Tag: IJT

  • فرسٹ ایئر کے پیپرز کی اسکروٹنی فیس معاف کرنے کا مطالبہ

    فرسٹ ایئر کے پیپرز کی اسکروٹنی فیس معاف کرنے کا مطالبہ

    کراچی: اسلامی جمعیت طالبات نے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے فرسٹ ایئر کا نتیجہ 33 فی صد آنا افسوس ناک قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے فرسٹ ایئر کے نتائج پر اسلامی جمعیت طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکروٹنی فیس مکمل طور معاف کی جائے اور کراچی کے طلبہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

    اسلامی جمعیت طالبات سندھ کی ناظمہ حلیمہ سعدیہ نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ فرسٹ ایئر کا نتیجہ محض 33 فی صد رہا ہے، تاہم سندھ کے دیگر بورڈز کا 80 فی صد سے زائد نتائج آنا اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ تعلیمی نظام تخصیص کا شکار ہے اور پیسوں کے بل بوتے پر تمام فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اسلامی جمعیت طالبات صوبہ سندھ اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ تعلیم کو تجارت بننے سے روکا جائے اور انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ کے حوالے سے کراچی کےاسٹیک ہولڈرز پر مشتمل بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے، جس کے ذریعے اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

    حلیمہ سعدیہ نے کہا کہ اسکروٹنی کا عمل شروع ہونا اچھا عمل ہے، لیکن اس عمل کے دوران پیپرز کو ری اسیس کیا جائے اور اسکروٹنی فیس مکمل معاف کی جائے۔

  • اسلامی جمعیت طلبہ کاہونہارطلبہ کے لیے ٹیلنٹ ایوارڈ

    اسلامی جمعیت طلبہ کاہونہارطلبہ کے لیے ٹیلنٹ ایوارڈ

    کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نے اسٹڈی ایڈ پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام شہر کے ہونہار اور باصلاحیت طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈ دینے کے لئے ٹیلنٹ ٹری بیوٹ ایوارڈ کا انعقاد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے پروگرام میں جماعت اسلامی( کراچی) کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے ۔ میٹرک‘ انٹر‘ اے اور او لیول میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔تقریب میں شہر بھر کے سرکاری و نجی اسکولزو کالجز کے طلباء سمیت والدین اور اساتذہ بھی شریک ہوئے۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں اور قابلیت میں کوئی ثانی نہیں رکھتی‘ ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ نوجوان خراب ہاتھوں میں استعمال ہونے کے بجائے ملک و قوم کی خدمت میں اپنے آپ کو صرف کریں۔

    اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ طلباء کی فلاح اور حوصلہ افزائی کے لیے اس پروگرام کا انعقاد درحقیقت ایک تعلیم دوست عمل ہے جو کہ جمعیت کا پرانا شیوہ اور سرمایہ ہے ۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج پورے کراچی کے قابلِ فخر و باہمت طلباء کو جمع کرکے ہم نے درحقیقت شہر کراچی کی اصل شناخت کو بحال کرنے کی کوشش کی ہے، یہ شہر کراچی کل بھی علم و دانش اور روشنیوں کا شہر تھا، اور آج بھی اس شہر کو ہم اپنے ہنر، محنت، لگن اور حب الوطنی کے جذبے کے ذریعے ہم اسے دوبارہ روشنیوں اور خوشیوں کا شہر بنا کر دم لیں گے۔

    نائب امیرِ جماعت اسلامی کراچی اور ذہنی امراض کے ماہر نیورولوجسٹ ڈاکٹر واسع شاکر کا کہنا تھا کہ چاہے کتنے ہی برے حالات ہوجائیں، ہمت اور حوصلے سے کام لینا اصل بہادری ہے ۔اور کامیاب درحقیقت وہی ہے جو دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکتا ہے ۔

    اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے طلباء کی رہنمائی کے لئے کیریئر کا ؤ نسلنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف یوتھ ٹرینر سعد زبیری نے ملٹی میڈیا ورکشاپ کے ذریعے اپنے کیریئر کے چناؤ اور شاہراہ زندگی پر بہتر کارکردگی کے حوالے سے رہنمائی دی۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کامیابی ان کے قدم چومتی جو خود اپنے آپ سے مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ جو ہر نئے دن نئے چیلینجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کامیابیوں کے ساتھ ، ہمیں آخرت کی کامیابی کی بھی فکر کرنا چاہئے ۔ شرکاء نے جمعیت کی اس کو شش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا جمعیت نے شہر بھر سے ہونہار طلباء کو جمع کر کے در حقیقت علم دوستی کا ثبوت دیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