Tag: Iftar

  • ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    کراچی: ڈکیتوں نے روزہ داروں کا افطار کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے، کراچی میں عین افطار کے وقت لٹیروں نے ایک دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، بلاک 14 میں افطار کے وقت لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    یہ واردات موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افطاری کرتے 9 افراد خوف کے عالم میں بیٹھے رہے، اور لٹیرے نے اطمینان سے کیش کاؤنٹر کا صفایا کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح لٹیرا اطمینان سے 9 افراد کی جیبوں سے بھی نقدی نکالتا رہا، جب کہ ایک شخص نے لٹیروں کو آتا دیکھ کر اپنی جیب سے پہلے ہی موبائل نکال کر دکان کے ایک کونے میں پھینک دیا تھا۔

    واردات کے دوران روزہ دار افطار بھی کرتے رہے، جب کہ ماسک لگائے لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • ماہ رمضان میں کھجور کا استعمال کتنا فائدہ مند ہے؟

    ماہ رمضان میں کھجور کا استعمال کتنا فائدہ مند ہے؟

    ماہ رمضان المبارک میں افطار کے وقت کھجور کا استعمال اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، کھجور ایک بابرکت اور لذیذ پھل ہے، اس میں بے پناہ توانائی پوشیدہ ہے۔

    دن بھر بھوکا پیاسا رہنے سے روزہ دار کے جسم میں توانائی کم ہوجاتی ہے جسے پورا کرنے میں اس کا اہم کردار ہے، طبی ماہرین بھی اس کے استعمال کو سود مند قرار دیتے ہیں۔

    مسلمان روزہ کھجور کے ساتھ ہی افطار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے پیارے نبی کا پسندیدہ پھل اور سنت ہے، کھجور رمضان المبارک میں استعمال ہونے والا سب سے پسندیدہ پھل ہے۔

    شیریں ، خوش ذائقہ، ذود ہضم اور توانائی سے بھرپور پھل کھجور کا استعمال رمضان المبارک میں کثرت سے کیا جاتا ہے، غذائیت اور کیلوریز سے بھی بھرپور ہونے کے باعث طبی ماہرین نے افطاری کے ساتھ ساتھ سحری میں بھی کھجور کے استعمال کو انتہائی مفید قرار دیتے ہیں کیونکہ یہ روزہ داروں کو دن بھرتوانا رکھتا ہے۔

    یوں تو کھجور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں پیدا ہوتی ہے تاہم مقامات مقدسہ کی قربت کی وجہ سے سعودی عرب میں پیدا ہونے والی کھجوروں کو دنیا بھر کے مسلمان عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جولوگ حج یا عمرہ کی نیت سے حجاز مقدس جاتے ہیں وہ اپنے ساتھ کھجور کا تحفہ ساتھ لانا نہیں بھولتے۔

    سعودی عرب میں کھجور کی لگ بھگ سو سے زائد قسمیں پائی جاتی ہیں، ایک دور میں پوری مملکت میں سب سے زیادہ کھجور کی پیداوار کاشرف مدینہ منور کو حاصل تھا، لیکن اب دیگر علاقوں میں بھی کھجور وافرمقدار میں پیدا ہوتی ہے۔

    کھجوروں میں چند مقبول نام عجوہ، برہی، خلص، خضری، مجدولہ، نبوت، سیف، سقی اور سکری ہیں۔

    آئیے جانتے ہیں کہ کھجور میں کون سے اجزاء شامل ہیں جو انسانی جسم کو تندرست رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    کھجور میں شامل میگنیشیئم بلڈ پریشر کم کرتا ہے، پٹھوں،اعصاب اور شریانوں کو پرسکون رکھتا ہے،ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے، پھیپھڑے کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس میں موجود تانبے کے ساتھ مل کر ہائپرٹینشن اور دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھتا ہے۔

    کیلشیئم جو کھجور کا ایک اہم جزو ہے،یہ عضلات ، شریان اور اعصاب کو پھیلاتا ہے ہڈیوں کی تعمیر کرتا ہے اور ہڈیوں کے بھر بھرے پن کی بیماری اوسٹیوپورویس سے بچاتا ہے۔

