Tag: Iftar

  • ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں سب سے بڑا افطار دستر خوان سج گیا

    ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں سب سے بڑا افطار دستر خوان سج گیا

    ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا دستر خوان سج گیا، روزانہ 35 ہزار سے زائد افراد کیلئے افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تمام افراد کو افطار اور کھانے کی سہولیات پہنچانے کے لیے روزانہ بارہ ٹن مرغی اور چھ ٹن بکرے کا گوشت پکایا جاتا ہے جن سے مزیدار طعام بنانے کے لیے تقریباً ایک ہزار اسٹاف تعینات ہے۔

    یہ سب مل کر حفظانِ صحت کے بین الاقوامی معیارات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کھانے کی خریداری، صفائی، پکوان کی تیاری اور دیگر امور سنبھالتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ابوظہبی کی شیخ زید مسجد میں افطاری کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ دبئی پولیس نے رمضان المبارک کی مناسبت سے ”عقلمندی سے عطیہ دیں ”کے عنوان سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔

    دبئی پولیس کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    دبئی پولیس کے مطابق یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کو غلط استعمال کرتے ہیں۔

    دبئی نے ویزا اور دیگر سروسز کیلیے نئی سہولت فراہم کر دی

    پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

    پولیس کے مطابق ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ اصل مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے گا۔

  • افطار میں میٹھی غذاؤں کا استعمال بہت سوچ سمجھ کر کریں

    افطار میں میٹھی غذاؤں کا استعمال بہت سوچ سمجھ کر کریں

    ماہ رمضان میں خصوصاً افطار کے دسترخوان پر تلی ہوئی اشیاء کے ساتھ میٹھے شربت اور چینی سے بنے دیگر پکوان بھی رکھے جاتے ہیں۔

    اکثر لوگ رمضان میں کی جانے والی بہت ساری احتیاطوں کو یکسر فراموش کرکے بے دریغ کھانا پینا شروع کر دیتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ زیادہ مٹھاس کا استعمال ان کو صحت کے بہت سارے مسائل میں بھی مبتلا کر سکتا ہے۔

    افطار کرتے ہوئے یہ بات یاد رکھیں کہ انسانی صحت کے لیے مٹھاس کا زیادہ استعمال متعدد بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔

    نئی تحقیق کے مطابق قدرتی مٹھاس یعنی(فرکٹوز) زیادہ تر میٹھے مشروبات ،میٹھے کھانوں اور پروسیسڈ غذاؤں میں پایا جاتا ہے۔

    ان غذاؤں کے استعمال سے انسانی جسم میں موجود بیماریوں کے خلاف اور اس سے بچنے والا نظام قوت مدافعت کمزور پڑ جاتا ہے اور انسان متعدد بیماریوں میں جکڑا جاتا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی مٹھاس میں پایا جانے والا ’’فرکٹوز‘‘انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے اس کے زیادہ استعمال سے انسان موٹاپے، ذیابیطس، ٹائپ ٹو،جگر کے متاثر اور بڑھ جانے کے خدشات میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے زیادہ استعمال سے جسم میں سوجن بڑھ جاتی ہے جس کو صحت سے متعلق خطرناک علامات میں شامل کیا جاتا ہے۔

    سوجن کے باعث انسانی خلیے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو تے چلے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں انسان متعدد بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔

  • آج افطاری میں بنائیے مزیدار دار’چکن ڈونٹ‘

    آج افطاری میں بنائیے مزیدار دار’چکن ڈونٹ‘

    ماہ رمضان میں سحری اور افطاری میں خواتین طرح طرح کے پکوان تیار کرتی ہیں تاکہ اہل خانہ کو صحت بخش اور مزے دار کھانے پیش کیے جائیں۔

    اس حوالے سے نت نئی ڈشیں تیار کی جاتی ہیں اسی سلسلے میں آج ہم آپ کیلئے ایک مزیدار اور جلدی تیار ہونے والی ایک چیز لے کر آئے ہیں۔ آج افطاری میں بنائیے ذائقہ دار’چکن ڈونٹ‘جس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

    اجزاء : 

