Tag: ijlas

  • متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    کراچی : سندھ حکومت نے صوبے میں متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی حکمت عملی ترتیب دینے کی تیاری کرلی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مون سون کی بارشوں، نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کے معاملات پر غورخوص کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات اور محکمہ آب پاشی متوقع بارشوں سے نمٹنے کےلیے الرٹ ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں دو دن بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صفائی کا ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے، یاد رہے کہ کراچی میں 12 تا 13 جولائی کو 55 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بہت زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارشون کے پیش نظر جنگی بنیادوں پر نالوں کی صفائی اور پشتے مضبوط کیے جارہے ہیں

     

  • ماہ رمضان میں قیام امن کے حوالے سے وزیرداخلہ سندھ کی زیرصدارت اجلاس

    ماہ رمضان میں قیام امن کے حوالے سے وزیرداخلہ سندھ کی زیرصدارت اجلاس

    کراچی : سینٹرل پولیس آفس کراچی میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انورخان سیال کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں قیام امن کے حوالے سے پولیس اقدامات کا جائزہ لیا گیا او ضروری احکامات دیئے گئے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناْاللہ عباسی ،سمیت تمام ڈی آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

    وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پیز متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز ، علاقے کی سیاسی ، مذہبی اور سماجی شخصیات و قائدین سے باقاعدہ شیڈول اجلاس کرکے رمضان المبارک کا خصوصی کنٹی جینسی پلان ترتیب دیں اور بالخصوص اس ماہ کے دوران تاجر برادری کو درپیش ممکنہ ایشوز کے حل میں خاطر خواہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ اکثر ماہ رمضان کے دوران ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ مشاہدے میں آیا ہے لہذٰا اس ضمن میں صوبائی سطح پر انسدادی اقدامات کے حوالے سے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔

    انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اس ضمن میں ہدایات دیں کہ ماہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل ہی تمام ایس ایچ اوز کی نگرانی میں دو گھنٹہ اسنیپ چیکنگ کے آغاز کے اقدامات ضلعی ایس ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کی مانیٹرنگ کے تحت کیئے جائیں۔

    انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ موٹر وے پولیس اور لوکل پولیس کے باہمی روابط کے اقدامات کیئے جائیں اور باالخصوص رمضان المبارک میں تریفک کی روانی کے لیئے صوبائی سطح پرخصوصی اقدامات کیئے جائیں۔

    آئی جی سندھ نے اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک کا خصوصی پلان تیار کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے حیدرآباد کے لیئے ایس پی ٹریفک کی تقرری کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں باالخصوص رمضان کے دوران ٹریفک دباوْ کو مد نظر رکھتے ہں وئے باالخصوص افطاری سے قبل ٹریفک کی روانی کے حوالے سے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بھتہ مافیا ، زبردستی فطرہ زکوٰة وصول کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مذید کہا کہ افطار سے قبل اور بعد از افطار پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کا پابند بنایا جائے۔

     

