Tag: Ijlas multvi

  • صرف ایک اشارے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی

    صرف ایک اشارے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی

    کراچی : سندھ اسمبلی میں جہاں اپوزیشن اراکین کی  چیخ و پکار سے بھی کام نہیں بنتا۔ وہاں وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے ایک اشارے نے اجلاس ملتوی کرادیا،کہیں باتوں کے تیر چلے تو کہیں آنکھوں کے اشاروں نے کام دکھایا ۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اراکین نے بحث کے دوران شدید ہلڑبازی اور شور شرابے سے ایوان کو مچھلی بازار بنا دیا ۔

    اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کی آواز بھی ان کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی تھی اور کوئی بھی رکن شہلا رضا کی بات سننے کے لئے تیار نہ تھا۔

    جب ارکان اسمبلی آپس میں تلخ جملوں کا تبادلہ کر رہے تھے تو موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو اجلاس لپیٹنے کا اشارہ کر ڈالا اور اشاروں ہی اشاروں میں کام ہوگیا۔

    شہلا رضا بھی شرجیل میمن کے اشاروں کو خوب سمجھیں اور پھریہ جا وہ جا اور دیکھتے ہی دیکھتے سندھ اسمبلی کا بے مقصد اجلاس ملتوی بھی ہوگیا۔

  • پنجاب اسمبلی کا اجلاس:حکومتی ارکان کی غیرحاضری پر ملتوی

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس:حکومتی ارکان کی غیرحاضری پر ملتوی

    لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس حکومتی ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث ڈیڑھ گھنٹہ بھی نہ چل سکا اور اسپیکر کو ایجنڈا مکمل کئے بغیر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

    اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس 45 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تو اس وقت ایوان میں صرف 7 ارکان موجود تھے۔

    محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق تحریری سوالات کے جوابات دیئے گئے۔ سرکاری کارروائی میں جب اسپیکر نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل پر بحث شروع کرنے کا اعلان کیا تو مسلم لیگ نون کے رکن طارق باجوہ نے کورم کی نشاندہی کر دی۔

    ایوان کی کارروائی دو بار معطل کرنے کے باوجود کورم پورا نہ ہوا تو اسپیکر نے اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا۔ جس پر اپوزیشن ارکان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اپنے ارکان پر بھی گرفت نہیں رہی کہ وہ اپوزیشن کا کام کرنا شروع ہو گئے ہیں۔

    کورم کی نشاندہی کرنے والے طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ گنے کے کاشتکاروں کا مسئلہ اہم ہے، اسے صرف چند ارکان زیر بحث نہیں لا سکتے، اس لئے اجلاس کا کورم پورا ہونا ضروری ہے، اسی لئے نشاندہی بھی کی ہے۔