Tag: ICU

  • کراچی کے اہم سرکاری اسپتال کا آئی سی یو 20 ماہ سے غیر فعال

    کراچی کے اہم سرکاری اسپتال کا آئی سی یو 20 ماہ سے غیر فعال

    کراچی: سندھ گونمنٹ لیاقت آباد اسپتال کا آئی سی یو عملے کی کمی کے سبب گزشتہ 20 ماہ سے غیر فعال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گونمنٹ لیاقت آباد اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کی افادیت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو آئی سی یو کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں آئی سی یو کے مریضوں کو سول یا جناح اسپتال سمیت دیگر اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔

    اسپتال حکام نے محکمہ صحت سندھ سے عملے کی بھریتوں کی درخواست کر دی ہے، 27 دسمبر 2020 کو کرونا وبا کے دوران سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال میں این ڈی ایم اے کے تحت آئی سی یونٹ قائم کیا گیا تھا، یہ آئی سی یو 22 بستروں، 16 وینٹیلیٹرز، 5 مانیٹرز اور 16 بائی پیپ اور سی پی اے پی مشینوں پر مشتمل ہے۔

    اس آئی سی یو کے لیے اسپتال میں 3 ہزار لیٹر کا لیکویڈ آکسیجن پلانٹ اور آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ لگایا گیا تھا، اور 89 ڈیز کے کنٹریکٹ پر عملہ بھی بھرتی کیا گیا تھا، جو رینیو ہوتا رہا۔ کرونا وبا ختم ہونے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے عملے کو نوکری سے فارغ کر دیا تھا، اور اکتوبر 2022 سے سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال کا آئی سی یو غیر فعال ہے۔

    ماضی میں آئی سی یو کے دوران ضلع وسطی کے گنجان آباد علاقوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، یہ اسپتال ضلع وسطی میں طبی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید مستحکم ہو گیا تھا۔

    ایم ایس لیاقت آباد اسپتال ڈاکٹر عتیق قریشی نے بتایا کہ اسپتال کا آئی سی یو طبی ساز و سامان سے لیس ہے، تاہم افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے افتتاح کے تقریبا 22 ماہ بعد ہی غیر فعال ہو گیا ہے، یعنی تقریبا 20 ماہ سے غیر فعال ہے۔

    ڈاکٹر عتیق قریشی کے مطابق محکمہ صحت سندھ سے 18 گریڈ کے 20 ڈاکٹرز، 15 آئی سی یو ٹیکنیشنز، 12 آیائیں، 6 چوکیدار اور 6 سینیٹری ورکرز کی بھرتیوں کی درخواست کی گئی ہے۔

  • سندھ کے بیشتر اسپتالوں میں بچوں کے لیے وینٹی لیٹرز موجود نہیں

    سندھ کے بیشتر اسپتالوں میں بچوں کے لیے وینٹی لیٹرز موجود نہیں

    کراچی: محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ حیدر آباد اور میر پور خاص ڈویژن کے سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے لیے ایک بھی وینٹی لیٹر موجود نہیں، پورے سندھ سے وینٹی لیٹر سپورٹ کے لیے بچے کراچی بھیجے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے اعتراف کیا ہے کہ حیدر آباد اور میر پور خاص ڈویژن کے سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے لیے ایک بھی وینٹی لیٹر موجود نہیں، ٹھٹہ، بدین اور تھر پارکر کے اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پیدائشی امراض کا شکار بچوں کو ہنگامی بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ محکمہ سندھ کا کہنا ہے کہ حیدر آباد اور میرپور خاص کے تمام اضلاع سے بچے وینٹی لیٹر سپورٹ کے لیے کراچی بھیجے جاتے ہیں۔

    لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بچوں کے لیے وینٹی لیٹر موجود نہیں ہے، اسی مہینے بچوں کا آئی سی یو شروع کر دیں گے۔

    ڈسٹرکٹ اسپتال تھر پارکر کے حکام کا بھی کہنا ہے کہ تھر پارکر کے کسی اسپتال میں بچوں کے لیے وینٹی لیٹر موجود نہیں، وینٹی لیٹر کی ضرورت والے بچوں کو کراچی بھیجتے ہیں۔

    دوسری جانب ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے امراض اطفال کراچی ڈاکٹر ناصر سلیم کا کہنا ہے کہ سندھ بھر سے وینٹی لیٹر سپورٹ کے لیے بچے کراچی بھیجے جاتے ہیں، ہمارے پاس بچوں کے لیے صرف 25 وینٹی لیٹر ہیں۔ پورے سندھ اور بلوچستان سے بچے ہمارے پاس بھیجے جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں سے آنے والے بچے یقیناً راستے میں ہی انتقال کر جاتے ہوں گے، ہر ضلعی اسپتال میں بچوں کے لیے وینٹی لیٹر ہونا ضروری ہے۔

  • بھارتی اداکار رندھیر کپور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

    بھارتی اداکار رندھیر کپور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

    ممبئی: دو روز قبل کرونا وبا سے متاثر ہونے والے رندھیر کپور کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، رندھیر کپور معروف بالی ووڈ ادکارہ کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چوہتر سالہ بھارتی اداکار رندھیر کپور دو روز قبل کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔Kareena Kapoor Khan talks about her parents Randhir Kapoor and Babita's  separation: They prefer to have their day-to-day lives separatelyاب اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق رندھیر کپور کو انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے ڈاکٹرز نے اداکار کے تمام ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رندھیر کپور کے دو بھائی کچھ عرصہ قبل ہی دنیا سے رخصت ہوئےتھے، رندھیر کے بھائی رشی کپور کا گزشتہ برس کینسر کی وجہ سے جبکہ راجیو کپور کا رواں سال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہوا تھا۔