  • جرائم کیخلاف آپریشنزکومؤثربنایا جائے، آئی جی سندھ کی ہدایات

    جرائم کیخلاف آپریشنزکومؤثربنایا جائے، آئی جی سندھ کی ہدایات

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں قیام امن کے حوالے سے اختیار کردہ پولیس اقدامات ، پولیو ڈراپس مہم سمیت عوام کے جان و مال کی سلامتی سے متعلق پولیس کنٹی جینسی پلان ، جرائم کے خلاف جاری کراچی آپریشنز اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر سمیت ایسٹ ویسٹ ساؤتھ ، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ، ہیڈکوارٹرز کے ڈی آئی جیز ، ضلعی ایس ایس پیز ، آپریشنز ، انویسٹی گیشنز ، ایس ایس یو ، سی ٹی ڈی کراچی کے ایس ایس پیز کے علاوہ آپریشنز ، ایڈمن ، سی آئی اے کے اے آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے گذشتہ دو ماہ کے دوران پولیس کی مجموعی کارکردگی کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی احاطہ کیا۔ آئی جی سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ جرائم کے خلاف کراچی آپریشنز اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کے لیے پولیس آپریشنل ، انویسٹی گیشن اور دیگر شعبہ جات مربوط اور مؤثر اقدامات کے ضمن میں اپنی انفرادی و اجتماعی کارکردگی کو ہر سطح پر غیر معمولی بنائیں اور تمام تر پیشہ ورانہ امور میں غیر جانبدارانہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے ہدایات دیں کہ اسٹریٹ کرائمز ، دیگر سنگین جرائم کی روک تھام ، پولیو ویکسینیشن مہم ومختلف اہم ایونٹس کے حوالے سے مرتب کردہ سیکیورٹی منصوبوں کا از سرنوجائزہ لیکر جملہ سیکیورٹی امور کو ہرسطح پر مذید ٹھوس اورغیرمعمولی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی منصوبیکے تحت اسٹریٹ کرائمز ودیگرجرائم سے متاثرہ علاقوں میں اسنیپ چیکنگ ، پیٹرولنگ اور مختلف پوائنٹس پر پکٹنگ جیسے اقدامات کو موْثر بناتے ہوئے ہر ممکن انسداد کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے آپریشنز و انویسٹی گیشنز کے ایس ایس پیز کو ہدایات دیں کہ مختلف نوعیت کے جرائم اور باالخصوص اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے سلسلے میں سنجیدہ کاوشیں کی جائیں اور گرفتار ملزمان کی تفتیش کے جملہ اقدامات کو غیر جانبدارانہ اور ٹھوس بناتے ہوئے متعلقہ عدالتوں سیمثالی سزاوْں کے عمل کو ممکن بنایا جائے۔

    انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز آپریشنز و انویسٹی گیشنز کو اس حوالے سے ہر پندرہ دنوں پر مشتمل کارکردگی رپورٹ برائے ملاحظہ ارسال کرنیکی بھی ہدایات دیں پولیو ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کے جملہ امور کوپیشہ ورانہ لحاظ سے ناصرف قابل عمل بنایا جائے بلکہ تمام تمام تر اقدامات میں پولیو اسٹاف ، خواتین ، بچوں ودیگر شہریوں کے تحفظ سمیت حفاظت خود اختیاری کے تحت بلٹ پروف جیکٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔

    آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ مقدمات میں پولیس کو مطلوب ، مفرور ، اشتہاری ملزمان کی یقینی گرفتاریوں کے حوالے سے تمام تھانوں ، انٹیلی جینس اسٹاف کے پاس ایسے ملزمان کی فہرستوں کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ امن وامان اور شہریوں کے تحفظ کے ضمن میں اختیار کردہ حکمت عملی و لائحہ عمل میں کسی بھی سطح پر کوئی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

     

  • بیرون ملک مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے، چوہدری نثار

    بیرون ملک مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وزیر داخلہ چوہدری نثارنے پاکستان کو مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اشتہاریوں اور مطلوب ملزمان کے ناموں پر مشتمل بلیک لسٹ کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ایف آئی اے ،پولیس ،نادرا اوروزارت داخلہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی کہ پولیس اور ایف آ ئی نے رواں سال 1800اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کومطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے تیز کیے جائیں اوربیرون ملک مقیم مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس حوالےسےکسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے، اجلاس میں اشتہاری ملزمان کے بینک اکاؤنٹس،شناختی کارڈ،ڈرائیونگ لائسنس بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں اسکاٹ لینڈیارڈ سے دورکنی ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے خبروں کی بھی بے بنیاد قراردیا گیا۔

     

