Tag: iiojk

  • ویڈیو رپورٹ: لداخ کے عوام کیا چاہتے ہیں؟

    ویڈیو رپورٹ: لداخ کے عوام کیا چاہتے ہیں؟

    لداخ کے عوام ریاستی حیثیت کی عدم بحالی پر مودی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں، 4 فروری کو لداخ کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے بی جے پی حکومت سے نالاں عوام بڑی تعداد میں لیہہ میں سڑکوں پر نکل آئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں بی جے پی حکومت کی جانب سے آئین کے چھٹے شیڈیول کے مطابق لداخ کی ریاستی حیثیت کی بحالی اور آئینی تحفظ کا جھوٹا وعدہ کیا گیا تھا، مودی سرکار نے اقتدار میں آنے کے بعد لداخ کے رہائشیوں کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کر دیا۔

    لداخ کے مکینوں نے بنیادی حقوق کی محرومی سے تنگ آ کر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا، لیہہ ایپکس باڈی (LAB) اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس (KDA) نے لداخ کے ضلع لیہہ میں ’’لیہہ چلو‘‘ کے نام سے احتجاجی کال دی، لداخ کے عوام نے انتہائی سرد موسم کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کے لیے بڑی تعداد میں مارچ میں شرکت کی۔

    لیہہ میں کیے گئے احتجاجی مظاہرے میں عوام نے مطالبہ کیا کہ لداخ کی ریاستی حیثیت بحال کی جائے، مقامی لوگوں کے لیے ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور لیہہ اور کارگل کو پارلیمانی نشستوں میں شامل کیا جائے۔

    آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد لداخ ریاستی حیثیت کھو چکا ہے، اور لداخ کے عوام آئینی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں، لداخ بنیادی طور پر ایک متنازعہ خطہ ہے جس پر چین اور بھارت کا کئی مرتبہ ٹکراوٴ بھی ہو چکا ہے، اقتدار کی ہوس میں لداخ میں اکثریت حاصل کرنے کی خواہاں مودی سرکار نے لداخ کو خود مختار ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بی جے پی حکومت کا لداخ کے مسائل پر غفلت اور مجرمانہ خاموشی تشویش ناک ہے، لداخ کے عوام ہزاروں کی تعداد میں اپنے حقوق کے لیے نکلے، جب کہ مظاہرین نے بی جے پی مخالف نعرے اور اپنے حقوق کے لیے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت، 3 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت، 3 کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں تین کشمیری نوجوان شہید کردیے ہیں، ضلع کپواڑہ کے علاقے جم گنڈ میں قابض فوج نے ایک پر تشدد آپریشن کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کیا۔

    آخری اطلاعات تک کپواڑہ کے علاقے جم گنڈ میں بھارتی فوج کا آپر یشن جاری ہے، قابض فوج نے ضلع کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کررکھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنادی

    کے ایم ایس کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد اب چھ ہوگئی ہے، اس سے قبل بدھ کو ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں تلاشی آپریشن کے دوران تین نوجوان شہید کردئیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز بھارتی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کی سزا سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا، بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو دہشتگردوں کی فنڈنگ کے جھوٹے الزام میں دو بار عمر قید اور 10 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں مذہبی جلوس پر بھارتی بربریت، پاکستان کا سخت ردعمل

    مقبوضہ کشمیر میں مذہبی جلوس پر بھارتی بربریت، پاکستان کا سخت ردعمل

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ وادی میں محرم کےجلوسوں پرپابندی مسلمانوں کےجذبات کی توہین ہے، بھارتی اقدام کشمیریوں کے بنیادی حق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے،بھارت ظلم سےکشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو نہیں دباسکتا۔

    زاہد حفیظ نے کہا کہ قابض افواج نے جلوس سےدرجنوں کشمیریوں کوحراست میں لیا اور جلوس کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر بھی لاٹھی چارج کیا۔

    واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نےمقبوضہ کشمیر میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کا جلوس نہ نکلنے دیا اور عزاداران کو بدترین تشدد بنایا جبکہ نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا تھا۔