    اس کو بنانے کیلئے جن اجزاء کی ضرورت ہے ان میں آدھا کلو مرغی کا گوشت ایک پیاز، 2 عدد لہسن کے جوئے، ایک چھوٹا چمچ ادرک کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر اور زیرہ پاؤڈر، نمک حسب ذائقہ، ایک عدد آلو (میش کیا ہوا)، 2 چھوٹے چمچ بیسن، 2 انڈے، بریڈ کرمبز، تلنے کیلئے کوکنگ آئل شامل ہے۔

    Chicken Donuts

    بنانے کا طریقہ :

    ایک پیالے میں چکن کے ٹکڑے، باریک کٹی ہوئی پیاز، لہسن کے جوئے، ادرک کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، آلو، بیسن اور نمک شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں۔

    چکن کے آمیزے سے ڈونٹس تیار کرلیں، انہیں پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر بریڈ کرمبز میں لپیٹ لیں پھر تیل گرم کرکے سنہری براؤن ہونے تک تل لیں، گرما گرم چکن ڈونٹس سوس کے ساتھ دسترخوان پر سجائیں۔

  • افطار میں بنائیے ’’شیش تاؤ‘‘ سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    افطار میں بنائیے ’’شیش تاؤ‘‘ سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    ماہ رمضان میں خواتین کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو صحت بخش اور ذائقے دار پکوان بنا کر کھلائیں۔

    اس حوالے سے آج ہم آپ کیلئے تھوڑا مختلف لے کر آئے ہیں تاکہ آج کے افطار دسترخوان پر کوئی نئی چیز موجود ہو جسے دیکھ روزہ داروں کو بھی خوشگوار احساس ہو۔

    آج کی ڈش خاص ہے جس کا نام ’’شیش تاؤ‘‘ ہے، جس کو بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے، اس کے اجزاء میں مندرجہ ذیل اشیاء درکار ہیں۔

    بکرے کی ران کا گوشت ایک کلو، گھی ایک کپ، پسا ہوا گرم مسالہ حسب ذائقہ، لیموں 4 عدد، سرکہ دو چمچ، لال مرچ اور نمک دو چمچ، ٹماٹر آدھا پاؤ، پیاز (بڑے ٹکڑوں میں کٹی ہوئی) آدھا کلو۔

    بنانے کا طریقہ :

    گوشت کے پتلے پتلے اور مختصر پارچے کاٹ لیں، لیموں کے رس میں پسا ہوا گرم مسالہ، سرکہ، مرچ اور نمک ملا دیں۔

    اس مرکب کو گرم گھی میں ڈالیں اور چمچے سے خوب اچھی طرح ہلائیں، اب اس میں گوشت کے ٹکڑے ڈالیں اور انہیں چھ سات گھنٹے تک ریفریجریٹر میں رکھا رہنے دیں۔

    بعد ازاں گوشت نکال لیں اور ہر ٹکڑے کے آگے پیچھے پیاز اور ٹماٹر کا ایک ایک ٹکڑا لگا دیں اور سیخوں پر چڑھا کر کوئلوں کے اوپر جالی رکھ کر سینکیں اور لیموں لگا کر پیش کریں۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ شیش تاؤ کیا ہے اور یہ کہاں کا خاص پکوان ہے؟ یہ ایک شامی پکوان ہے، شامی زبان میں شیش کا معنی وہ سلائی ہے جس پر سیخ چڑھائی جاتی ہے جبکہ طاووق کا معنی مرغی کا گوشت اور عربی زبان میں تیز آنچ ہے۔

  • ماہ رمضان میں ذائقے دار چکن چیز ڈرم اسٹکس بنائیں

    ماہ رمضان میں ذائقے دار چکن چیز ڈرم اسٹکس بنائیں

    افطاری میں اگر پکوڑے سموسے یا ان جیسی چٹ پٹی اشیاء ہوں تو افطاری کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے، لیکن خاتون خانہ کیلئے اتنی ساری چیزیں تیار کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    آج ہم آپ کیلئے ایک آسان اور مزیدار سی چیز بنانے کی ترکیب لائے ہیں جی ہاں !! اب آپ افطار کا لطف دوبالا کرنے کے لیے مزیدار ’چکن چیز ڈرم اسٹک‘ گھر میں بنائیں۔

    افطاری میں فرائیڈ اشیاء کا مزہ بھی الگ ہوتا ہے جسے بچے بڑے سب شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، ایسے میں نیچے دی ہوئی ’چکن چیز ڈرم اسٹک‘ بنانے کی ترکیب ضرور آزمائیں۔

