Tag: Ice

  • قطب جنوبی میں اربوں ٹن برف پگھلنے کا عمل جاری

    قطب جنوبی میں اربوں ٹن برف پگھلنے کا عمل جاری

    دنیا بھر میں رونما ہوتے موسمیاتی تغیر یعنی کلائمٹ چینج نے جہاں بے شمار مسائل کھڑے کردیے ہیں وہیں قطب جنوبی یعنی انٹارکٹیکا میں بھی برف پگھلنے کی رفتار 6 گنا زیادہ ہوگئی ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے حال ہی میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق انٹارکٹیکا کی برف سنہ 1979 سے 2017 تک نہایت تیزی سے پگھلی ہے، اس عرصے میں پگھل جانے والی برف اس سے قبل پگھلنے والی برف سے 6 گنا زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 1979 سے 1990 تک انٹارکٹیکا کی برف پگھلنے کی مقدار سالانہ 40 ارب ٹن رہی۔

    سنہ 1990 کے بعد سے اس میں مزید اضافہ ہوگیا اور اب انٹارکٹیکا میں سالانہ 250 ارب ٹن برف پگھل رہی ہے۔ ان اعداد و شمار کے لیے سائنسدانوں نے سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لیا۔

    مزید پڑھیں: آئس برگ کا مستطیل ٹکڑا

    اس سے قبل ایک اور تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ انٹارکٹیکا میں برف کے نیچے جھیلیں بن رہی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جھیلیں اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ وہاں موجود برف پگھلنے کے باعث اس کی تہہ کمزور ہو کر چٹخ رہی ہے۔ ماہرین نے اس کی وجہ کلائمٹ چینج کو قرار دیا۔

    ماہرین کے مطابق سنہ 2000 سے اس خطے کی برف نہایت تیزی سے پگھل رہی ہے اور اس عرصہ میں 8 ہزار کے قریب مختلف چھوٹی بڑی جھیلیں تشکیل پا چکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت خطرناک صورتحال ہے کیونکہ اس طرح عالمی سمندروں میں پانی کے مقدار کا توازن بگڑ سکتا ہے اور مختلف سمندروں کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہوجائے گی جس سے کئی ساحلی شہروں کو ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

  • اسلام آباد: زہر کے سودا گروں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن، منشیات فروش گروہ گرفتار

    اسلام آباد: زہر کے سودا گروں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن، منشیات فروش گروہ گرفتار

    اسلام آباد: ملکی دارالحکومت میں زہر کے سودا گروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجے میں منشیات فروش گروہ گرفتار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اے این ایف انٹیلی جنس اور پولیس کے مشترکہ آپریشن نے بڑے بڑوں کے پول کھول دیئے، منشیات فروشی میں اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔

    اسلام آباد میں دھویں کے زہر اور آئیس، کوکین بیچنے والوں کی پہنچ کالجوں تک ہی نہیں بلکہ اونچے ایوانوں میں بھی ہے، ایلیٹ کلاس یعنی طبقہ اشرافیہ میں منشیات بیچنے والا گروہ پکڑا گیاجس کے بیوروکریٹس اور سیاستدانوں سے تعلقات کا انکشاف ہوا ہے۔

    مشترکہ کارروائی میں طالبات اور خواتین کو نشہ بیچنے والی منشیات فروش بھی پکڑی گئی، کچھ ملزمان فرار بھی ہوگئےجنہیں آپریشن سے پہلے معلومات مل چکی تھیں۔

    پکڑے گئے ملزمان نے اہم سیاسی شخصیات کو آئس، کوکین فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف انٹیلی جنس اور پولیس کو ملزمان کے موبائل فونز سے اہم شواہد ملے ہیں، ملزمان کے قبضے سے آئس، کوکین، ایکس ٹیسی گولیاں اور چرس برآمد کر لی گئی۔

  • برفانی الو کا برفیلا جھولا

    برفانی الو کا برفیلا جھولا

    شمالی امریکا میں واقع اونٹاریو جھیل پر برفانی الو دیکھا گیا جو جھیل کی برف پر بیٹھا تھا، اس نایاب منظر نے دیکھنے والوں کو دنگ کردیا۔

    امریکی شہر نیویارک اور کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے سنگم پر واقع اس جھیل میں نہایت حسین منظر دیکھنے میں آیا جب ایک برفانی الو یہاں بیٹھا ہوا دیکھا گیا۔

    برفانی الو جھیل کی جھولتی ہوئی برف پر بیٹھا رہا جس نے دیکھنے والوں کی حیران کردیا۔

    برفانی الو عام الو کی نسل سے ہی تعلق رکھتا ہے اور یہ نایاب پرندہ آرکٹک اور امریکا کے برفانی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔

    یہ الو سارا سال آرکٹک کے کناروں پر گزارتے ہیں تاہم سردیوں کے موسم میں یہ غذا کی تلاش میں کینیڈا اور امریکا کی سرحد پر آجاتے ہیں۔

  • برفانی سمندر بھی پلاسٹک کے کچرے سے آلودہ

    برفانی سمندر بھی پلاسٹک کے کچرے سے آلودہ

    پلاسٹک کا کچرا ہمارے ماحول کو تباہ کرنے والا سب سے خطرناک عنصر ہے جس میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دنیا بھر کے سمندروں میں بھی پلاسٹک کی تعداد میں خوفناک اضافہ ہورہا ہے اور برف سے ڈھکا سمندر بھی اس سے محفوظ نہیں۔

