Tag: imdad

  • فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہاکی کے کھلاڑیوں سے استعفیٰ مانگنے کا سخت نوٹس لے لیا

    فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہاکی کے کھلاڑیوں سے استعفیٰ مانگنے کا سخت نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہاکی کے کھلاڑیوں سے استعفیٰ مانگنے کا سخت نوٹس لے لیا اور آج صبح دس بجے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں یا کپتان سے استعفے مانگنے والوں کو گلے سے دبوچ لیں گے۔

    کمیٹی کا کہنا ہےکہ رانا مجاہد کون ہوتے ہیں قومی کھیل کے کپتان سے استعفیٰ طلب کرنیوالے؟ جوعہدیدار پلیئرز کو عزت نہیں دیں گے، وہ عہدے پر نہیں رہیں گے۔

    کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرنے اور انھیں برطرف کرنے پر غور شروع کردیا ہے،جس کیلئے کمیٹی کا مشاورتی اجلاس صبح دس بجے ہوگا۔

  • وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ کا آغاز

    وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ کا آغاز

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ کا آغاز کر دیا گیاہے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں ہاکی فیڈریشن کے گزشتہ سات سال کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر آڈیٹر جنرل آفس پاکستان نے آڈٹ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ کے بعد خورد برد کی صورت میں ریفرنس نیب کو بھیجا جائے گا۔

  • ہوبارٹ: چار ملکی ہاکی سیریز میں پاکستان کی پہلی کامیابی

    ہوبارٹ: چار ملکی ہاکی سیریز میں پاکستان کی پہلی کامیابی

    ہوبارٹ: آسٹریلیا میں کھیلی جارہی چار ملکی ہاکی سیریز میں پاکستان نے کوریا کو شکست دیکر پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    ہوبارٹ میں جاری چار ملکی ہاکی سیریز میں پاکستان نے اپنا تیسرا میچ کوریا کیخلاف کھیلا، ابتدائی مرحلے میں دونوں ٹیموں کیجانب سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔

     دوسرے کوارٹر میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مسلسل تین گول کیے ، پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان نے تین صفر کی سبقت قائم کرلی تھی۔

     دوسرے ہاف میں کوریا کی جانب سے جینگ نے واحد گول اسکور کیا، کھیل کے اختتام سے قبل پاکستان نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ چار ایک سے اپنے نام کرلیا۔

     محمد دلبر نے دو،عمر بھٹہ اور محمد عرفان نے ایک ایک گول اسکور کیا، پاکستان اب سات مئی کو نیوزی لینڈ سےمدمقابل ہوگا۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھارت کی جانب سے امداد کی پیشکش

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھارت کی جانب سے امداد کی پیشکش

    لاہور : بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مالی امداد کرنے کی پیشکش کردی۔ حکومت نے ہاتھ نہ بڑھایا تو کیا، پڑوسی ملک بھارت نےپاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے ہاتھ بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فنڈز نہیں تو ہم سے لےلو،بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو مالی امداد کی پیشکش کردی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کئی گئی ای میل میں بھارتی فیڈریشن نے مؤقف کا اظہار کیا کہ ہاکی کی ترقی کیلئے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    پاکستان کواولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈلازمی کھیلناچاہیئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی حالات اس قدر خراب ہوگئے ہیں کہ مدد کی اپیل کرنا پڑگئی ۔

    پچھلےدو سال سے پی ایچ ایف کو فنڈ کیوں نہیں مل سکے۔ پی ایچ ایف نے فنڈرز کی عدم دستیابی کے باعث قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ وقت سے پہلے ختم کردیا تھا۔

    ہاکی فیڈریشن نے حکومت سےپچاس کروڑروپےفنڈزکی درخواست کی تھی۔ اور جب سے اب تک پاکستان ہاکی فیڈریشن  تاحال ان فنڈز کی فراہمی کی منتظر ہے۔

  • پاکستان کیلئےتریپن کروڑ بیس لاکھ ڈالرامریکی امداد کی منظوری

    پاکستان کیلئےتریپن کروڑ بیس لاکھ ڈالرامریکی امداد کی منظوری

    اسلام آباد : امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہناہے کہ امریکی کانگریس نےکیری لوگر بل کے تحت پاکستان کیلئےتریپن کروڑ بیس لاکھ ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے۔

    امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے پشاور سانحہ پر تعزیت بھی کی۔ امریکی سفیر نے بتایا کہ یہ رقم توانائی،دہشت گردی کے خلاف اقدامات،سماجی کاموں،تعلیم اور صحت پر خرچ کی جائے گی۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہناتھاکہ یہ رقم شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پی کی بحالی کیلئے خرچ کی جائے گی۔

  • چاول کے کاشتکاروں کی مالی امداد کا فیصلہ

    چاول کے کاشتکاروں کی مالی امداد کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ میں چاول کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث کاشتکاروں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے،۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس میں چاول کے کاشتکاروں کو امداد دینے کا فیصلہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کیا گیا۔ پچیس ایکڑ سے زائد رقبہ رکھنے والے اس امداد کے اہل نہیں ہونگے۔

    امداد پر گیارہ ارب روپے تک خرچ ہونگے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کاشتکاروں کو ٹیوب ویل کیلئے بجلی پر سبسڈی میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے، اور اُن کو دس روپے پتیس پیسےفی یونٹ کے حساب سے بجلی ملے گی۔