  • کراچی میں ضمنی انتخابات ، پیپلزپارٹی نے تیاریاں کرلیں

    کراچی میں ضمنی انتخابات ، پیپلزپارٹی نے تیاریاں کرلیں

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں پی پی پی کراچی الیکشن سیل کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں کوآرڈی نیشن کمیٹی کے رکن راشد ربانی، سینیٹر تاج حیدر، وقار مہدی، سینیٹر سعید غنی، نجمی عالم،حبیب الدین جنیدی، ندیم بھٹو اور شاہدہ رحمانی نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کراچی میں پی ایس 106اور پی ایس 117میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اس سلسلے میں دونوں صوبائی حلقوں کیلئے الیکشن مہم چلانے کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں ہیں اور ان ضمنی الیکشن کی نگرانی پی پی کراچی کا الیکشن سیل کرے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر کو دونوں صوبائی حلقوں کی الیکشن مہم کمیٹیوں کے علیحدہ علیحدہ اجلاس نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت 3بجے پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوں گے جس میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہدائے 12مئی 2007کی نویں برسی کے سلسلے میں بروز جمعرات پیپلزسیکریٹریٹ میں تعزیتی اجتماع میں منعقد کیا جائے گا، اس سلسلے میں 3بجے سہہ پہر قرآن خوانی اور 5بجے تعزیتی اجتماع سے نثار کھوڑو اور دیگر پارٹی کے رہنما خطاب کریں گے۔

     

  • ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی شایان شان انداز سے منانے کا فیصلہ

    ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی شایان شان انداز سے منانے کا فیصلہ

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کونسل کا اجلاس پی پی سندھ کے صدرسید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوٴس میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں 4اپریل 2016کو قائد عوام اور پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 37ویں برسی کی تیاریوں اور انتظامات پرغوروخوص کیا گیا۔

    اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر، جام مہتاب ڈھر، آغا سراج درانی،سینیٹر ہری رام ، سینیٹرعاجزدھامرہ ، پروفیسراین ڈی خان اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورسینیٹ اراکین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 37ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے اور جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما اور پارٹی کے صوبائی صدور خطاب کریں گے۔

    اجلاس میں تمام ضلعی تنظیموں اور تمام ذیلی تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے جنرل باڈیز اجلاس کر کے برسی میں شرکت کے پروگرام کو حتمی شکل دیں اور قافلوں کی شکل میں گڑھی خدابخش پہنچیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدارتی نظام کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ملک کا نظام پارلیمانی ہے اور پارلیمانی ہی رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے اصولوں کی خاطر اپنی جان قربانی کی اور آمر جنرل ضیاالحق کے سامنے سر نہیں جھکایا اور تاریخ میں امر ہوگئے۔

     

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے، چوہدری نثار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد نہ صرف دنیا میں پاکستان کو بدنام کر رہے بلکہ یہ مجبور اور غریب لوگوں کا استحصال کرنے کے مکروہ دھندے میں بھی ملوث ہیں۔اس دھندے میں ملوث افراد جتنے زیادہ با اثرہوں ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِداخلہ کی زیر صدارت وزارتِ داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، قائم مقام آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر، ایف آئی اے، پولیس اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران کی شرکت کی۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور میڈیا ہاؤسز کو مکمل سیکیورٹی مہیا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ مکمل طور پر تیار ہے۔

    شکست خوردہ دہشت گرد میڈیا کو ہراساں کر کے نفسیاتی جنگ میں برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی آڈٹ، پولیس نظام کی بہتری کے لئے کیے جانے والے اقدامات، ایف آئی اے کی سال2015 کی کارکردگی رپورٹ اور میگا کرپشن کیسز میں اب تک کی پیش رفت جیسے اہم امور زیرِ غور آئے۔

  • بچوں کواسکول جانے سےخوفزدہ کرنیوالوں کوشکست دینگے، نوازشریف

    بچوں کواسکول جانے سےخوفزدہ کرنیوالوں کوشکست دینگے، نوازشریف

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کواسکول جانےسےخوفزدہ کرنےوالے دہشت گردوں کوشکست دیں گے.

