Tag: Ijlas sy khitab

  • فوج دہشت گردوں کے‌ خلاف درست کام کررہی ہے،نواز شریف

    فوج دہشت گردوں کے‌ خلاف درست کام کررہی ہے،نواز شریف

    کوئٹہ: وزیر اعظم میاں نواز شریف کوئٹہ پہنچ گئے۔ انہوں نے  آج صبح سول اسپتال میں ہونے والے دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دشمن در اصل اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نوازشریف سانحہ کوئٹہ کے بعد سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے کمبائنڈ ملٹری اسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترعلاج معالجے کی ہدایت بھی کی۔

    انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہداء کے بچے میرے بچے ہیں، وزیر اعظم نے آج نیوز اور ڈان نیوز کے شہید کیمرہ مینوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا،

    بعد ازاں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام ریاستی ادارے پوری طاقت سے دہشت گردوں کو جواب دیں، پاکستان کے دشمن در اصل اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف موثر کردار ادا کررہی ہے۔

    اجلاس میں ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او ،مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،وزیر اطلاعات پرویز رشید، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

    گورنرہاؤس کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے، دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن دراصل اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج مؤثر اقدامات کررہی ہے اور اقتصادی راہداری کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کا کردار موثر ہے۔

    کوئٹہ کا افسوس ناک واقعہ قوم کے عزم کو متاثر نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جدید اور مربوط طریقے سے جواب دینا ہوگا۔

    وفاقی و صوبائی انٹیلی جنس اداروں کا نیٹ ورک مضبوط بنائیں گے، ایف سی اور محکمہ انسدا دہشت گردی کی استعداد میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو دہشت گردی کے خلاف میکینزم تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔

    اس سے قبل آرمی چیف بھی کوئٹہ پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وہ آج اہم سیکیورٹی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا عدلیہ کی سیکیورٹی کیلئے علیحدہ یونٹ تشکیل دینے کا حکم

    وزیراعلیٰ سندھ کا عدلیہ کی سیکیورٹی کیلئے علیحدہ یونٹ تشکیل دینے کا حکم

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس کو یہ ہدایت کی ہے کہ عدلیہ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے ان کے مشورے رہنمائی اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک علیحدہ یونٹ یا ونگ تشکیل دیاجائے اور کسی بھی قسم کے مسائل پیدا نہیں ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ ہاوٴس میں عدلیہ کی سیکیورٹی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    اجلا س میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو،سیکریٹری قانون اور داخلہ و دیگر موجود تھے۔

    آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو اویس شاہ کے اغوا سے متعلق بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دستیاب وسائل سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرتے ہوئے اس کیس پر کام کر رہے ہیں اورانشاء اللہ بہت جلد ہم اویس شاہ کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو بریفینگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ عدلیہ کی سیکیورٹی کے لئے 2670پولیس فورس کے اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جس میں سے 1200پولیس اہلکار سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ کے ججوں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں اس کے علاوہ رینجرز کے اہلکار بھی انکے ساتھ ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ جوڈیشری کی نچلی سطح سے لے کر ٹاپ جوڈیشری تک سیکیورٹی کے لئے علیحدہ ونگ یا یونٹ تشکیل دیا جائے مگر یہ مکینزم بہت زیادہ مستحکم جب ہوگا اگرجج صاحبان کی رہنمائی، ہدایات اور مشاورت بھی شامل ہو جائے۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے امجد صابری قتل کیس کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں انہوں نے شہر کی سیکیورٹی کے حوالے سے مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

     

  • لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹرعشرت العباد

    لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کی تعمیر میں پہلے ہی شیڈول سے کہیں زیادہ دیر ہوچکی ہے، اس کی تکمیل سے شہریوں کو ماڑی پورروڈ سے سہراب گوٹھ تک بلا رکاوٹ سفر کی سہولت میسر آئے گی جوکہ اس وقت سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک جانے والوں کو حاصل ہے۔