    ٹیوب ویل سبسڈی پر حکومت تئیس ارب روپے تک خرچ کرے گی۔

  • بین الاقوامی ڈونرزکانفرنس:پاکستان کوسترکروڑ ڈالرامداد کی یقین دہانی

    بین الاقوامی ڈونرزکانفرنس:پاکستان کوسترکروڑ ڈالرامداد کی یقین دہانی

    اسلام آباد: پاکستان کو بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں ستر کڑوڑ ڈالرز امداد کی یقین دہانی کرادی گئی ہے، تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی ڈونرزکانفرنس میں برطانوی مالیاتی ادارے ڈیفڈ، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، اسلامک ڈولپمنٹ بینک، جاپان، اٹلی اور دیگر ممالک نے آپریشن ضربِ عضب، شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بحالی اور سیلاب زدگان کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ستر کڑوڑ ڈالرز کی امداد دینے کی حامی بھرلی ہے۔

    ابتدائی طور پر آپریشن ضرب عضب اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ ایک ارب چالیس کڑور ڈالرز لگایا گیا تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے بعد مزید بین الاقوامی امداد ملنے کا امکان ہے۔

    کانفرنس کے اختتام پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ممالک کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے ملنے والی رقم کو شفاف طریقے سے خرچ کیا جائے گا۔

  • پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    ملتان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کی امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں ۔جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ چھ ہیلی کاپٹرز اور دیگر امدادی سامان کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات سر گرم عمل ہے۔

    تاریخ کا بد ترین سیلاب بالائی پنجاب کے بعد اب جنوبی پنجاب میں تباہی مچا رہا ہے۔ہمیشہ کی طرح پاک افواج اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔

    بری، بحری اور فضائی افواج کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کام سر انجام دے رہے ہیں، پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی ہدایت پر چھ ہیلی کاپٹرز ملتان،احمد پور سیال اور مظفر گڑھ کے علاقوں میں ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہے ہیں ۔

    ہیلی کاپٹرز کی مدد سےسینکڑوں متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،جبکہ پچیس ہزار کلو گرام سے زائد کھانے پینے کی اشیاءسیلاب زدگان تک پہنچا ئی جا چکی ہیں۔

    پاک آرمی اور بحریہ کے جوان بھی سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کررہے ہیں،رسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے رضاکاروں کی جانب سے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس:سیلاب کیلئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ

    وفاقی کابینہ کا اجلاس:سیلاب کیلئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سیلاب سے نمٹنے کے لئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ کرلیا ہے، اجلاس میں وزراء بجلی کی اووربلنگ پر پھٹ پڑے، وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کااہم اجلاس ہواجس میں امن وامان اورسیلابی صورتحال سمیت مختلف امورزیرغورآئے۔

    اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کےعوامی نمائندوں پرمشتمل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ریلیف کےلیے تجاویزدے گی ساتھ یہ بھی طے ہوا کہ اس مرحلے پرعالمی امداد نہیں لی جائے گی اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا سیلاب سے پنجاب کے دس اضلاع متاثر ہوئے۔،

    سیلاب کے باعث جھنگ، چنیوٹ اورحافظ آباد میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ، سیلابی ریلوں سے دو سو چوہتر افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ تنتالیس ہزارگھروں کو نقصان پہنچا اور گیارہ لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ اجلاس میں ریلیف کوششوں پرمسلح افواج سمیت مختلف محکموں خصوصا ریکسیو ڈبل ون ڈبل ٹوکےکردار کو سراہا گیا۔

    وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ سیلاب اوربارشوں کے سبب ہونے والے نقصان  کو کم کرنے پر سرمایہ کاری ہونی چاہیئے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جو رقم معاوضے اورتعمیرِنو پرخرچ ہورہی ہے وہ سیلاب سے بچاؤ کی تدابیرپرلگائی جائے ۔

    کابینہ میں بجلی چوروں کی سزاؤں میں اضافےکا بل بھی پیش کیاگیا، اس موقع پروفاقی وزراء بلوں میں اضافے پر پھٹ پڑے، وزراء نے شکوہ کیا۔

        وزراء کاکہنا تھا کہ بجلی کے بل عوام کی برداشت سے باہر ہو چکے ہیں جس پر وزیراعظم نےنوٹس لیتے ہوئےتحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  پاکستان تحریک ِ انصاف دھرنادینے والوں سے نمٹنے کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیاجاسکا۔

  • ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    لاہور: چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے پنجاب میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے پچاس کروڑ کی امداد کااعلان کردیا ہے۔

    اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض کاکہناتھا کہ،’’حکومت کے علاوہ یہ ہم سب کی ذمہ د اری ہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لئے انہوں خوراک اور طبی سہولیات پہنچائیں جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی قحط سے متاثرہ علاقے تھر پارکر میں امدادی سرگرمیاں سرِانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر گھرانوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آگے آئیں،

    اس سے قبل بھی ملک ریاض تھر کے متاثرین کے لئے بیس کروڑ کی امداد فراہم کرچکے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیرِاعظم نواز شریف نے بھی سیلاب سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں ان کو امدادی کاموں سمیت اب تک کی تمام صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