    کھجور میں موجود پوٹاشیم دل کے پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے، بھوک بڑھاتا ہے، پٹھوں کی اکڑن سے بچاتا ہے،ہڈیوں کے ڈھانچے کو بہتر کرتا ہے اور کینسر کا خطرہ گھٹاتا ہے،اس پھل میں شامل فاسفورس دانتوں اور ہڈیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    کھجور میں شامل آئرن اس کا اہم حصہ ہے جو وٹامن بی ٹو اور کاپر کے ساتھ مل کر خون کے سرخ خلیات کی تعمیر میں مددکرتا ہے، بذریعہ خون پٹھوں اور خلیات تک آکسیجن کی فراہمی ممکن بناتا ہے اور بصارت کو بہتر کرتا ہے۔

  • افطار کے بعد سگریٹ پینے والے ہوشیار!

    افطار کے بعد سگریٹ پینے والے ہوشیار!

    رمضان المبارک کا روح پرور مہینہ جاری ہے اور اس ماہ میں مسلمان اس کی رحمتوں اور برکتوں سے فیض یاب ہونے میں مشغول ہیں۔ تاہم ایسے افراد جو روزہ کھولتے ہی سگریٹ پینے کے عادی ہیں وہ اپنے آپ کو جسمانی طور پر سخت خطرات میں مبتلا کردیتے ہیں۔

    ترکی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ افطار کرنے کے بعد سگریٹ پینے سے زیادہ خطرناک عمل کوئی نہیں۔

    تحقیق کے مطابق افطار کے وقت جسم کو پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں سگریٹ کے ایک کش سے شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور خون میں آکسیجن مناسب مقدار میں جذب نہیں ہوتی۔

    اس کے نتیجے میں خون گاڑھا ہو جاتا ہے جس سے اس کے جمنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، دل کی دھڑکن بے ربط ہو جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور ان سب عوامل سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

    تحقیق میں شامل ایک ماہر طب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی نہ صرف امراض قلب میں مبتلا کر سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ یہ جسمانی جھٹکوں اور ہاتھ پاؤں میں کپکپاہٹ کا باعث بھی بننے لگتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق آسان لفظوں میں افطار کے فوراً بعد سگریٹ پینا آپ کی اچانک موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچنے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا تمام مدافعتی نظام درہم برہم ہوجاتا ہے جو سخت نقصان دہ ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ یوں تو سگریٹ نوشی کے خطرات کو دیکھتے ہوئے اس کا استعمال کم کردینے میں ہی عافیت ہے، تاہم اگر سگریٹ کی شدید طلب ہو تو افطار کے 30 سے 40 منٹ بعد سگریٹ نوشی کی جاسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سگریٹ نوشی ترک کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ جب انسان روزے کی حالت میں دن بھر میں تقریباً 13 سے 14 گھنٹے تک سگریٹ نہیں پیتا، تو یہ عمل سال بھر بھی کرسکتا ہے۔

    اسی طرح روزے دار کی طبیعت میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوجاتا ہے جس سے وہ سگریٹ نوشی سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

  • سحری کیلئے کونسی غذائیں فائدے مند ہیں؟

    سحری کیلئے کونسی غذائیں فائدے مند ہیں؟

    رمضان المبارک میں روزے داروں میں بعض غلط غذائی عادات ہوتی ہیں جو روزے کے دوران میں ان کے لیے تھکن اور دیگر بہت سے مشکلات کا سبب بنتی ہیں۔ یہ عادات انسانی صحت پر منفی طور سے اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ 

    طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ جس طرح روز مرہ کے دنوں میں باقاعدگی سے ناشتہ کرنا ہمارے دن کا سب سے اہم کھانا ہوتا ہے، اسی طرح جب رمضان کی بات آتی ہے تو سحری سب سے اہم کھانا ہوتا ہے۔

    یہ بہت ضروری ہے کہ آپ سحری میں پیٹ بھرنے والا غذائیت سے بھرپور کھانا کھائیں جو آپ کو دن بھر کے طویل روزے کے دوران مکمل طور پر تقویت دیتا رہے۔

