Tag: IG punjab

  • پنجاب میں پتنگ بازی کیخلاف کارروائی میں بڑی پیشرفت

    پنجاب میں پتنگ بازی کیخلاف کارروائی میں بڑی پیشرفت

    لاہور : آئی جی پنجاب عثمان انور نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران کو ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پتنگ بازی کے نتیجے میں ہونے والے خونی حادثات کے بعد پنجاب پولیس حرکت میں آئی جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسپیشل ٹیمیں قانون شکنوں کیخلاف اقدامات یقینی بنائیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، اس کی خرید و فروخت اور استعمال پرزیرو ٹالرنس ہے۔

    عثمان انور کی جانب سے والدین کو اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے باز رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ان کا کہنا ہے کہ سپروائزری افسران دھاتی ڈور و پتنگوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

    اس حوالے سے پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 41 ملزمان گرفتاراور 32 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 957 پتنگیں، 23 چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ گزشتہ 34 روز میں مجموعی طور پر 3603ملزمان گرفتار کرکے 3469 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان سے 217461 پتنگیں، 14693 چرخیاں برآمد کی گئیں۔

  • سانحہ جڑانوالہ : پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، آئی جی پنجاب کا دعویٰ‌

    سانحہ جڑانوالہ : پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، آئی جی پنجاب کا دعویٰ‌

    لاہور : آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے اصل ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزمان سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں، انہوں نے بتایا کہ کیس میں اب تک130 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اگلے 72 گھنٹوں میں گرجا گھروں کی مرمت تباہ حال گھروں کا معاوضہ دینے اور عبادت شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سانحے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جیو فینسنگ، مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئرز استعمال کررہے ہیں۔،

    علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عمیر سلیم عرف راجہ اور عمر سلیمان عرف روکی کے نام سے ہوئی، دونوں ملزمان آپس میں بھائی ہیں،عمیر سلیم عرف راجہ سرکاری ادارے میں درجہ چہارم کا ملازم ہے جبکہ عمر سلیمان عرف روکی ایک نجی ادارے میں ملازم ہے۔

  • زمان پارک : آئی جی پنجاب نے پولیس پیچھے ہٹانے کی وجہ بتا دی

    زمان پارک : آئی جی پنجاب نے پولیس پیچھے ہٹانے کی وجہ بتا دی

    لاہور : آئی جی پنجاب عثمان انور  نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے آنے والی پولیس کے پیچھے ہٹنے کی وجہ بیان کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہے کہ ہم نے عدالتی احکامات پر ہرصوررت عمل کرانا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، چاہتے ہیں کہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو، اہلکار زمان پارک سے فاصلے پر موجود ہیں، نفری کو تبدیل کررہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج ڈی آئی جی شہزاد بخاری وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور آئے، پنجاب پولیس نے عدالتی احکامات کے مطابق ڈی آئی جی کی معاونت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی کے ساتھ300سے زائد نفری زمان پارک بھیجی تھی، پولیس پر پتھراؤ اور پیٹرول بم حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ڈی آئی جی سے لے کر کانسٹیبل تک27اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر کارروائی کی گئی، پولیس آپریشن نہیں تھا، ہمیں عدالتیں احکامات پر عمل کرانے دیں، پولیس پرحملے کرکے لوگوں کو دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام فورس آن بورڈ ہیں، عدالتی احکامات پرعمل تو کرانا ہے، پولیس پر حملے کرنے سے قانون کی حکمرانی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

    مزید پڑھیں : پولیس کینال روڈ سے پیچھے ہٹ گئی

    سڑکیں بلاک کرنے اور حملے کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے، ایک معصوم شخص جو حادثے میں مرتا ہے اسے بھی پولیس پر ڈال دیا جاتا ہے، ہم نے ایک بھی مسلح پولیس اہلکار زمان پارک نہیں بھیجا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اینٹی رائٹ فورس کے علاوہ کسی کو بھی زمان پارک نہیں بھیجا گیا، ہمارے اہلکاروں کے پاس اسلحہ نہیں اسی لیے حملے کیے جارہے ہیں۔

  • میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ مکڑوال پر کیا جانے والاحملہ ناکام بنا دیا، واقعے کی تحقیقات کیلئے آئی جی پنجاب نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