    اجزاء : 

    چکن ڈرم اسٹکس 9

    ادرک لہسن پیسٹ 1 چمچ

    نمک آدھا چائے کا چمچ

    پانی 1 اور ½ کپ

    ہرا دھنیا مٹھی بھر

    آلو ابلے ہوئے 2-3 درمیانے

    پیاز پاؤڈر 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی آدھا چمچ

    کالی مرچ پاؤڈر 1 اور ½ چائے کا چمچ

    خشک اوریگانو 1 چمچ

    چکن پاؤڈر آدھا چمچ

    سرسوں کا پیسٹ 1 چمچ

    لیموں کا رس 1 چمچ

    پنیر حسب ضرورت پیس لیں

    میدہ 1 کپ

    انڈے 1-2 عدد

    ریڈ کرمبس 1 کپ

    تلنے کے لیے تیل

    ترکیب

    ایک کڑاہی میں چکن ڈرم اسٹکس، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ابال لیں، ڈھک کر درمیانی آنچ پر 12 سے 15 منٹ تک پکائیں پھر تیز آنچ پر خشک ہونے تک پکائیں اب اسے ٹھنڈا ہونے دیں۔

    ڈرم اسٹکس سے چکن الگ کرلیں اور ہڈیوں کو بعد میں استعمال کے لیے محفوظ رکھیں۔ اب تازہ دھنیا ڈال کر اچھی طرح کاٹ لیں۔

    ایک پیالے میں ابلے ہوئے آلو کو پیس لیں، اس میں کٹی ہوئی چکن، پیاز پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، کالی مرچ پاؤڈر، خشک اوریگانو، چکن پاؤڈر، مسٹرڈ پیسٹ، لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    اب تھوڑی مقدار میں مکسچر کو گیلے ہاتھوں میں لے اسے شیٹ میں پھیلا دیں اور درمیان میں چیز ڈال کر محفوظ کی گئی ہڈی کو ڈال دیں اور ڈرم اسٹک کی شکل کی طرح بنانے کے لیے اچھی طرح دبائیں۔ اب ڈرم اسٹک کو میدہ میں کوٹ کریں اور انڈے میں اور پھر کارن فلیکس میں ڈِپ کریں

    ایک کڑاہی میں کوکنگ آئل کو گرم کریں اور درمیانی آنچ پر ہر طرف سے سنہری اور کرسپی ہونے تک فرائی کریں اور پھر مزیدار ’چکن چیز ڈرم اسٹکس‘ ٹماٹو کیچپ کے ساتھ دسترخوان پر سجائیں۔

  • ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    روزے کی حالت میں روزہ دار کو بھوک سے زیادہ پیاس کا احساس ہوتا ہے اور افطار کے وقت کوشش یہی ہوتی ہے کہ جلد سے جلد پانی یا شربت پیا جائے۔

    ماہ رمضان میں کولڈ ڈرنکس کا استعمال زیادہ بڑھ جاتا ہے جو انسانی صحت کیلیے کسی طور بھی درست نہیں خاص طور پر معدے کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

    اس حوالے سے حکماء نے ماہ رمضان میں کچھ ایسے مشروبات کو پینے کی ہدایات کی ہیں جو خصوصاً ماہ رمضان میں آپ کی صحت کیلئے بہترین ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں ایسی غذاؤں اور مشروبات پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو ہمیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    طویل روزے رکھنے کی وجہ سے بہت سے روزہ دار بدہضمی یا قبض اور معدے اور بڑی آنت سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں لہٰذا صحت بخش خوراک اور مناسب مشروبات کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے۔

    مندرجہ ذیل سطور میں ایسے مشروبات سے متعلق حکماء کے مشورے کی روشنی میں تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی ہے جنہیں غذائی ماہرین روزہ داروں کے لیے بہترین مشروبات کے طور پر تجویز کرتے ہیں۔

    مشروبات

    پانی

    یہ مشروبات کا بادشاہ ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریشن فراہم کرتا ہے، توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

    کھجور اور دودھ

    یہ ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ ہم چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں، پھر اس فائدہ مند اور بھرپور مشروب سے افطار شروع کریں، جو ہمیں توانائی دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے، جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔

    خوبانی کا رس

    یہ ان مشہور رسوں میں سے ایک ہے جس کا نام رمضان کے مہینے سے جڑا ہوا ہے۔ عرب ممالک میں اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے سال بہ سال رمضان کا انتظار کرتے ہیں۔ خوبانی فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے۔ خوبانی میں ریٹینول بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں آسانی سے جذب ہونے والا مادہ ہے اور ہاضمے کے عمل کو بڑھاتا ہے۔

    پودینہ لیمونیڈ

    لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں سے بنا یہ ایک بہت مفید مشروب ہے جسے افطار کے دوران پیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور آپ اس مرکب میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس مشروب کا ایک گلاس دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو صحت یابی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

    کیلے کا ملک شیک

    کیلے پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن سی اور بی 6 سے بھرپور ہوتے ہیں۔ آپ ایک کپ سکم دودھ کے ساتھ ایک سے دو کیلے ملا کر ناشتے کے دوران اس مزیدار شیک کا ایک گلاس پی سکتے ہیں، یہ آپ کو زبردست توانائی دے گا اور اگلے دن روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

    بادام کا ملک شیک

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ 10 سے 12 بادام کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، پھر بادام کو چھیل لیں۔ اس کے بعد ہم ایک کپ سکمڈ دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد، اور الائچی کے ساتھ شیک کر لیں۔ یہ مشروب غذائی فوائد سے بھرپور ہے جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

    ٹماٹر اور سیب کا جوس

    یہ مشروب وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ آپ چھلے ہوئے سیب کو ٹماٹر کے ساتھ ملا کر اس میں تھوڑا سا پانی، کچھ لیموں کے قطرے اور ایک چمچ شہد شامل کر سکتے ہیں۔ غذائی فوائد سے بھرپور مشروب حاصل کرنے کے لیے اچھی طرح شیک کریں اور افطار میں پیش کریں۔

  • مسجد الحرام کے صحن میں افطار دستر خوان کے روح پرور مناظر

    مسجد الحرام کے صحن میں افطار دستر خوان کے روح پرور مناظر

    سعودی عرب میں مسجد الحرام کے صحن مبارک میں زائرین کی بڑی تعداد نے روحانیت کے ماحول میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غروب آفتاب سے قبل زائرین کی بڑی تعداد مسجد الحرام کے صحن میں بچھائے گئے دسترخوان پہنچی جبکہ رضاکار زائرین کی خدمت اور افطاری فراہم کرنے میں مصروف رہے۔

    حرم کے صحن میں ماہ مبارک کے پہلے دن افطار دسترخوان اسلامی اخوت، باہمی بھائی چارگی اور یگانگت کی منظر کشی کررہے تھے۔

    حرم کے صحن میں موجود رضا کار روزہ داروں کو افطار پیش کرنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کررہے تھے۔ حکومتی اور نجی اداروں کی زیرنگرانی پرسکون ماحول اور زائرین کے دعاؤں اور اذکار کے درمیان افطار مکمل کیا گیا۔

    سعودی عرب: رمضان پلان کے نفاذ کے بعد زائرین کو بڑی سہولت مل گئی

    مسجد الحرام کی صفائی پر مامور کارکنوں نے افطار ختم ہونے کے بعد مختصر دورانئے میں دسترخوانوں کو سمیٹ لیا تاکہ ہزاروں زائرین نماز مغرب کی ادائیگی کرسکیں۔

  • افطار میں مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنائیں

    افطار میں مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنائیں

    ماہ رمضان میں ہر خاتون خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کیلئے سحر اور افطار میں اچھے اور ذائقے دار پکوان بنا کر دسترخوان پر رکھے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں خاتون شیف صبا نے ناظرین کو مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنانے کی ترکیب بتائی جو بنانے میں بھی نہایت آسان ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بازار سے رول پٹیاں (پانڈا پٹی) تو مل جاتی ہیں اگر نہ مل سکیں تو ڈبل روٹی (بریڈ) اس کا بہترین متبادل ہے۔

    صبا نے کہا کہ بریڈ اسٹفنگ تین فلنگ کے طریقوں سے بنائی جاتی ہے جس میں پہلے آلو اور پھر سبزیاں اور تیسری چیز چکن بھر کر بنایا جاتا ہے۔