    اگر آپ سحری میں کھائے جانے والے کھانے کو عمدگی سے استعمال نہیں کرتے ہیں تو آپ دن کے کسی بھی حصے میں اپنی توانائی کھو دیں گے۔

    یہاں کچھ ایسے کھانوں کی فہرست ترتیب دی گئی ہے جو سحری میں کھانا انتہائی ضروری ہیں تاکہ آپ کا روزہ بہتر گزرے اور آپ کو روزے کی حالت میں کمزوری کا احساس نہ ہو۔

    دہی کا استعمال

    دہی سحری کے لیے طاقت سے بھرپور ایک اہم جز ہے، پروٹین کی طاقت سے مالا مال دہی کا پیالہ سحری میں کھانے سے آپ کو دن بھر پیاس نہیں لگتی اور یہ آپ کو چاق و چوبند بھی رکھتا ہے، سحری میں دہی کھانا روزے کے طویل دن کی تیاری کا بہترین طریقہ ہے

    جو کا دلیہ

    جَو کا دلیہ سحری کے لیے ایک صحت مند اور پروٹین سے بھرپور غذا ہے جو آپ کو دن بھر توانائی فراہم کرتا رہے گا، یہ کم محنت کے ساتھ بنانے میں بہت آسان ہیں اور آپ کی ترجیح کے مطابق دودھ یا پانی کے ساتھ لیے جا سکتے ہیں۔

    انڈا پراٹھا

    انڈا پراٹھا پروٹین اور صحت مند فیٹس کا ایک بہترین مجموعہ ہے جو نہ صرف آپ کا پیٹ بھرتا ہے بلکہ اپ کو بھر پور توانائی بھی فراہم کرتا ہے جو دن بھر کے طویل روزے میں آپ کو چست اور توانا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    اسمودی (شیک)

    سحری کے وقت اپنے پسندیدہ پھلوں کی صحت مند اور خوش ذائقہ اسمودی بنائیں، اس کے ایک بڑے گلاس سے بھر پور لطف اٹھائیں اور دن بھر چاق و چوبند اور توانا رہیں۔

  • آج افطار میں بیکڈ دہی بڑے بنائیں

    آج افطار میں بیکڈ دہی بڑے بنائیں

    دہی بڑے ماہ رمضان کے دوران افطار کا جزو خاص ہے، آج آپ کو عام دہی بڑوں کی جگہ بیک کیے ہوئے دہی بڑے بنانے کی ترکیب بتائی جارہی ہے۔

    اجزا

    بیکنگ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچ: 2 چائے کے چمچ کٹی ہوئی

    زیتون کا تیل: حسب ضرورت

    دہی: 1 پاؤ

    زیرہ: 2 کھانے کے چمچ بھنا اور پسا ہوا

    ثابت دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ بھنا اور پسا ہوا

    چاٹ مصالحہ: حسب ضرورت

    پودینے کا پتہ: گارنش کے لیے

    لال مرچ ثابت: گارنش کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے بلینڈر میں تھوڑا سا پانی اور ماش کی دال ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

    اب اس میں بیکنگ پاؤڈر اور تھوڑا سا پانی شامل کر کے ایک بار پھر آدھے منٹ کے لیے بلینڈ کرلیں۔

    پھر اس میں نمک اور ایک چائے کا چمچ ہری مرچ ڈال کر پھر بلینڈ کرلیں۔

    اب بیکنگ ٹرے کو زیتون کے تیل سے گریس کر کے بلینڈ کیے ہوئے مکسچر کو بیکنگ ٹرے میں نکال کر بیک کرلیں۔

    ایک پیالے میں دہی کو 5 کھانے کے چمچ پانی کے ساتھ پھینٹ لیں۔

    پھر اس میں آدھا چائے کا چمچ ہری مرچ، زیرہ اور دھنیہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    بڑوں کو اوون سے نکال کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    اب ان پر دہی مکسچر ڈال کر چاٹ مصالحہ اور باقی آدھا چائے کا چمچ ہری مرچیں چھڑکیں۔