    تفصیلات کے مطابق ملکی سیکیورٹی صورتحال پر سیاسی وعسکری قیادت نے پھر سرجوڑ لئے، سانحہ چارسدہ کے بعد سیکیورٹی معاملات پرگرفت کیلئے مزید اہم ترین اقدامات کے حوالے سے سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر آگئی۔

    وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اورکراچی آپریشن ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی، اور چوہدری نثار سمیت اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔

    اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کو اسکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کوشکست دیں گے۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی لازوال قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا، قوم کادہشت گردی کےخاتمے کیلئےجذبہ غیرمتزلزل ہے،قومی ایکشن پلان پرکامیابی سےعملدرآمد ہرایک کیلئےاہم ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے حکومت کا عزم بلند ہے۔

  • پاکستان اورایران ایک دوسرے کیخلاف اپنی زمین استعمال نہیں کریں گے

    پاکستان اورایران ایک دوسرے کیخلاف اپنی زمین استعمال نہیں کریں گے

    کوئٹہ : پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا انیسواں اجلاس کوئٹہ میں اختتام پذیر ہوگیا ،اجلاس میں اعادہ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ،دشمن طاقتیں کوششوں کے باوجود دونوں ممالک میں اختلاف پید انہ کرسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا انیسواں اجلاس کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں تین روز تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔

    اجلاس میں سیکورٹی ،تجارت ،چیک پوائنٹس ،دہشت گردی ،پٹرول کی اسمگلنگ سمیت مختلف امور زیر غو ر آئے اور اس سلسلے میں یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

    اجلاس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میر شکاری نے بتایا کہ اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا جس میں دونو ں ممالک کو درپیش مسائل کا حل نکالنے کے لئے تجاویز منظور کی گئیں اور دوطرفہ تجارت اور سیکورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔

    چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ اجلاس کے فیصلوں کے تحت ایران کے ساتھ واقع سرحد کے چار مختلف مقامات پر آمدورفت کے لئے مزید چار کراسنگ پوائنٹ بنائے جائیں گے۔

    کمیشن نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایرانی تیل کی اسمگلنگ کو باقاعدہ قانونی کاروبار کی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

  • بلاول بھٹوزرداری لاہورکے سینئررہنماؤں کی کارکردگی پربرھم

    بلاول بھٹوزرداری لاہورکے سینئررہنماؤں کی کارکردگی پربرھم

    لاہور: بلاول بھٹوزرداری پنجاب میں پارٹی رہنماؤں پربرس پڑے، انہوں نے کہا کہ آپ لوگ کچھ کرتے تو پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں اس طرح ناکام نہ ہوتی، عوام سے دور رہنے والوں کی پارٹی کو ضرورت نہیں.

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس لاہورمیں ہونےوالے اجلاس کےاندرکی کہانی سامنےآگئی۔ دیوقامت دیواروں والے کسی قلعے جیسے بلاول ہاؤس لاہورمیں پارٹی چیئرمین نےسینئر رہنماؤں کوکھری کھری سنادیں.

    بلاول ہاؤس کے اجلاس میں چیئرمین نے پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں کو کہا کہ آپ لوگ کچھ کرتے تو پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں اس طرح ناکام نہ ہوتی۔

    غریب لوگ پیپلز پارٹی کو اپنی امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں لیکن آپ لوگوں کے پاس وقت نہیں، رہنما کام کرتے تو پنجاب میں پارٹی کایہ حال نہ ہوتا.

    اجلاس میں راجہ ریاض نے کہا کہ چیئرمین صاحب فیصل آباد کا دورہ کریں وہاں لوگ آپ کے منتظر ہیں جس پر بلاول نے کہا کہ راجا صاحب میں تو فیصل آباد آؤں گا پہلے آپ اپنی کارکردگی تو بتائیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے صاف کہا کہ عوام سے دور رہنے والوں کی انہیں ضرورت نہیں۔ ایک رہنماء نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ یوں لگ رہا تھا جیسے اجلاس کی صدارت خود بینظیر کررہی ہوں۔