    اس حوالے سے ڈی پی او میانوالی محمد نوید نے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ مکڑوال پر15سے20دہشت گردوں نےحملہ کیا تاہم حملے میں تمام اہلکار محفوظ رہے۔

    ڈی پی اومیانوالی کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں جدید آتشیں اسلحے کا استعمال کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے چند دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لےکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے تمام علاقے کو گھیرےمیں لے کرسرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    خصوصی ٹیم تشکیل

    واقعے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے میانوالی میں تھانے پر حملے کے پیش نظر خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے، 4رکنی ٹیم میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ،اسپیشل برانچ،آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی شامل ہیں۔

    مذکورہ کمیٹی آرپی او سرگودھا سے مل کر دہشت گردوں کیخلاف سرچ و کومبنگ آپریشنز پلان کرے گی، آئی جی پنجاب کی تھانہ مکڑوال اور ملحقہ علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنزکی ہدایت دی گئی ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر میانوالی میں بھرپور سرچ آپریشن کئےجائیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو زیروٹالرنس کے تحت کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

  • آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

    آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

    لاہور: آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدہ چھوڑنے سے متعلق وفاق کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انھوں نے لکھا کہ ذاتی وجوہ کی بنیاد پر کام جاری نہیں رکھ سکتا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز عمران خان اور مونس الہٰی کی ملاقات میں آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ چار دن گزرنے کے باوجود عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی ہے، تھانہ سٹی وزیر آباد اس معاملے پر مسلسل ٹال مٹول کر رہا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کہتے ہیں مدعی ملک کا سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہے، لیکن کوئی واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تیار نہیں۔

    عمران اسماعیل نے ٹوئٹ میں لکھا ’ آئی جی پنجاب جیسے افسران ملک قوم کی بجائے اشرافیہ کی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔‘

  • آئی جی پنجاب کا قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

    آئی جی پنجاب کا قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

    آئی جی پنجاب سے رمضان المبارک کی مناسبت سے صوبے کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی سزاوں میں 60 روز کمی کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب نے سزاوں میں کمی کا اعلان پاکستان پریزن رولز1978کےرول216کےتحت کیا ہے اور اس کا اطلاق ان قیدیوں پرہوگا جو قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث نہیں۔

    دہشت گردی، منشیات اور حدود آرڈیننس کی دفعات کے تحت سزا پانے والے قیدیوں پر سزاؤں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    اس کے علاوہ مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدی بھی اس رعایت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

  • جرائم کی وارداتیں، آئی جی پنجاب کا لاہور پولیس پر اظہار برہمی

    جرائم کی وارداتیں، آئی جی پنجاب کا لاہور پولیس پر اظہار برہمی

    لاہور میں ایک ماہ میں جرائم کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ماہ فروری لاہور کے شہریوں کیلئے انتہائی خوفناک رہا ہے، صرف ایک دن میں لاہور میں ڈکیتی اور چوری کی 300وارداتیں ہوئیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جرائم کنٹرول نہ کرنے پر آئی جی پنجاب لاہور پولیس سے ناراض ہیں،  آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے سربراہ کی سرزنش کی۔

    ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس چیف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تعیناتیاں مکمل میرٹ پر کی جائیں۔

    یاد رہے کہ لاہور میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 300ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں، لاہور شہر میں چوری کی220 وارداتوں کے مقدمات درج ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والی چوری کی مختلف وارداتوں میں چور50سے زائد موٹرسائیکلیں اور9گاڑیاں چوری کرکے لے گئے۔

    اس کے علاوہ شاہراہ عام پر اسٹریٹ کرائم کی15وارداتوں کے مقدمات درج ہوئے، لاہور پولیس ریکارڈ کے مطابق 24گھنٹے میں 4بچوں کو اغواء کیا گیا۔

  • ‘سیالکوٹ واقعہ :  کوشش ہے کہ تفتیش میں کوئی بھی پہلو رہ نہ جائے’

    ‘سیالکوٹ واقعہ : کوشش ہے کہ تفتیش میں کوئی بھی پہلو رہ نہ جائے’

    لاہور : پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعےکومثال بنانا ہے تاکہ آئندہ ایساواقعہ نہ ہو جبکہ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کوشش ہے تفتیش میں واقعے کا کوئی بھی پہلو رہ نہ جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور اور آئی پنجاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ، کانفرنس میں حسان خاور نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے سے لوگوں میں اضطراب پھیلا،وزیراعظم نےنوٹس لیا، وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کیس کی خودنگرانی کررہےہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک سیل بنایا، جس کی نگرانی خودکررہےہیں۔