    پودینے کے پتے اور ثابت لال مرچ سے گارنش کر کے سرو کریں۔

  • افطار پکوان: مزیدار پیزا اسٹکس بنانے کی ترکیب

    افطار پکوان: مزیدار پیزا اسٹکس بنانے کی ترکیب

    پیزا کھانا تو عام سی بات ہے جسے بعض اوقات گھر میں بھی بنایا جاتا ہے، آج ہم آپ کو ایک منفرد طریقے سے اسٹکس کی شکل میں پیزا بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو آج افطار میں دستر خوان کی رونق بڑھا دیں گی۔

    اجزا

    میدہ چھنا ہوا: 250 گرام

    خمیر: آدھا چائے کا چمچ

    چینی: 1 چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: 1 چٹکی

    مرغی کا گوشت (ابال کر چوپ کرلیں): 250 گرام

    شملہ مرچ (چوپ کرلیں): 1 عدد

    پیزا سوس: 4 کھانے کے چمچ

    موزریلا پنیر (کدو کش کرلیں): 200 گرام

    تلی ہوئی پیاز: آدھی پیالی

    کٹی ہوئی کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    زیتون (باریک کٹے ہوئے): آدھی پیالی

    اوریگانو: آدھا چائے کا چمچ

    انڈا: 1 عدد

    مکھن؛ 1 کھانے کا چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے تھوڑے سے نیم گرم پانی میں خمیر اور چینی ملا کر 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

    میدے میں نمک٬ بیکنگ پاؤڈر اور خمیر ڈال کر گوندھیں اور 4 گھنٹوں کے لیے رکھ دیں۔

    اس آٹے کے 2 پیڑے بنا کر بیل لیں۔

    ایک پیالے میں مکھن کے علاوہ فلنگ کے تمام اجزا ملا لیں اور روٹیوں پر اس کی تہہ لگا دیں۔

    روٹیوں کو لپیٹ کر ہاتھ کی مدد سے چپٹا کر لیں اور کناروں کو انڈا لگا کر بند کر دیں۔

    ان کے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر اوون کی ٹرے میں رکھ دیں۔

    ٹرے کو پہلے سے گرم اوون میں 200 ڈگری سینٹی گریڈ پر 20 منٹ تک پکا کر نکال لیں۔

    ان پر برش کی مدد سے مکھن لگائیں اور دو منٹ کے لیے دوبارہ اوون میں رکھ کر پکائیں۔

    گرما گرم مزیدار پیزا اسٹکس تیار ہیں۔

  • افطار میں مزیدار گرما گرم بریڈ رول بنانے کی ترکیب

    افطار میں مزیدار گرما گرم بریڈ رول بنانے کی ترکیب

    افطار میں پکوڑے اور سموسے کھانا تو عام سی بات ہے، آج ہم آپ کو افطار کے لیے مزیدار بریڈ رول بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    بریڈ رول بنانے کی ترکیب

    اجزا

    بریڈ سلائس: 5 سے 6 عدد

    آلو: ابلے اور کچلے ہوئے، 2 عدد

    نمک: حسب ذائقہ

    کالی مرچ: حسب ذائقہ

    کٹا ہرا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    کٹی ہری مرچ: 2 عدد

    ترکیب

    بریڈ سلائس کو 5 منٹ کے لیے پانی میں بھگو دیں۔

    اب ایک ہاتھ پر سلائس رکھیں اور دوسرا ہاتھ اوپر رکھ کر پانی نچوڑ لیں اور فلیٹ کرلیں۔

    سلائسز کے علاوہ تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کرلیں۔

    چمچ کی مدد سے بریڈ سلائس پر پھیلا لیں اور رول کی شکل دے لیں۔

    تھوڑی دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

    تیل گرم کریں اور سنہرے ہونے تک تل لیں۔

    مزیدار بریڈ رول تیار ہیں۔

  • رمضان المبارک : اندرون  ملک سفر کرنے والوں کیلیے اچھی خبر

    رمضان المبارک : اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلیے اچھی خبر

