Tag: immediate elections

  • اپوزیشن جماعتوں کا ملک بھر میں فوری انتخابات کا مطالبہ

    اپوزیشن جماعتوں کا ملک بھر میں فوری انتخابات کا مطالبہ

    اسلام آباد : اپوزیشن رہنماؤں نے موجودہ حکومت کو غیر نمائندہ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں نئے اور منصفانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے 8 فروری کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے ملک میں فی الفور نئے صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانےکا مطالبہ کیا ہے۔

    اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا، انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں نے یہ مؤقف اپنایا ہے کہ عوام پر مسلط حکومت غیر نمائندہ ہے۔ سیاسی عدم استحکام، معاشی ابتری اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل کا واحد حل نئے الیکشن ہیں۔

    جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دو ہزار چوبیس کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے، حکمرانوں کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے مشاورت کا عمل جاری رہے گا، اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ سیاسی حالات انتہائی تشویشناک ہیں، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیے میں اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

    عشائیے میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر شریک ہوئے۔

    اس کے علاوہ دیگر رہنماؤں میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، صاحبزادہ حامد رضا، وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ نا صر عباس بھی موجود تھے۔

  • سابق برطانوی رکن پارلمینٹ کا پاکستان میں فوری انتخابات کا مطالبہ

    سابق برطانوی رکن پارلمینٹ کا پاکستان میں فوری انتخابات کا مطالبہ

    مانچسٹر : برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن جارج گیلوے کا کہنا ہے کہ انتخابات ہی پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلوے نے کہا کہ پاکستان قوم غلام نہیں کہ کوئی بھی طاقت وہاں مداخلت شروع کردے۔

    جارج گیلوے نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو بھکاری بننا ہے تو بنے مگر پاکستانی قوم بھکاری نہیں، میں پاکستان میں جمہوریت کی تباہی پر خاموش نہیں بیٹھوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم یہاں مطالبہ کرنے آئے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات کروائے جائیں، انتخابات ہی پاکستان کوموجودہ بحران سے نکال سکتے ہیں، وفاقی کابینہ میں سے24ممبران مختلف مقدموں میں ضمانت پر ہیں۔

    سابق برطانوی رکن پارلمینٹ کا کہنا تھا کہ دنیا میں کون سا ایسا ملک ہوگا جہاں 24کابینہ کے24 وزراء ضمانتوں پر وزارتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہوں۔

    جارج گیلوے نے مزید کہا کہ کوئی بھی عزت دار آدمی ایسی رجیم چینج کو سپورٹ نہیں کرے گا، میں امریکی رجیم چینج کی مخالفت کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جارج گیلوے نے عمران خان کی حمایت میں ہونے والے مظاہرے میں بھی شرکت کی تھی۔

  • مولانا فضل الرحمان نے فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا

    مولانا فضل الرحمان نے فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا

    پشاور : سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں فوری طور پر الیکشن چاہیئے۔

    مولانا فضل الرحمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اقتدار کو غیر ضروری لمبا کرنا ہمارا مؤقف نہیں، ہمیں فوری طور پر الیکشن چاہیئے، قوم کو امانت واپس کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    سربراہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ انتخابی نظام میں کوئی خامی ہے تو وقتی طور پر اصلاحات کریں، موجودہ اسمبلی کا فائدہ اُٹھائیں اور انتخابی اصلاحات کریں۔

    خیال رہے کہ موجودہ حکومت کے اندر جے یو آئی کا اپنا وجود اور موقف ہے۔

    دوسری جانب وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لئے حکمران اتحاد میں معاملات طے پا گئے، نئی وفاقی کابینہ کے آج حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

    نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کے حلف اٹھانے کے ایک ہفتے بعد بالآخر نئی وفاقی کابینہ کا آج حلف اُٹھانے کا امکان ہے، پہلے مرحلے میں 10 سے 12 وزراء حلف اُٹھائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کو وزیرخارجہ بنائے جانےکا امکان ہے جبکہ حکمران اتحاد کا مرتضیٰ جاوید عباسی کو ڈپٹی اسپیکر بنانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حناربانی کھر وزیرمملکت برائےخارجہ امور بنائےجانےکا امکان ہے جبکہ شازیہ مری یا مصطفیٰ نواز کھوکھو کو وزارت انسانی حقوق کا قلمدان دینےکا امکان ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو وزارت تجارت کا قلمدان سوپنے جانےکا امکان ہے جبکہ مفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات ونشرزیات کا قلمدان دینےکا امکان ہے جبکہ رانا تنویر کو وزارت پارلیمانی امور سونپے جانےکا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ کو وفاقی وزارت داخلہ کا قلمدان دینےکا امکان ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کسی وزارت کا قلمدان لینے سے معذرت کر لی ہے، تاہم وہ بغیر قلمدان توانائی کے امور دیکھیں گے۔

  • فوری انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، گورنر پنجاب

    فوری انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، گورنر پنجاب

    گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بائیکاٹ کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کی کوئی حیثیت نہیں، فوری انتخاب ہی مسائل کا حل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے مختلف وفود سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے احتجاجا وزیراعظم کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا، پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کی کوئی حیثیت نہیں۔

    گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ضمانت پر رہا شخص کو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھانے کی جلدی تھی، یہ اپنی کرپشن کے ثبوت مٹانے کیلئے اقتدار میں آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کا ردعمل واضح پیغام ہےکہ فوری انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، انتخابات کراکر اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کو سونپا جائے۔