Tag: Imam ul Haq

  • ’انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا اب ہمیں سنبھل کر کھیلنا ہے‘

    ’انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا اب ہمیں سنبھل کر کھیلنا ہے‘

    راولپنڈی: قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا ہے اب ہمیں سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔

    پنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے اوپنر بیٹر امام الحق نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابھی 6 سیشنز باقی ہیں کل کے سیشن میں کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    انہوں نے کہا کہ پچ پر تھوڑا سا بریک اور باؤنس ملا ہے ہمیں بہتری کے لیے مزید اچھا کھیلنا ہوگا۔

    امام الحق نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کے ساتھ میچز کھیلتا ہوں جبکہ عبداللہ شفیق کے ساتھ بھی اچھا کھیلنے کا موقع ملا ہے، میں نے ڈومیسٹک کرکٹ بہت کھیلی جس سے بیٹنگ میں بہتری آئی ہے۔

    اوپنر بیٹر نے کہا کہ جب اسکور بورڈ پر 650 رنز کا مجموعہ ہو تو خود کو بچانا بھی ہوتا ہے اور کوشش کرنی ہوتی ہے کہ اسکورز بھی زیادہ ہو اور محتاط ہوکر کھیلیں۔

    واضح رہے کہ تیسرے روز پاکستان نے بابر اعظم، عبداللہ شفیق اور امام الحق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنالیے ہیں جبکہ انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 158 رنز درکار ہیں۔

    انگلینڈ کی جانب سے ول جیکز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جیک لیچ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جمی اینڈرسن اور روبنسن ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    آغا سلمان 10 اور زاہد محمود ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

  • پلیئر آف دی سیریز نے رن آؤٹ کس کی غلطی قرار دیا؟

    پلیئر آف دی سیریز نے رن آؤٹ کس کی غلطی قرار دیا؟

    ملتان: پاکستانی بیٹر امام الحق کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ ون ڈے سیریز میں مسلسل 3 نصف سنچریاں بنانے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں بلے باز امام الحق نے 199 رنز اسکور کر کے پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    امام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا گیم تبدیل نہیں کیا، خوب محنت کر رہا تھا جس کا صلہ ملا ہے۔

    پلیئر آف دی سیریز کا رن آؤٹ کس کی غلطی تھی، امام الحق نے اس بارے میں بھی بتا دیا، انھوں نے کہا کہ رن آؤٹ کھیل کا حصہ ہے، میرے رن آؤٹ میں بابر کی غلطی تھی۔

    پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

    انھوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ میری 11 سال سے دوستی ہے، اور ہم دونوں ایک دوسرے کا گیم اچھی طرح جانتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا ہے، گزشتہ روز تیسرا ون ڈے میچ پاکستان نے ملتان میں 53 رنز سے جیتا، ویسٹ انڈین ٹیم 270 رنز کے تعاقب میں 216 رنز تک محدود رہی، عقیل حسین نے 60 اور کیسی کارٹی نے 33 رنز بنائے، شاداب خان نے 4، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

    پاکستان نے پہلے کھیل کر 9 وکٹوں پر 269 رنز اسکور کیے، خراب موسم کے باعث میچ 48 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا، پاکستان کی آدھی ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، تاہم شاداب نے 86 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکل سے نکالا، امام الحق 62، فخر 35 اور خوشدل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، نکولس پوران نے 4، کیموپال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

  • آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا کیا راز تھا؟ امام الحق نے بتادیا

    آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا کیا راز تھا؟ امام الحق نے بتادیا

    آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار کارکردگی نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کا اعتماد بحال کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں امام الحق نے بتایا کہ نیٹ پریکٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل محنت کا سلسلہ جاری رکھا جس کا نتیجہ عمدہ کارکردگی کی صورت میں ملا۔

    امام الحق نے اعتراف کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم ہمارے لیے ایک سخت چیلنج ثابت ہوئی، بطور کرکٹر مجھے بھی سخت دباؤ میں کھیلنے کا ہنر سیکھنے کا موقع ملا، میرا یقین ہے کہ جب بھی آپ محنت کرتے ہیں تو اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔

    اوپنر بیٹر نے کہا کہ کینگروز کی مضبوط بولنگ کے خلاف اچھی اننگز کھیل کر اعتماد میں اضافہ ہوا، مستقبل میں بھی اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

    یہ بھی پڑھیں: ماؤں کا عالمی دن، افغان کرکٹر والدہ کی یاد میں جذباتی ہوگئے

    واضح رہے کہ امام الحق نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں زبردست فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 370 رنز بنائے تھے ان میں مسلسل 2سنچریز بھی شامل تھیں،بعد ازاں تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں بھی انہوں نے 101، 106 اور 89 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔

  • کیوریٹر رشتے دار نہیں، امام الحق کا ناقدین کو جواب

    کیوریٹر رشتے دار نہیں، امام الحق کا ناقدین کو جواب

    کراچی: راولپنڈی ٹیسٹ میں دو سینچریاں بنانے والے امام الحق کا کہنا ہے کہ کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ بنانے والا میرا رشتہ دار نہیں۔

    کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے پر بہت خوشی ہوئی، اس میں میری محنت اور والدین کی دعائیں شامل ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے باہر رہنے کے دوران مسلسل محنت کرتا رہا، ڈومیسٹک سیزن میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،موقع ملنے پر کوشش کی کہ ون ڈے کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر بہت خوشی ہوئی، تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، کراچی ٹیسٹ بہت اہمیت کا حامل ہو گا امید ہے کہ میچ کا نتیجہ سامنے آئے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر نے کہا کہ میں کچھ بھی کر لوں، تنقید کا سلسلہ جاری رہے گا، لیکن میں تنقید سے گھبراتا نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر رمیز راجا کا بیان آگیا

    راولپنڈی پچ سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ پنڈی کی وکٹ بنانے والا میرا رشتے دار نہیں تھا، کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ گرین ہو نیلی ہو یا پیلی میرا کام پرفارم کرنا ہے۔

    امام الحق نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا والے بھی بھی اپنی مرضی کی وکٹیں بناتے ہیں، ہمیں بھی اپنی مرضی کی وکٹ بنانے کا حق حاصل ہے، میرے لیے کپتان اور تھنک ٹینک کی راۓ اہمیت رکھتی ہے۔

  • امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سینچری بنا ڈالی

    امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سینچری بنا ڈالی

     راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹر امام الحق نے تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھائی سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے بیٹر امام الحق نے زبردست کم بیک کیا اور کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار سینچری جڑ ڈالی ہے۔

    اپنے کیریئر کی پہلی سینچری داغنے کے لئے امام الحق نے 205 گیندوں کا سہارا لیا، بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر اب تک 12 ٹیسٹ میچز کھیل چکے، جن میں وہ 30.84 کی اوسط سے 586 رنز بناچکے ہیں، جن میں 3 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

    امام الحق نے اپنی سینچری کی داغ بیل عبداللہ شفیق کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز پر سینچری پارٹنر شپ کے ساتھ ڈالی تھی، دونوں بیٹرز نے کینگروز کے مضبوط بولنگ اٹیک کا دلیری سے مقابلہ کیا۔

    عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، تاہم امام الحق نے اپنا سفر جاری رکھا اور مڈل آرڈر بیٹر اظہر علی کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے امام الحق کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار سینچری اسکور کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1499705506457432067?s=20&t=Ycgn1vZpuF3Cl-Cl14dwjg

