Tag: Illegal profiteers

  • "مہنگی اشیاء بیچنے والے دکانداروں کا مال نیلام کردیا جائے گا”

    "مہنگی اشیاء بیچنے والے دکانداروں کا مال نیلام کردیا جائے گا”

    کراچی : سندھ حکومت نے ناجائز منافع خوروں کو پکڑ کر اسی وقت سخت سزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مہنگی اشیائے خوردو نوش بیچنے والوں کا مال ضبط کر کے فوری طور پر نیلام کردیا جائے گا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے سدباب کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس کے تحت جو دکاندار یا ریڑھی والا سرکاری پرائس لسٹ کے زیادہ قیمت وصول کرے گا اس کیخلاف فوری کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کیلئے قانون سازی بھی کرلی گئی ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے دکاندار کا مال ضبط کرکے اسے سرکاری قیمت پر نیلام کردیا جائے گا اور مزید یہ کہ اس پر ہزاروں کی نہیں لاکھوں مالیت کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ اور گورنر سندھ کی منظوری کے بعد یہ قانون 23مارچ 2023سے نافذ العمل ہوچکا ہے، جس پر اب سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ دکاندار اور ریڑھی والے اشیاء کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کرتے ہیں، گزشتہ روز میں نے بھیس بدل کر ایک ریڑھی والے سے کیلے کا ریٹ پوچھا تو اس نے 200 روپے درجن بتایا۔ پہلے تو اس نے مجھے نہیں پہچانا لیکن جیسے ہی اس نے میرے پیچھے کھڑے شخص کو دیکھا تو فوراً ہی اصل قیمت بتا دی لیکن میں نے اسی وقت متعلقہ افسر کو بلا کر سارا مال ضبط کروایا اور نیلام کرادیا۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد منتخب عہدیداران تاحال حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔ میئر و ڈپٹی مئیر، ٹاؤنز کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا فیزجون اور دوسراجنوری میں ہوا، لیکن کامیاب بلدیاتی نمائندے ابھی تک حلف نہیں لے سکے ہیں۔

  • ماہ رمضان سے پہلے ہی منافع خوروں کی چاندی ہوگئی

    ماہ رمضان سے پہلے ہی منافع خوروں کی چاندی ہوگئی

    کراچی : ماہ مقدس رمضان المبارک قریب آتے ہی ناجائز منافع خوروں نے کمر کس لی، مقامی انتظامیہ کی جاری کردہ پرائس لسٹ بری طرح نظر انداز کرتے ہوئے ناجائز منافع خور شہریوں سے من مانی قیمتیں وصول کرنے لگے۔

    منافع خوروں نے اشیا کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے سستے اور رمضان بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے لیکن ان بازاروں میں بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکے کا سامان موجود ہے۔

    رمضان کی آمد سے قبل اشیا کی قمیتوں میں دس سے پندرہ روپے اضافہ کرکے عوام کو لوٹا جا رہاہے۔ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے اگر پرائس کنٹرول لسٹ جاری کی ہے تو اس پر عمل بھی کروائے ایسی لسٹ کا کوئی فائدہ نہیں جس پر عمل ہی نہ ہو۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی مشکل ہے تو پھر یہ مہنگے پھل اور سبزیاں کہاں سے خریدیں جب کہ گوشت تو دسترخوان سے غائب ہی ہوچکا ہے، انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

  • کراچی میں چھاپے : ناجائز منافع خوروں کی شامت آگئی

    کراچی میں چھاپے : ناجائز منافع خوروں کی شامت آگئی

    کراچی : ضلع جنوبی کی انتظامیہ نے روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ کے دوران منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 27دکانوں پر 126000 کی جرمانے عائد کیے۔