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن نے رمضان کے دوران  اندرون ملک پروازوں میں افطاری اور کھانے کی فراہمی کی تجاویز دے دی، کوروناکےباعث اندرون ملک پروازوں میں کھانےپینے کی سہولت پرپابندی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں اندرون ملک پروازوں پر افطاری اور کھانے کی فراہمی سے متعلق تجاویز مرتب کرلی گئیں، اس حوالے سے  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے این سی او سی اور جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویڑن کو تجاویز پر مبنی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ کورونا کے باعث اندرون ملک فلائٹس میں دوران پروازوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی پر پابندی ہے تاہم رمضان المبارک میں ائر لائنز کو روزداروں کے لیئے خاص انتظامات کر نے کی اجازت دی جائے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز روزداروں کے لئے افطاری باکس چیک ان کاونٹر پر افطاری کے وقت فراہم کریں اور رمضان المبارک میں دوران پرواز مسافروں کو فیس ماسک پہننے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کی تاکید کی جائے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں مسافروں کو کھانا پیش کرنے پر عائد پابندی اٹھانے کی تجویز  دی تھی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایوی ایشن ڈویژن کو خط لکھا تھا۔

    جس میں ڈائریکٹرایئرٹرانسپورٹ نے کہا تھا  کہ کورونا پھیلاؤ روکنے میں قومی کاوشیں کامیاب رہیں، این سی او سی سے پابندی اٹھانے کیلئے رجوع کیا جاسکتا ہے اور پروازوں پرکھانے اور مشروبات پیش کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے این سی او سی کی ہدایت پر ایئرلائنز کو اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے سے منع کیا گیا تھااور پابندی عائد کی تھی۔

  • ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور افطار پکوڑوں کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو مختلف اقسام کے پکوڑوں کی ترکیب بتارہے ہیں جنہیں کھا کر اہل خانہ آپ کے گن گانے پر مجبور ہوجائیں گے۔


    شاہی پکوڑے

    اجزا

    بریڈ یا نان

    بیسن: 2 کپ

    پیاز: کپ (باریک کٹی ہوئی)

    سبز مرچیں: 3 سے 4 عدد

    سبز دھنیہ: آدھا کپ

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    گھر کے افراد کے حساب سے حسب ضرورت بریڈ کے پیس لے لیں اور پھر ایک سلائس کے 2 یا 4 پیس کاٹ لیں۔

    اب چاہیں تو بیسن کا سادہ آمیزہ نمک، مرچ، مصالحے ڈال کر بنا لیں ورنہ دوسری صورت یمں بیسن میں باریک کٹی پیاز، سبز مرچیں، نمک، سرخ مرچیں، تازہ سبز دھنیہ اور انار دانہ حسب ضرورت ڈال کر آمیزہ تیار کرلیں۔

    آمیزہ تیار کرنے کے بعد اس میں کٹی ہوئی بریڈ سلائس کو ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔

    مزیدار شاہی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ افطار پر پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔

    بریڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں نان کے پیس لے کراس سے بھی شاہی پکوڑے بنائے جا سکتے ہیں۔


    چائینیز پکوڑے

    اجزا

    بینگن: 2 عدد

    پھول گوبھی: 1 پھول چھوٹا

    آلو: 2 عدد

    پیاز 2 عدد

    شملہ مرچ: 3 عدد

    میدہ: 2 کپ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاوڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    لیموں کا جوس: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: 1 کپ

    تیل: حسب ضرورت

    اجینو موتو (چائینیز سالٹ): 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔

    بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔

    گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔

    پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔

    اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔

    سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔


    پران پکوڑے

    اجزا

    پران: 12 سے 15 عدد

    ہری مرچیں: 3 عدد

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    اجینو موتو: 1 چائے کا چمچ

    شملہ مرچ: 3 کھانے کے چمچ

    پیاز: 2 کھانے کے چمچ

    سویا ساس: 2 کھانے کے چمچ

    ہری پیاز: 3 کھانے کے چمچ

    کالی مرچ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    گھی: ڈیڑھ کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے الگ سے پران کو گھی میں فرائی کر کے نکال لیں۔

    پھر لہسن٬ ادرک٬ ہری مرچیں٬ پیاز٬ شملہ مرچ٬ ہری پیاز کو فرائی کر کے اس میں نمک٬ اجینو موتو٬ ہلدی٬ لال مرچ٬ سویا سوس ڈال کر آخر میں فرائی شدہ پران شامل کرلیں۔

