Tag: imam masjid

  • امام مسجد کو دوران نماز باہر لاکر گولیوں سے چھلنی کردیا

    امام مسجد کو دوران نماز باہر لاکر گولیوں سے چھلنی کردیا

    لکی مروت : خیبرپختونخوا میں امام مسجد کو نماز کے دوران باہر لاکر قتل کردیا، ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں امام مسجد کے بہیمانہ قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    امام مسجد مولانا ثناء اللہ کو عشا کی نماز پڑھنے کے دوران مسجد سے باہر لا کر قتل کیا گیا، 5مسلح ملزمان مسجد میں گھسے اور تیسری رکعت پڑھنے میں مصروف مولانا کو پکڑ کر باہر  لے آئے۔

    پولیس حکام کے مطابق مسلح ملزمان نے مولانا کو مسجد کے باہر لاکر گولیاں ماریں اور3موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

    مقتول امام مسجد مولانا ثناء اللہ مقامی اسکول میں انگریزی کے استاد اور گاؤں کی امن کمیٹی کے رکن بھی تھے، پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف تھانہ پیرومیں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے ضلع لکی مروت میں مؤذن نے پیش امام کو آذان کے الفاظ کی مبینہ غلط ادائیگی کرنے پر قتل کر دیا تھا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ تھانہ سٹی کی حدود محلہ خوائیداد خیل میں فائرنگ سے پیش امام مولانا ممتاز خان جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس نے پیش امام کے بھائی مولانا میرزعلی خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم مشکواۃ اللہ کو گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے کہ مقتول پیش امام اور ملزم موذن کے درمیان آذان کے صحیح الفاظ کی ادائیگی پر بحث و تکرار ہوئی تھی۔

    قبل ازیں گزشتہ سال بھارت میں امام مسجد کو ملزمان نے فون کرکے پہلے گھر سے باہر بلایا اور پھر گولیاں برسا کر قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست اترپردیش کے مراد آباد ضلع کے کٹگھر پولیس اسٹیشن کی حدود بھینسیا گاؤں میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے امام مسجد کو قتل کر دیا جن کی شناخت 36 سالہ مولانا اکرم کے نام سے ہوئی۔

  • کمسن بچہ امام مسجد کے پاس پہنچ گیا، ویڈیو نے دل جیت لیے

    کمسن بچہ امام مسجد کے پاس پہنچ گیا، ویڈیو نے دل جیت لیے

    استنبول : ترکیہ کی ایک مسجد میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو دیکھ کر لوگ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

    ترکیہ کے دارالحکومت استنبول کی مسجد میں ایک بچہ دوران نماز محراب میں موجود امام صاحب کے پاس پہنچ گیا، سوشل میڈیا پر اس ویڈیو نے صارفین کے دل جیت لیے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک معصوم سا بچہ کبھی امام کو دیکھتا اور کبھی صف میں بیٹھے اپنے والد کو ! امام مسجد کو مسلسل تلاوت کرتا دیکھ کر بچے نے انگشتِ شہادت امام کے لبوں پر رکھ کر انہیں خاموش رکھنے کی کوشش کی۔

    چھوٹے بچے کی اس معصومانہ حرکت پر امام مسجد کے چہرے پر ناگواری کا تاثر تک نہ آیا بلکہ وہ مسکراتے رہے،بچے سے کھیلتے رہے اور ساتھ تلاوت بھی کرتے رہے۔

    امام مسجد کی ننھے بچے کے ساتھ شفقت کے برتاؤ کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا اور دل کھول کر تعریف کی۔

    یاد رہے کہ ترکیہ کی مساجد میں بچوں کے ساتھ خصوصی شفقت سے پیش آیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اگر بچے مسجدوں میں خوش ہوں تو سمجھو کہ آپ کے ملک میں اسلام کا مستقبل محفوظ ہے۔

  • ویڈیو: انتہا پسند ہندوؤں نے مسجد کے اندر امام کو تشدد کا نشانہ بنا دیا

    ویڈیو: انتہا پسند ہندوؤں نے مسجد کے اندر امام کو تشدد کا نشانہ بنا دیا

    جالنہ: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں انتہا پسند ہندوؤں نے ایک مسجد کے اندر امام کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، اور ان کی داڑھی مونڈھ دی۔

