گی، پاکستان میں اس کا قیام کل دس دن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے تیا ر کردہ ٹرافی لاہور پہنچ چکی ہے، آئی سی سی کے نمائندے شیمرون شیٹھی بھی ٹرافی کے ہمراہ سفر کررہے ہیں۔

    شیڈول کے مطابق ٹرافی کو دوپہر ڈیڑھ بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور لایا جائے گا جہاں سے اسے سیاحوں کے لیے تیارکردہ ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے لاہور دورہ کرایا جائے گا، اس کے بعد پونے تین بجے ٹرافی کو اسٹیڈیم کے اندر رکھا جائے گا۔

    کل صبح یہ ٹرافی گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کا رخ کرے گی جبکہ اس کے بعد اس کی آفیشل تصویر کے لیے اسے واہگاہ بارڈر لے جایا جائے گا۔ شام میں ٹرافی شوکت خانم اسپتال لےجائی جائے گی جس کے بعد اس ٹرافی کا لاہور میں سفر ختم ہوجائے گا۔

    لاہور سے یہ ٹرافی ، آئی سی سی کے نمائندے کے ہمراہ اسلام آباد کا رخ کرے گی جس کے بعد اسے کراچی لایا جائے گا۔ کراچی کے بعد یہ ٹرافی آگے اپنے سفر پر روانہ ہوجائے گی۔

    یہ ٹرافی پاکستان میں دس دن قیام کرے گی ۔ تین سے پانچ اکتوبر کو اس کا قیام لاہور میں ہوگا جس کے بعد 6 سے آٹھ اکتوبر تک یہ اسلام آباد میں رہے گی ۔ 9 سے تیرہ اکتوبر تک یہ ٹرافی کراچی میں قیام کرے گی۔ یاد رہے کہ اس کا سفر رواں سال 27 اگست کو دبئی میں قائم آئی سی سی کے ہیڈ کوارٹر سے شروع ہوا تھا۔

    اس سفر میں یہ ٹرافی پانچ بر اعظموں کے 21 ممالک اور 60 شہروں کا سفر کرے گی۔ کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ 30 مئی 2019 سے 14 جولائی 2019 تک انگلینڈ اور ویلز میں جاری رہے گا۔

  • ٹی 10لیگ : کھلاڑیوں کے بعد فنکاروں نے بھی متنازع فارمیٹ کی مخالفت کردی

    ٹی 10لیگ : کھلاڑیوں کے بعد فنکاروں نے بھی متنازع فارمیٹ کی مخالفت کردی

    لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تحت کھیلی جانے والی ٹی 10لیگ پر محب وطن افراد کی جانب سے لیگ کی مخالفت کا سلسلہ جاری ہے، سابق کرکٹرز کے بعد فنکار برادری بھی میدان میں آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہرسطح پر متنازع ٹی ٹین لیگ پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ملک کے ممتاز فنکاروں نے بھی متنازع ٹی ٹین لیگ کی مخالفت کردی۔

    اس حوالے سے معروف فنکا ر قیصر نظامانی نے کہا  ہےکہ ٹی ٹین لیگ کی چھان بین ہونی چاہیے اور اس حوالے سے ملک میں ٹیلنٹ ہنٹ اخلاقی طور پر روک دینا چاہیے۔

    فلم اسٹار سعود کا کہنا ہے کہ پلیئرز اور پی سی بی نے بھی ٹی ٹین کا بائیکاٹ کیا ہے لہٰذا ہمیں بھی کرنا چاہیے، معروف فنکار اعجاز اسلم نے کہا کہ کچھ لوگوں کے کاروباری مفاد کے لیے لیگ نہیں ہونی چاہیے۔

    مزید پڑھیں: ٹی 10 کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے مطمئن نہیں، سابق کرکٹرز

    واضح رہے کہ متنازع ٹی ٹین لیگ کو شائقین کرکٹ نے بھی یکسر مسترد کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین جیسی متنازع لیگ نہیں ہونی چاہیے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی لیگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: جب تک تسلی نہیں ہوگی ٹی 10 لیگ کی حمایت نہیں کروں گا، احسان مانی

    اس کے علاوہ چیئرمیں پی سی بی احسان مانی کا بھی کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ سے متعلق پی سی بی کے پاس کوئی معلومات موجود نہیں اس لیے جب تک انہیں تسلی نہیں ہوگی وہ ٹی10لیگ کی حمایت نہیں کریں گے۔

  • ورلڈ کپ 2019: آئی سی سی کو ٹکٹس کے لیے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول

    ورلڈ کپ 2019: آئی سی سی کو ٹکٹس کے لیے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے ٹکٹس کے لیے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پچیس لاکھ سے زائد درخواستیں ملی ہیں، پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ٹکٹس کی تقسیم مرحلہ وار ہوگی۔

    آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی بچ جانے والی ٹکٹس کی فروخت 27 ستمبر کو ہوگی، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کے میچز کی کچھ ٹکٹس دستیاب ہیں، میگا ایونٹ آئندہ سال انگلینڈ میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل آئی سی سی کی جانب سے میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی کے درمیان انگلیںڈ میں کھیلا جائے گا۔

    میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹورنامنٹ کا پہلا میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ قومی ٹیم کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کا اس کے بعد تین جون کو انگلینڈ، سات جون کو سری لنکا اور 12 جون کو آسٹریلیا سے میچ ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا۔

    قومی ٹیم اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون، نیوزی لینڈ کے خلاف 26 جون اور افغانستان کے خلاف 29 جون کو مدمقابل ہوگی جبکہ گرین شرٹس لیگ کا آخری میچ پانچ جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

  • ٹیسٹ رینکنگ: ویرات کوہلی نےاسٹیواسمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی

    ٹیسٹ رینکنگ: ویرات کوہلی نےاسٹیواسمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی

    دبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پرآگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 149 اور دوسری اننگزمیں 51 رنز بنانے والے بھارتی کپتان ویران کوہلی نےاسٹیواسمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

    ویرات کوہلی سچن ٹنڈولکر کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون پوزیشن پرآنے والے دوسرے بھارتی بیٹسمین ہیں۔

    آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیواسمتھ 32 ماہ تک بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پررہے لیکن انگلش ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی نے 149 اور 51 رنز کی اننگز کھیل کران سے یہ پوزیشن چھین لی۔

    آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق ویرات کوہلی پہلی آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ دوسری جبکہ انگلینڈ کے کھلاڑی جو روٹ تیسری پوزیشن پربراجمان ہیں۔

    انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے شہربرمنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم 54.2 اوورزمیں 162 رنزپرڈھیر ہوگئی تھی۔

    میزبان ٹیم انگلینڈ نے اپنا 1000واں ٹیسٹ میچ 31 رنزسے جیت کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-5 کی برتری حاصل کرلی۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 9 اگست کو لندن میں کھیلا جائے گا۔

  • آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹر کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی نے کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے نے عمر اکمل کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ کے بیڈ بوائے عمر اکمل ان دنوں میچ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی کے سخت سوالات کی زد پر ہیں، کرکٹر انٹرنیشنل کونسل کو مطمئن نہیں کر پائے ہیں کہ انھیں کس نے پیش کش کی تھی اور کیا پیش کش کی تھی، کرکٹر نے کونسل کو اس سلسلے میں بر وقت کیوں آگاہ نہیں کیا۔

    ٹیسٹ بیٹسمین نے آئی سی سی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے تاہم بین الاقوامی ادارہ عمر اکمل کے بیان سے مطمئن نہیں ہوا، آئی سی سی معاملے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔

    ہیڈ کوچ پر الزامات، پی سی بی نے عمر اکمل کو سزا سنادی

    واضح رہے کہ عمر اکمل نے حال ہی میں ورلڈ کپ 2015 کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش کا انکشاف کیا تھا، 24 جون کو  دیے جانے والے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ورلڈ کپ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش ہوئی تھی۔

    عمر اکمل نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ کپ 2015 میں انھیں میچ کے دوران 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیش کش ہوئی تھی جسے انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔

    آئی سی سی نے اس بیان کے بعد عمر اکمل سے تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے بیان کی وضاحت طلب کی ہے، خیال رہے کہ عمر اکمل پہلے ہی پاکستان ٹیم سے باہر ہیں جس کا سبب ڈسپلن اور خراب فارم ہے، موجودہ تحقیقات کے بعد ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئی سی سی ون ڈے رینکنگ جاری، فخر زمان کا ایک اور اعزاز

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ جاری، فخر زمان کا ایک اور اعزاز

    دبئی: آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی، فخر زمان پہلی بار ٹاپ ٹوئنٹی بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، فخر زمان 22 درجے چھلانگ لگانے کے بعد 16 ویں نمبر پر آگئے، فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 515 رنز بنائے تھے۔

    بابر اعظم زمبابوے کے خلاف سیریز میں 184 رنز اسکور کرنے پرایک درجے ترقی کے بعد ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

    فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر امام الحق کی بھی ون ڈے رینکنگ میں بہتری ہوئی وہ 43 ویں نمبر پر براجمان ہیں، امام الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں تین سنچریوں کی مدد سے 395 رنز اسکور کیے تھے۔

    ون ڈے بولنگ رینکنگ میں لیگ اسپنر شاداب خان اور فہیم اشرف کی رینکنگ میں بھی بہتری ہوئی ہے، دونوں بولرز نے سیریز میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، شاداب خان 31 اور فہیم اشرف 79 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، پاکستان پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، بنگلا دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔

    بیٹنگ رینکنگ میں ویرات کوہلی کا پہلا نمبر ہے جبکہ بابر اعظم دوسرے، جوروٹ تیسرے، روہت شرما چوتھے، ڈیوڈ وارنر پانچویں، روس ٹیلر چھٹے، کوئنٹن ڈی کوک ساتویں، ڈوپلیسی آٹھویں، کین ولیم سن نویں، شیکھر دھون دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    بولرز رینکنگ میں بھارت کے بمرا کا پہلا نمبر ہے جبکہ افغانستان کے راشد خان دوسرے، حسن علی تیسرے، ٹرینٹ بولٹ چوتھے، جوش ہیزل ووڈ پانچویں، کلدیپ یادیو چھٹے، عمران طاہر ساتویں، عادل راشد آٹھویں، ربادا نویں اور چاہل دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