Tag: IK

  • عمران خان کے ٹویٹر اسپیس میں عرفان جونیجو کا کمنٹ وائرل

    عمران خان کے ٹویٹر اسپیس میں عرفان جونیجو کا کمنٹ وائرل

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں ٹویٹر اسپیس سے خطاب کیا جس نے کئی ریکارڈ قائم کیے، اس موقع پر یوٹیوبر عرفان جونیجو کا وہاں کیا جانے والا کمنٹ بھی وائرل ہوگیا۔

    سابق وزیر اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا پر لائیو خطاب کے دوران یوٹیوبر عرفان جونیجو کے کمنٹ نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔

    عرفان جونیجو نے عمران خان کے لائیو پر اپنا تبصرہ تو کیا لیکن یہ تبصرہ سابق وزیر اعظم کی کسی پالیسی کو سراہنے کے لیے نہ تھا۔

    عرفان نے کمنٹ میں کسی حارث کو مخاطب کیا اور لکھا کہ حارث مجھے پتہ ہے تم دیکھ رہے ہو، دروازہ کھولو میں باہر کھڑا ہوں۔

    ایک تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایسے کمنٹ کے سامنے آنے کی دیر تھی کہ لائیو چیٹ میں شرکت کرنے والوں نے فوری طور پر اسکرین شاٹ لیا اور یوٹیوبر سے سوال کیا کہ آخر یہ کیا معاملہ ہے؟

    خیال رہے کہ عمران خان نے ٹویٹر کی تاریخ کی سب سے بڑی اسپیس کا ریکارڈ قائم کیا جس میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد سامعین نے شرکت کی۔

    تحریک انصاف کی جانب سے ٹویٹر اسپیس کی میزبانی سابق فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور سوشل میڈیا لیڈ جبران الیاس نے کی تھی۔

  • عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے تاحیات نااہلی کے لیے آرٹیکل 184 تین کی آئینی درخواست دائر کر دی، جس میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون، اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے، یہ درخواست ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ قرار دیا جائے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی،جو رکن پارٹی چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے، پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، منحرف ہونے والے ارکان کا ڈالا گیا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ منحرف ہونے والے ارکان کا ڈالا گیا ووٹ متنازعہ تصور کیا جائے، اور کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائے۔

  • سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے غیر سنجیدہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیر اعظم آفس نے سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے سرکاری افسران کے خلاف جھوٹی شکایات پر سخت ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعظم کو افسران کے خلاف شہریوں کی جھوٹی شکایات پر تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افسران کے خلاف بیش تر شکایات ذاتی عناد اور دشمنی پر مبنی ہیں۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    رپورٹ کے مطابق اداروں میں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف شناخت چھپا کر شکایات درج کروائیں، وزیر اعظم آفس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد کسی بغیر ثبوت اور شناخت چھپا کر کی گئی شکایات خارج کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم آفس نے آیندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے قواعد و ضوابط سے بھی اداروں کو آگاہ کر دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل پر کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کی رپورٹ کے لیے مخصوص سہولت فراہم کر دی گئی ہے، ایسی کسی بھی شکایت کے لیے شناخت اور ثبوت لازمی دینا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر بھی اظہار برہمی کیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افسران کے خلاف باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • وزیر اعظم نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی

    وزیر اعظم نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی، انھوں نے ہدایت کی کہ یونی ورسٹیاں تحقیقی کام کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کا آغاز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں بننے والی یونی ورسٹی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور ڈاکٹر عطا الرحمان و دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ امرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اور نیشنل سینٹرز آف ریسرچ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

    فواد چوہدری اور عطا الرحمان نے سائنسی و تحقیقی تعلیم سمیت نالج اکانومی پر اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائنسی و تحقیقی تعلیم میں وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مضامین کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

    دریں اثنا، فواد چوہدری اور چیئرمین ایچ ای سی نے 15 یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دیے جانے کی سفارش کی جسے وزیر اعظم نے منظور کر لیا۔

    اجلاس میں قومی سطح کی اسکالر شپ اسکیم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ اسکالر شپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے، اسکالر شپس سے مستحق اور قابل طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

  • غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کمی ہوئی: اسٹیٹ بینک

    غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کمی ہوئی: اسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کی کمی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہونے لگی ہے، مالی سال کے دوران 59 فی صد کی کمی نوٹ کی گئی۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 50 فی صد کمی ہوئی ہے جب کہ مالی سال کے دوران 1 ارب 73 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 19-2018 میں 3 ارب 47 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    اسٹیٹ بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ سے بھی غیر ملکی سرمائے کے انخلا کا سلسلہ جاری رہا، اسٹاک مارکیٹ میں 17 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔

    خیال رہے کہ کل اسٹیٹ بینک رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنے جا رہا ہے، شرح سود میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، اس وقت شرح سود 12.25 فی صد ہے۔

    شرح سود میں اضافے کی وجہ افراطِ زر کی شرح میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور دیگر مالیاتی مسائل بتائے جا رہے ہیں، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ مہنگائی میں کمی کا باعث بنے گا۔

    یاد رہے مئی میں اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اگلے 2 ماہ کے لیے شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی تھی۔

    چند دن قبل گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا تھا کہ حکومت کی معاشی سرگرمیوں کے نتایج ایک سال بعد دیکھنے کو ملیں گے۔