    کچھ عرصہ قبل کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین نے قطب شمالی کے سمندر کی برف میں بھی پلاسٹک کا کچرا جما ہوا پایا جس کے بعد برفانی سمندر میں پائی جانے والی آبی حیات کی زندگی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    تحقیق میں شامل ماہرین نے آرکٹک سمندر کے 5 مختلف مقامات کا تجزیہ کیا۔ نتیجے کے مطابق اوسطاً ایک لیٹر کی برف میں مختلف جسامت کے 12 ہزار پلاسٹک کے ٹکڑے موجود تھے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اشیا میں مختلف پیکنگ کی تھیلیاں، نائیلون، بحری جہازوں سے جھڑنے والا پینٹ اور پولیسٹر وغیرہ شامل ہیں۔ آرکٹک کے سمندر میں پلاسٹک کی یہ مقدار اس سے قبل پائے جانے والے پلاسٹک کی مقدار سے کہیں زیادہ ہے۔

    عالمی اقتصادی فورم کے مطابق دنیا بھر کے سمندروں میں 5 کھرب پلاسٹک کی اشیا موجود ہیں۔ ان سب کا اگر وزن کیا جائے تو یہ 2 لاکھ 68 ہزار ٹن بنتا ہے۔

    پلاسٹک کے اس تمام کچرے کو اگر ایک قطار میں رکھا جائے تو یہ پوری دنیا کے گرد 425 تہیں بنا سکتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ پلاسٹک کے ٹکڑے شمالی بحر اوقیانوس میں موجود ہیں جن کی تعداد 2 کھرب ہے۔

    خیال رہے کہ پلاسٹک ایک تباہ کن عنصر اس لیے ہے کیونکہ دیگر اشیا کے برعکس یہ زمین میں تلف نہیں ہوسکتا۔ ایسا کوئی خورد بینی جاندار نہیں جو اسے کھا کر اسے زمین کا حصہ بناسکے۔

    ماہرین کے مطابق پلاسٹک کو زمین میں تلف ہونے کے لیے 1 سے 2 ہزار سال کا عرصہ درکار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا پھینکا جانے والا پلاسٹک کا کچرا طویل عرصے تک جوں کا توں رہتا ہے اور ہمارے شہروں کی گندگی اور کچرے میں اضافہ کرتا ہے۔

    پلاسٹک کی تباہ کاری کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برف کے حیرت انگیز استعمالات

    برف کے حیرت انگیز استعمالات

    برف ہر گھر میں موجود ہوتی ہے جسے مختلف چیزوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن برف آپ کے کئی مسائل کا حل بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

    آئیے دیکھیں یہ کتنے حیران کن طریقوں سے آپ کے لیے فائدہ مند ہے۔


    جلد کی خوبصورتی

    ہر رات سونے سے قبل برف کی ڈلی کو پلاسٹک کی کی تھیلی میں لپیٹ کر 2 سے 3 منٹ تک چہرے کا مساج کریں۔ یہ نہ صرف جلد کی صفائی کرے گی بلکہ نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔


    جھریوں سے نجات

    میک اپ استعمال کرنے سے قبل ایک منٹ تک برف سے چہرے پر مساج کریں۔ یہ دوران خون کو بہتر بنائے گی اور میک اپ کے مضر اثرات سے حفاظت دے گی۔ اس کا باقاعدہ استعمال جھریوں سے تحفظ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔


    آنکھوں کی سوجن سے چھٹکارہ

    رات دیر تک جاگنے یا نیند پوری نہ ہونے کے باعث آنکھیں سوج جاتی ہیں جو چہرے کا برا تاثر دیتی ہیں۔ ان سے نجات کا سب سے آسان طریقہ برف کی ٹکور کرنا ہے۔ ایک منٹ تک برف کی ٹکور جادوئی نتائج دے گی۔


    بڑھا ہوا پیٹ گھٹائے

    برف کی ٹکور بڑھے ہوئے پیٹ کو بھی کم کرسکتی ہے۔ یہ موٹاپا پیدا کرنے والے سفید خلیات کو بھورے خلیات میں تبدیل کر دیتی ہے جو کام کاج کے دوران بآسانی ٹوٹ کر ختم ہوجاتے ہیں۔ تاہم یہ اسی صورت میں نتائج دے گی جب ورزش اور متوازن غذا کا استعمال کیا جائے۔


    احتیاطی تدابیر

    برف کا استعمال کرنے سے پہلے کچھ احتیاطی تدابیر بھی اپنانی ضروری ہیں۔

    برف ہمیشہ صاف (دھلے ہوئے / بغیر میک اپ) چہرے پر استعمال کریں۔

    آئس کیوب کو پکڑنے کے لیے دستانوں کا استعمال کریں۔ یہ آپ کے ہاتھوں کو تکلیف سے بچائیں گے۔

    کبھی بھی برف کو براہ راست چہرے پر استعمال مت کریں۔ استعمال سے قبل ہمیشہ کسی کپڑے یا پلاسٹک کی تھیلی میں لپیٹ لیں۔

    آنکھوں کے گرد سوجن پر ٹکور کرنے کے لیے برف کو براہ راست استعمال کیا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