Tag: ijlas

  • فوجی عدالتوں کی توسیع کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے، اسحاق ڈار

    فوجی عدالتوں کی توسیع کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد : وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت ایک سال ہو یا دو سال فیصلہ مشاورت سے کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی تجاویز مل گئیں ملٹری کورٹس پرکل یاپرسوں پھربیٹھک ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ اٹھائیس فروری کو تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس میں فوجی عدالتوں سے متعلق فیصلہ ہوا تھا، اجلاس میں پیپلزپارٹی نے شرکت نہیں کی تھی۔

    پیپلزپارٹی نے 4 مارچ کو فوجی عدالتوں سے متعلق سیاسی جماعتوں کو اے پی سی کی دعوت دی تھی، اب میڈیا سے پتہ چلا ہے پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں پر9 تجاویز دی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اورحکومت کو پیپلزپارٹی کی تجاویز مل گئی ہیں، ان کی تجاویز پر غور کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کی توسیع پرتمام جماعتوں کا اتفاق رائے موجود ہے جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم بھی متحد ہے۔

    فوجی عدالتوں سے متعلق مشاورت کے ساتھ نئی تجاویز پرغور ہوگا اور کوشش ہوگی کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پراتفاق رائے ہو، اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے فوجی عدالتوں کے معاملے پر 2 دن میں اجلاس بلائیں۔

  • سندھ اسمبلی آج بھی مچھلی بازار بنی رہی، ڈونلڈ ٹرمپ کے چرچے

    سندھ اسمبلی آج بھی مچھلی بازار بنی رہی، ڈونلڈ ٹرمپ کے چرچے

    کراچی : سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران گرما گرمی عروج پر رہی۔ وزیرا علیٰ کے پالیسی بیان پر اپوزیشن اراکین نے شور شرابہ کیا۔ اسپیکر اسمبلی چپ کراتے رہ گئے لیکن کسی نے ایک نہ سنی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی آج بھی گرماگرمی عروج پر رہی۔ اپوزیشن اراکین کا پارہ ہائی رہا۔ اپوزیشن اراکین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تقریر کے بعد بولنے کی اجازت نہ ملنے پر خوب شورشرابہ کیا۔

    اس موقع پر نثار کھوڑو اور اپوزیشن اراکین میں سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، اسپیکر آغا سراج درانی اراکین کو چپ کراتے رہ گئے لیکن اراکین نے ایک نہ سنی ۔آخر کار اسپیکر نے اجلاس میں پانچ منٹ کا وقفہ لیا، اجلاس دوبارہ شروع ہوتے ہی اراکین اسمبلی اسپیکر کی ڈائس کے پاس جمع ہوگئے اور احتجاج کیا۔

    انہوں نے اپوزیشن ارکان کو کہا کہ اگر آپ بات کرنا چاہتے ہیں تو اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں نہیں تو میں اجلاس ملتوی کردوں گا مگر کوئی ڈکٹیشن نہیں لوں گا۔

    علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر آغا سراج درانی اور اپوزیشن رکن کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اپوزیشن رکن نے اسپیکر سے سوال کیا کہ آپ کو یہ لال رنگ کی ٹائی کس نے بھیجی ہے؟ جس پر آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ یہ ٹائی مجھے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھیجی ہے۔

    اسپیکر نے رکن اسمبلی سیف الدین خالد سے کہا کہ بھائی آپ نے شرٹ اچھی پہنی ہوئی ہے، ایک موقع پر حکومتی ارکان اور اپوزیشن لیڈر آپس میں الھجتے رہے اور اسپیکر چپ کراتے رہے۔

  • پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    لاہور: پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئر لائن انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے چار اعشاریہ چھ ارب کاحساب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس قائم مقام چیئرمین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ممبران نے قومی ایئر لائن کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں ممبران برس پڑے کہ حکومت کی جانب سے ڈیڑھ سال پہلے چار اعشاریہ چھ ارب روپے دیئے جانے کے باوجود خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟ حساب دیا جائے رقم کہاں اور کیسے خرچ کی گئی ؟

    بورڈ ممبران نے سوال کیا کہ اب تک بو ئنگ ٹرپل سیون طیاروں کی اپ گریڈیشن کیوں نہیں ہوئی۔ بورڈ ممبران نے ہدایت کی کہ غفلت اورلاپروائی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    بورڈ کے ممبران نے فیصلہ کیا کہ مختلف محکموں سے آئے 6 افسران 22 فروری تک معاملات نمٹا کر واپس اپنے محکموں میں جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • سینیٹ نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے تجاویزطلب کرلیں

    سینیٹ نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے تجاویزطلب کرلیں

    کراچی : سینیٹ کمیٹی نے پی آئی اے کے سی ای او سے اسرائیلی فلم کے لئے ایئر بس طیارے کی فروخت کے معاملے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کی ہدایت کی ہے، انتظامیہ سے پی آئی اے کی بہتری کیلئے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا اجلاس سینیٹر مظفر حسین شاہ کی سر براہی میں پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں سینیٹر عبدالقیوم، فرحت اللہ بابر اور دیگر نے شر کت کی، اجلاس میں حویلیاں طیارہ حادثہ سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

    کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مظفر شاہ نے اسرائیلی فلم کے لئے ایئر بس طیارے کی فروخت کے معاملے پر سی ای او ہلڈن برنڈ سے وضاحت طلب کرلی۔ اس حوالے سے گزشتہ اجلاس میں دی گئی مدت کے دوران خصوصی رپورٹ پیش نہ کئے جانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس میں لندن کی پروازوں میں گندگی کے علاوہ پرواز کو کراچی سے براہ راست آپریٹ نہ کئے جانے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور لاہور کے راستے کراچی کے مسافروں کی روانگی کے ضمن میں درپیش مشکلات کے خاتمے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    کمیٹی سربراہ کا کمنٹس کارڈ اور بذریعہ ای میل شکایات کا جواب نہ دینے پر ڈائریکٹر کسٹمر سروسز تبسم قادرپرشدید اظہاربرہمی کیا گیا۔ اجلاس میں انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ 3 سو بلین سے زائد گزشتہ چلے آنے والے قرضوں سے چھٹکارے کے بغیرایئرلائن کی بہتری ممکن نہیں، اخراجات کے مقابلے میں ماہانہ پانچ بلین سے زائد کیش فلو کی کمی بھی دشواریوں کا سبب ہے۔

    سینیٹر جنرل (ر) قیوم نے کہا کہ ایئرلائن کی ری اسٹرکچرنگ اور بزنس پلان کے علاوہ بہتر فیصلوں سے بہتری لائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ خسارے کی رقم اگر حکومت ادا بھی کر دے تو کیا گارنٹی ہے کہ لوگ دوبارہ لوٹنا شروع نہیں کر دیں گے؟

    سینیٹر مظفرشاہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ایئرلائن کی بہتری کے لئے ایک ہفتے کے اندر خصوصاً کیش فلو اور بزنس پلان کے حوالے سے ٹھوس تجاویز ہمیں فراہم کرے، بورڈارکان کو ایئر لائن معاملات سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک رکن چیئرمین باٹلنگ، برطانیہ سے اسکولنگ کے بجائے ایوی ایشن سے تجربے کے حامل افراد کو بورڈ ارکان لگائے جائیں، کمیٹی کے سربراہ نے عمر رزاق نامی افسر اور ڈائریکٹر کسٹمر سروسز تبسم، کمپنی سیکرٹری اور دیگر ڈائریکٹرز کی تعلیمی قابلیت اور تین ڈائریکٹرز کی اسائنمنٹس کے بغیر تعیناتی پر تعجب کا اظہار کیا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے متعدد افسران کو کام کے بغیر لاکھوں کی ادائیگیاں کیوں کی جا رہی ہیں۔

  • تیزرفتاری کے باعث گاڑی گھر میں داخل

    تیزرفتاری کے باعث گاڑی گھر میں داخل

    کویت : وزارتِ داخلہ کے سابق نائب سیکریٹری عجیل العجران کی وفات کے سلسلے میں جاری تعزیتی مجلس اور نماز کی ادائیگی کے دوران تیز رفتار گاڑی مکان میں داخل ہوگئی تاہم اس کے نیتجے میں کوئی جانی نقصان سامنے نہیں آیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق کویت میں ایک تیز رفتار گاڑی رہائشی اُس مکان کے اندر جا گھسی جہاں کویتی وزارت داخلہ کے سابق نائب سکریٹری عجیل العجران کی وفات کے سلسلے میں تعزیتی مجلس منعقد ہو رہی تھی۔ حادثہ شدید نوعیت کا تھا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    kowaiat-1

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق العجران کی تعزیتی مجلس میں جا گھسنے والی گاڑی کو العجران گھرانے کا بھارتی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ گاڑی کے مکان کے اندر گھس جانے کے بعد اُس کا "ایکسیلریٹر” معطل ہو گیا تھا جب کہ اس دوران وہاں موجود افراد نماز ادا کر رہے تھے لہذا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عرب میڈیا کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

  • ملک بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا

    ملک بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا

    کراچی: ملک بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،اسلامی سال 1438 ہجری کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری تھا۔

    اجلاس میں ملک بھر سے ملنے والی شہادتوں کے بعد ماہ محرالحرام کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا اور یومِ عاشور 12 اکتوبر بروز بدھ کو ہوگا،علاوہ ازیں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

    حکومت سندھ نے محرم الحرام میں سیکورٹی کو ممکن بنانے کے غرض سے وفاقی حکومت سے 8 سے 10 محرم تک صبح 8 سے شام 8 بجے تک موبائل سروس معطل رکھنے کی استدعا کی ہے۔