    جبکہ کھلاڑیوں نے پرتپاک انداز میں امام الحق کو شاباش دی۔

  • بیٹنگ میں بہتری کے لئے کن عظیم کھلاڑیوں سے رہنمائی لی؟ بابراعظم نے بتادیا

    بیٹنگ میں بہتری کے لئے کن عظیم کھلاڑیوں سے رہنمائی لی؟ بابراعظم نے بتادیا

    سنچورین: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم آئی سی سی کی تازہ ترین ایک روزہ درجہ بندی میں نمبر ون پر آگئے ہیں اور انہوں نے پانچ سال بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    اس سنگ میل کو عبور کرنے پر بابراعظم خوشی سے نہال ہے، آئی سی سی درجہ بندی پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بابراعظم نے ساتھی کرکٹر امام الحق کو خصوصی انٹرویو دیا اور کئی اہم باتوں سے پردہ اٹھایا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابراعظم کی جانب سے دئیے امام الحق کو دئیے گئے انٹرویو کو شیئر کیا ہے، انٹرویو میں بابراعظم نے کہا کہ نمبر ون رینکنگ حاصل کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اپنے کھیل میں نکھار لانے کے لئے ہمیشہ انضمام الحق،محمدیوسف جیسےکھلاڑیوں سے رہنمائی لیتا ہوں۔

    بابراعظم نے بتایا کہ گیند کو لیٹ کھیلنا کین ولیمسن سےسیکھا جبکہ ویرات کوہلی نے نیٹ سیشنز میں میچ سینیریو کی پریکٹس کا مشورہ دیا، نیٹ سیشن میں اچھی بیٹنگ نہ ہوسکےتوسارا دن برا گزرتا ہے۔

    امام الحق کو دئیے گئے انٹرویو میں بابراعظم نے اس سفر میں میرے والدین اور ساتھی کرکٹرز کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بڑا انکشاف کیا کہ اگر کسی میچ میں غلط کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوجاتا ہوں تو والد صاحب کی جانب سے ڈانٹ پڑتی ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے، دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہے جن کے 857 پوائنٹس ہیں، بھارت کے روہت شرما تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بنے، اس سے قبل ظہیر عباس،جاوید میانداد اور محمدیوسف بھی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پر رہ چکے ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا پہلے ہاف میں 2 میچ ہارے، سب نے اچھا پرفارم کیا۔ کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ ہم اپنا 100 فیصد دے رہے تھے، انگلینڈ کے ساتھ سیریز اچھی رہی تھی۔ وکٹ دیکھ کر پلان کرنا ہوتا ہے۔ کوچ کا فیصلہ ہوتا ہے کس کو کھلانا ہے کس کو نہیں۔ ’میرے خیال سے ورلڈ کپ انگلینڈ کو جیتنا چاہیئے، ہمیں نہیں پتہ بھارت جان کر ہارا ہے یا واقعی شکست ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سینئرز نے کبھی شو نہیں کروایا کہ وہ سینئر ہیں، ہمیں کبھی سوچنے بھی نہیں دیا کسی نے کہ وہ سینئرز ہیں۔ 15 کھلاڑیوں میں سے کوئی ریلو کٹا نہیں تھا۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ تجربہ اچھا تھا، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ انسان کافی غلطیوں سے سیکھتا ہے میں بھی سیکھوں گا۔ ٹیم میں رکھنا ہے یا نہیں یہ کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح کھیلنے گئے تھے باقی ٹیمیں بھی کھیلنے آئی تھیں، ہمارے بلے بازوں نے اچھی پرفارمنس کی کوشش کی۔ 9 میں سے 5 میچ جیتے، اپنی کارکردگی مزید بہتر کروں گا۔ سب کا احترام ہے کوشش کرتا ہوں فینز خوش رہیں۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے دورے پر سوشل میڈیا استعمال نہ کروں، ہماری بھی فیملی اور ذاتی زندگی ہے، تنقید کی ایک حد ہوتی ہے۔ ہر شخص پر نظر رکھیں گے تو پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے، تمام کھلاڑی محنت کرتے ہیں ہار کسی کو اچھی نہیں لگتی۔ ’پرفارمنس پر تنقید کریں مگر کسی کی ذاتیات میں نہ جائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میں ورلڈ کلاس اسپنرز تھے، افغانستان نے میچ میں بھارت کو بھی ٹف ٹائم دیا۔ جس طرح عماد وسیم نے میچ جتوایا اس پر توجہ دینی چاہیئے، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں میری وجہ سے شروع میں ناکامی ہوئی۔ بھارت سے ہار جائیں تو ہر چیز پر تنقید ہوتی ہے، ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تنقید نہ ہو۔

  • شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میں جنم لینے والے تنازع پر  شدید عوامی ردعمل نے امام الحق کو معذرت کرنے پر مجبور کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق شین واٹسن سے تلخ کلامی پرامام الحق نے ٹویٹر پر معافی مانگ لی، امام الحق نےٹویٹ کیا کہ وقتی اشتعال میں بدمزگی ہوگئی تھی.

    انھوں نے مزید لکھا کہ میرا واٹسن سے رویہ نامناسب تھا، جس کی میں معافی چاہتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن کے رن آؤٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا،  جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی نے  واٹسن کو اشارے سےفیلڈ سے باہر جانے کو کہا.

     اسٹڈیم میں شائقین کی جانب سے امام الحق کے اس رویے پر شدید ردعمل آیا،  سوشل میڈیا پر بھی ان پر کڑی تنقید کی گئی اور معافی مانگنے کا تقاضا کیا گیا.

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کربلوچستان کے نام ہے‘ سرفراز احمد

    عوامی ردعمل کے بعد امام نے معذرت کر لی، انھوں نے کہا کہ جو ہوا، بڑے میچ کا جوش تھا،  فائنل اچھا ہوا، ٹائٹل جیتنے پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شین واٹسن کو مبارک باد دیتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن نے جیت کے بعد کہا تھا کہ تھا پی ایس ایل میں بہترین پانچ ہفتے گزرے،، کراچی میں بہت مزہ آیا۔ واٹسن ہی مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا.

  • پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    لاہور: نوجوان بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی امام الحق نے کہا کہ اپنے کھیل پربھرپور توجہ دے رہا ہوں، شارٹ بال کھیلنے مشکل نہیں ہے۔

    نوجوان بلے باز نے کہا کہ دبئی میں زیادہ میچ کھیلتے ہیں، دوسرے ممالک کی وکٹیں مختلف ہوتی ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرور جیتیں گے، لڑکے اچھا پرفارم کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے بھی سیریزکھیلنی ہیں، یہ ورلڈکپ کی تیاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور جنوبی افریقہ آج آمنے سامنے ہوں گے

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز پرمشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستانی ٹیم مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے، شاہینوں نے جنوبی افریقہ کو سات سال پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہرایا تھا۔

  • باؤنسر سے زخمی ہونے والے امام الحق کی طبیعت سنبھل گئی

    باؤنسر سے زخمی ہونے والے امام الحق کی طبیعت سنبھل گئی

    ابوظہبی: نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈ ے میں زخمی ہونے والے امام الحق کی طبیعت سنبھلنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر فرگوسن کے خطرناک باؤنسر  سے زخمی ہونے والے  اوپنر  بالکل فٹ ہیں۔

    واضح رہے کہ باؤنسر ہیلمٹ پر لگنے کے بعد امام الحق پچ پر گر گئے تھے، بعد ازاں وہ ریٹائر ہرٹ ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

    البتہ اب پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی طبیعت بہتر ہے،تمام رپورٹس ٹھیک ہیں، وہ ٹیم فزیو کی نگرانی میں رہیں گے۔

    آل راؤنڈر شعیب ملک نے بھی امام الحق کے ساتھ سیلفی بنائی ہے اور کہا کہ امام الحق بالکل فٹ ہیں، خطرے کی کوئی بات نہیں۔

    امام الحق کا سی ٹی اسکین بھی بالکل ٹھیک ہے، انھوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا، البتہ ان کے تیسرے ون ڈے کھیلنے سے متعلق ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر 2018 کو ابوظہبی میں ہونے والا دوسرا ون ڈے پاکستان کے نام رہا تھا، سیریز اب ایک ایک سے برابر ہے۔

    اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