    تفصیلات کے مطابق روزمرہ کی استعمال کے اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے اور کمشنر کراچی ریٹ لسٹ پر مکمل عملدرآمد کے لیے ضلع جنوبی انتظامیہ کی منافع خوروں کے خلاف روزانہ کے بنیاد پر مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کراچی جنوبی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سعید لغاری کی زیر نگرانی پرائس چیکنگ کے دوران منافع خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔27 اس دوران دکانداروں پر 126000کی جرمانے عائد کیے گئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر لیاری نے پرائز چیکنگ کے دوران منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دودھ، گوشت اور گروسری کی 11 دکانوں پر 35000 کے جرمانے عائد کئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر سول لائن نے پرائس چیکنگ کے دوران مہنگی داموں چکی آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 6 دکانوں پر 35000 کے جرمانے عائد کئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر صدر نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 6 گروسری اسٹورز پر 30ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر گارڈن نے پرائس چیکنگ کے دوران دو آٹاچکیوں اور 4دکانوں پر 26000 کی جرمانے عائد کئے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سعید لغاری نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سخت ہدایات دیں کہ دال، چاول ، کوکنگ آئل سمیت جنرل آئٹمز کے پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے والے تمام جنرل اسٹورز اور منی مارکیٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

  • بھیس بدل کر دکانوں پر چھاپے، ناجائز منافع خوروں کی شامت

    بھیس بدل کر دکانوں پر چھاپے، ناجائز منافع خوروں کی شامت

    کراچی : دودھ کو سرکاری قیمت سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف کمشنر کراچی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی، منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوگیا۔

    اس حوالے سے کراچی کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر نے بھیس بدل کر ایک ملک شاپ میں مہنگا دودھ بیچنے پر دکاندار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر گارڈن رانا محمد ابو بکر نے عام شہری بن کر مہنگے دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا انہوں نے بھیس بدل کر مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کی دکانوں پر چھاپے مارے۔

    اسسٹنٹ کمشنر گارڈن رانا محمد ابوبکر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گارڈن کے علاقے میں جیلانی ملک شاپ پر چھاپہ مار کر موقع پر ہی دکاندار کو گرفتار کرکے جیل بجھوا دیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ کسی کو تازہ دودھ زائد قیمت پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو نہیں بخشیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد سعید لغاری کا کہنا تھا کہ مہنگا دودھ بیچنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کے واضح احکامات کے بعد ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی کارروائیوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دودھ کی سرکاری قیمتوں کے تعین کے لیے ڈیری مالکان اور کراچی انتظامیہ میں کئی روز سے ڈیڈ لاک برقرار تھا، گزشتہ روز فریقین نے170 روپے فی لیٹر نئی قیمت کے تعین پر اتفاق کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : دودھ کی قیمتوں میں 50 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ

    دوسری جانب سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود کراچی میں دودھ اس سے کہیں زیادہ 200 روپے فی لیٹر پر گزشتہ کئی روز سے کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل کراچی انتظامیہ نے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دودھ سپلائی کرنے والی درجنوں گاڑیوں کو ضبط کرکے تھانوں میں کھڑا کردیا تھا۔

  • سعودی عرب میں ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی

    سعودی عرب میں ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی

    ریاض : سعودی حکومت نے ناجائز منافع خوروں کو تنبیہ کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں گھپلے کیے گئے تو دس لاکھ ریال تک جرمانہ ادا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے تمام تاجروں اور دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ اشیائے ضرورت کے نرخوں میں گھپلے کرنے پر دس لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے ملک بھر میں23 ہزار چھاپے مارے اس دوران نرخ ناموں کی تیرہ سو خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔

    وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی ماسک کی قلت کی شکایات کم ہوئی ہیں تاہم مقامی مارکیٹ میں سنترے لیموں اور اس جیسی اشیا کی قلت ہے طلب زیادہ ہے، جلد یہ کمی پوری کردی جائے گی، وزارت تجارت کے ترجمان کے مطابق مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ای ایپلی کیشن کے ذریعے گھروں میں مطلوبہ اشیا طلب کرسکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض پھلوں کے نرخ بڑھ گئے ہیں جو جلد کنٹرول کرلیے جائیں گے، کھانے پینے کی اشیاء اور ضرورت کے سامان کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، بیکریوں گوشت سبزی کی دکانوں پٹرول پمپوں اور سامان کے گوداموں پر مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں وہ سامان کے نرخ حد سے زیادہ بڑھتے ہوئے پائیں تو فوری طور پر(بلاغ تجاری) یا 1900 پر رابطہ کرکے یا وزارت تجارت کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرکے مطلع کریں۔