    جب کہ سندھ حکومت محرم الحرام کے پہلے عشرے کے آخری تین دن 8 محرم سے 10 محرم تک صوبے کے اہم اورفرقہ واریت کے حوالے سے کشیدہ شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کرنے پرغور کررہی ہے۔

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت رینجرز افسران اہم اجلاس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا،ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز کراچی اور اندرون سندھ جلوسوں کی نگرانی کرے گی اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اینٹی ٹیریرسٹ ایکٹ کے تحت فوری اور سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

  • نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، وزیر اعظم نے اجلاس طلب کرلیا

    نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، وزیر اعظم نے اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم نےنیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے16 ستمبر  کو اجلاس طلب کرلیا, جس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاروں  صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور صوبائی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کے علمدرآمد کے حوالے سے رپورٹس پیش کرنے کے احکامات بھی دئیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں:   نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، وزیراعظم کی ہدایت پر ذیلی کمیٹی قائم

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شرکت کریں گے ۔ اس ضمن میں انہوں نے 15 ستمبر کو سی ایم ہاؤس میں اپیکس ریویو کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ، جس میں اپیکس کمیٹی سندھ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ صوبوں میں اپیکس کمیٹی کے اجلاسوں اور اُن کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کریں گے تاہم ملک بھر میں جاری کومبنگ آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    یاد رہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کے تحت کامیاب کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔

  • میئر کراچی کو سہولیات دینے کے لیے مراد علی شاہ کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس

    میئر کراچی کو سہولیات دینے کے لیے مراد علی شاہ کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں میئر کراچی کا حلف اٹھانے کے بعد وسیم اختر کو سہولیات دینے کے حوالے سے مختلف قوانین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں مراد علی شاہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا جس میں مشیر قانون سندھ، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ، چیف سیکریٹری ایاز سومرو سمیت ایڈیشنل آئی جی سندھ مشتاق مہر نے شرکت کی۔

    پڑھیں:    کراچی کے مئیر وسیم اختر اور ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے حلف اٹھالیا

    اجلاس میں وسیم اختر کے میئر کراچی نامزد ہونے اور حلف اٹھانے کے بعد کی صورتحال سمیت انہیں سہولیات دینے کے حوالے سے مختلف قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ مشتاق مہر نے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ دی۔

    مزید پڑھیں:   نومنتخب میئرکراچی کومزارقائد پرحاضری کی اجازت نہیں ملی

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی خدمات کو سراہا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس، تمام فیصلے پاکستان میں کرنے پر اتفاق

    ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس، تمام فیصلے پاکستان میں کرنے پر اتفاق

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس عارضی مرکز گھانچی ہال میں منعقد کیا گیا جس میں تمام فیصلے پاکستان سے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس عارضی مرکز گھانچی ہال پی آئی بی میں منعقد کیا گیا، جس میں تمام پارلیمنٹیرین اور اراکین رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک تمام ممبران نے ڈاکٹر فارو ق ستار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    اجلاس کی قیادت ڈاکٹر فاروق کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے تمام پالیمنٹیرینز کو سیاسی رابطے بڑھانے سمیت اہم ہدایات دیں، اس موقع پر اراکین کی جانب سے شہر میں جاری سیاسی صورتحال ، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں سمیت پارٹی دفاتر مسمار کرنے پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    اس موقع پر ارکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیاگیا کہ ’’ سندھ حکومت شہر میں قائم غیر قانونی دفاتر کی نشاندہی کرے جن پر میئر کراچی کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’’پارٹی کے تمام فیصلے پاکستان کی قیادت ہی کرے گی اور ان میں کسی قسم کی منظوری درکار نہیں ہوگی تاہم اجلاس میں بیٹھے افراد کی جانب سے ممبر صوبائی و قومی اسمبلی کی گرفتاری کے حوالےسے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور دفاتر کو سیل کرنے کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے آئے‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے اراکین کو ہدایت کیں کہ ’’تمام اراکین  کو سڑکوں پر نکل کر عوامی مسائل حل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں‘‘۔

  • سانحہ کوئٹہ: ایم کیو ایم جشن آزادی سادگی سے منائے گی

    سانحہ کوئٹہ: ایم کیو ایم جشن آزادی سادگی سے منائے گی

    کراچی / لندن : متحدہ قومی موومنٹ نے سانحہ کوئٹہ اور شہداء و زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے جشن آزادی کے موقع پر کسی قسم کا جشن ،خوشیاں منانے اور چراغاں کرنے کے پروگراموں کو منسوخ کرتے ہوئے جشن آزادی انتہائی سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

    تتفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس کنوینر ندیم نصرت کی سربراہی میں لندن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

    اجلاس میں سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم نصرت نے کہا کہ دہشت گرد معافی کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے سانحہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اجلاس میں بلوچستان میں ہونے والے المناک سانحہ پر پاکستان بار کونسل اورسپریم کورٹ بار کی جانب سے ایک ہفتہ کے سوگ کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کے موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے مختلف مقامات پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی اور دعائیہ اجتماعات ہوں گے۔