    حسان خاور کا کہنا تھا کہ کل پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا ، جس میں دہشت گردی دفعات شامل ہیں، 200 چھاپوں میں 118افراد کو گرفتارکیا جاچکا ہے، 13 مرکزی ملزمان کوبھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجزکافرانزک تجزیہ کیاجارہاہے، انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا، واقعے کو مثال بنانا ہے کہ آئندہ ایساواقعہ نہ ہو۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اشتعال کیوں پھیلا اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے، واقعےکے13مرکزی ملزمان کوگرفتارکیا جاچکاہے، سری لنکن منیجر کا خاندان یہاں نہیں تھا۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے بتایا 24گھنٹے سے کم عرصے میں 200سےزیادہ چھاپےمارے، 160سے زائد کیمروں کی ویڈیو کا مشاہدہ کیاگیا، کوشش ہے تفتیش میں واقعے کا کوئی بھی پہلو رہ نہ جائے، تفتیش مکمل کرکےچالان انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کریں گے۔

    واقعے کے حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جھگڑےکاآغاز10بج کر2منٹ پرہوا،11بج کر5منٹ پرمنیجرکی موت ہوئی، 11:25پر پولیس کو اطلاع ملی اور پونے12بجےپولیس پہنچ چکی تھی، پولیس نےموقع پرپہنچ حالات کوقابومیں کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ واقعہ فیکٹری کے اندر ہوا،پولیس فیکٹری میں موجود نہیں ہوتی، گرفتارملزمان میں کون کتناملوث ہے ، اس کے کردار کا تعین کیا جائے گا، سیالکوٹ واقعے میں جوملزم بھی ملوث ہوا ، اس کو گرفتار کیا جائے گا۔

  • مینار پاکستان میں لڑکی سے بدتمیزی، واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کیلئے  تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئیں

    مینار پاکستان میں لڑکی سے بدتمیزی، واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کیلئے تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئیں

    لاہور : آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کیلئے تصاویر نادرا کو بھجوا دی ہے اور مقدمے میں عمر قید اور سزائےموت کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے مینار پاکستان واقعے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خاتون پر تشدد ،دست درازی کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادپر یقینی بنائی جائے گی۔

    آئی جی پنجاب نے چیئرمین نادرا کو فون کرکے ملزمان کی شناخت شروع کرنے کی درخواست کی ہےاور ملزمان کی شناخت کیلئے تصاویر بھی بھجوا دی گئی ہیں، نادرا عملہ چھٹی کے باوجود ملزمان کی شناخت کےعمل میں مصروف ہے۔

    انعام غنی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ثبوت،شواہد اکٹھےکر کے گرفتار کیا جائے گا تا کہ قرار واقعی سزا ملے، ملزمان پرجودفعات لگائی گئیں جس کی سزاعمر قید یاسزائےموت ہے ، تمام ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

    آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو براہ راست نگرانی کا حکم دے دیا ہے۔

    دوسری جانب گریٹراقبال پارک میں لڑکی سے بدتمیزی کے معاملے پر سی سی پی او غلام محمودڈوگر نے کہا ویڈیوز سے ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے،جلد ٹریس کرلیا جائےگا، متعددویڈیوزنادراکوبجھوائی گئیں ہیں۔

    غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہری ملزمان کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کریں، لڑکی سے بدتمیزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

  • پولیس وردی میں  تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی

    پولیس وردی میں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی

    لاہور: آئی جی پنجاب نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر وردی پہنے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی عائد کردی اور کہا احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور اورتمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ افسران کو مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران اوراہلکار وردی پہنے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر نہیں ڈالیں گے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وردی پہن کر نجی یا کسی بھی پروگرام میں شرکت نہیں کی جائے گی، پولیس افسر کی حیثیت سے عوامی سوشل میڈیا پر گروپ نہیں بنایا جائے گا۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر محکمانہ مواداپ لوڈ کرنے پر بھی پابندی ہوگی اور ایس پی سطح کے افسران کے علاوہ کوئی میڈیا پراپنا مؤقف نہیں دے گا۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ افسران و اہلکار کسی سوشل میڈیا گروپ کے رکن ہےتوگروپ فوراً چھوڑدیں، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