  • برطانوی وزیراعظم کی طبیعت میں بہتری آنا شروع

    برطانوی وزیراعظم کی طبیعت میں بہتری آنا شروع

    لندن: کروناوائرس کے شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی صحت سے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق انتہائی نگہداش وارڈ میں زیر علاج برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔ وزیراعظم کی تمام ذمے داریاں نائب کے طور پر وزیرخارجہ سنبھال رہے ہیں۔

    وزیرخزانہ رشی سُناک کا کہنا ہے کہ بورس جانسن اب خود سے بیٹھ سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیر خارجہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھے اپنی جگہ ذمے داریاں ادا کرنے کا کہا ہے۔ بورس جانسن نہ صرف ہمارے بوس بلکہ دوست بھی ہیں۔

    کرونا وائرس، برطانوی وزیراعظم کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا

    انہوں نے کہا کہ بورس جانسن فائٹر ہیں، جلد واپس آئیں گے، ہماری ترجیح کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، ہم درست وقت پر صحیح فیصلے کررہے ہیں، 18 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے اسپتال میں داخل ہیں۔

    ڈومینک راب کا مزید کہنا تھا کہ عوام حکومت کی ہدایت پر عمل کریں، گھر پر رہیں۔

  • وزیر داخلہ احسن اقبال آئی سی یو سے روم منتقل، صحت تسلی بخش قرار

    وزیر داخلہ احسن اقبال آئی سی یو سے روم منتقل، صحت تسلی بخش قرار

    اسلام آباد: قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) سے روم منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی صحت تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال گذشتہ روز نارروال میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، ملزم نے ان کے جسم کے مختلف حصوں پر فائرنگ کی تھی بعد ازاں احسن اقبال کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے نارروال ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    لاہور کے سروسز اسپتال میں زیرعلاج وزیر داخلہ احسن اقبال کو آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کر دیا گیا البتہ ڈاکٹروں نے وی وی آئی پی روم نمبر ون کو ہی آئی سی یو کا درجہ دے دیا ہے۔

    احسن اقبال حملہ ، 24 گھنٹوں میں تحقیقاتی کمیٹی کے 3 سربراہ تبدیل

    ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کی حالت تسلی بخش ہے، تاہم انفیکشن سے بچانے کے لیے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پانچ رکنی میڈیکل بورڈ احسن اقبال کے معالجے کی مانیٹرنگ کررہا ہے، میڈیکل بورڈ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کو تین سے چار روز میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال اپنے ہی حلقے نارروال میں کرسچن کمیونٹی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرکے نکلے تو مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

    احسن اقبال پر حملہ کرنے والا ملزم 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    خیال رہے کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے تیس بور کا پستول برآمد کرلیا تھا اورابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال نے ختم نبوت کے حوالے سے جو بیانات دئیے تھے اس پر رنج تھا اس وجہ سے احسن اقبال پر حملے کے لیے موقع کی تلاش میں تھا ،آج جب احسن اقبال کرسچن کمیونٹی کی تقریب میں آئے تو موقع پا کر حملہ کردیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    کراچی: نومنتخب علیل گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) سے روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومنتخب گورنر سندھ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سعید الزماں صدیقی کو انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں منتقل کردیا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر گورنر سندھ کے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    پڑھیں:  ’’ گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل ‘‘

    خیال رہے دو روز قبل نومنتخب گورنر سندھ کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں کلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ترجمان گورنر ہاؤس نے جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناسازی اور اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

    نومنتخب گورنر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں داخل کروانے کامشورہ دیتے ہوئے مختلف ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔

  • پمزاسپتال کے ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت، مریضہ دم توڑ گئی

    پمزاسپتال کے ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت، مریضہ دم توڑ گئی

    اسلام آباد : ڈیوٹی ڈاکٹر کی غیرحاضری کے باعث پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے سرجیکل آئی سی یو میں زیر علاج مریضہ دم توڑ گئی ۔

    وائس چانسلر پمز نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق جوڑوں کے عارضے میں مبتلا حنا سرجیکل آئی سی یو میں زیر علاج تھی۔

    مریضہ کی حالت تشویشناک ہونے پرلواحقین نے ڈیوٹی ڈاکٹر صدف کو بلایا تاہم ڈاکٹر صدف آئی سی یو میں موجود نہ تھی ۔

    موقع پر موجود میڈیکل آفیسر ڈاکٹر قاسم نے ڈاکٹر صدف کو متعدد فون کئے لیکن ڈاکٹر صدف نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔ جس پرمیڈیکل آفیسر ڈاکٹر قاسم نے شعبہ امراض جوڑ کے سربراہ ڈاکٹر عابد فاروقی سمیت دیگر ڈاکٹرز کو فون کئے تاہم کسی نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔

    مریضہ کے جا ں بحق ہونے پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور موقع پر موجود دیگر ڈاکٹرز کے ساتھ بد سلوکی کی ۔ غموں کے مارے لواحقین کو ڈاکٹرز نہ ہونے کی وجہ سے ڈیتھ سرٹفکیٹ کے لئے بھی طویل انتظار کرنا پڑا ۔

    ایک گھنٹے کے انتظار کے بعد خصوصی طور پر بلائے گئے ڈاکٹر حسام نے ڈیتھ سرٹفکیٹ جاری کیا ، دوسری جانب قائم مقام وائس چانسلر پمز ڈاکٹر خلیق الزماں نے اے آر وائی نیوز پر پمز میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کے باعث مریضہ کی ہلاکت کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