    مزے دار پران پکوڑے کھانے کے لیے تیار ہیں۔


    چکن قیمہ پکوڑے

    اجزا

    باریک کٹی چکن: 250 گرام

    پھینٹے ہوئے انڈے: 2 عدد

    بیسن: 4 کھانے کے چمچے

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچہ

    کٹی ہوئی ہری مرچ: 2 عدد

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: ایک چائے کا چمچ

    کٹا ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    چاٹ مصالحہ: آدھا کھانے کا چمچ

    باریک کٹی ہری پیاز: آدھا کپ

    ترکیب

    تمام اجزا یعنی بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیہ ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کرلیں۔


    چنے کی دال کے پکوڑے

    اجزا

    چنے کی دال: 1 پاؤ

    پسی ہوئی سرخ مرچ: 1 چائے کا چمچ

    پسا ہوا زیرہ: 2 چائے کے چمچ

    باریک کتری ہوئی پیاز: 1 پاؤ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کا چمچ

    ہری مرچیں: 8 عدد، باریک کتر لیں

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔

    جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔

    اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیہ اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔

    اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑھائی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔


    آلو کے پکوڑے

    اجزا

    آلو: 2 سے 3

    نمک، مرچ: حسب ذائقہ

    دھنیہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چمچ

    زیرہ پاؤڈر: حسب پسند

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    بیسن میں تمام مصالحے ڈال دیں اور مکس کریں۔

    پھر پانی بہت تھوڑا تھوڑا ڈال کر مکس کرتی جائیں، پھر اس آمیزے میں آلو کے قتلے ڈال کر فرائی کرلیں۔

    مزیدار آلو کے پکوڑے تیار ہیں۔


    پالک کے پکوڑے

    اجزا

    پالک: آدھی گڈی

    بیسن: 1 کپ

    پیاز: 2 عدد درمیانہ سائز کی، کٹی ہوئی

    ہری مرچ: 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیہ: آدھا کپ

    سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چائے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے چمچ

    تیل: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں۔

    پالک دھو کر بیسن میں شامل کر دیں۔

    بیسن میں ہی تیل کے علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں۔

    پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔

  • امریکی صدر رواں ہفتے افطار ڈنر کی میزبانی کریں گے

    امریکی صدر رواں ہفتے افطار ڈنر کی میزبانی کریں گے

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ہفتے ماہ صیام کی مناسبت سے وائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کا احتمام اور میزبانی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی یہ روایت ہے کہ وہ ہر سال ماہ صیام کے موقع پر افطار ڈنر کا اٖحتمام کرتا ہے اور مسلم ممالک کے اہم رہنماؤں کو اس دعوت پر مدعو کرتا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ سال اس دعوت کا احتمام نہیں کیا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر افطار ڈنر کا احتمام رواں ہفتے 13 جون کو کریں گے تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے اب تک مہمانوں کی فہرست جاری نہیں کی گئی، ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے یہ پہلی بار ہوگا کہ وہ افطار ڈنر کی میزبانی کریں گے۔


    افطاری اور سحری میں احتیاط، ماہ صیام اچھا گزاریں


    خیال رہے کہ رواں سال 15 مئی کو رمضان کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ "جو لوگ روزہ رکھتے ہیں وہ ہمارے معاشرے کو تقویت پہنچا سکتے ہیں، یہ لوگ پاکیزہ زندگی گزارنے کے حوالے سے ایک اچھی مثال بن سکتے ہیں۔


    ماہ صیام کے موقع پر مسجدالحرام میں مفت وائی فائی کی مفت سہولت


    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس اُس روایت پر عمل نہیں کیا تھا جس کو امریکی صدور 20 برسوں سے تھامے ہوئے ہیں، اس سے قبل بل کلنٹن کے دور سے رمضان میں وہائٹ ہاؤس کے اندر مسلمانوں کے لیے افطار ڈنر کا انعقاد کیا جا رہا ہے، علاوہ ازیں باراک اوباما اور سابق صدر بش بھی افطار ڈنر کی میزبانی کر چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