    اس موقع پر موجود میڈیا نمائندگان نے کوریج کرنے کی کوشش کی تو بھارتی فورسز کی جانب سے صحافیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اورکیمرے توڑدیئے گئے۔

    دوسری جانب حریت رہنما کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد ہے، بھارتی فوج نےلوگوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں مذہبی رسومات پر پاپندی عائد نہیں ہوتی، بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا، کشمیریوں کو اپنی مرضی سے سانس لینے کا حق بھی نہیں۔

  • قابض بھارتی فورسز کا مکروہ چہرہ بے نقاب، وادی میں کیمیائی مواد کے استعمال کا انکشاف

    قابض بھارتی فورسز کا مکروہ چہرہ بے نقاب، وادی میں کیمیائی مواد کے استعمال کا انکشاف

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کی عملدار کالونی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا، نوجوانوں کی شناخت عرفان اور بلال احمد کے نام سے کی گئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جعلی آپریشن کے دوران قابض بھارتی فورسز نے انتہائی درندگی کا مظاہرہ کیا، دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں گھر میں قید کیا، بعد ازاں گھر کو دھماکہ خیز کیمیائی مواد سے اڑادیا۔

    گذشتہ ہفتے ہی بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 12 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جھوٹے سرچ آپریشنز کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • مقبوضہ وادی ایک بار پھر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

    مقبوضہ وادی ایک بار پھر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

    سری نگر: نام نہاد کل جماعتی کانفرنس سے قبل بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج مقبوضہ کشمیر کی قیادت سے ملاقات کریں گے، بھارت نواز کشمیری سیاسی جماعتوں کی قیادت کو دہلی اے پی سی کی دعوت دی گئی ہے۔

    نام نہاد کانفرنس کے زریعے دنیا کو گمراہ کرنے والی مودی سرکار نے دہلی کانفرنس سے قبل مقبوضہ وادی میں ہائی الرٹ کردیا ہے، قابض انتظامیہ نےمقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔

    دوسری جانب کشمیری سیاسی جماعتوں کے الائنس نے مطالبہ مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت فی الفور مقبوضہ وادی کی پانچ اگست سے پہلےکی خصوصی حیثیت بحال کرے۔

    بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی نمائندہ کل جماعتی حریت کانفرنس کو نظر انداز کیا جبکہ نام نہاد اے پی سی میں شرکت کرنے والوں کو ایجنڈہ تک نہیں دیا گیا۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کئے جانے کے اقدام کے دو سال بعد مودی کی بھارت نواز کشمیری رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہے، ملاقات کرنے والوں میں محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور غلام نبی آزاد شامل ہیں۔

    دوسری جانب حریت رہنما عبدالحمید لون کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نےآج اپنےکٹھ پتلیوں کی کانفرنس بلارکھی ہے ، مودی کی طرف سے کانفرنس دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس، ‘اب کشمیری عوام مودی کے کسی بھی جھانسے میں نہیں آئیں گے

    عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی ساری حریت قیادت جیلوں میں بندہے، مودی حریت قیادت کوجیلوں میں بند کرکے کا نفرنس کاڈرامہ کررہاہے،اب کشمیری عوام بھارت کےکسی بھی جھانسےمیں نہیں آئیں گے۔

    حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار نے ہمیشہ کشمیریوں سےدھوکہ کیا، کشمیری عوام کوحق خودارادیت کےسوا کوئی آپشن منظور نہیں، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

    عبدالحمید لون نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیرکافوجی محاصرہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرے، بھارت کی تاریخ ہےوہ ہمیشہ اپنےوعدوں سے مکر جاتا ہے۔

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت، 3 کشمیری شہید

    مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت، 3 کشمیری شہید

    سری نگر: ایک طرف اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بربریت کی جاری ہے تو دوسری طرف بھارت نے بھی مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں سفاکیت کا مظاہرہ کیا اور مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے، بھارتی فوج نے تینوں نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھروں میں گھس گئے جب کہ اس دوران علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے جب کہ انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر موبائل سروس کو بھی معطل کردیا ہے، اس کے علاوہ میڈیا کو بھی علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب صیہونی فورسز کے جمعتہ الوداع سے فسلطینی عوام پر حملے جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، جمعے سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک سات سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں   وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے پوسٹرز آویزاں

    مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے پوسٹرز آویزاں

    سری نگر: مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام نے وادی کے مختلف علاقوں میں وزیر اعظم عمران خان ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے پوسٹرز چسپاں کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق حق خودارادیت فورم جموں وکشمیر نے پاکستان سے اپنے پیار اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں وزیراعظم ، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے پوسٹرز آویزاں کردیئے۔

    کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق پوسٹرز پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، علی آمین گنڈا پور ، شہریار آفریدی ، علی محمد خان اور بیرسٹر  سلطان چودھری تصاویر بھی موجود ہیں۔

    پوسٹروں پر تحریک آزادی کشمیر کے سفیر کے علاوہ دیگر تعریفی کلمات ، کشمیری عوام کا ترجمان عمران خان کے نعرے ، کشمیریوں کا وکیل پاکستان کےنعرے، پاکستانی اور کشمیری یک جان دو قالب کے نعرے سمیت ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے کے نعرے درج ہے۔

    حریت رہنماعبدالحمید لون نے بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی تعاون پر پاکستان کا شکر ادا کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پوسٹرپاکستان اور کشمیریوں کے لازوال رشتے کی عکاس ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ظلم کی انتہا کردی

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ظلم کی انتہا کردی

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے مزید چار کشمیریوں کو شہید کردیا، جس کے بعد دو روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ ترین کارروائیوں میں مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے، کشمیری نوجوانوں کو ضلع پلواما اور شوپیاں میں نشانہ بنایا گیا۔

    کشمیر میڈیا سروسر کے مطابق گزشتہ روز بھی درندہ صفت بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں تین کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ، جس کے بعد دو روز میں وادی میں شہید ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کشمیر میڈیا سروس کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ قابض بھارتی فوج نےریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں گیارہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

    اس دوران بھارتی بربریت کے باعث 51 سے زائد نوجوان شدید زخمی ہوئے، اس کے علاوہ بھارتی ایجنسی این آئی اے نے مارچ کے دوران 110 سے زائد کشمیری نوجوانوں کے بے گناہ گرفتار کیا۔

  • قابض بھارتی فوج کا  کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف

    قابض بھارتی فوج کا  کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف

    سری نگر :  مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے  کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف سامنے آیا، مسلح جھڑپوں کے دوران کیمیکل استعمال کرکے لاشوں کو مسخ کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے وحشیانہ اقادامات کا سلسلہ جاری ہے،  قابض بھارتی فوجیوں کے نہتے کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف ہوا، سری نگر میں شہید ہونے والے نوجوان کے جسم پر کیمائی ہتھیاروں کے زررات ملے ہیں۔

    متاثرہ نوجوان کی شناخت یسین احمد کے نام سے ہوئی ہے اور یہ بھارتی فوج کی جانب سے ضلع سرہاما کے ایک گھر میں دھماکے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران زخمی ہوا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، مسلح جھڑپوں کے دوران کیمیکل استعمال کرکے لاشوں کو مسخ کیا جا رہا ہے۔

    بھارتی فوجی ایک سازش کے تحت کیمیکلز سے مکانوں کو آگ لگا کر تباہ کرنے کے بعد مکان کے ملبے میں دھماکہ خیز مواد نصب کر دیتے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں کرنے والے لوگوں کو شہید کیا جاسکے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدام کو تقریباً 13 ماہ ہوگئے ہیں، قابض بھارتی فوج نے وادی کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، 13 ماہ کے دوران قابض بھارتی فوج کی جارحیت سے237 سے زائد کشمیری شہید ہوئے۔

    قابض بھارتی حکومت کے 13 ماہ کے محاصرے کے دوران 1482سے زیادہ کشمیریوں زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج نے خواتین سمیت 13 ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو گرفتار کیا۔