  • بھارتی پائلٹ کی رہائی: محبوبہ مفتی، حریت رہنما اور جمائما عمران خان کے فیصلے کی معترف

    بھارتی پائلٹ کی رہائی: محبوبہ مفتی، حریت رہنما اور جمائما عمران خان کے فیصلے کی معترف

    سری نگر / لندن: بھارتی پائلٹ کو رہائی دینے کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کو دنیا بھر سے پذیرائی ملنے لگی، جمائمہ خان نے  ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو زبردست اقدام قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اور دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے گزشتہ روز پاکستانی حدود سے گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

    عمران خان نے قومی اسمبلی میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ابھی نندن کو کل رہائی دینے کا اعلان کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کو کل واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھیجا جائے گا۔

    عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے وزیراعظم عمران خان کے امن کو کوششوں کو سراہتے ہوئے بھارتی پائلٹ کی رہائی کو اچھی علامت قرار دیا۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبی مفتی نے عمران خان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اقدام مفاہمتی پیغام ہے جس کا ہماری سیاسی قیادت کو بھی مثبت جواب دینا ہوگا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اعلان اور ابھی نندن کی رہائی کو مفاہمت کے طور پر دیکھتی ہوں، ہماری سیاستی قیادت کا فرض ہے وہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان کی طرح اقدامات کرے۔

    محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے حقیقی وزیراعظم ہونے کا مظاہرہ کیا، اُن کا اقدام اور اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کے پاس کشیدگی بڑھانے کا اختیار بھی تھا۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اقدام کو یکطرفہ نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ بھارتی حکومت کو بھی اس کا مثبت جواب دینا ہوگا۔

    علاوہ ازیں حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے امن قائم ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کی وجہ سے جنگ کے بادل چھٹیں گے اور کشمیر کا حساس مسئلہ بھی پرامن طریقے سے حل ہوگا۔

  • الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: عمران خان کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم

    الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: عمران خان کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی جانب سے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فائنل آرڈر جاری کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے تین نوٹیفیکیشن وقتی طور پر معطل کر دیے۔

    عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ صرف اپوزیشن کو جلسے جلوسوں سے روکا جا رہا ہے۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے بتایا کہ عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا آرڈر اپوزیشن کے خلاف جا رہا ہے۔

  • بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ دنیا کا ایک بڑا منصوبہ ہے، منصوبے کے لئے بیرون ممالک سے پودے درآمد کیےجا رہے ہیں، اب تک 80 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، اس پروجیکٹ سے 5 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا ہے.

    عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا،اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ فاٹا کے عوام کا بھی پاکستان پورا حق ہے۔

    ٍخیال رہے کہ فروری 2015 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سونامی ٹری مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ کے پی کے میں جنگلات کو بچانے کے لئے مقامی لوگوں پر مشتمل نگہبان ٹاسک فورس بنائی جائے گی.

    شجرکاری مہم کے دوران حکومتی سرپرستی کے ذریعے مقامی افراد کو نرسریز بنا کر دی جائیں گی جن سے صوبے کے جنگلات میں ایک ارب درخت لگائیں جائیں گے۔

  • ہمیں خواتین کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک کیخلاف لڑنا چاہیے، عمران خان

    ہمیں خواتین کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک کیخلاف لڑنا چاہیے، عمران خان

    اسلام آباد: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں‌ خواتین کا احترام کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر سماجی رابطے کی وب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے  کہ ہمیں نہ صرف  خواتین کے ساتھ کئے جانے والے  امتیازی سلوک کیخلاف لڑنا چاہیے بلکہ اسلامی  تعلیمات پر عمل پیرا ہوگر خواتین کا احترام کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامی و دنیاوی ترقی میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا ہے، خاتون آنے والے کل کی رہنما ہوتی ہے لہذا اس کا تعلیمی یافتہ ہونا بہت ضروری ہے، پڑھی لکھی ماں ہی معاشرے کا روشن مستقبل ہے۔

    مزید پڑھیں:جلسےمیں خواتین سے بدتمیزی، کپتان نے معافی مانگ لی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر ہو نے والے جلسے میں خواتین سے نارواسلوک کی خبریں میڈیا کا حصہ بنی تھیں، جس پر پی ٹی آئی کے چیئرمین‌ عمران خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرکے خواتین سے معذرت کی تھی۔

  • پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو ریفرنس کی سماعت روکنے کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیرمئین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر کی، عمران کی جانب سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے درخواست دائر کی۔

    درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ نااہلی ریفرنس زائد المیعاد ہونے سے الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن 90 روز میں ریفرنس کے فیصلے کا پابند ہے۔

    درخواست میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کوریفرنس کی سماعت سے روکنے کا حکم دے.

    درخواست گزار کے مطابق 5ستمبر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ریفرنس الیکشن کمیشن میں منتقل کیا تھا جبکہ 4 دسمبر کو 90 دن مکمل ہوچکے، اس لئے اب الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے، درخواست میں سیکریٹری الیکشن کمیشن،سیکریٹری قانون ،اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ڈویژن کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

    یہاں پڑھیں:نااہلی ریفرنس: عمران خان کے وکیل نے ریفرنس ناقابل سماعت قرار دے دیا

    یاد رہے کہ گذشتہ سال عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس کو ناقابل سماعت قرار دے دیا تھا، نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ ریفرنس کا دفاع اسپیکرقومی اسمبلی کو خود کرنا چاہیئے۔