    اس کیلیے آلو کا بھرتا بنا کر اس میں پیاز پسی ہوئی کالی مرچ اور دیگر مسالے جو بھرتے میں استعمال کیے جاتے ہیں انہیں بریڈ میں بھر کر بنا سکتے ہیں اگر چکن پاؤڈر شامل کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ میں نے دوسری فلنگ میں چکن کے ساتھ چیز اور تکہ مسالہ شامل کیا ہے اور ڈبل روٹی کو پتلا کرکے اس میں چکن ڈالیں اور چاروں طرف سے موڑ کر درمیان میں توتھ پک لگا کر اسے فرائی کرلیں۔ اسی طرح سبزی کا رول کا بھی بنے گا۔

  • 7 ہزار فٹ کی بلندی پر افطار، تصاویر وائرل

    7 ہزار فٹ کی بلندی پر افطار، تصاویر وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے پہاڑوں پر افطار کرنے والے چند لوگوں کی تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    العربیہ نیوز کے مطابق شہریوں کے ایک گروپ نے بلند و بالا فیفا پہاڑ کے کنارے پر بیٹھ کر افطاری کی، اس منظر کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں تو لوگ مسحور ہوگئے۔

    اتنی بلندی پر افطار کا یہ منظر خوبصورتی کے ساتھ ساتھ خوف اور حیرانی کے احساسات پیدا کر رہا ہے۔

    جازان میں ٹور گائیڈ بسام الفیفی نے اس منظر کو کیمرے کے لینز میں محفوظ کر کے امر کردیا، سوشل میڈیا پر اس تصویر پر بڑا رد عمل دیکھنے میں آیا اور تصاویر کی بے حد تعریف کی گئی۔

    فوٹو گرافر بسام الفیفی نے بتایا کہ میں فیفا کے علاقے میں سیاحتی دوروں کا اہتمام کرتا ہوں اور جازان کے علاقے میں سیاحتی تجربات کرنے میں مہارت رکھتا ہوں، میرے پاس مہمانوں کا ایک گروپ تھا اور میں نے ان خوبصورت لمحات کو ان کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کی۔

    بسام کا کہنا تھا کہ انہوں نے روایتی ملبوسات پہن لیے، میں ان سے وعدہ کیا کہ وہ خطے کے مشہور پکوانوں کے درمیان افطاری کا ایک منفرد تجربہ کریں گے۔

    بسام نے مزید کہا کہ ہماری کاوش سے یہ تصویر سامنے آئی اور ہر کوئی ان لمحات سے لطف اندوز ہوا، سوشل میڈیا پر متحرک افراد نے اس فضائی فوٹو گرافی کے ذریعے اس تجربے کے دوران کھینچے گئے مناظر کی خوبصورتی کو سراہا اور اس فوٹیج کو بڑے پیمانے پر آگے شیئر کیا۔

    فیفا کے پہاڑ سعودی عرب کے انتہائی جنوب مغرب میں واقع ہیں، فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ پسندیدہ مقام ہے، لوگوں کی بڑی تعداد خوبصورت ماحول اور دلکش فطرت سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس خطے کا رخ کرتی ہے۔

    یہ خطہ جوش و خروش سے بھرپور اور بلند و بالا مقامات سے محبت کرنے والوں کے لیے موزوں ہے، یہاں پہاڑوں کا ایک سلسلہ موجود ہے۔ یہ خطہ سطح سمندر سے 7 ہزار فٹ بلند اور آثار قدیمہ کے متعدد مقامات لیے ہوئے ہے۔

    فیفا کے پہاڑوں کو ان کی بلندی، بادلوں کے ساتھ ان کے ملنے اور بادلوں کے اندر سے برسنے والی بارش کو دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے باعث جرات القمر یعنی چاند کے پڑوسی کہا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ 18 پہاڑوں کو لیے ہوئے ہے اور یہاں جمالیاتی حس کو لطف دینے والے شاندار مظاہر موجود ہیں۔

  • عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    اسلام آباد / لاہور: سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا، عمران خان روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔

    عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے، اس دوران وہ کارکنوں کو آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    گزشتہ روزعمران خان نے لاہور، قصور اور ننکانہ کے کارکنوں کے ساتھ افطار کیا جبکہ کل یعنی 3 اپریل سوموار کے روز عمران خان جنوبی پنجاب کے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