    لیاری ایکسپریس وے شہر کی شاہراہوں سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور وقت اور ایندھن کی بچت کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے شمالی روٹ کی تعمیر کے کام کے جائزہ اجلاس سے گورنرہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نور محمد لغاری، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ شمالی سمت کے ٹریک کی تعمیر کا کام رائٹ آف وے نہ ہونے کے باعث کئی سال تک رکا رہا لیکن اب جبکہ اس کے باقی 5.233 کلومیٹر پر کام کا آغاز ہوچکا ہے امید ہے کہ اسے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا کیونکہ اب صرف 1.456 کلومیٹر کے رائٹ آف وے کا معاملہ باقی رہ گیا ہے جوکہ جلد ہی حل ہوجائے گا۔

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں اس کے تعمیر شدہ حصہ پر ٹریفک کو چلایا جائے تاکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سے ٹریفک کا دباؤ کم کیا جاسکے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ اس کے شمالی ٹریک کو اگلے سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    انہیں مزید بتایا گیا کہ بعض متنازعہ معاملات کا فیصلہ عدالت سے 25 مئی کو متوقع ہے جس کے بعد رائٹ آف وے کے حصول کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں ٹریکس اور ریمپس کی کل لمبائی 38.67 کلومیٹر ہے جبکہ مجموعی طور پر اس منصوبہ کا 81.48 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے۔

     

  • الطاف حسین کا شکوہ ، قائم علی شاہ کا جواب شکوہ

    الطاف حسین کا شکوہ ، قائم علی شاہ کا جواب شکوہ

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے شکوہ کیا ہے کہ آصف زرداری اور وزیراعلٰی قائم علی شاہ نے ان کا ٹیلی فون نہیں اٹھایا۔

     ایم کیوایم کےقائد نےکہا کہ وزیراعلٰی سندھ ضعیف العمری کےباعث میری بات نہیں سمجھ سکے، جس پرانہوں نے فون رکھ دیا، الطاف حسین بعد میں فون ملاتے رہے لیکن قائم علی شاہ نے فون نہیں اٹھایا۔

     الطاف حسین نے کہا کہ آصف علی زرداری کو بھی دو ٹیلی فون نمبروں پر متعدد بار فون کئے لیکن وہاں کسی نے فون نہیں اٹھایا، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سندھ میں آگ لگی ہوئی لیکن قائم علی شا ہ اور آصف علی زرداری کا غیر ذمہ دارانہ رویہ افسوسناک ہے ۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جواب شکوہ دیتے ہوئے کہا کہ مصروفیت کے باوجود الطاف حسین کا فون اٹھایا ، ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین فون پر جذباتی لگ رہے تھے۔

    انہوں نےکہا کہ میٹنگ چھوڑ کرالطاف حسین کا فون سنا لیکن انھوں نےجذبات میں فون رکھ دیا،جبکہ ان کا کہنا تھا فون الطاف حسین کی جانب سے رکھا گیا۔

    بعد ازاں متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی لندن کے ارکان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے غیرذمہ دارانہ رویہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ۔

     

  • الطاف حسین کل ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کریں گے

    الطاف حسین کل ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کریں گے

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے منتخب اراکین، تنظیمی شعبہ جات اور ونگز کے ذمہ داروں کا اہم اجلاس کل شام 4 بجے منعقد کیاجائے گا۔

    اجلاس سے قائد تحریک الطاف حسین اہم خطاب کریں گے ۔ یہ اجلاس عزیزآباد کے لال قلعہ گراؤنڈ میں منعقد کیاجائے گا۔

    جس میں حق پرست ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی ،ایلڈرز ونگ ، شعبہ خواتین، اے پی ایم ایس او، لیبرڈویژن اورریزیڈنٹس کمیٹیوں سمیت ایم کیوایم کے تمام تنظیمی شعبہ جات اور ونگز کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔

    اجلاس کے شرکاء سے الطاف حسین اہم خطاب کریں گے ۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے منتخب ارکان، ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات اورونگز کے ذمہ داران پرزوردیا ہے کہ وہ لال قلعہ گراؤنڈ میں منعقدہ اجلاس میں بھرپورشرکت کریں اور وقت کی پابندی کا خصوصی خیال رکھیں۔