    بھارت میں مسلمانوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے، ماہ رمضان میں بھی ہندو انتہا پسندوں کی غنڈہ گردی جاری ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں ہندو انتہا پسندوں نے مسجد کے امام کو ہندو نعرہ نہ لگانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور داڑھی مونڈھ دی۔

    یہ واقعہ مہاراشٹر کے شہر جالنہ میں انوا گاؤں میں پیش آیا، جس میں ایک 26 سالہ امام ذاکر سید خواجہ کو مسجد کے احاطے میں تین نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مارا پیٹا اور ان کی داڑھی مونڈھ دی۔

    امام نے بتایا کہ وہ اتوار کی شام کو مسجد میں اکیلے تھے اور قرآن مجید کی تلاوت کر رہے تھے کہ اچانک تین نقاب پوشوں نے دھاوا بول دیا، انھوں نے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور انکار پر پٹائی کی۔

    بعد ازاں تشدد سے زخمی ہونے والے امام مسجد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، اور پولیس نے روایتی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ہندو حملہ آوروں نے امام مسجد کو ناک سے کپڑا لگا کر بے ہوش کیا اور پھر فرار ہو گئے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں دیدہ دلیری سے جاری ہیں، اسلحے کے زور مسجد کے پیش امام کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے میگزین لائن میں اسلحے کے زور پیش امام کو لوٹ لیا گیا، واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، موبائل مارکیٹ کے پیش امام کوعشاء کی نماز پڑھا کر گھر واپس آتے ہوئے راستے میں لوٹا گیا۔

    امام مسجد نے پولیس کو بتایا کہ دو ملزمان آئے جنہوں نے اسلحہ دکھا کر مجھ سے لوٹ مار کی، ملزمان 16 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

    امام مسجد کا کہنا تھا کہ میں ان کو بار بار التجا کی کہ امام مسجد ہوں، نماز پڑھاتا ہوں، میری التجا کے باوجود انہوں نے موبائل فون واپس نہیں دیا۔

  • سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک شخص نے نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد کے امام پر چاقو سے حملہ کردیا، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی بیش کمشنری کی جامع مسجد کے امام کو نماز کے دوران چاقو سے زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    امام کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب جامع مسجد کے امام نماز جمعے کی دوسری رکعت میں تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسی قصبے کا رہائشی ہے اور کافی عرصے سے نفسیاتی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

  • مساجد کے امام و خطیب کی کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ

    مساجد کے امام و خطیب کی کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ

    لاہور : پنجاب میں مساجد کے امام ، خطیب اور مفتیان نے اپنے حقوق کے حوالے سے شرعی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ  آئندہ بجٹ میں مساجد کے امام و خطیب کی کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مساجد کے امام، خطیب اور موذن بھی مطالبات لیکر میدان میں آگئے،امام وخطیب اورمفتیان نے اپنے حقوق کے حوالے سے شرعی اعلامیہ جاری کردیا۔

    شرعی اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مساجد کے امام وخطیب کی کم ازکم تنخواہ 25 ہزار روپے مقررکی جائے، مؤذن کی کم ازکم تنخواہ 20 جبکہ خادم کی تنخواہ 18 ہزار روپے مقرر کی جائے۔

    حکومت امام وخطیب اور موذن کو ان کی قابلیت کے مطابق گریڈ 12 سے 20 تک تنخواہ ،مراعات دی جائیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کے پی کے میں 30 ہزارمساجد کے آئمہ کی طرز پر باقی صوبوں میں بھی آئمہ کو وظائف دیئے جائیں۔

    حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ جب پہلے خلیفہ بنے تو آپ کا وظیفہ مقرر کیا گیا۔ حکومت غیر سرکاری مساجد کی انتظامیہ کو آئمہ، خطیب اور مؤذن کی تنخواہ مقرر کرنے کی پابند کرے۔

    مولانا ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ امام ،خطیب اور مؤذن 24گھنٹے خدمات سر انجام دیتے ہیں مگرانہیں 8سے 15ہزار روپے تک تنخواہ دی جاتی ہے۔